جناب ہاجرہؓ نے مینڈھ باندھی گرد پانی کے
یہیں رہنے لگے سائے میں سقفِ آسمانی کے
بہت سے طائرانِ خوشنوا اڑتے ہوئے آئے
یہاں پانی پیا ٹھہرے ترانے حمد کے گائے
کئی دن بعد دیکھا قافلہ آتا ہے صحرا سے
نگاہوں سے ٹپکتا ہے کہ ہیں یہ لوگ بھی پیاسے
عرب کا اک قبیلہ نام تھا جس کا بنی جرہم
اسی کے لوگ تھے یہ پیاس کے مارے ہوئے بیدم
خدا کے فضل سے دن ان بچاروں کے بھلے آئے
نوائے طائراں سن کر اسی جانب چلے آئے
یہاں آتے ہی دیکھا اک چشمہ آبِ جاری کا
ہوا میں جس کے دم سے لطف تھا باد بہاری کا
کنارِ آب اِک عورت کی صورت بھی نظر آئی
اور اس کی گود میں بچے کی دولت بھی نظر آئی
نظر آتا تھا اطمینان ان مسرور چہروں پر
شعاع مہر تھی قربان دو پر نور چہروں پر
ندا آئی کہ اے جرہم کے بچو، بادیہ گردو
ادب کی جا ہے اے بوڑھو، جوانو،عورتو، مردو
یہ وہ عورت ہے قربان عورتیں جس کی شرافت پر
یہ ایسی ماں ہے مائیں رشک کھائیں جس کی قسمت پر
یہ ام المسلمیں ہے اور شہزادی ہے صحرا کی
اسی کے نازنیں قدموں سے آبادی ہے صحرا کی
یہ عورت اس اس کی گود میں بچہ کو لیٹا ہے
یہ پیغمبر کی بیوی ہے ، وہ پیغمبر کا بیٹا ہے
بنی جرہم ادب سے سر جھکائے سامنے آئے
جو کچھ تھا پاس ان کے ، نذر دینے کے لئے لائے
کنارِ آب زمزم آج خیمے ہو گئے برپا
بڑا خیمہ تھا سب سے ہاجرہؓ اور اس کے بیٹے کا
غرض یہ ہے بنی جرہم نے اب ڈیرا یہیں ڈالا
کیا خوش ہاجرہؓ کو ، یعنی اسمٰعیل کو پالا