کہا جبریل نے ہاں اے خدا کے محترم بندو
پھلو پھولو جہاں میں اے رضا کے آرزو مندو
یہ ارض پاک جس کے گرد پہرے ہیں چٹانوں کے
ازل سے جس کے آگے سر جھکے ہیں آسمانوں کے
یہ مٹی جس میں دن بھر آتشیں کرنیں نہاتی ہیں
ہوائیں جس کے ذرہ ذرہ کو سر پر اٹھاتی ہیں
یہی منبع ہے نور حق کی دریا بار موجوں کا
کہ مرکز ہے یہی اک امتِ وسطی کی فوجوں کا
یہی نافِ زمیں ہے اور یہی مرکز ہے عالم کا
مقدر ہے یہیں پر اجتماع اولادِ آدم کا
طلوعِ مہرِ ظلمت پاش اسی مٹی سے ہوناہے
یہیں وہ ابر ہے دامانِ عصیاں جس کو دھونا ہے
عبادت کا نشاں قائم کرو اس ہوکی بستی میں
تمہیں اول گنے جاؤ شمارِ حق پرستی میں
بشارت پاکے دونوں پاک بندے اک جگہ آئے
جہاں جبریل نے کعبہ کے نقشے ان کو سکھلائے
خلیل اللہ اس معبد کی دیواریں اٹھاتے تھے
ذبیح اللہ چونا اور پتھر دیتے جاتے تھے
کیا تیار اک مدت میں کعبہ ان بزرگوں نے
خدا آگاہ و خوش اخلاق خوش باطن بزرگوں نے
وفورِشوق میں اِک اِک سے آگے بڑھتا جاتا تھا
مرادیں مانگتا تھا اور دعائیں پڑھتا جاتا تھا
پتہ اِن کو دیا جبریل ہی نے سنگِ اسود کا
خلیل اللہ نے اس کو مقامِ رُکن پر رکھا
مکمل ہو گئی تعمیر بیت اللہ کی اِک دن
بزرگوں کو مقدس کام سے فرصت ملی اِک دن
یہاں سے اٹھ کے پیغمبر فرازِ کوہ پر آیا
زبانِ وَحي نے چاروں طرف اعلان فرمایا
کہ اے لوگوں یہاں حج و عبادت کے لئے آؤ
خلوص اور صدق نیت نذر دینے کےلئے لاؤ
یہی مرکز ہے سارے دہر میں ایمان والوں کا
جھکے گا سر یہیں پر آکے اولنچی شان والوں کا
یہاں اہلِ طواف اہلِ قیام اہلِ قعود آئیں
یہاں اہلِ رکوع آئیں یہاں اہلِ سجود آئیں
کوئی پیدل چلے کوئی سوارِ ناقہ لاغر
کریں حج و عبادت پاک رکھیں یہ خدا کا گھر
یہ گھر اللہ کا ہے اور وہی تم کو بلاتا ہے
ہمارا کام تھا تبلیغ ، دیکھیں کون آتا ہے