یہ کہہ کر چل دیے سب لوگ ابو طالب بھی گھبرائے
انہیں ڈر تھا مبادا قوم ہی سے جنگ چھڑ جائے
بلایا آپ کو نرمی سے بولے جان عم دیکھو
تمیں لازم ہے ڈالو اس چچا پر بار کم دیکھو
تم اپنے دین کی تلقین کو رہنے دو جانے دو
بڑھاپے میں ہماری شان پر دھبہ نہ آنے دو
میں بوڑھا ہوں اکیلا کل عرب سے لڑ نہیں سکتا
میں آر بھی جاؤں تو سارا قبیلہ اڑ نہیں سکتا