اٹھا رکھی نہ اہل مکہ نے باقی کسر کوئی
نہیں پہنچا خدا کے پاک بندوں تک مگر کوئی
مسافر تین روز و شب رہے اس غار کے اندر
غذا ملتی رہی تازہ بفضل خالق اکبر
سکوں افشا ہوا دنیا پہ چوتھی رات کا سایا
تو عامر گھر سے اک ناقہ کی جوڑی ساتھ لے آیا
ادب سے عرض کی بوبکر نے اے رحمتِ باری
سوارِ نقاہ ہو کر کیجیے چلنے کی تیاری
ہوا ارشاد اس ناقہ کی قیمت طے کرو پہلے
کہ ہم قیمت بغیر اس کو نہ لیں گے سوچ لو پہلے
اشارا تھا مدد جز رحمتِ یزداں نہیں لیتے
خدا کی راہ میں انسان کا احساں نہیں لیتے
بقیمت لے کے ناقہ شان رحمت نے سواری کی
بڑھیں یثرب کی جانب نکہتیں بادِبہاری کی
رسول اللہ ؐاور صدیق ؓتھے اک پشت ناقہ پر
تھا عامر دوسری پر اور اس کے ساتھ اک رہبر
بظاہر چند اہل کارواں معلوم ہوتے تھے
مگر ان کے جلو میں دو جہاں معلوم ہوتے تھے