(Last Updated On: )
ہرطرف ایک عجیب سا احساسِ شکستگی پھیلا ہوا تھا۔ تھوڑی بہت عقل رکھنے والا بھی اس معاملے پر غور کررہاتھا۔ گفتگو کا موضوع کوئی بھی ہوتا گھوم گھما کرتان اسی بات پرٹوٹتی۔ معاملہ تھا ہی اتناگمبھیراور پیچیدہ کا عامۃ الناس کی سمجھ میں توکیاآتا، اچھے بھلے پڑھے لکھے اور بولنے سوچنے والے بھی فکرمندی کے باعث کوئی واضح سمت اختیا رکرنے سے قاصردکھائی دیتے تھے۔ کوئی چاہ کر بھی سراغ نہیں لگاپایاتھا ،کہ اصل بات کیا ہے۔ طے کرنامشکل تھا کہ یہ دُنیاکے کسی تھنک ٹینک کے مخصوص ایجنڈے اور پروپیگنڈے کانتیجہ ہے یا واقعتا وبا پھیلی ہے۔ ملک کے سیکڑوں اخبارات، ایک سو کے قریب ٹیلی ویژن چینل، درجنوں ریڈیوچینل اور ہزاروں لاکھوں سوشل میڈیا کے لوگ طرح طرح کی قیاس آرائیوں پر مبنی تبصرے، تجزیے، تاریخی بیانیے اور کتب سے اقتباسات پیش کررہے تھے۔ مذہبی طبقہ اپنی مسلکی سوجھ بوجھ کے مطابق اپنے تئیں راہِ ہدایت دکھانے کی کوشش میں مصروف تھا۔ متضاد، متعصب، متشددرجحانات کا عفریت بھی اسی فضا کے ساتھ ہم آہنگ ہوچکا تھا۔ نتیجتاً ایک خطرناک بدگمانی اور غیریقینی کی صورت حال نے ہر طرف ڈیرے ڈال رکھے تھے۔
عالمی دباؤ یا پھروبائی خدشات کے تحت حکومت نے بھی سخت اقدامات کررکھے تھے۔ اسی ماحول میں پروفیسر صاحب نے چاہا کہ وہ اپنے مقربین کی کچھ راہ نمائی کردیں۔اُنھوں نے اپنے واٹس ایپ گروپ کے ذریعے تمام متعلقین کو اطلاع دی اورساتھ ہی ہدایت کی کہ اُن کی طرف آنے والے ایک ایک کر کے آئیں مبادا انتظامیہ کو کسی ہجوم کا احساس ہو۔
کوٹھی کازمین دوز ہال طلبہ اورنوجوان اساتذہ سے بھرا ہواتھا۔ فرشی نشست میں شرکا مناسب فاصلہ رکھ کر بیٹھے تھے۔ پروفیسر صاحب نے گفتگو کا آغاز کیا:
’’زمین بدل رہی ہے اور زمین پر رہنے والوں میں بھی ایک واضح تغیربرپا ہورہا ہے۔ چیزیں اپنی حالت میں آنے کے لیے بے تاب ہیں۔ یُوں معلوم ہوتا ہے، جیسے یہ کائناتِ کہنہ نیا ظہور لینے کو ہے۔ گاڑیوں کا شورتھم چکا ہے۔ کارخانوں کی چمنیاں خاموش ہیں۔ سمندروں اور دریاؤں میں زہریلے مادے شامل نہیں ہورہے۔ لوگ اپنے گھروں میں مقید ہیں۔ گردو غبار کے ذرائع محدود، آبی آلودگی کے ہتھیاردم توڑتے ہوئے، سمعی و بصری آلائشوں کا شکار کرنے والی مشینیں سکوت آشنا اور سب سے بڑھ کر انسان اس عظیم خطرے کے باعث اپنی صحت و صفائی کی جانب لوٹ آیا ہے، جو اُسے صدیوں بعد ملی تھی اور جسے اُس نے اپنی بے پروائی کے باعث چھوڑ دیاتھا۔ باربار ہاتھ دھونے کا عمل، گھروں میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ، سماجی میل جول میں احتیاط، رشتوں میں قربت اور پھرنئی زندگی کی تمنا؛ورنہ تواس سے قبل ایک بڑی تعداد باہمی رویوں سے بیزار اور ایک دوسرے کو چیرپھاڑنے کے لیے بے تاب تھی۔ایسوں کی بھی کمی نہ تھی ،جو اپنی ہی زندگی سے انتقام لینے پر آمادہ تھے۔‘‘
بوڑھا پروفیسریہ کہ کر خاموش ہوا توشرکا کے دماغ سوالات کے کثرت سے کسی گل فروش کی ٹوکری کی طرح بھرے ہوئے معلوم ہورہے تھے۔ ہر کوئی چاہتاتھا ،کہ پہلے وہ جواب حاصل کرے اور پوری سیرابی کے بعد دوسروں کو موقع دے۔ ایک طالب علم نے گفتگوکاآغاز کیا:
’’ گویاآپ یہ کہنا چاہتے ہیں ،یہ وبا دُنیا کے لیے سودمند ثابت ہوگی؟‘‘
’’ جس طرح عروج کے بعدزوال ہوتا ہے، اسی طرح زوال کے بعدعروج بھی ہے۔ مصری تہذیب ، یونانی تہذیب،سندھ ہند کی تہذیب اورپھر اگر تم اپنے قریب دیکھنا چاہو تو گندھارا ، ہڑپہ اور موہن جو دڑو کے حالات تمھارے سامنے ہیں۔ زمین پرجب بوجھ بڑھ جاتا ہے تو وہ اپنا توازن برقرار کرتی ہے۔ اس اتھل پتھل میں کبھی مکانات اور عمارتیں سطحِ زمین سے مل جاتی ہیں ؛ کبھی انسانوںاور جانداروں کی ایک کثیر تعداد زیرِ زمین چلی جاتی ہے۔‘‘
’’ جنابِ عالی___ !‘‘
’’ ٹھہرو! میری بات ختم نہیں ہوئی۔ قصص الانبیا پڑھو،تمھیں بہت کچھ وضاحت کے ساتھ ملے گا۔ حضرتِ سلیمان علیہ السلام جیسے جلیل القدر پیغمبر کی عظیم الشان سلطنت اور بادشاہی کا تذکرہ تمھیں ملے گا؛ اُن کے والدِ مکرم حضرتِ داؤود علیہ السلام کے مزامیر کی کہانی سنائی دے گی؛ حضرتِ نوح علیہ السلام کی نافرمان قوم کا ذکر تمھارے سامنے آئے گا؛ حضرتِ لوط علیہ السلام ، حضرتِ شعیب علیہ السلام اور حضرتِ موسیٰ علیہ السلام کی اقوام کی سرکشی اور ہٹ دھرمی کا منظر لہرائے گا اور یہیں کہیں تمھیں حضرتِ یوسف علیہ السلام کے ناقابلِ برداشت مصائب اورپھر قابلِ رشک کامیابیوں کا احوال بھی ملے گا۔تُم چاہوتوغیر مسلموں کی تاریخ بھی دیکھ سکتے ہو۔ہر ہر منظر اس بات کا شہادت گزار ہے، کہ انسان جب بھی اعتدال کے میزانیے اسے الگ ہوایا عروج و زوال کی واضح منزلوں کا متمکن اور اسیر ہوا توایک نیا منظرتشکیل پاگیا۔وہ بہت کچھ جو تاریخ میں تھا، آج نہیں اور آج جو بہت کچھ موجود ہے، کل تاریخ کی دبیزتہوں میں پڑا سسک رہا ہوگا۔‘‘
’’ آپ یہ کہ رہے ہیں کہ کچھ نیا نہیں ہوا؛ یہ تمام ایک خاص سبب کا مسبب ہے؟‘‘
ایک نوجوان استاذ نے سوال اٹھایا۔
’’ایک وقتِ معین ہے، جس کے مدار سے کوئی باہر نہیں جاسکتا، بلکہ یوں کہنا چاہیے کسی کو جھانکنے کی توفیق بھی نہیں۔ قومِ عاد وثمودکا انجام یادرکھو؛ مالابارکے ساحلوں پر طاعون سے حزن آشنا لوگوں پر دھیان دو؛ سونامی کے عفریت میں روتے کُرلاتے انسانوں کو یاد کرو؛ زلزلوں میں رزقِ خاک ہوجانے والوں کو تصور میں لاؤ۔ یہ ایک زنجیر ہے ، جس کاکوئی ایک حلقہ اور کبھی تمام زنجیر شکست کا شکار ہوتی ہے۔ نئی کڑیاں بنتی ہیں، نیاجہان آباد ہوتا ہے۔ زمین خود کو ہموار رکھتی ہے؛ اضافی بوجھ اور بے ہنگم حجم کو سمت عطا کرتی ہے۔‘‘
’’ انسان آفات کا مقابلہ کرتاآیا ہے اوریہ وبا بھی عنقریب ختم ہوجائے گی۔ سائنس دانوں نے پہلے بھی خطرناک بیماریوں کاعلاج دریافت کیا ہے۔‘‘ ایک طالب علم بولا۔
’’ خناس ، ہاں! خناس ہی کہنا چاہیے۔مدار ،مدیرسے ہے اور مدیراپنے مدار پرقادر ہے۔ سائنس دانوں نے ماضی میں بھی موت کوشکست دینے کی کوشش کی۔ فولادی عمارتیں بنائیں۔ اُن کا خیال تھا، کہ تمام بیماریوں کو شکست دی جاچکی ہے ؛اب موت ان فولادی ٹھکانوں کا رُخ نہیں کرے گی۔ پھر ایک چنگھاڑ پیدا ہوئی ، جو اُن کے کانوں کوچیرتی ہوئی ان کے بھیجوں میں اُتر گئی۔ آج بھی بعض سائنس دانوں اور وقت کے فرعونوں کے دماغوں میں یہ خناس بھر چکا ہے۔ اپنے آس پاس دیکھو؛ دُنیا کے چوٹی کے امیروں کا ایک گروہ یہ خیال رکھتا ہے،کہ بیماریاں اپنی اصل میں قابلِ علاج ہیں اور موت ایک کیفیت کا نام ہے، جسے ٹالا جاسکتا ہے۔ کینسر،بجائے خود کوئی چیز نہیں ؛اس کاتوڑ موجود ہے۔ شوگر، ٹائی فائیڈ، نمونیا،برین ہیمبرج، ہیپاٹائٹس اورامراضِ قلب ،جس طرح انسانوں کو درپیش رہے ،سائنس دانوں نے انھیں قابلِ علاج بنایااور پھراعضا کی پیوندکاری سے کلوننگ تک اور مصنوعی خلیوں کی تشکیل سے لے کر ریشوں سے نئی زندگی کی تجسیم تک ہر کہیں انسان کی جستجو اور ناقابلِ تسخیر ہونے کے تمنا موجود ہے ۔ اس کے باوجوددائرے کی تکمیل ہوتی ہے۔ یعنی پیدائش سے موت تک کا یہ دائروی سفر جاری ہے اور اسے جاری رہنا ہے۔‘‘
’’ جی! آپ بل گیٹس کی تنظیم کی طرف اشارہ کررہے ہیں شاید۔‘‘ایک نوجوان نے کہا
’’ وہ اکیلا نہیںاور بھی ہیں، جن کاخیال ہے ، موت ایک کیفیت ہے، جسے بدلا جاسکتا ہے۔ جس کاآپ نے نام لیا، وہ تواس خیال کاحامی ہے ، کہ اربوں کی آبادی میں سے اگر اربوں انسان تلف بھی ہو جائیں تو کچھ فرق نہیں پڑے گا اور باقی ماندہ سکون کی زندگی گزاریں گے۔‘‘
’’ تو کیاوسائل کم نہیں ہورہے؟ پانی کی قلت، غذا کی قلت،سہولیات کی عدم دستیابی، ضروریاتِ زندگی کی ناقابلِ اکتفا حالتیں؛ یہ سب مسائل موجود تو ہیں۔‘‘ایک اورطالب علم بولا۔
’’یہی وہ نکتہ ہے، جسے سمجھا نہیں جارہا۔ آسٹریلیا کے جنگلات کوآگ لگی؟
مگراس سے پہلے جانوروں کا قتلِ عام اس لیے کیاگیاکہ وہاں کے انسانوں کا خیال تھا، کہ جانور اُن کے حصے کا پانی کم کررہے ہیں۔ پھر اُنھوں نے اپنے حصے سے کہیں زیادہ پانی آگ بجھانے پر صرف کیا۔خلافِ فطرت اگر کچھ ہوتا ہے توفطرت اُس کی راہ میں رکاوٹ بن جاتی ہے۔ تم مصنوعی بارشیں برساؤ، مصنوعی روشنیاں اُگاؤ، مصنوعی زلزلے لاؤ، روبوٹس تیار کرو، ڈرون اور ریموٹ بموں سے تباہیاں مچاؤ، سٹلائٹ ، اینڈرائیڈ اور دوسرے ذرائع سے انسان کی داخلی زندگیوں کو محدود کرنے کے جتن کرو اور پھر یہ بھی یقین رکھوکہ جو تم چاہو گے، وہی ہوگا؟‘‘
ایک نو عمر استاذ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے لقمہ دیا:
’’ جنابِ عالی! سائنس بہت سی چیزوں کو مٹھی میں کر توچکی ہے اور مزید بھی ہوجائیں گی۔‘‘
’’ ڈھیل کو طاقت خیال کرنے سے ہی توانسان دھوکا کھاتا ہے۔وہ جو موت کو شکست دینے کاجتن کررہے تھے؛ وہ جو مدیرکو نظرانداز کرکے مدار کو اپنی مرضی کے تابع کرنا چاہتے تھے؛ اس ایک وائرس سے ہراساں ہو چکے ہیں۔ پوری دُنیا حزن آشنا اورناقابلِ یقین صورت حال کا شکار ہے۔کوئی ہوگا، جو طمانیت سے مستقبل کی طرف دیکھتا ہو؛ ورنہ اکثریت ایک ان دیکھے خوف میں مبتلا ہے۔لوگ اپنے ہم جنسوں سے میل ملاقات اورتعلق استوار کرتے ہویے وحشت زدہ ہو رہے ہیں۔موت کوکیفیت سمجھ کر ٹالنے کا جتن کرنے والے گھروں میںمنھ چھپائے کونوں میں دبکے پڑے ہیں۔ فطرت آزاد ہے اور اپنی سطحیں ہموار کررہی ہے۔
زمین کا بدلاؤ جاری ہے؛ فضائیں منزہ ہوں گی؛ سمندوں میں سے تابکاری کے اثرات ختم ہوں گے؛ انسان کابے ڈھنگا اور بے ہنگم طرزِ زندگی سدھرے گا۔‘‘
میں نے دیکھا محفل میں موجود بہت سے لوگ پورے دھیان سے ان باتوں کو سُن رہے تھے اور جن دماغوں میں سوالات کی ٹوکریاں سبدِ گل فروش کا منظر پیش کررہی تھیں، اُن کے چہرے جوشِ گُل سے دمکتے تھے لیکن کچھ چہروں کی پیلاہٹ اور بیزاری بتارہی تھی، کہ اُن کے دلوں میں کوئی بات نہیں اُتری۔ شاید اُنھیں زمین کے بدلاؤ سے کوئی خوف تھا، نہ سائنس دانوں کی اختراعات و ایجادات میں دلچسپی۔ گویا نیا منظرنامہ بھی اُن کے لیے کوئی خاص وقعت نہ رکھتا تھا۔ البتہ میرے دماغ میں ایک ملا جلا شور تھا ،جواِدھر کا پاس دار تھا، نہ اُدھر کا:
زمین بدل رہی ہے۔
انسان، سورج کو اپنی مٹھی میں لے کر رہے گا۔
فطرت اپنی سطح ہموار رکھتی ہے۔
موت کو بہ ہرحال موت ہو جائے گی اور انسان نہ ختم ہونے والی زندگی جیے گا۔
محفل ختم ہوئی۔ میں نے دیکھا لوگ ایک انجانے خوف میں مبتلا تھے اور ایک دوسرے سے جان بچا کر نکل رہے تھے؛ وبا کے دنوں کی یہ باتیںخیال کی گٹھریوں میں باندھنے کا وقت سرک چکا تھا؛ ابھی شاید فاقوں سے مرجانے کا خوف باقی تھا۔