وہ رومانی کہ جن کی دھاک سے افلاک ڈرتے تھے
جو شہروں کو جلا کر ایک دم میں خاک کرتے تھے
خود ان کے شہر کا جلنا نمونہ تھا یہ عبرت کا
یہ قدرت کی طرف سے تازیانہ تھا نصیحت کا
مگر یہ لوگ باز آئے نہ ظلم و جور سے ہرگز
کوئی راحت نہ پائی دہر نے اس دور سے ہرگز
یہ پیرو ہو گئے آخر مسیح ابن مریم کے
تو لازم تھا کہ ان کے دل میں نور ایمان کا چمکے
مگر یہ سب پجاری بن گئے تصویر عیسٰی کے
رکھا مریم کا بت بھی ساتھ ہی اندر کلیسا ہے
اندھیرا شرک کا ان مشرکوں کی عقل پر چھایا
کہ عیسٰی کو خدائے پاک کا فرزند ٹھہرایا
بدل دی سر بسر انجیل کی تعلیم قصوں میں
خدا کو کر دیا تقسیم پورے تین حصوں میں
خدا ، روح القدس ، عیسی یہ تین ان کے خدا ٹھہرے
جفا و ظلم ان کی زندگی کا مدعا ٹھہرے
یہی مذہب مسلط ہو گیا یورپ کے خطے پر
اسی کے سامنے مصر و حبش نے بھی جھکایا سر
یہ فتنے جب مسیح ناصری کے نام پر جاگے
یہودی ان سے تنگ آئے تو پھر کنعان سے بھاگے
ہوئے قابض زمین شام پر شاہان یونانی
مقابل ہو گئے آتش پرستوں کے یہ نصرانی
لڑائی چھڑ گئی ایرانیوں کی اہل یوناں سے
جہانداری کی اس بازی کے بدلے بارہا پانسے
کبھی نصرانیوں کی فتح، گہ آتش پرستوں کی
یہ جنگ اک موت تھی گویا غریبوں زیردستوں کی