کیا حملہ یمن کے لشکروں نے اہل مکہ پر
غرض یہ تھی کہ اپنے گھر میں لے جائیں خدا کا گھر
یمن میں ان دنوں حسان نامی ایک حاکم تھا
اسے مکے کی رونق دیکھ کر دل میں خیال آیا
کسی صورت سے توڑوں آل اسمعیل کی شوکت
اسی کعبے کے دم سے ان کی دنیا بھر میں ہے عزت
اگر کعبہ گرادوں اس کے پتھر ساتھ لے جاؤں
یمن میں ان سے اک کعبہ نیا تعمیر کرواؤں
یہ ہوجائے تو پھر سب لوگ میری سمت آئیں گے
کریں گے عاجزی نذریں نیازیں ساتھ لائیں گے
یہ سوچا اور چڑھ دوڑا یمن کی فوج کو لے کر
کیا آکر اچانک اس نے حملہ شہر مکہ پر
یہاں پر خادم کعبہ کنانہ کا گھرانا تھا
اسی میں فہر بن مالک تھا جو مرد یگانہ تھا
یمن کی اس جسارت سے بہادر طیش میں آیا
مسلح کر کے سارا خانداں میدان میں لایا
مقابل ڈٹ گیا یہ شیر لاتعداد فوجوں کے
چٹانوں کی طرح رو کے تھپیڑے تند موجوں کے
شکست فاش دی اس نے یمن والوں کے لشکر کو
تعاقب کر کے قبضے میں لیا لشکر کے افسر کو
یہ ایسی فتح تھی جس سے قریش اس کا لقب ٹھہرا
یہ اک نامی قبیلہ بن گیا ، فخر عرب سارا
قریش اہل عرب میں نام ہے اس ویل مچھلی کا
سمندر میں کوئی ثانی نہیں جس کی بڑائی کا
قریش اولاد اسماعیل میں تھے سب سے طاقتور
یہی کعبے کے خادم تھے یہی تاجر یہی افسر
قصی ابن کلاب ان میں بڑا ہی شان والا تھا
بڑا زیرک مدبر تھا ، بڑے سامان والا تھا
ہوا عبد مناف اس کا پسر ، اس کا پسر ہاشم
پسر تھے اور بھی سردار تھا سب کا مگر ہاشم
پسر ہاشم کا عبدالمطلب سردار مکہ تھا
یہی تھا خادم کعبہ یہی مختار مکہ تھا
مگر اس خدمت کعبہ کے معنٰی اور ہی کچھ تھے
یہ فرزندان اسمعیل یعنی اور ہی کچھ تھے