ابو ایوبؓ کے گھر میں حبیب کبریاؐٹھہرے
مگر جب ہوگئی تیار مسجد اس میں آٹھہرے
ملی آظہار حق کی آج انسانوں کا آزادی
بآزادی لگا تبلیغ کرنے صلح کا ہادی
بھٹکتے پھرنے والوں کو خدا کی راہ پر لایا
بتوں میں گھرنے والوں کو در اللہ پر لایا
یہاں آتے تھے غیر اللہ سے رشتہ توڑنے والے
صدائے آخرت پر حب دنیا چھوڑنے والے
زمانے کے ستائے درد کے مارے ہوئے آتے
نبیؐکے دامن رحمت میں آرام و سکوں پاتے
کوئی ترکی کوئی تازی کوئی حبشی کوئی رومی
سبھی یکساں تھے زیرِ سایہ دامان معصومی
تھے انصار و مہاجر اک نمونہ شانِ وحدت کا
کہ اس تسبیح میں تھا رشتہ محکم اخوت کا
تماشوں رنگ رلیوں کی جگہ پائی عبادت نے
فسادوں اور جھگڑوں کو مٹایا ذوقِ وحدت نے
مسلماں تھے کہ تھے زہد و ورع کی زندہ تصویریں
نمازیں اور تسبیحیں اذانیں اور تکبیریں
تجارت اور زراعت یا دعائیں یا مناجاتیں
مشقت کے لیے دن تھے عبادت کے لیے راتیں
یہ بستی کاٹتی تھی وقت نیکی سے بھلائی سے
نہایت آشتی سے امن سے صلح و صفائی سے
ہدایت کی سعادت پر ہزاروں شکر کرتے تھے
خدا پر تھی نظر سب کی ، خودی کا دم نہ بھرتے تھے
نبیؐکا حکم اور قرآں دستور العمل ان کا
صداقت بن گئی آئینہ ظاہر اور باطن کا
ضیائے حق سے رشک طور سینا بن گیا یثرت
نبی کا آستاں بن کر مدینہ بن گیا یثرب