الگ تھے ساری دنیا سے مگر یہ لوگ خوش دل تھے
انہیں آزادیوں کی زندگی کے عیش حاصل تھے
مگر آزادیوں نے ان کو کھویا دین و دنیا سے
ہوئے گمراہ یہ برگشتہ ہو کر حق تعالٰی سے
کیا اخلاف نے اسلاف کے اوصاف کو زائل
رہِ حق چھوڑ کر سب پرستی پر ہوئے مائل
شجاعت تھی مگر اس کا ہدف اپنے ہی بھائی تھے
یہ سب اک دوسرے کو ذبح کرنے میں قسائی تھے
فصاحت کا تھا استعمال ہجو اور خودستائی میں
نظر میں کوئی جچتا ہی نہ تھا ساری خدائی میں
بیاں کرتے تھے اپنے شرمناک اور فحش کاموں کو
سربازار کہہ دیتے تھے اپنے کارناموں کو
رعونت نے دماغوں میں ہوائے خود سری بھر دی
خشونت ایک عادت دوسری عادت تھی بے دردی
عرب اولاد اسمعیل سے معمور تھا سارا
گناہوں کی جہالت کے نشے میں چور تھا سارا
جو صحرائی تھے قتل و رہزنی میں خوب ماہر تھے
نشانِ بربریت ان کے چہروں ہی سے ظاہر تھے
ترقی اور تمدن کی ہوا ان تک نہ آتی تھی
کوئی مرکز نہ تھا خانہ بدوشی ان کو بھاتی تھی
بہادر تھے مگر سب کے سب آپس میں لڑتے تھے
قبیلہ در قبیلہ معرکے ہر سال پڑتے تھے
جو شہری تھے وہ فن و پیشہ و حرفت سے عاری تھے
مگر مکرو دغا بازی میں پورے کاروباری تھے
نہ کوئی کام کرتے تھے نہ کوئی کام آتا تھا
انہیں بے کار و کاہل بیٹھ رہنا دل سے بھاتا تھا
یہ جائز جانتے تھے مال کھا جانا یتیموں کا
لٹانا دعوتوں میں مال شیوہ تھا کریموں کا
پدر فرزندکی بیواؤں کا حق چھین لیتے تھے
پسر اپنی حقیقی ماؤں کا حق چھین لیتے تھے
کوئی معیار ہی باقی نہ تھا شرم و شرافت کا
کہ رتبہ بھیڑ بکری سے بھی کم تھا ایک عورت کا
زنا و فحش کاری سے بڑی ان کو ارادت تھی
شرابیں پی کے ننگے ناچنے کی عام عادت تھی
شرافت کو ڈبو دیتے تھے جب عورت پہ مرتے تھے
کہ جس عورت پہ مرتے تھے اسے بدنام کرتے تھے
زناکاری کی ترغیبیں سرِ بازار دیتے تھے
یہ اپنی بیویوں تک کو جوئے میں ہار دیتے تھے
یہ اپنی بیٹیوں کو سانپ سے بدتر سمجھتے تھے
یہ ان کے قتل کو عزت کا ایک جوہر سمجھتے تھے
اگر حن بیٹھتی دختر کوئی تقدیر کی ہیٹی
چھچھوندر سے بری معلوم ہوتی تھی اسے بیٹی
گڑھا ایک کھود کر دختر کو زندہ گاڑ دیتی تھی
کوئی بچھو تھا دامن میں کہ دامن جھاڑ دیتی تھی
کوئی کم بخت بد اختر اگر زندہ بھی رہتی تھی
ہمیشہ باپ کے اور بھائیوں کے ظلم سہتی تھی
غلاموں لونڈیوں پر وہ مظالم توڑتے تھے یہ
کہ ان کوموت سے پہلے نہ ہرگز چھوڑتے تھے یہ
عرب میں ہر طرف تھا دور دورہ بت پرستی کا
کوئی اندازہ کر سکتا ہے ان لوگوں کی پستی کا
خدا کہتے تھے مٹی، آگ ، پانی کو ہواؤں کو
پہاڑوں اور دریاؤں کو بجلی کو گھٹاؤں کو
زمیں پر خاک پتھر اور شجر معبود تھے ان کے
فلک پر انجم و شمس و قمر معبود تھے ان کے
مرادیں مانگتے تھے ہر وجود بے حقیقت سے
نہ تھا محروم کوئی جز خدا ان کی عبادت سے
وہ کعبہ جو خدائے واحد و قہار کا گھر تھا
وہ کعبہ جو خدائے مالک و مختار کا گھر تھا
وہی کعبہ جسے پیغمبروں کی سجدہ گاہ کہیے
وہی کعبہ جسے تقدیس کا نورِ نگہ کہیے
وہ کعبہ جو خدا کے بت شکن بندوں کا معبد تھا
جسے پاکیزہ رکھنا فطرتِ انساں کا مقصد تھا
اسی کعبے کو یاروں نے صنم خانہ بنا ڈالا
دلوں سے ظالموں نے نقش وحدت کا مٹا ڈالا
نہ سوجھا کوئی فرق ان کو خدا میں اور پتھر میں
کہ رکھے تین سو ساٹھ بت اللہ کے گھر میں
عرب میں جس قدر انسان تھے ان سے سوا بت تھے
یہ خلقت تھی خدا کی اور خلقت کے خدا بت تھے
جدا اک اک خدا تھا ہر قبیلے ہر گھرانے کا
کوئی بت فتح پانے کا کوئی بت بھاگ جانے کا