کیا تہذیب کا آغاز آدم اور حوا نے
رکھی بنیاد سوز و ساز آدم اور حوا نے
زمینیں جوت کر دنیا میں جنت کی بنا ڈالی
بڑی خوبی سے انسانی خلافت کی بنا ڈالی
ہوا شیطان بھی مشغول مکاری کے دھندوں میں
مگر اللہ کے بندے نہ آئے اس کے پھندوں میں
زمیں پر پھولنے پھلنے لگی اولاد آدم کی
لگے شوکت بڑھانے خوب آدم زاد آدم کی
یہ نقشہ دیکھ کر ابلیس اپنے دل میں گھبرایا
حسد بن کر دِل فرزندِ آدم میں اتر آیا
لڑائی ٹھن گئی نیکی بدی کی خانہ دل میں
یہ پہلی جنگ تھی روئے زمیں حق و باطل میں
ہوا شیطاں کا تابع اول اول نفسِ امارہ
کہ عورت کے لئے قابیل نے ہابیل کو مارا
یہ پہلا واقعہ تھا قتل کا دنیائے ہستی میں
جنم پایا گنہ نے اس طرح انساں کی بستی میں
زمیں پر رفتہ رفتہ بڑھ چلی جب نسل انساں کی
حسد کا چل گیا جادو بن آئی خوب شیطاں کی
خود انسانوں کی لشکر آ گئے ابلیس کے ڈھب پر
ہَوَا و حِرص کا افسُوں مسلط ہو گیا سب پر
بدی نے چار سو کچھ اس طرح پھیلائی گمراہی
کہ آئی قبضہ ابلیس میں انسان کی شاہی
وبائے شرگ پھیلی چار سو دنیائے انساں میں
نہ کوئی فرق رکھا اَہرمَن میں اور یزداں میں
اٹھایا اس طرح شیطاں نے فتنہ خود ستائی کا
معاذاللہ ، بندوں نے کیا دعوٰی خدائی کا
حسد کے لشکروں نے روند ڈالا باغ عالم کو
بزعم خود مسخر کر لیا اولاد آدم کو
زمیں کا بادشہ گویا یہی مردود بن بیٹھا
کہیں شداد بن بیٹھا کہیں نمرود بن بیٹھا
نتیجہ کیا ملا دنیا کو انسانی خلافت سے
زمیں کا گوشہ گوشہ ہو گیا آلودہ ذلت سے
فرشتے دم بخود تھے آسمانوں کو بھی سکتہ تھا
ترس آتا تھا لیکن کوئی بھی کچھ کر نہ سکتا تھا
ستارے منتظر تھے خواب کی تعبیر روشن کے
کہ دیکھیں دن پھریں کس روز اس برباد گلشن کے