حیدر قریشی
ابھی جو آپ سے دل نے کہا ہے یا رسولؐ اللہ
وہ سب کچھ آپ نے سُن ہی لیا ہے یا رسولؐاللہ
زمیں ہے تنگ اور کرب و بلا ہے یا رسولؐ اللہ
بنا محشر کے اک محشر بپا ہے یا رسولؐ اللہ
ہمارے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے یا رسولؐ اللہ
ہمارے ہی گناہوں کی سزا ہے یا رسولؐ اللہ
یقیناَ شامتِ اعمال اس انجام تک لائی
خدا ناراض، دنیا بھی خفا ہے یا رسولؐ اللہ
ابھی نہلا گئے ساتوں سمندر خشک آنکھوں کو
ابھی بھی میل اندر جا بجا ہے یا رسولؐ اللہ
ابھی کچھ اور بھی چشمِ کرم کا لطف فرمائیں
ابھی بھی ذہن،دل سے کچھ جدا ہے ، یا رسولؐ اللہ
کسی زہد و ریاضت کے نتیجہ کی نہیں حالت
یہ سر بارِ گنہ سے جھک گیا ہے ، یا رسولؐ اللہ
زباں کی لغزشیں اللہ تعالیٰ بخش دے شاید
کہ اب وردِ زباں صلِّ علیٰ ہے یا رسولؐ اللہ
نئی تختی سجائی ہے، درِ دل پر ابھی حیدرؔ
اور اس تختی کے اوپر لکھ لیا ہے یا رسولؐ اللہ