وہ آسرا ہر دل کا وہی ردِّ گماں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
اس واسطے اسم اس کا مرے وردِ لساں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
صدموں سے رہائی کو وہی امرِ مسلّم
ہر گھاؤ کا مرہم
ٹھکرائے ہوئے دہر کے لوگوں کی اماں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
وہ سرِّ احد، حکمِ صمد،سرورِ عالم
ہمدرد مسلّم
سردارِ ملائک ہے ، مددگار کلاں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
ہر دل کی وہ ڈھارس ہے وہ ہر دل کا سہارا
اللہ کا دُلارا
ہر طرح کی امداد و عطا اُس کے ہی ہاں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
ہر دور کا مالک وہی ہر عہد کا والی
ہر اک سے وہ عالی
ہر اَور محمدؐکاکھرا سکّہ رواں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
ہر گام سہاروں کا وہی اک ہے سہارا
مالک وہ ہمارا
وہ ارحمِ دوراں ہے کوئی اُس سا کہاں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
ہر عہد کو حاصل ہوئی دلدادگی اُس کی
آسودگی اُس کی
وہ ہر سے گرامی ہے وہی ہر سے کلاں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے
ہر حال اسی واسطے مسرور ہوں سائلؔ
وہ رحم کو مائل
اِک مدحِ محمد ہی مری عمرِ رواں ہے
وہ ہر سے مہاں ہے