یہ خبریں اہل مکہ نے سنیں اور سخت گھبرائے
دلوں پر وسوسے شیطان نے فی الفور پھیلائے
اگرچہ بت پرستی کی نہیں رکھی تھی حد کوئی
ہبل اور لات و عزی نے نہ کی ان کی مدد کوئی
قریش ان ہاتھیوں سے خوف کھا کر دفعتہ بھاگے
پہاڑوں میں چھپے جا کر کوئی پیچھے کوئی آگے
یہ سب خوف و خطر تھا بت پرستی ہی کا خمیازہ
کہ برہم ہو چکا تھا ان کی یک جہتی کا شیرازہ
دلائی ان کو عبدالمطلب نے گو بہت غیرت
نہ دکھلائی مگر نسلِ قریشی نے کوئی جرات
تھے عبدالمطلب یا بیٹے پوتے ان کے دس بارا
یہی باقی تھے، باقی شہر خالی ہو گیا سارا
سپہ اولاد تھی والد سپہ سالار مکہ تھا
یہی کعبے کا خادم تھا، یہی سردارِ مکہ تھا