اٹھیں مشرق سے نورانی شعاعیں برچھیاں تانے
بچھا رکھے تھے لیکن دام کوہ دشت و صحرا نے
مگر سورج نے ان کو مکر کی پاداش دی آخر
اندھیرے کو اجالے نے شکست فاش دی آخر
ادھر پانچوں یہودی بھی اندھیرے غار سے نکلے
یہ بزدل گھڑ چڑھے اس دامن کہسار سے نکلے
جوان ہاشمی کی جستجو تھی ان کمینوں کو
کہ شیطاں نے حسد سے بھر دیا تھا ان کے سینوں کو
بہر سو جھانکتے پھرنے لگے حیران و سرگرداں
لئے دل میں امید و بیم کا دریائے بے پایاں
یکایک فاصلے پر ٹاپ گھوڑے کی سنائی دی
بالآخر نوجوان کی چاند سی صورت دکھائی دی
یہ عبداللہ تھا، اور اس گھڑی بالکل اکیلا تھا
مسلح خادموںکو دور پیچھے چھوڑ آیا تھا!
تعاقب میں ہرن کے آ رہا تھا برق دم گھوڑا
سوار ہاشمی نے تاک کر تیر قضا چھوڑا !
نشانے پر پڑا ناوک نشانہ ہو گیا آہو
گرا گر کر اٹھا آہو، پھر اٹھا ، پھر گرا آہو
وہیں ناوک فگن بھی دوسری ساعت میں آ پہنچا
اتر کر زین سے ، نخچیر آہو کے قریب آیا
ارادہ تھا کہ باندھوںذبح کرکے پشت توسن سے
سراسر بے خبر تھا کید صیا دان پر فن سے
یہودی گھڑ چڑھوں نے دفعتہ پیدل کو آ گھیرا
نظر تلوار آئی دیدہ حیراں جدھر پھیرا
مگر یہ شیر تلواروں کے سائے سے نہ گھبرایا
مثال برق کوندا ، پشت توسن پر چلا آیا
پکارا ! یہ تو بتلاؤ ، کہ حملے کا سبب کیا ہے
وہ بولے، ایک ہی مقصد ہے ، تجھ کو قتل کرنا ہے