تھے عبدالمطلب کے بیٹے پوتے اور دس بارا
پھلا پھولا نظر آتا تھا اپنا خانداں سارا
اگرچہ بولہب، عباس، حمزہ اور ابو طالب
سبھی زندہ تھے عبداللہ کا غم تھا مگر غالب
جوانی کے دنوں میں اک نرالا خواب دیکھا تھا
درختِ نسل ہاشم اس قدر شاداب دیکھا تھا
کہ اس کے سائے میں دونوں جہاں معلوم ہوتے تھے
مکان و لامکاں دو ٹہنیاں معلوم ہوتے تھے
وہ عبداللہ کو اس خواب کی تعبیر سمجھے تھے
اسی رخ کو کتابِ نور کی تفسیر سمجھے تھے
جوانی ہی میں لیکن ہو گیا جب انتقال ان کا
رہا بوڑھے پدر کے قلب میں رنج و ملال ان کا
جوانا مرگی فرزند سے ناشاد رہتے تھے
بچاری حاملہ بیوہ بہو کا رنج سہتے تھے
طواف کعبہ کرنا صبح کا معمول تھا ان کا
دعا بن کر ہوا کرتا تھا ظاہر مدعا ان کا
دعا یہ تھی کہ یارب نعمتِ موعود مل جائے
بنو ہاشم کا مرجھایا ہوا گلزار کھل جائے
یونہی اک روز معمولا طواف کعبہ کرتے تھے
فلک کو دیکھتے تھے اور آہِ سرد بھرتے تھے
اچانک صبح کی پہلی کرن ہنستی ہوئی آئی
مبارک باد کہہ کر یہ خبر دادا کو پہنچائی
کہ رحمت نے تری سوکھی ہوئی ڈالی ہری کردی
تری بیوہ بہو کی گود اپنے نور سے بھر دی
ملا ہے آمنہ کو فضلِ باری سے یتیم ایسا
نہیں ہے بحرِ ہستی میں کوئی در یتیم ایسا
کعبہ مقصود عالم کا طوافِ کعبہ
اٹھا سردارِ مکہ یہ نوید جاں فزا سن کر
ادائے شکر کر کے جلد پہنچا آمنہ کے گھر
جناب آمنہ تھیں شوہر مرحوم کے گھر میں
مجسم سورہ والشمس کی تفسیر تھی بر میں
نظر آتی تھی آج اس گھر میں آبادی ہی آبادی
انگوٹھا چوستا تھا اس جگہ انسان کا ہادی
حسیں آنکھیں کہ جن سے کلفتیں معدوم ہوتی تھیں
فلک کو کچھ سبق دیتی ہوئی معلوم ہوتی تھیں
اٹھایا گود میں دادا نے عالی قدر پوتے کو
دکھانے لے چلا حق کا مقامِ صدر پوتے کو
شجر رستے میں استادہ ہوئے تعظیم کی خاطر
حجر قدموں کے آگے بچھ گئے تسلیم کی خاطر
طواف کعبہ کرنے جا رہا تھا قبلہ عالم
کہ جس کی ذات سے حق کی بنائیں ہو گئیں محکم
وہی کعبہ جو ابراہیم کے ایمان کا گھر تھا
جو انسانوں کے ہاتھوں ہر بتِ بے جان کا گھر تھا
بلائیں لے رہا تھا آج گویا گرد پھر پھر کر
ھو اللہ احد کہتے تھے بت سجدے میں گر گر کر
یہاں سے ہو کے عبدالمطلب فی الفور گھر پلٹے
خدا سے خیر و برکت کی دعائیں مانگ کر پلٹے
امانت آمنہ کی آمنہ کے بر میں پہنچا دی
غلاموں لونڈیوں نے اس خوشی میں پائی آزادی
بشارت کے مطابق آمنہ نے نام بتلایا
فرشتوں نے بتایا تھا کہ احمد ہے ترا جایا
کہا دادا نے اے بیٹی مرا پوتا محمد ہے
کہ دنیا بھر کے انسانوں سے اعلٰی اور امجد ہے