جنابِ حضرت جعفرؓ اٹھے تقریرکرنے کو
عَلی الْاِعلان دِینَ اللّہ کی تفسیر کرنے کو
کہااے بادشہ ہم لوگ کافر اورجاہل تھے
ہم اِس دارِمشقت میں نکمّے اور کاہل تھے
بہت بدکارتھے بت پوجتے مردارکھاتے تھے
غریبوں کوشریفوںکوضعیفوں کو ستاتے تھے
یتیموں پرغلاموں لونڈیوںپرظلم ڈھاتے تھے
پڑسوسی زیردستوں کوزبردستی دکھاتے تھے
یہ حالت تھی برادر کا برادرجان لیواتھا
گناہوں کاسمندرناؤکاشیطان کھیواتھا
دقیقہ کونساباقی رہاتھاڈوب جانے میں
سہاراکوئی بھی حاصل نہ تھاہم کوزمانے میں
تکلّف برطرف،جاتے تھے ہم سیدھے جہنّم میں
اسی اثناء میں ایک سچّا نبیؐ پیداہواہم میں
نبی ؐ!شہرہ ہے ساری قوم میں جس کی امانت کا
کوئی منکر نہیں جس کی صداقت کادیانت کا
وہ آیا اور اُس نے دعوتِ اسلام دی ہم کو
نکالاموت کے پنجے سے بخشی زندگی ہم کو
ہمیں تلقین کی ان پتھروں کا پُوجناچھوڑو
زناسے جھوٹ سے چوری سے سرشوری سے منہ موڑو
ہمیں تلقین کی اک دوسرے کے حق کو پہچانو
سبھی انسان ہو انسانیت دکھلاؤنادانو
ہمیں اس نے روزہ ونماز کے ارکان سکھلائے
پسند آیا ہمیں یہ دین ہم ایمان لے آئے
بس اتنی بات تھی جس پرہوئے اہل وطن دشمن
ہمیں جی کھول کردیتے رہے رنج ومحن دشمن
ہماراجُرم یہ ہے بت پرستی چھوڑدی ہم نے
ملی ہم کو اذیت اپنی بستی چھوڑدی ہم نے
ہمیں مجبور کرتے ہیں کہ پھر گمراہ ہوجائیں
یہاں حاضر ہیں ہم اب آپ ہی انصاف فرمائیں