رسول اللہؐ تھے اُس سم مقیمِ ِخانہ ارقم ؓ
حضوری میں جنابِ حمزہؓ و بوبکرؓتھے ہمدم
نحیف وناتواں کُچھ اوراہل اللہ بیٹھے تھے
خداپرتکیہ تھا سرکارِ عالی جاہ بیٹھے تھے
عمرؓ آئے مسلّح،آکے دروازے پہ دی دستک
اسی انداز میں تھے ہاتھ میں تلوارتھی اب تک
صحابہ ؓنے جونہی سُوراخ میں سے جھانک کردیکھا
چمک تلوار کی آئی نظرروئے عمردیکھا
صحابہ کوہُوئی تشویش ان کے رنگِ ظاہرسے
عمرؓ کادبدبہ کچھ کم نہ تھااِک فوجِ قاہرسے
رسُول اللّہؐ سے آکرعرض کی اِک طرفہ ساماں ہے
عمر ؓدرپرکھڑے ہیں ہاتھ میں شمشیرِبرّاں ہے
کہاحمزہؓ نے جاؤجس طرح آتاہے آنے دو
اسے اندربلاؤ جس طرح آتاہے آنے دو
ادب ملحوظ رکھے گاتوخاطر سے بٹھائیں گے
نمونہ اس کوہم خُلقِ ِمحمّدؐدکھائیں گے
اگرنیت نہیں اچھی تو اس کو قتل کردوں گا
اسی کی تیغ سے سر کاٹ کرچھاتی پردھردُوں گا
رسول اللّہ ؐ سن کر مسکرائے اورفرمایا
بُلالودیکھ لیں کس دُھن میں ہے ابنِ خطاب آیا
عمر ؓداخل ہوئے گھر میں تواُٹّھے حضرتِ والا
ہُواضَوریزسرِّشاخِ ِ طُوبیٰ پرقدِبالا
کہا چادر کا دامن کھینچ کراے عُمرؓکیاہے؟
چلاتھاآج کس نیت سے کس نیّت سے آیاہے؟
عُمرؓکے جسم پر اِک کپکپی ہوگئی طاری
وہیں سرجُھک گیا آنکھوں سے آنسوہوگئے جاری
ادب سے عرض کی حاضرہواہوں سرجھکانے کو
خُداپراوررسولِ پاکؐ پرایمان لانے کو
یہ کہنا تھا کہ ہرجانب صدائے مرحبا گونجی
فضا میں نعرہ اللّہ اکبرکی صداگونجی