دماغ کا نرم پڑ جانا Softening of the brain (سافیٹنگ آف دی برین)
تعریف: اس مرض میں دماغ نرم پڑ جاتا ہے۔
وجوہات: یہ عام طور پر کثرت محنت دماغی یا دماغی سُدہ کی وجہ سے ہوتا ہے۔ عام طور پر بوڑھے اشخاص اس میں مبتلا ہوتے ہیں۔
تشخیص و علامات: اس مرض میں ہوش و ہواس میں خرابی واقع ہو جاتی ہے۔ مزاج چڑچڑا ہو جاتا ہے۔ ہمت پست ہو جاتی ہے۔ اور مریض خورد سال بچوں کی طرح باتیں کرتا ہے۔ کبھی کبھی رو پڑتا ہے۔
میرے خیال میں بچوں کا زیادہ رونا دماغ کے نرم ہو جانے کی وجہ سے ہی ہوتا ہے۔ چونکہ جس طرح انسان کے دماغ میں پختگی اور سختی ہو جاتی ہے رونا بھی کم ہو جاتا ہے۔ بچوں اور عورتوں میں یہ بات عام طور پر دیکھی گئی ہے۔
علاج: اس مرض کا علاج اصل سبب کو رفع کرنے میں مضمر ہے۔ لیکن دماغ کو تقویت دینے والی ادویات کا استعمال اس مرض میں نہایت مفید ثابت ہوتی ہیں۔
مریض کی صحت عامہ کا خیال رکھنا چاہیے۔ کسی قسم کا رنج و فکر نہیں کرنے دینا چاہیے۔ قبض رفع کریں، غذا خوب زود ہضم اور مقوی دیں۔ جو نسخے دماغی کمزوری کے بیان میں درج کیے گئے ہیں وہ اس مرض میں نہایت مفید ہیں۔
عام طور پر اس مرض میں کچلہ اور فولاد کے مرکبات استعمال کیے جاتے ہیں۔ اگر بے خوابی زیادہ ہو تو برومائیڈ اور خواب آور ادویات کا استعمال کریں۔ گرم خشک، باد انگیز اور ثقیل غذاؤں سے پرہیز لازمی ہے۔
ایسٹن سیرپ، فیلوز سیرپ، میناڈیکس، فولاد اور کچلہ کے مرکبات اور وٹامنز اس مرض کے علاج میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
نسخہ: فیری ایٹ ایمونیا سائیٹراس ۵ گرین، لائیکوار سٹرکنپن ہائیڈرو کلورائیڈ ۲ منم، ٹنکچر کارڈیمم کو ۳۰ منم، ایکوامنتھاپپ ایک اونس۔
ایسی ایک ایک خوراک دن میں دو تین بار غذا کے بعد دیں۔
کشتہ مرجان مقدار ۴ رتی، خمیرہ مردارید ۶ ماشہ باہم ملا کر ایسی تین خوراک روزانہ دودھ کے ساتھ دیں۔ بہترین چیز ہے۔
بطور غذا جانوروں کے بھیجے، گوشت، شوربا، گھی، مکھن، انڈے خوب کھلائیں۔
اکسیر دماغ:
ہلیلہ زرد، آملہ، بھیڑہ، برہمی (سایہ میں خشک شدہ) ہر ایک ایک سیر لے کر کسیمٹی کے برتن میں اچھی طرح بند کریں اور گل حکمت کر کے اس قدر آگ دیں کہ خاکستر ہو جائے۔
اب اس خاکستر کو ۲۵ سیر صاف پانی میں بھگو دیں اور دن میں دو تین بار ہلا دیا کریں۔ چوتھے دن اس کا زلال لے کر آہنی کڑاہی میں ڈال کر اس قدر پکائیں کہ سفید سا نمک باقی رہ جائے، اسے باریک کر کے شیشی میں محفوظ رکھیں۔
مقدار خوراک: ۴ رتی یہ نمک صبح نہار منہ ۲ تولہ مکھن تازہ میں ملا کر دیں۔ دماغ کے لیے خاص چیز ہے۔ اعضائے رئیسہ کو طاقت دیتا ہے۔ معدہ کو قوی اور خون کو صاف کرتا ہے۔ بواسیر کو نافع اور قبض کشا ہے۔ کسی طبیعت کے خلاف نہیں۔
مجربات
اکسیر نسیان: آب افشردہ برمڈنڈی تازہ نصف سیر، روغن مالکنگنی آدھ پاؤ، روغن گاؤ ایک پاؤ، روغن پستہ آدھ پاؤ۔
چاروں اجزاء کو ایک قلعی دار دیگچی میں ڈال کر نرم آگ پر پکائیں تاکہ برمڈنڈی کا پانی خشک ہو جائے۔ اب روغن کو محفوظ رکھیں۔
ترکیب استعمال: مقدار خوراک ۱ تولہ تا ۲ تولہ صبح و شام دودھ میں ملا کر استعمال کریں یا روٹی پر لگا کر کھائیں۔
فوائد: دماغی طاقت اور قوت حافظہ کے لیے یہ دوا اکسیر الاثر ہے۔ قبل از وقت بالوں کو سفید ہونے سے روکتی ہے۔ نسیان کا شافی علاج ہے۔ سراعت انزال، جریان، قوت باہ، ضعف اعصاب کے لیے بے حد مفید و مجرب ہے۔
تریاق نزلہ: تخم دھتورہ سفید ۳ تولہ، ریوند خطائی ۱ تولہ، گوند کیکر ۱ تولہ، سونٹھ ۹ ماشہ۔
تمام دواؤں کو باریک پیس کر بخودی گولیاں تیار کریں۔ مقدار خوراک ۲ گولی ہمراہ حریرہ خشخاش، بادام دودھ میں تیار کر کے کھلائیں۔ دائمی نزلہ اور کمزوری دماغ کا شافی علاج ہے۔ قریباً دو ہفتہ استعمال کریں۔
اکسیر جنون و مالیخولیا: اسطوخودوس، تربد سفید مجوف، بسفائج، افیتموں ہلیلہ کابلی، ہلیلہ سیاہ، لاجور مفسول ہر ایک ایک تولہ، مصری ۸ تولہ، شہد ۱۶ تولہ۔
اول شہد اور مصری کو عرق بید مشک میں قوام بنا کر تمام ادویات باریک شدہ ملا کر معجون تیار کریں۔ ناجور مفسول بعد میں ملا دیں۔ ۹ ماشہ صبح و شام عرق گاوزبان سے دیں۔ تمام امراض سودادی مالیخولیا، جنون، پاگل پن کے لیے اکسیر ہے۔