کہا میں تم کوارشاداتِ ربّانی سناتاہوں
ہدایت کے لئے آیات ِقرآنی سناتاہوں
یہ فرماکرپڑھیں حٰم کی آیاتِ قرآنی
سنیں عتبہ سن کرہوگیاغرقابِ حیرانی
اٹھا چپ چاپ اپنے ساتھیوں کے روبروآیا
کہا میں نے تو اس کو ساحروکاہن نہیں پایا
وہ شاعر بھی نہیں کچھ اور ہے طرزکلام اس کا
میں کہتاہوں کہ لوہا مان لیں گے خاص وعام اس کا
نہ مال وجاہ کی خواہش نہ ہے دھمکی کا ڈر اس کو
مناسب ہے کہ اب رہنے دو اس کے حال پر اس کو
اگر اس شخص کو اہلِ عرب نے مار ہی ڈالا
چلوچھٹّی ہوئی آئی ہوئی کو موت نے ٹالا
اگر یہ غالب آیا ملک پر آخر براکیاہے
تم اس کی قوم ہوسب کے لیے اچھّاہی اچھّاہے
وہ بولے اور لیجیے یہ بھی اب ہم کو ڈبوتاہے
دلِ عتبہ پہ جادوچل گیامعلوم ہوتاہے
غرض کوئی نہ کی پرواہ پرستارانِ باطل نے
رسولؐ اللہ کو اب اورایذائیں لگیں ملنے
ابی طالب کے ڈرسے قتل اگرچہ کرنہ سکتے تھے
مگرتضحیک اورتذلیل کرنے سے نہ تھکتے تھے
ابوجہل اور عتبہ کرتے گستاخیاں ایسی
کہ سن کر بھی جنھیں برداشت کرسکتانہیں کوئی