ہوئے اسحٰق کے فرزند اسرائیل پیغمبر
ملے فرزند انہیں بارہ بفضلِ حضرت داور
ان ہی میں حضرت یوسف نے مرسل کا لقب پایا
خدا نے ان کو اہلِ مصر پر معبوث فرمایا
یہ ایسے تذکرے ہیں جو زبانوں پر فسانہ ہیں
برادر حضرت یوسف کے مشہور زمانہ ہیں
یہودی قوم کا آغاز انہیں بارہ سے ہوتا ہے
یہودہ اِن کا جد ، اسحٰق پیغمبر کا پوتا ہے
مگر شیطاں نے ان پر بھی دامِ شرک پھیلایا
تو انبوہِ کثیر اس قوم کا حق سے پلٹ آیا
یہ قوم اپنے کو خاصانِ خدا کی قوم کہتی تھی
مگر کرتوت ایسے تھے بہت معتوب رہتی تھی
ہوئے اس قوم میں اکثر جلیل الشان پیغمبر
چلانا چاہتے تھے جو اسے حق و صداقت پر
یہودی جانے بوجھے راہِ حق کو بھول جاتے تھے
وہ اپنے رہنماؤں پر ہمیشہ ظلم ڈھاتے تھے
کیا تھا مصر میں فرعون نے دعوٰی خدائی کا
یہودی قوم دم بھرتی تھی اس سے آشنائی کا
عتاب آخر کیا شاہنشہوں کے شاہ نے ان پر
مسلط کر دیا فرعون کو اللہ نے ان پر
کہ یہ بھی اِک فریقہ تھا انہیں رستے پہ لانے کا
انہیں ٹھوکر لگا کر خوابِ غفلت سے جگانے کا
بہت پستی دکھائی آخر اِس افتاد نے ان کو
لگائیں ٹھوکریں فرعون کی بداد نے ان کو
مگر فرعون کے ظلم و ستم جب بڑھ گئے حد سے
لگے عبرت پکڑنے لوگ اِن کی حالتِ بد سے
خدائے پاک نے موسیٰکو ان میں کر دیا پیدا
جو بچپن ہی سے آزادی و حریت پہ تھے شیدا
ظہورِ نورِ حق موسیٰ کو سینا پر نظر آیا
خدا نے جانبِفرعون انہیں معبوث فرمایا
یدِ بیضا کے ساتھ اِس خطہ ظلمت میں در آئے
یہودی قوم کو آزاد کرکے مصر سے لائے
جگایا قوم کی تقدیر کو آوازِ موسیٰ نے
کیا فرعون کو غرقابِ نیل اعجازِ موسیٰ نے
عصائے موسوی نے پتھروں کو آب کر ڈالا
بیابانوں کو ان کے واسطے شاداب کر ڈالا
یہی وہ قوم ہے جس کے لئے نعمت کے مینہ برسے
کہ اترے من و سلوٰی اِن کی خاطر آسماں پر سے
مگر جب آزمائش آپڑی یہ قوم گھبرائی
رہی باطل کی طالب اور راہِ حق سے کترائی
کہا موسیٰ نے " اٹھ اے قوم باطل کی مقابل ہو
تری عزت بڑھے جگ میں ترا ایمان کامل ہو
تو بولی قوم اے موسیٰ ہمیں آرام کرنے دے
خدا کی نعمتیں ملتی ہیں اِن سے پیٹ بھرنے دے
خدا کو ساتھ لے جا اور باطل سے لڑائی کر
ہمارے واسطے خود جاکے قسمت آزمائی کر
ہمیں کیوں ساتھ لے جاتا ہے دنیا سے اجڑنے کو
خدا اور اُس کا پیغمبر بہت کافی ہے لڑنے
ڈرایابارہا موسٰی نے ان کو قہر باری سے
مگر اس قوم کو مطلب رہا مطلب برآری سے
کبھی رفعت پرآئی بھی تو سوجھی اس کو پستی کی
کہ چھوڑی حق پرستی اور گوسالہ پرستی کی
رکھی دنیا میں راہ و رسم خرص خام سی اس نے
دکھائی سرکشی تورات کے احکام سے اس نے
دلائی حضرت داؤد نے اس قوم کو شاہی
مگر اس نے نہ چھوڑی کم نگاہی اور گمراہی
زبور اس قوم کو بخشی گئی لیکن نہ یہ مانی
یہ اپنی حمد کرتی تھی بجائے حمد ربانی
بڑی شوکت ملی اس قوم کو عہد سلیماں میں
عظیم الشان ہیکل ہو گئی تعمیر کنعاں میں
مگر یہ قوم اکثر راہ پر آکر پلٹتی تھی
نہ دینداری میںبڑھتی تھی، نہ بے دینی سے ہٹتی تھی
اسے ایوب و زکریا و یحیی نے بھی سمجھایا
چلن اس قوم کا لیکن نہ راہ راست پر آیا
ہو منزل گمرہی جن کی وہ کیونکر راہ پر آئیں
ملیں اس قوم سے پیغبروں کو سخت ایذائیں
یہ جھٹلاتی رہی ہر اک نصیحت کرنے والے کو
یہ اندھی تھی، اندھیرا جانتی تھی ہر اجالے کو
مسیح ابن مریم نے بہت اس کو ہدایت کی
مگر یہ آخری دم تک رہی منکر رسالت کی
یہ جھٹلاتی رہی انجیل کی سچی منادی کو
یہ سولی پر چڑھانے لے گئی اس پاک ہادی کو
خلیل اللہ سے جو وعدہ کیا تھا حق تعالٰی نے
وہ پورا کر دیا ہر طور سے اس ذات والا نے
وطن بخشا گیا اس کو نمونہ باغ جنت کا
مگر اس قوم میں جذبہ نہ تھا اس کی حفاظت کا
ملی اسحٰق کی اولاد کو شان حکومت بھی
متاع دنیوی بھی اور روحانی رسالت بھی
مگر اس قوم نے ٹھکرا دیا ہر ایک نعمت کو
یہ بھڑکاتی رہی ہر دور میں اللہ کی غیرت کو
نتیجہ یہ ہوا کفران نعمت کی سزا پائی
عمل جیسے کیے ویسی در حق سے جزا پائی
خدا سے سرکشی کی سرجھکایا پائے دشمن پر
رہا اغیار کا پنجہ مسلط اس کی گردن پر
سبھی اہل ستم کرتے رہے اس پر ستم رانی
فنیقی ، بابلی، مصری، اسیری اور رومانی
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
کہ جس نے اپنے ہاتھوں اپنی خو خصلت نہیں بدلی