بہت سال بعد جب میرا اس سے سامنے ہوا تو ایک لمحہ کے لیے میں اسے پہچان ہی نہ پایا، سراپا وہی تھا۔ ۔ ۔ مگر جس رُوپ سے وہ ظاہر ہوا تھا، گزشتہ سالوں میں اس کی یہ حالت کب دیکھ سکا تھا؟ اور دیکھتا بھی کیسے۔ ۔ ۔ پانچ ہزار روپے ماہ وار کمانے والا شخص بھلا تین ہزار کا سوٹ اور پچیس سوکے بوٹ کیسے برداشت کر سکتا ہے۔ 25ہزار کا موبائل فون اور نئی آلٹو سے اُسے کیوں کر مطابقت ہو سکتی ہے ؟
لگ بھگ سات سال پہلے جب پہلی مرتبہ وہ میرے پاس آیا تھا تو حلیہ سے کسی چورا ہے کا مزدور لگتا تھا، مگر اب۔ ۔ ۔ اب تو وہ ٹھیک ٹھاک ’’مزے ‘‘ میں تھا۔ میری حیرتوں کو توڑتے ہوئے اس نے کہا
’’اَجی کیا دیکھ رہے ہیں ، میں ہوں اسحاق، میرا مطلب ہے خاکا‘‘
اور پھر بازو پھیلا کر میری طرف بڑھ گیا۔ میں نے اسے سر سے پاؤں تک دیکھا، ابھی میں اس سے سوال کر نے ہی والا تھا کہ، اس کے موبائل سے چڑیوں کی چہچہاہٹ سنائی دی۔ نہ جانے دوسری طرف کون تھا، البتہ یہاں سے کہا گیا
’’نہیں ، نہیں اس مرتبہ میرے تمام آدمی جائیں گے ، کسی ایک کو بھی ڈراپ نہیں کیا جا سکتا، یہ آپ کا مسئلہ ہے ، میرا اعتبار خراب نہ کریں۔ ‘‘
اور پھر موبائل بند کر دیا گیا۔
’’یہ حال ہے ان لوگوں کا، کام نہ دو تو تب منتیں کر تے ہیں اور جب دے دو تو ان کے نخرے بڑھ جاتے ہیں۔ بھلا یہ بھی کوئی بات ہے ، 25 افراد کی رقوم تین ماہ سے اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں اور اب کہہ رہا ہے کہ دس آدمیوں کو اگلی بار روانہ کر دیں گے۔ ‘‘
مجھے میرے سوال کا جواب مل گیا تھا۔ لیکن ایک نئے سوال نے دماغ میں سرسراہٹ کی کہ، خاکے جیسا شخص اتنا بڑا کام کیوں کر کر سکتا ہے ؟ وہ تو جب میرے پاس بیٹھتا تھا ، گھنٹوں اس کا منہ نہیں کھلتا تھا۔ ۔ ۔ اور جو کبھی زبان چلتی بھی تھی تو جی، ہونہہ، بہتر سے بات آگے نہ بڑھتی۔ یقیناً اتنی بڑی تبدیلی میرے لیے تعجب خیز تھی۔ میں اسی کش مکش میں تھا کہ اس سے پوچھوں۔ ۔ ۔ مگر اسی دوران اس کے موبائل میں پھر چہچہاہٹ پیدا ہوئی، موبائل آن ہوا
’’ہاں عمران! زرنگار کارپوریشن والوں کو دس آدمیوں کی فہرست دے دو، افضل ریکر وٹنگ ایجنسی والے کیا کہتے ہیں ؟ ، چلو ٹھیک ہے ، ایک گھنٹہ بعد مجھے بتاؤ۔ ‘‘
ٹیلی فون کو ایک طرف رکھتے ہوئے اسحاق نے بتایا کہ وہ گزشتہ چار سال سے بندے باہر بھجوا رہا ہے ، مختلف اداروں کے ساتھ اس کی کمٹ منٹ ہے ، کراچی ، لاہور اور پش اور میں اس نے اپنے دفاتر کھول رکھے ہیں۔ جہاں لوگوں کو بھرتی کیا جاتا ہے۔ میں نے پوچھا کہ تم اس طرف آئے کیسے ؟ وہ مسکرایا اور پھر بولنا شروع کیا
’’جن دنوں میں آپ کے یہاں آیا کرتا تھا، تب میں گھر کا خرچ چلانے سے قاصر تھا۔ اس دوران ایک عزیز نے بتایا کہ سعودی عرب کے لیے بھرتی آئی ہے ، اگر تم چا ہو تو تمھاری بات کروں ؟ میں اپنے حالات سے تنگ تھا، مجھے سہارا چاہیے تھا اس لیے فوراً تیار ہو گیا۔ رشتہ داروں سے اُدھار پکڑا، بیوی کے زیور فروخت کیے اور ایک لاکھ روپے جمع کر کے ایجنٹ کے حوالے کر دیے۔ پانچ ماہ گزر گئے لیکن میں باہر نہ جا سکا، ایجنٹ غائب ہو گیا۔ جس نے جہاں کا بتایا، میں وہاں اسے ڈھونڈنے نکل گیا۔ ۔ ۔ اور آخر اس تک پہنچ ہی گیا۔ ملنے پر اس نے کہا کہ ’’میرے ساتھ فراڈ ہو گیا تھا، اس لیے غائب ہو گیا۔ اب ایک صورت ہے ، ملائشیا کے لیے بندے بھجوا رہا ہوں ، بندے لاؤ اور اپنی رقم وصول کر لو ، کام پکا ہے۔ ‘‘اس طرح میں نے کام شروع کر دیا۔ خود تو مزدوری کے لیے باہر نہیں جا سکا۔ ۔ ۔ مگر لوگوں کو بھجوانے کا راستہ مل گیا ہے ، صاف ستھرا کام کرتا ہوں ، کام ہو جانے پر معاوضہ لیتا ہوں۔ ‘‘
میں نے پوچھا اتنا سب اسی کام سے کمایا ہے تو کہنے لگا
’’اللہ دے بندہ لے۔ ‘‘
سنا ہے اور مشاہدہ بھی ہے ایجنٹوں کے ہاتھوں کئی گھر اُجڑے ہیں ، لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہوئی ہیں اور کئی ایجنٹوں کو رو پوش ہوتے دیکھا ہے ، کہیں تم کسی گرداب میں نہ پھنس جاؤ۔ میں نے کہا تو اس نے بلند آواز میں قہقہہ لگایا اور گویا ہوا
’’ہاں۔ ۔ ۔ ! ہوتا ہے اس طرح، میرے ساتھ بھی ہوا تھا، میری زندگی بھی اجیرن ہو گئی تھی ، قرض خوا ہوں کے ہاتھوں عزت تک غیر محفوظ ہو گئی تھی، لیکن میں نے سمجھ داری سے کام لیا اور آج آپ کے سامنے ہوں۔ ‘‘
اگر تمھیں چانس نہ ملتا تو تمھارا کیا حال ہوتا؟
’’شاید میں بھی اوروں کی طرح پریشان ہوتا‘‘
اس نے کہا۔ ۔ ۔ اور پھر کہنے لگا
’’چھوڑیے صاحب! یہ دنیا ہے یہاں اسی طرح چلتا ہے ، آپ سنائیں ؟ ‘‘
تمھارے سامنے ہوں ، میں نے کہا۔ ایک نظر اس نے میرے دفتر کی چھت پر ڈالی، پھرسیاہ شیشوں سے باہر کی طرف دیکھا، دفتر میں پڑی ہوئی چیزوں پر اچٹتی نگاہ دوڑائی اور کہنے لگا
’’کافی خستہ حالت ہے۔ آپ کو دفتر بدلنا چاہیے یا کم از کم ڈیکوریٹ کرنا چاہیے اور نیا فرنیچر بھی ڈلوانا چاہیے۔ ‘‘
ہے تو ! ۔ ۔ ۔ مگر گزر ہو رہی ہے۔ ۔ ۔ میں نے کہا۔
’’آپ چاہیں تو میں اس دفتر کو بنوا دیتا ہوں ، ہمارے ساتھ کام کیجیے ، دن پھر جائیں گے۔ ‘‘
جب خاکا یہ کہہ رہا تھا تو میرے ذہن میں ایک واقعہ نے انگڑائی لی جو اسی زمین پر پیش آیا اور مجھے ایک مہربان نے سنایا تھا۔ پھر خود بہ خود میری زبان سے اس واقعہ کا بیان شروع ہو گیا۔
’’کوئی دولت مند شخص کسی بزرگ کا عقیدت مند تھا، وہ مہینہ میں ایک آدھ مرتبہ ان کے ہاں حاضری دیتا۔ ایک بار جب وہ اپنے مرشد کے پاس بیٹھا تھا تو اس نے کہا:
’’ حضرت ہمارے یہاں طلائی دھاگے کا کھسہ (جوتا) بنتا ہے اگر آپ کہیں تو لے آؤں ‘‘
بزرگ نے کہا لے آؤ۔ ۔ ۔ مگر جب پاپوش اعلیٰ ہو تو پوشاک بھی بڑھیا ہونی چاہیے۔ مرید نے کہا وہ بھی پیش کر دوں گا۔ تو پھر بزرگ نے کہا جب پیزار اور ملبوس اچھے ہوں ، تو پگڑی بھی ہونی چاہیے۔ مرید نے کہا وہ بھی حاضر کر دوں گا، بزرگ نے کہا جب انسان اس قدر اچھے حلیے میں ہو تو اس کے پاس گھوڑا بھی ہونا چاہیے۔ مرید نے کہا وہ بھی حاضر کر دوں گا، بزرگ ایک قدم اور آگے بڑھے اور کہا جب یہ سب ہو تو گھوڑے کی نگاہ داشت کے لیے ملازم بھی ہونا چاہے۔
مرید نے کہا یہ بھی ہو جائے گا۔ ۔ ۔ تو بزرگ نے کہا گھوڑے اور ملازم کی موجودگی میں مناسب رہائش بھی ہونی چاہیے۔ مرید نے کہا حضرت اس کا بھی انتظام ہو جائے گا۔ مرحلہ بہ مرحلہ جب بزرگ بڑھتے جاتے تو مرید بھی حکم کی تعمیل میں آگے نکلتا جاتا۔ مآلِ کار بزرگ نے کہا جب تم میرے لیے اتنے ترددات میں پڑو گے تو کیا یہ بہتر نہیں ہے کہ تم کھسہ ہی نہ لاؤ۔ مرید عقیدت مند ہونے کے ساتھ ساتھ دانا بھی تھا۔ اپنے کہے ہوئے پرشرم سار ہوا اور معذرت کر کے رخصت ہو گیا۔ ‘‘
میں خاموش ہوا تو اسحاق کہنے لگا
’’میرا خیال تھا کہ آپ کے نظریات بدل گئے ہوں گے۔ ۔ ۔ مگر آپ ہنوزاسی چکر میں گھرے ہوئے ہیں۔ آپ دولت سے کیوں نفرت کر تے ہیں ، آپ زندگی کی آسائشوں سے اپنا حصہ کیوں نہیں وصولتے ؟ ‘‘
میں نے جواب دیا مجھے دولت سے نہ اس وقت نفرت تھی نہ اب ہے۔ ۔ ۔ مگر اس دولت سے جو حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا نصیب تھی، ہاں میں نفرت کرتا ہوں قارون کی دولت سے اور میں پناہ مانگتا ہوں ایسی آسائشوں سے جو میرے لیے وبال بن جائیں۔ دوسروں کے گھروں کو اجاڑ دیں ، ان کا سانس لینا محال کر دیں۔ لمحہ بھرکے لیے میں نے سکوت اختیار کیا تو اسحاق کہنے لگا
’’آپ کفرانِ نعمت کر تے ہیں ، دولت اور آسائشیں اللہ کی نعمت ہیں۔ ‘‘
یقیناً! لیکن اس صورت میں جب وہ حلال ہوں ، پانی بھی اللہ کی نعمت ہے ، سمندروں کے سمندر اور دریاؤں کے دریا بھرے ہوئے ہیں ، ان کی زیادتی ناگوار نہیں ہے۔ ۔ ۔ مگر جب یہی پانی کشتی کے اندر داخل ہو جائے تو زحمت بن جاتا ہے اور بعض اوقات انسان کی زندگی لے کر رہتا ہے۔ میں اس دولت اور اس آسائش سے پناہ مانگتا ہوں جو کشتی کے اندر آ جانے والے پانی کی مثال ہیں۔ اور جب آدمی اپنی خواہشات کے پیچھے بھاگتا ہے تو اسے معلوم نہیں ہوتا کس وقت پانی کشتی کے اندر داخل ہوا۔ ۔ ۔ اس کی آنکھ تو تب کھلتی ہے جب کشتی ڈوبنے لگتی ہے۔ پھر کوئی بھی دولت، کوئی بھی گاڑی ، کوئی بھی واسطہ کام نہیں آتا بہ جز اللہ عزوجل کی رحمت کے۔
’’آپ چاہتے ہیں کہ انسان ہمیشہ دوسروں کے ہاتھ دیکھتا رہے۔ ‘‘
اسحاق نے کہا۔
نہیں ! دوسروں کے نہیں اپنے ہاتھ پر بھروسہ کر ے اور اپنے ہاتھ کا میل کام میں لائے اور اس میل کے حصول میں اللہ کی رضا شامل کر لے تو یقیناً اسے تنگی نہیں ہو گی۔ جب ہم ایک خواہش کے پیچھے بھاگتے ہیں تو اگلے ہی قدم پر ایک اور خواہش پیدا ہو چکی ہوتی ہے۔ ۔ ۔
اور یہ سلسلہ سانس کی آخری کڑی تک زنجیر ہو جاتا ہے۔ میں نے کہا۔
’’ہاں ! بات تو ٹھیک ہے ، لیکن شاید اس طرح کی بندشوں کو قبول کرنا، اپنے بس کی بات نہیں ، شاید آپ کے بس میں بھی نہ ہو۔ ‘‘
یقیناً میں بھی انسان ہوں ، لیکن اللہ کا فضل مانگتا رہتا ہوں۔ جن راستوں کے تم اب آشنا ہوئے ہو، میں بہت پہلے ان سے آگاہ تھا، لیکن ربِّ کر یم کی رحمت نے مجھے ان پر چلنے نہیں دیا۔
’’ بجا سہی! لیکن جس دور میں ہم جی رہے ہیں اس کے بڑے تقاضوں میں سے ایک تقاضا بے تحاشہ دولت بھی ہے۔ جس کے پاس جس قدر زیادہ دولت اور بڑی گاڑی ہو گی وہ معاشرے میں مہذب کہلاتا ہے۔ شرفا کی صفوں میں شمار ہوتا ہے اور جو، جس قدر غریب ہوتا ہے ، اتنا ہی کم تر اور تہذیب نا آشنا کہلاتا ہے۔ ‘‘
اسحاق خاموش ہوا تو میں نے کہا
رضوانی صاحب کو جانتے ہو؟
’’ ہاں ! انھیں کون نہیں جانتا‘‘
اسحاق تم بہت زیادہ ہوئے تو کروڑ پتی ہو گے۔ ۔ ۔ رضوانی صاحب کھرب پتی نہیں تو ارب پتی ضرور ہیں۔ ملک بھر میں ان کا کاروبار پھیلا ہوا ہے۔ بل کہ یورپ کے کئی ممالک میں بھی ان کا کاروبار ہے۔ پچھلے ہفتے انھوں نے مجھے اپنے ہاں دعوت پر بلایا۔ ۔ ۔ اور لوگ بھی شریک تھے۔ کھانا شروع ہوا تو تمام مہمانوں کے سامنے انواع و اقسام کے کھانے چن دیے گئے۔ ۔ ۔ مگر جانتے ہو رضوانی صاحب نے سلاد کے چند پتے اور ماش کی دال کے ساتھ چپاتی کے گنے ہوئے نوالے لیے۔ ۔ ۔ اور جب کھیر لائی گئی تو وہ بھی انھوں نے نہ چکھی۔ میں نے کہا آپ کچھ لے نہیں رہے ، شاید بعد میں کھائیں گے۔ جس پر رضوانی صاحب کہنے لگے
’’نہیں ! میں اتنا ہی کھاتا ہوں ، اللہ کی طرف سے مجھ پر کچھ پابندیاں عاید ہو گئی ہیں۔ کبھی تھوڑی سے بے احتیاطی ہو جائے تو مہینوں بیمار رہتا ہوں۔ ‘‘
میرے خاموش ہونے پر اسحاق نے کہا
’’خدا کے لیے مجھے مت ڈرائیں ، زندگی بار بار نہیں ملتی اور میں زندگی سے اپنا پورا حصہ وصول کرنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
کون جانے زندگی کے پاس اس کا کتنا حصہ ہے ، لیکن آدمی یہ ضرور جانتا ہے کہ آخرت کے لیے اسے کتنا سرمایہ چاہیے۔ ابھی تم اس مقام پر نہیں ہو کہ لوٹ نہ سکو۔ جب سفید کپڑے پر ایک داغ لگتا ہے تو اسے مٹایا جا سکتا ہے۔ ۔ ۔ مگر جب داغوں کی تعداد بڑھنے لگے تو سفیدی کم ہوتی جاتی ہے۔
ابھی میرے اور اسحاق کے درمیان مکالمہ جاری تھا کہ مسجد سے مؤذن کی آواز آئی
’’اللہ اکبر، اللہ اکبر‘‘
اور پھر ہماری محفل برخاست ہو گئی۔
٭٭٭