بدی کے جوش کو پایا جو یوں ایمان کا طالب
جوان ہاشمی کی شرم پر غصہ ہوا غالب
کراہت اور نفرت سے جھٹک کر ہاتھ عورت کا
زباں سے اس طرح گویا ہوا پتلا شرافت کا
مجھے معلوم ہے کہ کرتے نہیں اشراف کام ایسا
سمجھتا ہوں میں بد تر موت سے فعل حرام ایسا
اگر تو عقد کو کہتی تو شاید مان جاتا میں
مطابق رسم قومی کے تجھے بیوی بناتا میں
مگر تو نے بے شرمی دکھائی اور بہکایا!
شریف انساں پہ لازم ہے بچانا دین و عزت کا
متانت سے کہا جو کچھ کہا جھڑکا نہ دی گالی
فقط جاتے ہوئے مردانہ غصے کی نگاہ ڈالی
دکھائی مرد عالی ظرف نے جب شوکت ایماں
ہوئی شرمندہ عورت پست ہو کر رہ گیا شیطاں
غرض اس حادثے کے بعد عبداللہ گھر پینچا
سلامت لے کے ایماں کو پسر پیش پدر پہنچا
جلال ہاشمی سے مشتعل تھا چہرہ انور
کہ تھا عورت کی گستاخی کا صدمہ زخم تھا دل پر
پدر نے برہمی کا حال اس سے پوچھنا چاہا
پسر چپ تھا کہ چپ رہنا ہی غیرت کا تقاضا تھا
کہا بابا طبعیت آج گھبرائی ہوئی سی ہے
اداسی کی گھٹا دل پر مرے چھائی ہوئی سی ہے
اجازت ہو تو میں بہر شکار اک دن چلا جاؤں
دل آبادی سے گھبرایا ہوا ہے اس کو بہلاؤں
پدر بولا کہ اے جان پدر اچھا چلے جانا
مگر دو ایک مسلح خادموں کو ساتھ لے جانا
مجھے اکثر تمہاری جان کا رہتا ہے ڈر بیٹا
نہ جانے بات کیا ہے کیوں ہے یہ بیم و خطر بیٹا
وہاں دن بھر ٹھہرنا شام ہوتے ہی چلے آنا
جونہی سورج چھپے تم شہر کے اندر چلے آنا