(Last Updated On: )
پروجیکٹر پر ویڈیوفلم چل رہی تھی؛ جس میں شہروں کی ویرانی کے مناظر ، اسپتالوں میں مریضوں کا ازدحام،حکومتی ایوانوں میں افراتفری کا عالم، دانش وروں کے خطابات، ڈاکٹروں کے حفاظتی انتظامات اور طرزِ علاج، متاثرین کی فہرستیں اوردُنیا کی بے بسی اور خطرات کا حال فلمایاگیا تھا۔ یہ سب کچھ پچھلے تین گھنٹے سے اعلیٰ افسروں کو دکھایاجارہاتھا۔ اکثر افسران توجہ سے وقت کی یہ حشرآرائی دیکھ رہے تھے؛ کچھ افسران وقتاً فوقتاً اپنی ڈائریوں پر کچھ نوٹ کررہے تھے؛ کچھ اپنی پنسلوں سے اپنا سرکھجاتے ہوئے بھی دکھائی دیتے تھے۔ ایک افسربے چینی کے عالم میں بار بار اپنا بال پوائنٹ بند کرتااورکھولتا،جس سے دوسرے افسروںکی توجہ اُس کی طرف منتقل بھی ہوتی رہتی تھی۔ ایک خوف ناک اورقیامت خیز سلسلہ تھا ، جوروح کو اُچک لینے کوآتاتھا۔ سسکتی انسانیت کے دل سوز اورمتوحش مناظردلوں کو چیرتے تھے۔چیف سیکرٹری نے پروجیکٹر پر چلنے والی فلم بند کرنے کا اشارہ کیا اور پھر اپنی نشست کے سامنے لگاہوامائیک کھول دیا۔ ایک بھاری اور متبسم آواز اُبھری:
’’ خواتین وحضرات! آپ نے سارا منظر نامہ دیکھ لیا ہے۔ دُنیا ایک ناقابلِ یقین عالم میں مبتلا ہو چکی ہے ؛اگرچہ ہم ابھی اس سنگین صورت میں نہیں لیکن یہ خدشہ موجود ہے، کہ ہم بھی اس حالت کا سامنا کریں۔ اس لیے حکومت پیشگی انتظامات کا سوچ رہی ہے۔‘‘
نہیں معلوم اُس کے بعدچیف سیکرٹری کی زبان سے کیا ادا ہوتا رہا اورباقی شرکا نے کیاگفتگو کی، وہ تو ایک انجانی تکلیف دہ اذیت کا شکار ہوچکا تھا۔ اُس کے بال پوائنٹ کا تحرک جاری تھا اوریہ گمان بھی اُسے نہ ہوتا تھا، کہ اس کا یہ عمل دوسروں کو متوجہ کررہاہے۔ اُس کے دھیان میں جوچل رہاتھا، دوسرے بے خبرتھے۔ اجلاس ختم ہوا اورپھر اعلیٰ افسران کے سامنے انواع واقسام کے کھانے چُن دیے گئے۔ ساتھ والی نشست پر بیٹھے ایک دوسرے افسر نے کہنی کا ٹوکا دے کراُسے محفل میں لوٹنے کا موقع فراہم کیا۔ ایک افسر کھانے کے دوران چیف سیکرٹری کومخاطب کرکے کہ رہاتھا:
’’ جنابِ عالی! میں یہ بات کرتے ہوئے معافی چاہتا ہوں۔اگرچہ خطرات میں ہم گھرے نہیں لیکن مجھے یوں گمان ہوتا ہے، جیسے ہم اُن کا انتظار کررہے ہیں۔ ہمارا ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کام چھوڑچکا ہے۔ مفاجاتی لمحات پوچھ کرطاری نہیں ہوتے۔ہم ہنگامی حالات میں کنواں کھودنا شروع کردیتے ہیں اور پھر معاملات بگڑتے چلے جاتے ہیں۔ عملی اقدامات، پیشگی احتیاط اوران مناظر سے فوری سیکھنے کی ضرورت ہے۔‘‘
’’ یہ اجلاس اسی سلسلے میں تھا؛ماضی میں جوہوا،اُسے بیان کرنے کی ضرورت نہیں۔ آج جو درپیش ہے، اُسے سمجھنا، سدھارنا ہے اورآنے والی مشکلوں سے بچنا ہے۔‘‘
چیف سیکرٹری نے قدرے ترشی کے ساتھ جواب دیا۔
’’ جی! میں یہی عرض کررہا ہوں۔ میں دیکھ رہا ہوں، کہ ہم اُس رفتار سے پیش بندی نہیں کررہے۔ پھر چیف ایگزیکٹو نے گزشتہ روز اپنی تقریر میں کہا ہے کہ ’ابھی ہمیں زیادہ ڈرنے کی ضرورت نہیں۔‘ یہ ایک طرح سے ضرورت سے زیادہ بے نیازی کا اظہار ہے۔‘‘
افسر نے ذرا حوصلہ کرکے جواب دیا۔
’’ دُرست، ہم اپنی سفارشات میں اس سنگین صورت کاتذکرہ کریں گے۔‘‘
چیف سیکرٹر ی کے اعلان کے بعد ایک طرح سے خاموشی چھا گئی؛ا لبتہ کھانے کے چمچوں کی آوازیں مسلسل آرہی تھیں۔
اُسے لگا جیسے یہ سفارشات بھی عمومی روش کے مطابق فائلوں کے ڈھیر میں دَب کر رہ جائیں گی اوریہ اجلاس بھی محض کارروائی پوری کرنے کا ایک وسیلہ ثابت ہوگا۔اسی ادھیڑبن میں کھانا اُس کے سامنے پڑاتھا۔ ساتھی افسر نے دوسری باراُسے ٹہوکادیا توپلیٹ کو اپناطرف کرنے کے بعداُس کی زبان سے میکانیکی انداز میں الفاظ برآمد ہوئے:
’’سر!دوا کے ساتھ ساتھ ہمیں کئی دنوں کی خوراک کا بھی انتظام ابھی سے کرلینا چاہیے۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوسکتے ہیں۔ پہلے ہی ہماری سڑکوں پر ہزاروں بھکاریوں کا ہجوم رہتا ہے اور پھر مزدورطبقہ زیادہ دیر تک نظامِ زندگی چلانے کی سکت نہیں رکھتا۔ہزاروں مریضوں کو ٹھہرانے کے لیے ہمارے پاس کوئی انتظام بھی نہیں ۔ اسپتالوں میں بنیادی وسائل کا ہمیشہ سے بحران رہا ہے؛ایسے میں مزیدسنگینی پیدا ہوجائے گی۔‘‘
’’ آپ کی گفتگواہم ہے اور ہم اس کے بعض حصوں پر پہلے ہی بات کرچکے ہیں۔‘‘
چیف سیکرٹری نے جواب دیا۔
چنددن بعد ہی سارا منظر نامہ تبدیل ہوچکاتھا۔ مرگِ مفاجات کا عالم تھا۔ کوئی تصور بھی نہیں کرسکتاتھا ،کہ اتنی تیزی سے وبا پھیل جائے گی اور پھرساری قوم مخمصوں اور مصیبتوں کی لپیٹ میں آجائی گی۔ ہنگامی طور پر جوکچھ کیاجاسکتاہے، وہ ہورہاتھا۔ حکومتی بیانات اور اقدامات کی سیریز تھی۔سیاست دانوں اورسیاسی کارکنوں کاتحرک تھا،جو زیادہ ترسوشل میڈیا اورقومی ذرائع ابلاغ پر دکھائی دیتا تھا۔
تعلیمی ادارے بند، شہر سنسان، اسپتالوںمیں ناقابلِ حل مسائل کا کوہستانی سلسلہ، بنیادی ادویہ اور حفاظتی سامان کی عدم دستیابی اور پھرگھروں میں مقید بے بسوں کاالمناک منظر نامہ۔ نچلی سطح تک احکامات جاری ہوچکے تھے۔ تحصیلوں کی بعض سرکاری عمارتوں اور بنداسکولوں کو قرنطینہ سینٹر قرار دیا چکاتھا۔ اشتہاری مہم زوروں پر تھی۔ ضلعی اورتحصیل کے افسران یہ چاہتے تھے ، کہ اُن کے پینا فلیکس نمایاں مقامات پرآویزاں ہوں، تاکہ آنے جانے والوں کی نظریں پڑتی رہیں۔قائم سینٹروں کے دوروں کی تصاویرایک لمحے کے اندر سوشل میڈیا پرپھیلادی جاتی تھیں۔
وہ بھی اپنے ضلع میں کچھ ایسے ہی انتظامات کررہاتھا لیکن ایک احتیاط، ایک دیانت اور ایک سچائی کے ساتھ۔ اُس کی پوری کوشش تھی ، کہ یہ عمل محض دکھاوا نہ ہو ۔ جس کی مدد کی جاسکتی ہو، ایمانداری سے کی جائے۔ اُس نے اپنے ماتحت عملہ کو دوٹوک الفاظ میں کہ دیاتھا:
’’ یہ معاملہ اللہ کے ساتھ ہے۔ میں ہوں نہ ہوں ، یہ نہ سوچنا۔بہ ہرحال انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرنا ؛ جو سہولیات میسر ہیں، اُنھیں دردمندوں تک پہنچانا ہے۔‘‘
کئی سیاسی و سماجی جماعتوں کے مقامی لوگ بھی اُس کے پاس آکراپنا تعاون پیش کر رہے تھے؛اُنھیں بھی وہ یہی کچھ کہتاتھا۔لوگ اُسے اشیا دیتے ہوئے تصاویر اور ویڈیو بنواتے۔ اُسے دُکھ ہوتا لیکن ایک بڑے مقصد کی خاطر وہ خوش دلی کا مظاہرہ کرتا۔ وہ جانتا تھا، حکومتی سطح پر اتنا کچھ نہیں ہوسکے گا،جتنے کی ضرورت ہے۔اُس کے ساتھ بنائی گئی تصاویر میڈیا پر بڑھا چڑھا کر وائرل بھی کی جاتیں لیکن اُسے بہ ہرحال یہ اطمینان رہتا تھا، کہ اُس کے ساتھ قدم ملانے والے موجود ہیں اوران مشکل گھڑیوں میں ان کا دم بھی غنیمت ہے۔
ایک روز بعض سیاسی کارکنوں کے چہروںپر چائنہ سے آنے والا خصوصی ماسک دیکھ کراُس کا جی چاہاتھا، کہ اُٹھ کر فوراً نوچ لے لیکن مصلحتاً خاموش رہا۔ سیاست دانوں کے آلہ کار بہت کچھ پس انداز کرلیا کرتے ہیں۔ وہ اچھی طرح جانتا تھا، کہ زلزلہ زدگان کوملنے والی غیر ملکی امداد اُن تک پہنچنے سے پہلے بازاروں میں منتقل ہوجاتی رہی تھی۔پھر بھی جن لوگوں تک کچھ پہنچ جاتاتھا، وہ نہ ملنے سے تو بہترتھا۔ ایک کارکن نے اُس کے دفتر میں آکر اُسے بتایاتھا:
’’ جناب! میں نے اپنی پوری تحصیل کا سروے کرلیا ہے۔ مزدوروں کی الگ فہرست بنائی ہے۔ بیواؤں اور یتیموں کو الگ شمار میں رکھا ہے۔سفید پوشوں کی بھی ایک لڑی ہے۔ اَب جوں ہی حکومت کی طرف سے یاپھرفلاحی اداروں کی جانب سے امدادآئے گی، تمام لوگوں تک فوراً پہنچا دی جائے گی۔‘‘
’’ یہ قابلِ قدر کام ہے۔ اللہ کی موجودگی کا احساس رکھتے ہوئے جاری رکھیں۔‘‘اُس کا جواب تھا۔
اپنے ضلع میں اُس نے جانفشانی سے کام کیا۔لوگوں سے ملتارہا۔تنظیموں کو تحریک دیتا رہا۔ سیاسی کارکنوں، علمااور دوسرے رضاکاروں کاحوصلہ بڑھاتارہا ۔کون ساایساعلاقہ تھا، جہاں ان دنوں اُس کی رسائی نہ ہوئی تھی۔جن علاقوں، دیہات اور گلیوں کا اُس نے نام تک نہ سنا تھا، وہاں تک بھی اپنی خدمات کا دائر ہ پھیلاچکاتھا ۔اس کے باوجود وہ ناکافی انتظامات کی وجہ سے دکھی رہتاتھا۔ وہ اس بات پربھی پریشان تھا ،کہ وسائل ناکافی ہیں۔پھر کچھ لوگوں کا رویہ ناقابلِ برادشت ہوتا جارہاتھا۔ بہت سی اطلاعات تھیں؛جو اس کے اضطراب میں بڑھوتری کاسبب تھیں۔
دوروزقبل ایک بڑے اسٹور کے مالک کواُس نے گرفتارکرنے کاحکم دیاتھا، جس نے Sanitizers کااسٹاک چھپارکھاتھا اور مصنوعی قلت بنا کردگنی قیمت پر بیچ رہاتھا۔ کئی سیاسی کارکنوں کے ذاتی استعمال میں امدادی اشیا دیکھ چکاتھا۔ دکھی دل کے ساتھ اُس نے ایک رپورٹ مرتب کی، جس کا سرنامہ تھا:
’’طلسمِ کہن ‘‘ اورذیلی سرخی میں درج تھا:’’ مندرجات ہماری روایات کا تسلسل ہیں۔‘‘