زمین سے آسماں تک واقعی گہری سیاہی تھی
کہ جزم ماہ سے شاہی اس کی تابماہی تھی
یکایک جاپڑیں اس کی نگاہیں سنگِ اسود پر
ہوا لرزہ سا طاری شیطنت پر فطرتِ بد یر
یہ پتھر مرکزِعالم کا اک ثابت ستارا تھا
اسے جنت سے حق نے ساتھ آدم کے اتارا تھا
قریبِ سنگِ اسود ایک جوانِ ہاشمی دیکھا
گروہِ ابنِ آدم میں نرالا آدمی دیکھا
نظر آیا کہ اس کے گرد ہے اک نور کا ہالا
زمین پرجس کے باعث ہے فروغِ عالمِ بالا
وہی نورِ ازل معصوم چہرے سے ہویدا ہے
ازل سے جاودانی کامرانی جس پہ شیدا ہے
نرالے نوجواں ک دیکھ کر شطان تھرایا
جھلک ایمان کی دیکھی تو بے ایمان تھرایا
زمیں ہلنے لگی کمبخت ایسے زور سے کانپا
خدا کی قدرتیں غافل نہیں ، شطان نے بھانپا
یہ عبد المطلب کا نوجواں فرزند عبداللہ
نہیں ہے ملتفت کیوں جانبِ اصنامِ بیت اللہ
اُٹھا رکھی ہے کیوں سُوئے فلک پُر نُور پیشانی
نظر آتا ہے کیوں ایوانِ فرش وعرش نُورانی
ڈرا شیطان سمجھ میں آگیا مقصد مشیت کا
نظر ایا کہ یہ لڑکا ہے جو ہر آدمیت کا
دلِ ناپاک سے بُغض و حسد کا اِک دُھواں اُٹھا
جگہ سے اپنی مثلِ شعلہ آتش فشاں اُٹھا
اُٹھا غصے میں اور اس نوجواں سے جنگ کی ٹھانی
مشیت کے مقبل اپنی حیثیت نہ پہچانی
لگا اِک وسوسہ بن کر جواں کے گرد منڈلانے
نگاہ دل کی عفّت کو لگا رستے سے بھکانے
رہا کچھ دیر تک شطان اپنی سعی باطل میں
نہ داخل ہوسکا لیکن یہ عبداللہ کے دل میں
خدا کا فضل تھا ہر دم شریکِ حالِ عبداللہ
نبی کا سایہ اقبال تھا اقبال عبداللہ