خلیل اللہ پھر کنعان میں آکر رہے برسوں
الم فرزند و زوجہ کی جدائی کے سہے برسوں
دعا کی ایک بیٹا دے الہٰی بطن ساراؓ سے
جو ہو فرزندِ اول کی طرحممتاز دنیا سے
بڑھے اس کی بھی ذریت ، شرف یہ بھی الہٰی دے
ہدایت کے لئے پیغمبری دے اور شاہی دے
خدا نے دے دیا اسحٰق سا فرزند ساراؓ کو
مرادِ دِل بر آئی مل گیا دلبند ساراؓ کو
کئی برسوں کے بعد اک دن ندا آئی پیمبر کو
کہ جا اور دیکھ دشت خشک میں فرزندِ اکبر کو
باَ امراللہ پھر رہوارِ ہمت پر کیا کوڑا
خلیل اللہ نے پیری میں ارضِ شام کو چھوڑا
یہاں آکر خدا کی شان کا نقشہ نظر آیا
جہاں مٹی کے تودے تھے وہاں چشمہ نظر آیا
بہت بشاش دیکھا ہاجرہؓ کا چہرہ انور
ہوئے مسرور ابراہیم ، اسمٰعیل سے مل کر
جواں فرزند کے چہرے پہ نورِ حق نما پایا
بنی جرہم کے لوگوں کو وفا سے آشنا پایا
بہ فرطِ شُکرِ نعمت سر بسجدہ ہو گئے حضرت
تھکے ہارے ہوئے تھے نیند آئی سو گئے حضرت