(Last Updated On: )
یہ سوچنا بے معنی تھا، کہ اتنی تعداد میں تابوت کہاں سے آتے ہیں؛ انھیںبنانے والے یا بنوانے والے کون ہیں؟ یہ بات زیادہ معنی خیز تھی، کہ مرنے والوں کو ان خوب صورت تابوتوں میں ڈال کرزمین میں گاڑھا جاتا تھا۔کچھ تابوت تواتنے بڑھیااور پُرکشش تھے، کہ مجھ سمیت کئی ایک کو خواہش پیدا ہوئی ہو گی، کہ انھیں گھروں میں الماری کے طور پر استعمال کر لیا جائے۔ ہواؤں اور بیرونی اثرات سے محفوظ اور ایک خاص قسم کی خوشبو میں رَچے ہوئے تابوت۔اُمید کی جاسکتی ہے ، کہ اگرانھیں صندوق کے طور پر برتاجائے تودیمک سمیت ہرطرح کے حشرات سے قیمتی کپڑے محفوظ رہیں گے۔میں البتہ یہ سوچ رہاتھا ،کہ اس میں مذہبی، اخلاقی، علمی اور ادبی کتابیں زیادہ محفوظ رکھی جاسکتی ہیں۔ان کتابوں کوبادی النظر میں محفوظ ہی کرلینا زیادہ مناسب ہے۔ میری بیوی بھی اس معاملے میں میری ہم نوا تھی۔ خیر! یہ ایک الگ زاویہ ہے۔
خیموں کی اس بستی میں زندوں کا دَم گھٹتا تھا۔ کہنے کو تو یہ قرنطینہ سینٹر تھا اور اس کا واضح مقصد وبائی ایام میں متاثرہ افراد کو زندگی کی طرف لوٹا نا تھا لیکن حقیقت میں یہ ڈیززسینٹر تھا۔ چھے مربع فٹ کے ان خیموں کی ایک طویل قطار تھی۔ اگرمیرااندازہ درست ہواور میں یقین سے کہ سکتا ہوں توچوالیس چوالیس خیموں کی قطاریں تھیں اور ہر خیمے کے درمیان چار فٹ کا فاصلہ تھا۔ زمین کچی تھی، لہٰذا ڈیٹول یا پھردوسری جراثیم کش ادویات چھڑکنے کا عمل محض بے معنی تھا۔ حکومت نے تارکولی ڈرموں کو پانی کی ٹینکیوں میں بدل دیا تھا۔ ڈرموں کے سرے ادھ کٹے ہوئے۔ جستی چادروں اور لوہے کے فریموں سے طہارت خانے بنائے گئے تھے ۔ تین طہارت خانوں کے سامنے ایک ڈرم نصب کیاگیاتھا۔ متاثرین میں سے جب کسی کو حاجت ہوتی تھی ،وہ بلاخوف لوٹا ڈرم کے اندرڈال کر پانی نکال لیتا ۔رفع حاجت کے بعداطمینان سے یہ عمل دُہرا کر منھ ہاتھ دھو لیتا ۔ اگرکوئی مزیدصفائی پسند ہوتااورطہارت کی تمنا رکھتا،اسی طریقے سے نہا بھی لیتا تھا۔ میری بیوی کواس عمل سے کراہت محسوس ہوتی تھی۔ میں عادی ہوں، کیوں کہ میںنے بعض دیہاتی تھانوں میںطہارت کا یہ بندوبست دیکھ رکھا ہے۔ہماری شاہراہوں پر بنی ہوئی پولیس چوکیاں بھی کچھ ایسے ہی انتظام کی حامل ہوتی ہیں۔ فوجی بیرکوں اوربڑے پلازوں کے مزدوروں کوبھی اتنی ہی سہولت نصیب ہوتی ہے۔ اگرآپ نے دھیان دیا ہوتو ہمارے سارے ملک میں عوامی بیت الخلا اس سے بھی بدتر حالت میں ہوتے ہیں۔میری بیوی کہتی :
’’ جو لوٹا رفع حاجت کے لیے استعمال ہو، اُسی لوٹے سے کیوں کرمنھ دھویا جائے؟ میں تو حیران ہوں بعض لوگ اُسی لوٹے سے منھ لگا کر پانی بھی پی لیتے ہیں۔‘‘
میں اُسے سمجھاتا :
’’ مشکل دنوں میں اس طرح کے حالات کا سامنا مجبوری ہوتی ہے۔‘‘
وہ اس بات کے خلاف تھی؛ اُس کا خیال تھا، کہ قرنطینہ سینٹر پاکیزہ و معطر ہونا چاہیے۔ ہر طرح سے صاف ستھرا اورپُرسکون۔یہاں توچڑیوں کی چہچہاہٹ اور ہوا کی سرسراہٹ کا گزر بھی نہ ہو۔
دراصل یہ ایک مثالی بات ہے۔ ہمارے یہاں اتنے وسائل نہیں۔ حکومت نے ریگستان میںوہ سینٹر اس لیے قائم کیا تھا، کہ شہری آبادیوں کو اس خطرناک وائرس سے محفوظ رکھا جائے ۔ وہ پناہ گاہ شروع میں خوب صورت تھی۔ بالکل نئے خیمے، نئی قناتیں اور تارکولی ڈرم بھی کچھ زیادہ بُرے نہ تھے۔زمین اگرچہ ریتیلی اور کچی تھی لیکن اس پر چیونٹیاں رینگتی تھیں ،نہ مکھیوں کی بھنبھناہٹ تھی۔سینٹر کے مکینوں نے خیموں کے درمیانی فاصلے کو ازخود گندہ کردیا تھا۔خالی بوتلیں اورجوس کے ڈبے، شاپر، بچوں کے پوتڑے، بچاہوا سالن، روٹیاں، خراب بسکٹوں کے ڈبے اور سیگرٹوں کے جلے ہوئے ٹکڑے وہاں کی انتظامیہ نے تونہیں پھیلائے تھے۔اتنے بڑے رقبے کے کسی ایک کونے میں یہ سب چیزیں ڈالی جاسکتی تھیں۔ مکینوںکا خیال تھا، کہ انتظامیہ نااہل ہے اور حکومت کو ان کی زندگیوں کی قطعی پروا نہیں۔ ورنہ وہ اس غلیظ ماحول میں رہنے پرمجبور نہ کرتی۔
یہ بات ایک حدتک دُرست ہوسکتی ہے لیکن جب بڑے پیمانے پر خرابی ہو تواس طرح کی چھوٹی باتوں کا صرفِ نظر ہوجانا کوئی اچھنبے کی بات نہیں۔من حیث القوم ہم کہولت آشنا اور غیر ذمہ دار ہیں۔آفات میں سب کچھ حکومت کے ذمہ ڈال دینا غیر ذمہ داری کے سوا کیا ہے؟ لیکن میری بیوی کا خیال تھا:’’ بیماروں اورمجبوروں سے اعلیٰ اخلاقیات کی توقع عبث ہے۔‘‘
میری تین بچیاں ہیں ؛تب بیوی اُمید سے تھی۔ میں نے بیٹے کے لیے منت مانی تھی۔ اگرچہ مجھے والدین نے منع بھی کیا تھا ،کہ ایسی حالت میں اتنا طویل سفر نہ کروں لیکن میں منت کو توڑ نہیں سکتا تھا۔ہم نے سفرکیا؛ اب یہ محض اتفاق ہی تھا، کہ اس عرصہ میں وبا پھیل گئی۔
اسے بے احتیاطی یا ہٹ دھرمی سے محمول کیاجانااصل میں کج فہمی ہے۔انسان ایک خاص دائرے کا قیدی ہے، جس میں سے نکلنا اس کے بس میں نہیں۔ تو میں کیوں مجرم ہوں؟ والدین اور میری بچیاں منتظر تھیں۔ اُمید تھی، بہت جلد ہم اُن کے پاس ہوتے۔ حکام بھی یہی کہتے تھے لیکن میری بیوی کی حالت کچھ زیادہ اچھی نہ تھی۔اُمیدسے ہوناایک اذیت ناک عمل ہے۔ عورت تخلیق کے عمل میں کئی ماہ تنہا سلگتی ہے اورپھل کی صورت میں ساراکنبہ خوشیاں مناتا ہے۔ لڑکیاں بھی ٹھیک ہی ہیں لیکن لڑکا تو میٹھا میوہ ہے۔میں اسی کا امیدوارتھا۔
یہ جمعے کا دن تھا۔ خیموں پر سردی کا پہراتھا۔ میں نے کچی زمین پر ایک کمبل بچھا کر اپنی بیوی کواس پر لٹا دیا اور خودسرہانے کی طرف بھی بیٹھ گیا۔دھوپ میں مجھے تو شدت محسوس ہورہی تھی لیکن میری بیوی کے خیال میں بہت سردی تھی۔ وہ چاہتی تھی ،آگ کا الاؤ روشن کردیا جائے۔ میں نے اسے جھڑک دیاتھا۔ وہ خفا ہوگئی اور دوسری طرف منھ کر کے لیٹ گئی۔
وہ بہت اچھی تھی۔ پہلے بھی مان جایا کرتی تھی۔بات محض الاؤ کی ہو تی تو میں انتظام بھی کرلیتا۔ اصل بات یہ ہے کہ وہ چاہتی تھی، اس سینٹر میں گائنا کالوجسٹ کا انتظام کیاجائے یا کم ازکم مڈوائف تو ہو۔بھلا وہ کوئی نارمل حالات تھے؟ ہمارا جھگڑا اسی بات پر ہوا ۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے سینٹر میں گائناکالوجسٹ کا کیا کام؟ سینٹر میں اگرکوئی زچگی کے دردسے کراہتی یاتڑپتی ہوتواس میں سینٹر بنانے والوں کا کیاقصور ؟
میں سوچ رہاتھا ،کچھ ہی دیر میں وہ مان جائے گی اور پھر ہمیشہ کی طرح ہم خوش ہو جائیں گے۔ ایسا نہ ہوا، کیوں کہ تھوڑی دیر بعدوہ پھر تڑپ اٹھی۔ اُسے شدید سردی لگ رہی تھی۔ میں نے انتظامیہ کو اطلاع دی۔ڈاکٹر کہیں اور مصروف تھا۔ایک بڑھیا تڑپ کروہاں پہنچی۔ وہ جان گئی کہ نوعیت کچھ اور ہے۔ قرب و جوار میں بھی کوئی دائی ہوتی توکام ہوسکتاتھا۔ دیہات میں ویسے بھی ساراکام دائیاں سنبھالتی ہیں۔ سینٹر میں موجود تین بوڑھی خواتین نے اپنے تئیں معاملات سنبھالنے کی کوشش کی لیکن حالت مزید بگڑتی گئی۔
پہلے تو میری بیوی چیختی رہی ،پھر ایک دم اُس کا جسم ٹھنڈا پڑ گیا۔ چھونے پر ایسا معلوم ہوتا تھا، جیسے برف کو ہاتھ لگادیا ہو۔اُس کی دھڑکن رُک گئی ، سانس رُک گئی اور پھر نبض بھی ۔ کم ازکم مجھے یہی معلوم ہوتا تھا۔
ڈاکٹر دوڑتا ہوا آیا، اُس نے جانچ کے بعد اطلاع دی، ابھی جان باقی ہے۔ جلدی میں کچھ انجکشن لگائے، منھ میں قطرے ٹپکائے۔ ذرا طبیعت سنبھلی پھر درد شروع ہوگیا ۔ اب کم ازکم موت کا خطرہ ٹل گیا تھا ؛ کیوں کہ وہ بار بار میرے چہرے پر محبت سے نظر ڈال رہی تھی۔مجھ سے نئے سورج کے طلوع ہوجانے کی باتیں بھی کررہی تھی۔
شام تک وہ ایک ننھی زندگی تخلیق کرنے میں کامیاب ہوگئی۔میٹھا پھل میری جھولی میں تھا لیکن وہ خوب صورت تابوت میں اُتر چکی تھی۔