ابوبکرؓ آج اس توحید حق کا جام لے آئے
کہ جس سے حضرت عثمانؓ بھی اسلام لے آئے
زبیرؓ و سعدؓ و طلحہ ؓعبدالرحمن ؓبو عبیدہ بھی
علیؓ کے بھائی جعفرؓ اور بیوی ان کی اسما ؓبھی
غرض ایمان لائے سب سے پہلے اپنے گھر والے
پھر آئے دوست اس حلقہ میں دل والے نظر والے
برس چالیس پورے اس نبیؐ کو سب نے دیکھا تھا
مروت سے بھری پاکیزگی کو سب نے دیکھا تھا
یہ چند افراد سب سے پیشتر حق کے قریں آئے
در توحید پر السابقین الاولین آئے
مقدر تھی سعادت ان رضا کے بہرہ مندوں کو
خدا نے آپ خود ہی چن لیا تھا اپنے بندوں کو
یہ چھوٹی سی جماعت ذکر حق کرتی تھی چھپ چھپ کے
شہادت گاہے الفت میں قدم رکھتی تھی چھپ چھپ کے
انہیں معلوم تھا جس روز کھولا راز کا دامن
عرب ہو یا عجم سارا جہاں ہوجائے گا دشمن
مگر وہ روز جلد از جلد منہ دکھلانے والا تھا
کہ تبلیغ علانیہ کا فرماں آنے والا تھا
ملا ہو جس کو یہ فرماں کہ ہاں فاصدع بما تئو مر
خدا کے حکم کو پھر کھول کر کہتا نہ وہ کیونکر