قیامت آگئی ہر شخص تیاری لگا کرنے
ہر اک تائید خونریزی و خونخوار لگا کرنے
درستی ہو گئی جھٹ نیز و شمشیر و خنجر کی
چڑھی آندھی مدینے کی طرف باطل کے لشکر کی
قریشی نسل کے مردان جنگی سر بکف ہو کر
بڑے گھوڑوں پہ یا اونٹوں پہ چڑھ کر صف بصف ہو کر
نصر، بونجتری، حرث ابن عامر تھے یہ سب افسر
ابو جہل اور عتبہ اور شیبہ تھے یہ سر لشکر
چلے وہ سب کے سب جن کو پیمبر سے عداوت تھی
منبہ اور رقعہ عاص بن ہشام و عقبربھی
بنی ہاشم بھی ان کے ساتھ شامل تھے مجبوری
کہ بزدل سمجھے جاتے گر تباتے کوئی معذوری
اگر چہ با خبر تھے اس برائی کے نتیجے سے
چلے عمِ بنی عباس بھی لڑنے بھتیجے سے
عقیل ابن ابی طالب بھی ان کے ساتھ شامل تھا
نہیں تھا بو لہب اس کی بدی کا ہاتھ شامل تھا
قریشی سورما اکشر شریکِ فوِج باطل تھے
کہ سب جنگ آزمودہ تیغ زن تھے اور قاتل تھے
یہ لشکر مشتمل تھا ساڑھے گیارہ سو جوانوں پر
دلوں میں بغض، نعرے کفر کے ان کی زبانوں پر
یہ لشکر بڑھ رہا تھا کعبہ توحید ڈھانے کو
مسلمانوں سے لڑنے کو مدینے کے گرانے کو
مدینے کی طرف بڑھتا چلا آتا تھا یہ لشکر
گذرگاہوں میں لوگوں پر غضب ڈھاتا تھا یہ لشکر
زمینِ دشت کی چھاتی سے آہوں کا غبار اٹھا
فلک بھی کانپ کر العظمۃ للہ پکار اٹھا