بڑی سختی کرتے تھے قریش اس گھر کی نگرانی
نہ آنے دیتے تھے غلّہ اِدھرتاحدِامکانی
کوئی غلّے کا سوداگراگرباہر سے آجاتا
تورستے ہی میں جاکربُولہب کمبخت بہکاتا
پہاڑوں کا درہ اک قلعہ محصورتھاگویا
خُداوالوں کو فاقوں مارنامنظور تھاگویا
رسول اللہ ؐلیکن مطمئن تھے اورصابر تھے
خُداجس حال میں رکھے اسی حالت پہ شاکرتھے
وہ حمزہ ؓ کاشکارِ آہواں کے واسطے جانا
کبھی کُچھ بھی نہ ملنا اور خالی ہاتھ آجانا
وہ بچّوں کا تڑپنا ماہی بے آب کی صورت
علیؓ کے ضبط میں غصے کے پیچ وتاب کی صورت
عمرؓ کاہاتھ اکثر قبضہ شمشیر پررکھنا
نبیؐ کے حکم پرسرتکیہ تقدیرپررکھنا
نبیؐ کے حکم کی تعمیل کرنااورچپ رہنا
غضب کو ضبط کرناقہراپنی جان پرسہنا
وہ بھوکی بچّیوں کاروٹھ کرفی الفَورمن جانا
خُداکانام سن کرصبر کی تصویر بن جانا
تڑپنابھوک سے کُچھ روزآخرجان کھودینا
وہ ماؤں کا فلک کودیکھ کرچپ چاپ رودینا
گذارے تین سال اس رنگ سے ایمان والوں نے
دکھادی شانِ ِ استقلال اپنی آن والوں نے
رضاوصبرسے دن کٹ گئے ان نیک بختوں کے
کہ کھانے کے لیے ملتے رہے پتّے درختوں کے
دکھائی شکل اس آغاز کے انجام نے اِک دن
چچا کودی خبراس مصدرِ الہام نے اِ ک دن
کہ دیمک کھاچکی ہے ظالموں کے عہدناموں کو
شکستہ کردیااللّہ نے باطل کے خامے کو
ہے عبرت کا سبق اس انتباہِ آسمانی میں
فقط نامِ خداباقی ہے اس تحریرفانی میں