دل مخلوق میں یوں راہ اندیشے نے جب پائی
تسلی کے لئے فورا ندا جبریل کی آئی
کہ اے طاعت گذارو ذات باری کے پرستارو
بنام حضرت حق امن و راحت کے طلبگارو
نگاہ غور سے دیکھو ذرا آدم کی پیشانی
نظر آتی نہیں کیا ایک خاص الخاص تابانی ?
یہی جلوہ ہے تخلیق جہاں کی علت غائی
اسی کی روشنی ہے دیدہ ہستی کی بینائی
یہی جلوہ ہے پہلے جس کو سجدہ کر چکے ہو تم
اسی نعمت سے دامان بصیرت بھر چکے ہو تم
ہوا ابلیس اسی کے سامنے جھکنے سے انکاری
یہی تھا امتیاز آدم کا جس سے جل گیا ناری
اسی سے دشمنی رکھنے کی کھائی ہے قسم اس نے
عبودیت کی چادر سے نکالا ہے قدم اس نے
اسی کی ضد پہ اس باغی کو ہیں ارمان شاہی کے
گیا ہے لے کے دنیا میں وہ منصوبے تباہی کے
مشیت ہے کہ اب طاقت کا وہ بھی امتحاں کر لے
مشیت کے مقابل خبث باطن کو عیاں کر لے
یہ ظاہر ہے کہ شیطاں اب بڑی طاقت دکھائے گا
زمانے میں قیامت ڈھائے گا فتنے اٹھائے گا
یہ سچ ہے مدتوں اولاد آدم راہ بھولے گی
وہاں ابلیس کی کھیتی پھلے گی اور پھولے گی
وہ دن بھی آئے گا جب آخری اک سامنا ہو گا
حق و باطل میں گویا فیصلہ کن معرکہ ہو گا
مشیت ہے کہ آدم ہی کرے گا اس کو پست آخر
یہی اقبالِ پیشانی اسے دے گا شکست آخر
یہی وہ نور ہے جس سے زمانہ جگمگائے گا
یہی آدم کا رتبہ عرش اعظم تک اٹھائے گا
ملے ابلیس سے کتنی ہی قوت اہل ظلمت کو
بجھا سکتا نہیں کوئی مگر شمع ہدایت کو
یہ جلوہ دم بہ دم دنیا کو راہ حق دکھائے گا
یہی رہبر ہر اک گمراہ کو منزل پہ لائے گا
مسلسل منتقل ہوتا رہے گا نیک بندوں میں
خدا کے مرسلوں پیغمبروں میں حق پسندوں میں
نشان اسلام کا اللہ نے عالم میں رکھا ہے
کہ نورِ احمدی پیشانی آدم میں رکھا ہے
اسی کی بندگی ہے خاکیوں کے ناز کا باعث
اسی کا عکس ہے مٹی میں ہر اعجاز کا باعث
مقدر ہے اسی کو آخری پیغام دیں ہونا
مقدر ہے اسی کو رحمۃ للعٰلمین ہونا !
عجب نغمہ تھا یہ جس سے زمین و آسماں گونجے
صدا اللہ اکبر کی اٹھی کون و مکاں گونجے
مشیت نے رخ امید سے پردہ جو سر کایا
سمجھ میں نوریوں کے آیہ لا تفنطوا آیا
زمانہ ہو گیا شاداں ندا جبریل کی سن کر
زمین و آسماں جن و ملائک نے جھکایا سر
ترانے حمد باری کے ہوئے جاری زبانوں پر
درود و نعت نغمہ بن کے گونجے آسمانوں پر
فرشتے شان احمد دیکھنے کو صبر کھو بیٹھے
زمیں پر جھک پڑے تارے ہمہ تن چشم ہو بیٹھے