ادھر ان باپ بیٹوں میں تو یہ تقریر ہوتی تھی
شکار آہوان دشت کی تدبیر ہوتی تھی
ادھر شیطان ناکامی پہ سر دھنتا ہوا نکلا
خود اپنے دل سے لعنت کی صدا سنتا ہوا نکلا
نظر دوڑائی ہر جانب بلندی پر کھڑے ہوکر
بھیانک تھا ڈرانا تھا پہاڑوں کا سیہ منظر
تھا آدھی رات کا عالم خموشی ہی خموشی تھی
اندھیرے کے سبب سے ہر گنہ کی عیب پوشی تھی
حرم سے فاصلے پر دامن کہسار کے اندر
نظر آئی اسے اک روشنی سے غار کے اندر
مسافر کچھ وہاں بیٹھے ہوئے اس کو نظر آئے
خیال آیا کہ شاید میرا مطلب ان سے بر آئے
اڑا شیطان فوراََ اس پہاڑی سے دھواں بن کر
پہنچ کر اس جگہ کچھ دیر ٹھہرا غار کے در پر
مسافر تھے یہودی قوم کے یہ پانچ سوداگر
کہ پلٹے جا رہے تھے شہر مکہ سے سوئے خیبر
یہاں ٹھہرے تھے شب کو ، صبحدم پھر اٹھ کے چلنا تھا
حجازی بدوؤں سے راہ کترا کر نکلنا تھا
پڑھے لکھے تھے باتیں کر رہے تھے قوم و مہذب کی
انہیں تو رات میں سوجھتی تھی اپنے مطلب کی
کیا ذکر ایک نے تورات کی پیش گوئی کا
کہ صحرائے عرب میں ظاہر اک سچا نبی ہو گا
سنی یہ بات تو اک دوسرا دعوے سے بول اٹھا
نبی ہوگا تو وہ بیشک ہماری قوم سے ہو گا
پیمبر جزبنی یعقوب پیدا ہو نہیں سکتا
کسی سے بھی زمانے میں یہ دعوٰی ہو نہیں سکتا
کہا پھر تیسرے نے ہم پہ راضی حق تعالٰی ہے
ہماری برگزیدہ قوم سب قوموں سے بالاہے
کہا چوتھے نے وہ سچا نبی یثرب سے اٹھے گا
جو سچ پوچھو تو وہ ہوگا ہمارے ہی قبیلے کا
تڑپ کر پانچواں بولا نہیں ہم میں سے ہوگا وہ !
اگر ہو گا تو بیشک بالیقیں ہم میں سے ہوگا وہ !!
غرض پانچوں ہی اپنی بات پر اصرار کرتے تھے
دلیلیں دیتے تھے غصے میں بھرتے تھے بپھرتے تھے
ادھر شیطاں کہ عیاری و مکاری میں ہے ماہر
بظاہر اک مقدس شکل میں ان پر ہوا ظاہر
سفید اس کی بھویں براق سی داڑھی تھی نورانی
چمکتی تھیں مثال شعلہ آنکھیں اور پیشانی
عصا ہاتھوں میں اور لانبی سی اک تسبیح گردن میں
بہت ڈھیلی عبا چھپ جائے انساں جس کے دامن میں
اندھیرے سے نکل کر روشنی میں اس طرح آیا
یہودی ڈر گئے اور دفعتہ ہر ایک چلایا
کہ اے ربی ہمارے حال پر لطف و کرم فرما
ترے بندے ہوئے جاتے ہیں کرتے ہیں تجھے سجدہ
مگر شیطاں نے دی ان کو تسلی اور یوں بولا
نہایت عارفانہ شان سے اس نے دہن کھولا
کہ اے بچو میں اترا ہوں تمھیں تلقین کرنے کو
تمھارے مذہبی میلان پر تحسین کرنے کو
نبی کے مسئلے پر تم جھگڑتے تھے جو آپس میں
میں سنتا تھا وہاں بیٹھا ہوا بیت المقدس میں
خیال آیا کہ چل کر تم کو سیدھی راہ بتلاؤں
یہودی قوم کے اک فائدہ کی بات سمجھاؤں
سنو اک بات کہتا ہوں بہت ہی رازداری کی
مخالف ہیں تمھارے طاقتیں پروردگاری کی
وہ عبدالمطلب جو آج کل سردار مکہ ہے
قریش ہاشمی ہے مالک و مختار مکہ ہے
پسر ہے اس کا عبداللہ تم اس کو جانتے ہوگے
اسے مکہ میں دیکھا ہو گا اور پہنچانتے ہوگے
وہی لڑکا ہے جس کے صلب سے ہوگا نبی پیدا
مشیت آج کل ہے آل اسمعیل پر شیدا
مرے بچو نبی پیدا ہوا گر اس گھرانے میں
نہیں ہے پھر کوئی اپنا ٹھکانا اس زمانے میں
وہ اسمٰعیل کی اولاد کو شاہی دلائے گا
یہودی قوم کے حصے میں پھر کچھ بھی نہ آئے گا
یہودی قوم پر گویا خدا نے قہر ڈھایا ہے
مجھے یہ امر پوشیدہ فرشتوں نے بتایاہے
یہ قصہ سنتے ہی جوش آ گیا پانچوں لعینوں کو
حسد سے بھر دیا شیطان نے تاریک سینوں کو
وہ بولے واقعی ہم پر ہمیشہ ظلم ہوتاہے
نوازش دوسروں پر ہے خدا ہم کو ڈبوتا ہے
کہا شیطاں نے ایسی بات منہ سے مت نکالو تم
بھلا چاہو تو اس لڑکے کو جاکر مار ڈالو تم
سحر کے وقت وہ ان وادیوں میں آنے والا ہے
شکارِ آہواں سے اپنا دل بھلانے والا ہے
اٹھو تم بھی یہاں سے اور کرو جاکر شکار اس کا
نہ جانے دو یہاں سے آج زندہ زینہاںاس کو
کہاں تک رنج اٹھاؤ گے یہ جھگڑا ہی چکا ڈالو
کوئی خطرہ نہیں ہے دل سے اندیشہ مٹا ڈالو
تم اس کار عظیمہ مری امداد پاؤ گے
بڑی شوکت ملے گی مال لاتعداد پاؤ گے
مری امداد سےتم کو حکومت ہاتھ آئے گی
یقیں رکھو تمھاری بادشاہی پھر نا جائے گی
نہ مانو گے تو پھر اس کا ملے گا تم کو خمیازہ
جو چاہو تو ابھی کر لو مری طاقت کا اندازہ
یہ کہہ کر ایک پتھر پر نگاہ شیطان نے ڈالی
اڑا پتھر جگہ سے باوجود بے پرو و بالی
بلندی پر تڑاقے سے پھٹا شعلہ ہوا پیدا
پھر اس سے اک ہیولٰی پانچ گھوڑوں کا ہوا پیدا
مرصع تھے یہ گھوڑے جنگ کےہر ساز و ساماں سے
یہ ساماں بھی مرصع تھا عقیق و لعل و مرجاں سے
کہا شیطاں نے ، یہ لو میں تمہیں رہوار دیتاہوں
ہر اک کو ایک ایک شمشیرِ جوہر دار دیتاہوں
سحر کے وقت نکلو غار سے میدان میں آؤ
وہیںاس نوجواں کو قتل کو ڈالو جہاں پاؤ
یہ کہہ کر دیکھتے ہی دیکھتے شیطان غائب تھا
اسے مدِ نظر اس وقت اظہارِ عجائب تھا
یہودی رہ گئے حیران اس زورِکرامت پر
بھروسا ہو گیا اب ان کو اس کاہن کی قوت پر
لگے کہنے کہ یہ طاقت نہ دیدہ نے شنیدہ ہے
یہ بڈھا واقعی کوئی بڑا ہی برگزیدہ ہے
ہم اس کی بات پر پورا عمل کرکے دکھا دینگے
حصول بادشاہی کےلئے جانیں لڑا دینگے