(Last Updated On: )
وبا نے محض جسموں کو متاثر کیا ہوتا تو بات بھی تھی؛ جسموں کا علاج ہوہی جاتا ہے۔ اس نے روحانی طور پر انسان کوکئی طرح کا نقصان پہنچادیاتھا۔ مذہبی، اخلاقی، تہذیبی، سماجی، معاشی اور علمی اعتبار سے ایک عجیب بانجھ پن طاری کردیاتھا۔ دُنیا کے وسیع رقبوںکواپنے محیط میں لے کر اُس نے ایک ہالہ کھینچا؛جس میں ہر نظریے، ہر مذہب، ہر تہذیب کو یوں گھمایا،جس طرح جُوسر مشین مختلف پھلوں یا سبزیوں کواپنے چکر میں پیس کر یک ہیئتی پر مجبور کردیتی ہے۔ وبا کی نفسیات کا سب سے نمایاں پہلو یہ تھا:
’’ اس نے انسان کو صفحۂ ہستی سے مٹادینا ہے۔اس لیے لازم ہے، کہ انسان باقی رہے۔ مذہب، آدرش، نظریات اور تہذیب و تمدن کا تعلق انسان کی بقا کے ساتھ جڑا ہے۔ انسان نہ رہاتو یہ تمام چیزیں محض اضافت ہیں۔چناں چہ اکثریت اس خاموش انقلاب کا ساتھ دینے پرآمادہ ہوگئی۔‘‘
معبدوں سے دُوری کا عملی انتظام ہوچکاتھا۔ مسجدوں تک تخصیص باقی نہ رہی تھی۔ مندروں ، کلیساؤںاورآتش کدوں سمیت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو گھروں تک محدود کردیاگیا تھا۔حکومتیں اپنے اپنے یہاںسختی کا مظاہرہ کررہی تھیں۔ علما کو ہتھکڑیاں لگیں، پنڈتوں اور سادھوؤں پر لاٹھیاں برسیں، پادریوں کے گریبانوں تک ہاتھ آئے۔ ایسے عالم میں ایک بیزارکُن اور شکوک و شبہات میں گھری ہوئی فضا پیدا ہوئی۔ جب انسانیت کی بنیادی قدر ہی مجروح ہوگئی ہو تو باقی معاملات کی سلامتی کا سوال ہی غلط تھا۔ معبدوں کی ویرانی کے ساتھ ہی عصری علوم کی درس گاہوں کی بندش ہو چکی تھی۔ان خوف ناک اعمال کا نتیجہ یہ ہوا کہ علم سے دُوری پیدا ہوجانے کا خدشہ لاحق ہوگیا۔نسلِ نو مختلف لایعنی کاموں میں پڑگئی۔
سائبرٹیکنالوجی پہلے سے موجودتھی اوردُنیااس کی عادی ہوچکی تھی؛ جیسے ناشتہ کے بغیر دن کاآغاز نہیں ہوتا، یوںاس کے استعمال کے بغیر ایک ادھوری زندگی کا احساس ہوتا تھا۔ اس ایجاد نے انسانی فطرت کوایسا کاری گھاؤ لگایا کہ وہ اپنے نفع نقصان سے ہی بے خبرہوگیاتھا۔
اخلاقیات سے گرا ہوا طرزِ عمل، ناشائستہ زبان کا فروغ، جھوٹ اور مکروفریب کا لامتناہی سلسلہ، بہتان اور الزام کا نہ تھمنے والا طوفان اور پھر ناہنجاروں کی ایک طویل فوج جو ہر وقت اس سے منسلک رہتی تھی۔ ایسے خطرناک ہتھیار سے لیس ہو نے والوں نے وبا کے دنوں میںجو طرز اختیارکیا؛وہ وبا سے زیادہ کرب ناک اور تکلیف دہ ثابت ہواتھا۔
یہ دھیان میں لانے کی بات ہے ، جب انسانی معاشرے میں اپنائیت کے لیے قربت اور اجتماعیت کو بنیادی حیثیت حاصل تھی، وبا نے پہلا واراسی پر کیا۔ جب معانقہ اور مصافحہ محبت میں اضافے کا باعث تھا، وبا نے اس سے روک دیا۔
مذہبی طبقہ کی تاثیریت ماند پڑنے سے اعلیٰ انسانی قدروں کا بھی قتل عام ہوا۔ عبادتوں اور دعاؤں سے اعتبار اُٹھ گیا۔ ہر کوئی اُن ہدایات کو اہم خیال کرنے لگا ،جووبا سے متعلق عام ہوئی تھیں۔ یہاں بھی وبا کو مرکزیت حاصل رہی اور مذہب اوراس کی رُسوم پس منظر میں چلی گئیں۔
کاروبارِ زندگی کی معطلی سے غربت اور افلاس نے جنم لیا، جس نے اخلاقی طور پر انسان کو کمزورکیا اور وہ چوری اورڈکیتی جیسے گھناؤنے افعال اختیار کرنے پر مجبور ہوگیا۔ دوسروں کی حق تلفی کے بہیمانہ اقدامات فروغ پا گئے۔امداد میں ملنے والی چیزوں پر چند لوگوں کا اختیارقائم ہوگیا یا پھر وہ فیض یاب ہونے لگے، جو کسی طرح حلقۂ زنجیر کا حصہ بن سکتے تھے۔ڈاکٹروں اور ادویہ ساز اداروں کی بَن آئی۔
ایسامقام آگیا کہ مرجانے والوں کی توہین بھی معمولی سی بات کے برابرآگئی۔ وہ معاشرے جو کئی کئی دن تک مرنے والے کے غم میں بے چین رہتے تھے؛اُنھوں نے ٹرکوں میں بھر بھر کرلاشوں کو دریاؤں میں بہایا۔جن معاشروں میں قبور کااحترام بھی واجب تھا،اُنھوں نے اپنے مردوں کو مشینی انداز میں دفناناشروع کیا۔پھر یہ بھی ہوا کہ جنھیں دفنایاجاتا تھا،اُنھیں ہندوانہ رسموں کے مطابق جلایاجانے لگا۔ یہاں بھی وبا کی مرکزیت کے باعث لوگ خاموشی سے اس کھیل کا حصہ بنتے گئے۔ یہاں تک کہ گناہ و ثواب کی دیرینہ روش اورا ن سے بچاؤ اورحصول کی فعالیت بھی کام چھوڑ گئی۔ علمی زوال نے اذہان کو سوال کی تاثیر سے تہی کیاتونہ ختم ہونے والی بنجرفضا چاروں طرف محیط ہوگئی۔دُنیا رہنے کی جگہ نہ رہی۔وبا سرطان، ایڈز اور طاعون سے زیادہ خطرناک ثابت ہوچکی تھی۔بات جسمانی فنا کی ہوتی تواسے نظرانداز بھی کیاجاسکتاتھا لیکن سوال روحانی اور علمی زوال کا تھا۔میں نے سوچا:
’’ ایسے عالم میں اگر میں زندہ رہوں بھی توکیازندگی کاحق ادا ہوجائے گا؟‘‘
یہ وبا کا ایک رُخ تھا؛اس کادوسرارُخ بھی اتنا ہی تعجب خیز ہے۔
انسان مذہب کی جکڑ بندیوں سے باہرآکر انسانیت کے لیے کام کرنے لگا۔تمام لوگ کسی بھی طرح وبا سے نبٹنا چاہتے تھے۔اگرچہ معبدوں کو محدود کردیاگیاتھا لیکن اس کا خوش کُن نتیجہ یہ ہوا کہ ہر گھر عبادت گاہ میں بدل گیا۔لوگ اپنے مذاہب کے قریب ہوگئے۔وہ جنھوں نے بھول کر بھی قرآن کو ہاتھ نہ لگایاتھا، تلاوت کرنے لگے۔ وہ جو ویدوں اور رامائن سے نالاں تھے؛ اُن کے قریب ہوگئے، وہ جنھوںنے انجیل اور توریت پڑھنی چھوڑ دی تھیں، اُن کی قرات خود پر لازم کر لی۔ وہ جو خدا کے وجود کو ہی تسلیم نہ کرتے تھے، اپنے آس پاس پھیلے ہوئے مذاہب کا طرز اختیار کرنے لگے۔یوں معلوم ہوتاتھا، جیسے وبا نے تمام انسانیت کو پھر سے ایک لڑ ی میں پرو دیا ہو۔
مذہبی طبقات امن و آشتی کا درس دیتے تھے، برداشت اور تحمل کا ماحول بنانے میں مشغول ہوئے؛ اخلاقیات کی بلندپروازی کاعالم قائم ہوگیا۔ لوگوں میں ایثار وقربانی کا جذبہ نمایاں تر ہوگیا۔ہندو، مسلمانوں کے گھروں میں راشن پہنچا رہے ہیں تو مسلمان ہندواور غریب عیسائیوں کے گھروں میں۔ عبادتوں میں دل لگا تو دعاؤں پر یقین پختہ ہوتا چلا گیا۔ اللہ سے قربت کے احساس نے موت کادُکھ بھلادیا۔ شہادت کا خوش کن تصور اُبھرا توعمومی امراض سے اکتاہٹ بھی جاتی رہی۔ دُنیا سے بے رغبتی نے مال جوڑنے کی بجائے بانٹنے کاطرزاختیار کرنے کی راہ پیدا کی۔ ہر کوئی اپنی بساط کے مطابق دوسرے انسانوں کے لیے ڈھال بنتاگیا۔
درس گاہیں بند ہوئیں توگھروں میں موجود کتب کی دھول صاف ہونے لگی۔ سائبر ٹیکنالوجی کارآمد ہونے لگی۔ لوگوں نے وباکے خطرات اور اس سے بچاؤ کے طریقوں کو اختیار کرنے کے لیے اسے خوبی کے ساتھ استعمال کیا۔ کم پڑھے لکھے اور ناخواندہ لوگوں نے بھی پوری ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ جس تک وبا سے متعلق معلومات پہنچتیں ، وہ فوراً دوسروں تک منتقل کرتا اور سب سے اہم بات یہ کہ اس وسیلے کو عصری علوم کا بہترین ذریعہ بنادیاگیا۔ مختلف تعلیمی ایپلی کیشنز تیار کرلی گئیں۔ ای لرننگ کاخوب صورت سلسلہ شروع ہوگیا۔ ہر کوئی گھر میں بیٹھ کر دُنیا بھر کی کتب سے استفادہ کرسکتا تھا۔نایاب کتب تک رسائی نے علوم کی قدروقیمت میں اضافہ کیا اورعامۃ الناس میں علم کی رغبت بڑھی۔اس سے پہلے ،جوکتب خانے بخل سے کام لے رہے تھے، اُنھوں نے افادۂ عام کے لیے ڈیجیٹل لائبریاں قائم کرلیں۔ جو دانش ور اپنے ایک ایک لیکچر کے بدلے میں لاکھوں روپے وصول کرتے تھے، وہ لیکچرریکارڈ کرکے مختلف ویب سائٹوں پر مفت اَپ لوڈ کرتے تھے۔علوم کی افزائش و فہمائش کا ایساسلسلہ شروع ہوا کہ عقل دنگ رہ جائے۔
ادویہ ساز اداروں اور ڈاکٹروں نے جان ہتھیلی پر رکھ کروبا کامقابلہ کیا۔ہراول دستے کے طور پر یہ لوگ ڈٹ گئے۔اسپتالوں، قرنطینہ سینٹروں اور عمومی زندگی میں ان کا کردار حقیقی معنوں میں مسیحاؤں کا تھا۔دُنیا نے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ ان کے پورٹریٹ چوکوں اور بلند عمارتوں پرآویزاں کیے۔ ان کے لیے نغمات تخلیق ہوئے۔آبِ زر سے لکھنے کی روایت باقی نہ تھی، ورنہ ان کی خدمات سنہرے حروف میں لکھی جاتیں۔
وبا نے انسانیت کو ایک کنبے کی صورت میں جوڑ دیاتھا۔ اگرچہ جسموں کو موت آرہی تھی لیکن روحانی اعتبار سے طاقت وتوانائی میں مسلسل اضافہ ہورہاتھا۔ ممالک باہمی رنجشوں کو بھول کر وبا سے نبٹنے کے لیے کوشاں تھے۔ امیر ملکوں نے کمزوروں کے ساتھ بڑے بھائیوں جیسا سلوک شروع کررکھاتھا۔ یوں معلوم ہوتا تھا،اولادِ آدم پھر سے اخوت، بھائی چارے اور محبتوں کے خوب صورت سلسلے میں خود کوجوڑ رہی ہے۔ میں نے سوچا:
’’ دُنیا دلکش ہوگئی ہے؛ اب یہاں سے کوچ کرنے کو جی نہیں چاہتا۔‘‘