دیارِ مصر پر اس عہد میں رقیوں حاکم تھا
تکلف برطرف شیطان کا قانون حاکم تھا
یہاں رقیون نے حضرت کی زوجہ چھیننا چاہی
مگر دے دی اسے اللہ نے فی الفور آگاہی
کہ یہ ساراؓ ہے ابراہیم حق آگاہ کی بیوی
خدا کے پاک پیغمبر خلیل اللہ کی بیوی
اگر نیت میں فرق آیا ترے حق میں برا ہو گا
نشاں دنیا میں تیرا اور نہ تیری نسل کا ہو گا
ہوا فرعون خائف ایک پیغمبر کے آنے سے
خدائی کر رہا تھا مصر میں وہ اک زمانے سے
تھی اس کے گھر میں اک دختر وہ کر دی ساتھ سارہ کے
پیغمبر کے لئے یوں نذر بھیجی ہاتھ سارہ کے
پلٹ آیا پیغمبر پھر یہاں سے جانب کنعاں
یہ لڑکی ہاجرہؓ بھی ساتھ تھی وابستہ داماں
یہ لڑکی ہر طرح مانند سارہؓ پاک طینت تھی
تقدس اس کا زیور تھا شرافت اس کی زینت تھی
اسے ساراؓ نے پیغمبرؓ کی زوجیت میں دے ڈالا
کہ ہونے والا تھا دنیا میں اس کا مرتبہ بالا