جواں نے کعبہ سے جب گھر کی جانب قصد فرمایا
تو شیطاں اس سے پہلے جانبِ مکہ چلا آیا
یہاں پر بنتِ مُرّالخثمیہ اک حسینہ تھی
حسینہ تھی مگر اطوار و عادت میں کمینہ تھی
وہ پہلے سے جمال و حسنِ عبداللہ پہ مرتی تھی
مگر عرضِ تمنا کر نہیں سکتی تھی ڈرتی تھی
اچانک ہو گیا اس پر مسلط رنگ شیطانی
رگوں میں بے حیائی بن کے دوڑا خون حیوانی
ادھر سے آ رہا تھا یہ جوان پاک سیرت بھی
جسے آنکھیں جھکا کر شہر میں چلنے کی عادت تھی
ہوئی آکر اچانک اب وہ عورت راہ میں حائل
نکالیں منہ سے بے شرمی کی بائیں سخت لاطائل
کہا سو اونٹ لےلے اور مری جانب توجہ کر
شراب وصل کی خاطر گری ہوں تیرے قدموں پر
مرے گھر میں شراب ناب بھی موجود ہے پیارے
دراندازوں کا رستہ ہر طرف مسدود ہے پیارے
کہاں جاتا ہے آ مل کر جوانی کے مزے لوٹیں
اندھیری رات میں جوش نہانی کے مزے لوٹیں
حیا و شرم کے باعث ادھر گردن خمیدہ تھی
ادھر عورت وفور جوش خوں سے آبدیدہ تھی
اب اس نے اس طرح دست جواں کو زور سے کھینچا
زبردستی اٹھا کر لے ہی جائے گی اسے گویا