رسول اللّہ ؐپھرطائف سے مکے کی طرف آئے
برائے دعوت وتبلیغِ ِحق پھرسربکف آئے
یہاں بہرِتجارت سب قبائل آتے جاتے تھے
رسولِ پاک انھیں جاکرپیامِ حق سناتے تھے
بہت سے خوش نصیب اللّہ پرایمان لے آئے
گھروں کی سمت پلٹے دولتِ عرفان لے آئے
طفیل ابنِ عُمردوسی یمن کاشاہزادہ تھا
حضورِ سرورِدیںؐ اس کاآنابے ارادہ تھا
قریشِ مکّہ نے بھکادیاتھااس کوآتے ہی
کہ انساں عقل کھودیتاہے اس کے پاس جاتے ہی
قضاکارایک دن یہ ہوگیادوچارحضرت سے
سُنا قرآن ،پھرمعمورتھانورِ ہدایت سے
مسلماں بن کے خُوش قسمت یمن کی سمت لَوٹ آیا
پئے تبلیغ حق اہلِ وطن کی سمت لَوٹ آیا
اسی صورت سویدِؓ یثربی ایمان لائے تھے
ایاس ابنِ ِ معاذ اوسی اسی صورت سے آئے تھے
اسی صورت سے چند افراد آئے ارضِ یثرب سے
پسندآیاانھیں اسلام ہی سارے مذاہب سے
وطن میں جاکے سب نے دینِ بیضا کی منادی کی
کہ لوگوجاگ اٹھی قسمت ہماری خشک وادی کی
وہ پیغمبرؐ کہ جس کا منتظرسارازمانہ تھا
وہ پیغمبر ؐنوشتوں کے مطابق جس کوآناتھا
اسی کو دیکھ کر آئے ہیں ہم مکّے کی بستی میں
خُداکانام لیتاہے جہانِ ِ بت پرستی میں
سنوہم نے کلام اس کاسناہے اپنے کانوں سے
جوصُورت ہم نے دیکھی کہہ نہیں سکتے زبانوں سے
خداکے فضل سے ہم سب مُسلماں ہوکے آئے ہیں
دلوں سے بت پرستی کی نجاست دھوکے آئے ہیں