بنو زہرہ میں اک مرد معمر وہب نامی تھا
قریشی نسل میں یہ شخص بھی ماہ تمامی تھا
تھی اس کے گھر میں اک دختر جو ایسی پاک سیرت تھی
کہ اس کی ذات سے لفظ حیا داری عزت تھی
عرب میں آمنہ مشہور تھا نام اس عفیفہ کا
اسی کی گود گہوارہ بنی دین حنیفہ کا
بہت ہی فکر رہتی تھی پدر کو عقد دختر کی
بنی ہاشم میں تھی اس کو تلاش و جستجو بر کی
روایت ہے کہ اس دن ہو گیا تھااونٹ گم اس کا
وہ اس کو ڈھونڈا پھرتا تھا اس جانب بھی آ نکلا
بلندی سے اسے اس جنگ کا نقشہ نظر آیا
یہودی قاتلوں کے بس میں اک لڑکا نظر آیا
نظر آیا وہ لڑکا برسرِ پیکار چاروں سے
بہت ہی تن دہی سے لڑ رہا تھا پختہ کاروں سے
خیال آیا کہ ملنی چاہیے امداد لڑکے کو
مبادا قتل کر دیں مل کے یہ جلاد لڑکے کو
مگر اٹھا جونہی امداد کرنے کے ارادے سے
نہ جانے کیوں الجھ کر رہ گیا اپنے لبادے سے
پھر اٹھا جب دوبارہ پاؤں پھسلا ایک پتھر سے
چٹان ابھری ہوئی تھی ایک وہ ٹکڑا گئی سرسے
اٹھا پھر تیسری بار اور چاہا جلد اتر جاؤں
جوان ہاشمی کو قتل ہونے سے بچا لاؤں
مگر اب کے ہوا اک اژدہا اس راہ میں حائل
کہ جس کے خوف سے ساری عزیمیت ہو گئی زائل
یہ مرد اب دور ہی بیٹھا ہوا حسرت سے تکتا تھا
جوان ہاشمی کے واسطے کچھ کر نہ سکتا تھا
نظر آیا کہ لڑکا سست ہے زخموں کی شدت سے
یہودی پے بہ پے حملے کئے جاتے ہیں قوت سے
خیال آیا مری آواز سے شاید وہ ڈر جائیں
یہاں اک شخص کو موجود سمجھیں اور باز آئیں
مگر جونہی یہ سوچا اور نعرہ مارنا چاہا
وہیں گھونٹا کسی نے حلق اور بٹھلادیا چپکا
حقیقت میں یہ سب شیطان کی فتنہ طرازی تھی
مدد کے راستے میں ہر رکاوٹ حیلہ سازی تھی
رہی جب اس برح ہر مرتبہ تدبیر ناکارہ
نظر آیا نہیں تقدیر سے انسان کا چارہ
مگر اس بے گنہ کا قتل میں ہونا نہ دیکھوں گا
نہیں کچھ اور کر سکتا تو انکھیں بند کرلوں گا
مگر اتنے میں اس کو اور ہی نقشہ نظر آیا
زمیں سے تا فلک اک نور کا جلوہ نظر آیا
نظر آیا اترنا چار نورانی فرشتوں کا
اور ان کو دیکھتے ہی بھاگنا ان بد سرشتوں کا
گرا کر قاتلوں کو بھاگ اٹھے رہوار شیطانی
زمیں پر سر پٹکتے رہ گئے غولِ بیابانی
جواں نےا ب تعاقب کر کے مارا ان لعینوں کو
نہ شیطاں دے سکا کوئی سہارا ان لعینوں کو
یہ صورت دیکھ کر مرد معمر ہو گیا حیراں
یقیں آیا، کہ ہے یہ ہاشمی لڑکا بہت ذیشاں
اٹھا تو راستے میں اب نہ کوئی اژدہا دیکھا
وہاں پہنچا تو پانچوں قاتلوں کا سر کٹا دیکھا
پڑے تھے پانچ لاشے ایک اک سے دور سب تنہا
کھڑا تھا اک جگہ فرزند عبدالمطلب تنہا
غرض زخمی جواں کو ساتھ لے کر وہب گھر آیا
یہ سارا ماجرا اس کے پدر کو جا کے بتلایا
پھر اپنی نیک دختر بیاہ دی اس شیر صولت سے
خوشی اس بیاہ کی سب نے منائی شان و شوکت سے
بہم دولہا دلہن تھے صورت و سیرت میں لاثانی
قسم کھاتی تھی ان کا نام لے کر پاک دامانی
وہ نور لم یزل جس کی ضیا تھی روئے انور میں
نظر آنے لگی اس کی جھلک تقدیر مادر میں