(Last Updated On: )
س:- ’’سرمایہ دارریاست کے خاتمے ‘‘ سے کیامراد ہے؟
ج:- اس سے ہماری مراد ہے اس کی جگہ مزدور کسان حکومت کا قیام-
س:- اس سے کیامراد ہے’’سرمایہ دار ریاست کی مشینری تباہ کردینا‘‘ ؟
ج:- اس سے مراد یہ ہے کہ جب ہم اس ملک میں مزدور کسان راج قائم کریں گے تو اس حکومت کا کام‘ فرائض‘ اس کی فطرت بورژوا ریاست کے کام ‘ فرائض اور فطرت سے قطعی مختلف ہوگی- مزدور ریاست کی بنیاد بھی مختلف ہے اور یہ ہرطورسے مختلف نوعیت رکھتی ہے- اسے ایک نیا ڈھانچہ ‘ سرسے لے کر پائوں تک‘ نیا ڈھانچہ درکار ہے-
س:- آپ کی مراد یہ ہے کہ کانگرس یاایوان نمائندگان اورسینٹ کا وجود ختم ہوجائے گا؟
ج:- یہ ایک مختلف نوعیت کی کانگرس ہوگی- یہ کانگرس مزدوروں ‘کسانوں اورسپاہیوں کے نمائندوں پرمشتمل ہوگی- اس کانگرس کی بنیاد پیشہ وار یونٹوں پرہوگی نہ کہ علاقہ کے اعتبار سے جیسا کہ اب ہے-
س:- ’’سوویت ‘‘ سے کیامراد ہے؟
ج:- سوویت روسی زبان کالفظ ہے جس کا مطلب ’’کونسل ‘‘ ہے-روسی زبان میں یہ لفظ کونسل کامتبادل ہے- اس سے مراد مختلف گروہوں کے نمائندوں کا ادارہ ہے- روسی انقلاب کے دوران اس اصطلاح کے یہ معنی لئے جاتے ہیں-نمائندگان جنہیںڈیپیوٹیز(deputies) کہاجاتاہے- اورمیرا خیال ہے ہم انہیں ڈیلی گیٹ کہیں گے- یہ ڈیلی گیٹ مخصوص شہر کے مختلف کارخانوں سے ایک مرکزی باڈی میں آتے ہیں- روسیوں نے انہیں مزدور اور سولجر‘ ڈیپیوٹیز کا نام دیا-
س:- اب یہ بتائیں ’’ضبطی‘‘( exproptisation) سے کیامراد ہے؟
ج:- ضبطی سے مراد ہے بڑی صنعت جو نجی سرمایہ داروں ‘ ساٹھ خاندانوں (امریکہ کے ساٹھ امیرخاندان مترجم) کے ہاتھ میں ہے ان کے ہاتھ سے لے کر منتخب عوامی نمائندوں کے ذریعے عوام کے ہاتھ میں دیدیا جائے-
س:- کیایہ اصولی مسئلہ ہے کہ ان ساٹھ خاندانوں کا کوئی ازالہ نہ کیاجائے گا؟
ج:- نہیں یہ کوئی اصولی مسئلہ نہیں ہے- مارکسی تحریک میں گاہے بگا ہے اس سوال پربحث ہوتی رہی ہے- کسی بھی جگہ کسی صاحب علم مارکسی نے یہ نہیں کہا کہ کوئی ازالہ نہ کیاجائے- اس سوال کاانحصار امکانات ‘وافر سرمایہ اور اس بات پرہے کہ آیانجی مالک کی رضا کیاوغیرہ وغیرہ-
س:-کیاپارٹی بخوشی ان مالکوں کو معاوضہ ادا کردے گی اگر وہ تشدد سے باز رہیں؟
ج:-میں صرف اپنی رائے کااظہار کرسکتاہوں-
س:- آپ کی رائے کیاہے؟
ج:- میری ذاتی رائے یہ ہے کہ اگر مزدوراکثریت حاصل کرلیں اورانڈسٹری کے نجی مالکوں سے اپنی قوت اوراکثریت کی بنیاد پرٹکر لیں اور پھر یوں ہوکہ ہم سرمایہ داروں سے یہ معاہدہ کرلیں کہ انہیں ان کی جائیداد کا معاوضہ مل جائے گا‘ اور انہیں ان کی باقی ماندہ زندگی خوشی خوشی گزارنے دی جائے گی‘ میرے خیال سے نفع کاسودا ہوگا بجائے اس کے کہ خانہ جنگی کے ذریعے لازمی معاشرتی تبدیلی عمل میں آئے- اگر آپ سرمایہ داروں کو اس بات پرراضی کرلیں توذاتی طورپراس بات کے حق میں ووٹ دونگا مگر سرمایہ داروں کو اس بات پرراضی نہیں کیاجاسکتا-
س:-انتخابات کے بارے میں پارٹی کاکیامؤقف ہے؟
ج:- جہاں ممکن ہو ہماری پارٹی الیکشن میں حصہ لیتی ہے- ہم عمومی طورپراپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور اپنے وسائل کے مطابق الیکشن کے دوران بھرپور الیکشن مہم چلاتے ہیں اور الیکشن مہم میں حصہ لیتے ہیں-
س:-پچھلے چند سالوں میں پارٹی نے آپ کی یاداشت کے مطابق کون سی مہموں میں حصہ لیاہے؟
ج:- میری یاداشت کے مطابق پچھلے سال کامریڈ گریس کارل سن نے سینٹ کاالیکشن لڑا- میں مختلف عہدوں کے لئے کئی بار پارٹی کاامیدوار بناہوں- نیو یارک میں جہاں ہماری اچھی تنظیم ہے وہاں پچھلے کچھ عرصہ سے ہم نے ہرالیکشن میں حصہ لیاہے- یہ تین مثالیں میں نے پیش کی ہیں- عمومی طورپرپارٹی کی پالیسی یہ ہے کہ جہاں ممکن ہو الیکشن لڑا جائے-
س:- کیاپارٹی مختلف موقعوں پردیگر امیدواروں کی حمایت بھی کرتی ہے؟
ج:- جی ہاں! جہاں ہمارا امیدوار الیکشن نہ لڑرہاہو وہاں ہماری پالیسی اوراصول یہ ہے کہ دیگر مزدور پارٹیوں یامزدور کسان امیدواروں کی حمایت کی جائے- ہم ان کوتنقیدی حمایت فراہم کرتے ہیں یعنی ہم ان کے پروگرام کی حمایت نہیں کرتے مگر انہیں ووٹ دیتے ہیں‘ ان کے لئے ووٹ مانگتے ہیں مگر ساتھ یہ وضاحت بھی کرتے ہیں کہ ہم ان کے پروگرام سے اتفاق نہیں کرتے- مثال کے طورپرہم نے مینی سوٹا میں‘ جہاں پارٹی نے کبھی الیکشن نہیں لڑا‘ ہمیشہ مزدور کسان امیدواروں کی حمایت کی- انہی حالات میں ہم نے نیویارک میں امریکن لیبرپارٹی کے امیدوار کی حمایت کی-
ســ:- انتخابی مہموں میں حصہ لینے کا پارٹی کاکیا مقصد ہے؟
ج:-پہلا مقصد تو میں کہوں گا یہ ہے کہ جمہوریت ہمیں اپنے نظریات کو مقبول بنانے کا جوموقع فراہم کرتی ہے اس کاپورا فائدہ اٹھایا جائے‘ جہاں ممکن ہو وہاں الیکشن جیتا جائے اورجمہوری ذرائع کے مطابق جہاں تک ممکن ہو سوشلزم کے مقصد کو حاصل کیاجائے-
س:- آپ اورآپ کے ساتھیوں نے سوشلسٹ ورکرز پارٹی کیوں بنائی؟
جــ:- مقصد یہ تھا کہ اپنی قوتوں کو منظم کیاجائے تاکہ بھرپور طریقے سے نظریات کی ترویج کی جائے اورحتمی مقصد جیسا کہ میں نے پہلے عرض کیایہ تھا کہ ایک ایسی پارٹی بنائی جائے جو ملک کے محنت کش عوام کی سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سوشلزم کے حصول کے لئے رہنمائی کرسکے-
س:- موجودہ حکومت جو کہ سرمایہ دارانہ حکومت ہے‘ اس کی بابت پارٹی کارویہ اوررائے کیاہے؟
جـ:-جی ہاں ہم موجودہ حکومت کو سرمایہ دارانہ حکومت سمجھتے ہیں- ہمارے ڈیکلریشن آف پرنسپلز میں تحریر ہے کہ جو حکومت مزدوروں اورغریب کسانوں کے مفادات کی نمائندگی کرنے کی بجائے ملک کے سرمایہ داروں کے مفادات کی ترجمانی کرے ‘ وہ طبقاتی حکومت ہے-
س:-حکمران طبقے میں لبرل اوربعض رجعت پسند حلقوں میں تضادات پائے جاتے ہیں- اس بابت پارٹی کی کیارائے ہے؟
ج:-ہم سرمایہ دار طبقے کو ٹھوس ‘یکساں اکائی کے طورپرنہیں دیکھتے – اس میں مختلف دھارے ‘مختلف مفادات پائے جاتے ہیں جس کا اظہار یہ ہے کہ مختلف سرمایہ دار سیاسی جماعتیں موجود ہیں اوران جماعتوں کے اندر مختلف دھڑے پائے جاتے ہیں اور ایک زبردست جدوجہد موجود ہے- اس کی ایک مثال مداخلت پسندوں اوریکتائی پسندوں کے مابین ہونے والی کش مکش ہے-
س:-کیاپارٹی یہ سمجھتی ہے کہ روز ویلٹ انتظامیہ گزشتہ حکومتوں کی نسبت زیادہ لبرل ہے یانہیں؟
جـ:- مسٹرشیون ہاٹ: میں اعتراض کرتا ہوں اس سوال پرکیونکہ یہ غیرمتعلقہ سوال ہے-
عدالت : اعتراض قبول کیاجاتاہے-
س:- کیاپارٹی میںپرتشدد اور پرامن تبدیلی کے حوالے سے اختلاف رائے کی اجازت ہے؟
ج:- میں سمجھتا ہوں اس کی اجازت ہے -جی ہاں
س:- گویا پارٹی ممبر کے لئے یہ لازمی نہیں کہ وہ ایک خاص رائے اس حوالے سے رکھتا ہو کہ مستقبل میںپارٹی یامزدور کیاکریں گے؟
ج:- نہیں میرے خیال سے ایسا ضروری نہیں کیونکہ یہ مستقبل سے متعلق رائے ہے اوراس بارے سائنسی طریقے سے کچھ نہیں کہاجاسکتا-
س:- کیاپارٹی اس حوالے سے کوئی اقدامات کرتی ہے کہ پارٹی کے ارکان پارٹی پالیسی کی درست تشریح کریں؟
ج:- پبلک لیکچروں ‘ پریس اجلاس ہوتے ہیں- بڑے شہروں میںہم فورموں وغیرہ کے علاوہ اندرونی تعلیمی سکولوں کا انعقاد کرتے ہیں جہاں پارٹی کے نظریات پڑھائے جاتے ہیں- انفرادی سطح پرکامریڈز اوروہ مزدور جو پڑھے لکھے نہیں اور ہمارے پروگرام کو نہیں سمجھتے یاپروگرام کی غلط تشریح کرتے ہیں انہیں پارٹی کے نقطہ نظرکے بارے میں قائل کرنے کے لئے ہرقسم کے اقدامات کئے جاتے ہیں- ایسا بکثرت کیاجاتاہے کیونکہ بہرحال پارٹی پروگرام ایسا ڈاکومنٹ ہے جو سوشلسٹ سوچ کے لگ بھگ سوسال کی نمائندگی کرتاہے اور ہم پارٹی کاممبربننے والے ان پڑھ مزدور سے یہ توقع نہیں کرتے کہ وہ ان تمام نظریات کو اس تفصیل سے سمجھ لے گا جس طرح پارٹی کے پیشہ ورلیڈر سمجھتے ہیں-
س:- پارٹی کے مختلف ارکان اوررہنمائوں کے مابین کس حدتک علمی سطح کافرق پایاجاتاہے؟
جـ:- مختلف ارکان اورمختلف رہنمائوں کے مابین بہت بڑا فرق پایاجاتاہے-
س:- کیایہ ممکن ہے کہ اگرکوئی پارٹی ممبر کوئی بھی غلطی کرے تو اسے درست کرلیاجائے-
مسٹرشیون ہاٹ: میں اعتراض کرتاہوں-
عدالت: میرے خیال سے اس سوال کا جواب واضح ہے-
مسٹر شیون ہاٹ: میرے خیال سے یہ ہمیشہ ممکن نہیں-
مسٹرگولڈمین دیٹ از فائن(that is fine)
س(ازمسٹرگولڈمین): انٹرنیشنل ازم کے اوپر پارٹی کا کیامؤقف ہے؟
ج:- پارٹی پوری طرح انٹرنیشنلسٹ ہے-
س:- اس سے کیامراد ہے؟
ج:- ہمارے خیال کے مطابق جدید دنیا ایک اقتصادی اکائی ہے- کوئی بھی ملک خود انحصار نہیں- حال کے مسائل جو ماضی سے چلے آ رہے ہیں‘ اس وقت تک حل نہیںہوسکتے جب تک انہیں عالمی سطح پرحل نہیں کیاجاتا‘ کوئی قوم خود انحصاری نہیں رکھتی اور کوئی قوم اکیلانہیں رہ سکتی- دنیا بھر کی معیشت ایک اکائی میں جڑی ہوئی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آج کا مسئلہ سوشلزم کاقیام عالمی مسئلہ ہے-ہمارا خیال ہے کہ ہر ملک کے باشعور مزدوروں کو اس نصب العین کے لئے اتحاد کرنا چاہئے- ہم نے اپنی تحریک کے آغاز سے ہی دوسرے ممالک میں ہم خیال لوگوں سے اشتراک کیاہے تاکہ سوشلسٹ تحریک کوعالمی سطح پرآگے بڑھایاجاسکے- ہم نے ہمیشہ مزدوروں کی عالمی تنظیم‘ ہرسطح پران کے مابین تعاون اورباہمی سطح پرہرممکن مدد کی وکالت کی ہے-
س:- نسلی اور قومی تضادات کے مسئلے پرپارٹی کاکوئی موقف موجود ہے؟
ج:- جی ہاں! پارٹی مخالفت کرتی ہے ہرقسم کے قومی شاونزم کی ‘نسلی تعصب کی ‘امتیازی سلوک کی‘ نسلی تذلیل کی‘ اس سے میری مراد ہے نچلی نسلوں کے بارے میں فاشسٹوں کی قابل نفرت تھیوری- ہم تمام نسلوں ‘قوموں اورعقائد کی برابری میں یقین رکھتے ہیںاوراس کا پرچار کرتے ہیں- ہمارے پروگرام میں تحریر ہے کہ ہم تمام شعبہ ہائے زندگی میں سیاہ فاموں کے لئے برابری کامطالبہ کرتے ہیں اوراینٹی یہودیت کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں- ہم نوآبادیاتی ممالک کی عوام کے ‘ چینی عوام کے اوران تمام لوگوں کے دوست ہیں جن کو نیچ سمجھ کرنشانہ بنایاجاتاہے-
س:- پارٹی کاسوشلزم بطور عالمی نظام بارے کیاموقف ہے؟
ج:- ہم نہ صرف عالمی سوشلسٹ تحریک کی بات کرتے ہیں بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ سوشلسٹ آرڈر عالمی نظام ہوگا نہ کہ کوئی قومی مطلق العنانیت جس کو فاشسٹ لایعنی حدود تک لے جاتے ہیں- انہوںنے یہ نظریہ لاگو کرنے کی کوشش کی ہے کہ جرمن معاشی طورپرخود انحصار قوم بن سکتے ہیں‘ اطالوی بن سکتے ہیں‘ وغیرہ وغیرہ- ہم سمجھتے ہیں کہ دنیا کی دولت ‘ دنیا کا خام مال اوردنیا کے قدرتی ذرائع پوری زمین پریوں لکھے ہوئے ہیں کہ ہرملک انسانیت کی یکساں ترقی کے حوالے سے کچھ نہ کچھ حصہ ڈالتا ہے اور کسی نہ کسی حوالے سے محروم ہے-مستقبل کا انسانی معاشرہ ہماری نظرمیں ایک سوشلسٹ ورلڈ آرڈر ہوگا جس کے تحت مختلف ملکوں کے بیج ان کے وسائل کے مطابق کام کی تقسیم پائی جائے گی‘ ان کے مابین ایک دوستانہ تعاون ہوگا لہٰذا ضروریات اورتعیشات کی پیداوار ایک واحد عالمی پلان کے تحت ہوگی-
س:- کیاپارٹی کبھی کسی عالمی تنظیم کاحصہ رہی ہے؟
ج:- پارٹی چوتھی انٹرنیشنل کاحصہ تھی- اس کو یہ نام اسے ان دیگر تین انٹرنیشنل تنظیموں سے ممیز کرنے کے لئے دیاگیا جو سوشلسٹ تاریخ کا حصہ رہی ہیں- پہلی تنظیم ‘ انٹرنیشنل ورکنگ مینز ایسوسی ایشن 1860ء کی دہائی میں مارکس کی قیادت میں قائم ہوئی اوریہ 1871ء تک قائم رہی – دوسری انٹرنیشنل کاقیام جرمن‘ فرانسیسی اوردیگر یورپی سوشلسٹ پارٹیوں کی تحریک پر1890ء میں قائم ہوئی اور آج تک موجود ہے- انٹرنیشنل یورپ کی اصلاح پسند جماعتوں اورٹریڈیونینوں پرمشتمل ہے یاکم ازکم اس وقت مشتمل تھی جب ان جماعتوں اورٹریڈیونینوں کوہٹلر نے تباہ کیا-
تیسری انٹرنیشنل انقلاب روس کے بعد لینن اورٹراٹسکی کی قیادت میں قائم ہوئی- اس کا قیام 1919ء میں دوسری انٹرنیشنل کی حریف کے طورپرعمل میںآیا-اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ دوسری انٹرنیشنل نے 1914ء کی سامراجی جنگ کی حمایت کی اوریوں مزدوروں کے مفادات سے غداری کی مرتکب ہوئی-چوتھی انٹرنیشنل ٹراٹسکی کی تحریک پرسٹالنسٹ تیسری انٹرنیشنل کی حریف کے طورپرقائم کی گئی- ہم نے تحریک کو شروع کرنے میں حصہ لیااور چوتھی انٹرنیشنل کاپچھلے سال دسمبر تک حصہ رہے-
س:- کیاوجہ تھی کہ آپ چوتھی انٹرنیشنل سے علیحدہ ہوگئے؟
ج:-کانگرس نے جب وریز ایکٹ (Voorhis Act) منظور کیاتو یہ علیحدگی ضروری ہوگئی کیونکہ اس ایکٹ کے مطابق عالمی سطح پرالحاق رکھنے والی پارٹیوں کے لئے سزا تجویز کی گئی تھی- ہم نے پارٹی کاخصوصی کنونشن بلایا اوروریز ایکٹ کے مطابق چوتھی انٹرنیشنل سے اپنے تعلقات منقطع کرلئے-
س:- پارٹی کے اندر چوتھی انٹرنیشنل کی قراردادیں کیاکردار ادا کرتی ہیں!
ج:- ہماری پارٹی کے اندران کی زبردست اخلاقی اتھارٹی ہے- چوتھی انٹرنیشنل کے تمام سیکشن اپنے قومی فیصلوں کے حوالے سے آزاد رہے ہیں مگر چوتھی انٹرنیشنل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ڈاکومنٹ‘ جس حدتک امریکی حالات میں لاگو ہوتے ہیں‘ فیصلہ کن انداز میں ہم پراثرانداز ہوتے ہیں-
س:- گویا جس حدتک وہ امریکی حالات میں لاگو ہوتے ہیں‘ آپ انہیں قبول کرتے ہیں؟
ج:- جی ہاں مگر ان کی حیثیت قانون کی سی نہیں جس طرح ہمارے ڈیکلریشن آف پرنسپلز کی ہے بلکہ ان کی حیثیت نظریاتی رہنما کی ہے-
س:-اب یہ بتائیں کیاپارٹی ٹریڈیونین تحریک میں حصہ لیتی ہے؟
ج:- جی جی بھرپور
س:-کیوں ؟
ج:- ہم ٹریڈ یونین تحریک کو مزدوروں کی بنیادی تنظیم سمجھتے ہیں جس میں مزدوروں کی زبردست اکثریت شامل ہونی چاہئے اورشامل کی جانی چاہئے تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی جدوجہد میںشامل ہوسکیں- ہم ٹریڈیونینوں کے حامی ہیں اورجہاں ممکن ہوہم ان کی تنظیم کاری میں حصہ لیتے ہیں-
س:- اورٹریڈ یونینوں کو مضبوط بنانے اورجہاں وہ موجودنہ ہوں وہاں ٹریڈیونین بنانے کاپارٹی کابنیادی مقصد کیاہے؟
ج:- ہمارا دوہرا مقصد ہے- ایک تو یہ ہے کہ ہم ہراس چیز میں دلچسپی رکھتے ہیں جس سے مزدوروں کو فائدہ پہنچتا ہو- ٹریڈیونین جبر کے خلاف مزاحمت میں مزدوروں کی معاونت کرتی ہے‘ حالات کار میں بہتری کے لئے مددگار ہوتی ہے‘ ہمارے لئے یہ فیصلہ کن وجہ ہے ٹریڈ یونین تحریک کی حمایت کرنے کی کیونکہ ہم ہراس چیز کے حق میں ہیں جس سے مزدوروں کو فائدہ پہنچتا ہو-
دوسری وجہ یہ ہے کہ ٹریڈیونین‘ جو بڑی عوامی تنظیمیں ہوتی ہیں‘ ہمارے کام کرنے کے لئے ذرخیز زمین ہیں جہاں پارٹی نظریات کو مقبول بنایا جاسکتا ہے اور پارٹی کے اثر میں اضافہ کیاجاسکتاہے-
س:- پارٹی ممبران کو کیا ہدایات دی جاتی ہیں۔ ٹریڈ یونین تحریک میں کام کرنے کے حوالے سے اگر کوئی ہدایات دی جاتی ہیں؟
ج:- ہم اپنے پارٹی ارکان کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ خود کو بہترین ٹریڈیونیسٹ ثابت کریں‘ یونین کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں‘ یونین کے کام میںسب سے زیادہ متحرک اور ہوشیار ہوں‘ اپنے پیشے میں مہارت رکھتے ہوں‘ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پراور کام کی بدولت یونین میںاثر حاصل کریں-
س:- کیاسی آئی او (CIO) اور اے ایف ایل (AFL) کے حوالے سے پارٹی کاکوئی موقف موجود ہے؟مسٹرشیون ہاٹ: معزز عدالت !میرے خیال سے یہ غیر ضروری سوال ہے-
عدالت: مسٹرگولڈمین! آپ یہ سوال کیوں پوچھنا چاہتے ہیں؟
مسٹرگولڈمین: اس سوال کی بابت لوکل 544سی آئی او میں ہونے والی اس لڑائی کے بارے میں پتہ چلے گا جس کے بارے میں سرکاری گواہان نے گواہی دی ہے-
عدالت: گواہ(جیمزپی کینن) اس سوال کاجواب دے سکتاہے-
کینن: جی ہمارامؤقف موجود ہے-
س:(ازمسٹرگولڈمین) اورآپ کامؤقف کیاہے مسٹرکینن؟
ج:- ہم عمومی طورپرصنعتی یونین سازی کے حق میں ہیں- یعنی یونین ازم کی وہ شکل جوکسی فیکٹری یاصنعت کے تمام مزدوروں کو ایک یونین میں منظم کرے- ہم اسے زیادہ ترقی پسندانہ اور پراثرتنظیم کاری سمجھتے ہیں بہ نسبت کرافٹ یونین ازم کے، لہٰذا ہم انڈسٹریل یونین کے اصول کی حمایت کرتے ہیں-سی آئی او نے بڑی صنعتوں مثلاً سٹیل اورآٹو موبیل وغیرہ ‘ انہیں کسی قسم کی تنظیم کا تحفظ حاصل نہ تھا اور جہاں تجربے نے یہ ثابت کیاکہ کرافٹ یونینیں ان صنعتوں میںبنانا ناممکن ہے جہاں ایک فیکٹری میں درجن یااس سے بھی زیادہ کرافٹ یونینیں بنانا پڑتی تھیں- ہمارے نزدیک سی آئی او زبردست ترقی پسند انہ اقدام ہے‘ بڑی صنعت کے لاکھوں مزدور منظم ہوئے ہیں اوریوں عمومی طورپرہم سی آئی او سے ہمدردی رکھتے ہیں-
مگر ہم اے ایف ایل کے ناقدین بھی نہیں- ہم کرافٹ یونین ازم کے خلاف ہیںمگر ہمارے بہت سے ممبران اے ایف ایل یونینوں کے رکن ہیں اورعمومی طورپرہمارا رویہ ان یونینوں کی طرف بھی وہی ہے جو سی آئی او یونینوں کی طرف ہے یعنی ان کو تعمیر کیاجائے‘ مضبوط کیاجائے‘ مزدوروں کے حالات بہتر بنائے جائیں اور ہم اے ایف ایل اورسی آئی او کے اتحاد کے حامی ہیں‘ یہ بات ہمارے پرنسپلز آف ڈیکلریشن میں تحریر ہے لہٰذا جہاں سی آئی او کی جانب ہمارا جھکائو ہے‘ کیونکہ یہ قومی سطح کی تحریک ہے‘ وہاں ہم اتحاد کی بات کرتے ہیں مگر اس شرط پرکہ صنعتی یونین سازی کو اس اتحاد پرقربان نہ کیاجائے-
س:-ٹریڈیونینوں میں جمہوریت کے بارے پارٹی کا کیامؤقف ہے؟
ج:- ہمارا ڈیکلریشن آف پرنسپلر‘ ہمارے تمام ایڈیٹوریل اورہماری تقریریں میں مسلسل ٹریڈیونینوں کے اندر جمہوریت‘ ممبران کے اظہار رائے، آزادانہ الیکشن ‘بکثرت الیکشن‘ اور عمومی طورپرجمہوریت کے ذریعے یونینوں کوعام کارکنوں کے کنٹرول میں رکھنے کی بات کرتے ہیں-
س:- یونینوں کے اندر غنڈہ گردی اورٹھگ بازی کے بارے پارٹی کی پالیسی کیاہے؟
ج:- اس طرح ڈیکلریشن آف پرنسپلزغنڈہ عناصر اورٹھگ بازوں کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی ممبروں اورہمدردوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ یونینوں کو ان عناصر سے پاک کرنے کے لئے ان تھک جدوجہد کریں اور ان عناصر کی بلاواسطہ یابالواسطہ حمایت کرنے کی سزا پارٹی رکنیت کاخاتمہ ہے-
س:- کیا اس قسم کی پارٹی پالیسی موجود ہے کہ یونینوں پرقبضہ کیاجائے؟
ج:- نہیں- یونین آزاد اورخود مختار تنظیم ہے اور
مسٹر شیون ہاٹ:- بہت اچھا آپ نے جواب دیدیا ہے- انہوں نے آپ سے پوچھا تھا کہ یونینوں پرقبضے کی کوئی پالیسی موجود ہے اور آپ نے کہا ’’نہیں‘‘ –
مسٹرگولڈمین : انہیں بات کرنے دیجئے-
مسٹرشیون ہاٹ: اس بات کی تشریح کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
مسٹرگولڈ مین : میرے خیال سے پچیس یاتیس صفحوں پرمبنی ثبوت یونینوں پرقبضے کی پارٹی پالیسی کے حوالے سے پیش کیاگیاہے-
عدالت: انہوںنے اس حوالے سے بہتر انداز میں جواب دیدیا ہے-
س(ازمسٹرگولڈمین): یونینوں میں اثرونفوذ حاصل کرنے کے لئے پارٹی کیاکرتی ہے؟
ج:- ہم کوشش کرتے ہیں کہ ہمارے ممبر یونینوں میں بااثر بنیں-
س:- کیسے؟
ج:- سب سے پہلے تو ہماری ہدایات یہ ہوتی ہیں کہ ہمارے پارٹی ممبر یونین کے اندر بہترین ٹریڈیونینسٹ بنیں اوروہ اپنے پیشے میں مہارت رکھتے ہوں- یہ پہلی بات ہے تاکہ وہ اپنے مزدورساتھیوں میںعزت اوران کا اعتماد حاصل کرسکیں- دوم ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ساتھی مزدوروں میں پارٹی نظریات کاپراپیگنڈہ کریں‘ یونین کے تمام معاملات میں حصہ لیں اور متحرک ہوں‘ ہمارے پرچے کے لئے ممبرشپ بنائیں‘ یونین ممبروں کو ہمارے لیکچروں اور کلاسوں تک لانے کے لئے کوشش کریں اورعمومی طورپرپارٹی اوراس کے پروگرام کے لئے ہمدردی اورہمدردی حاصل کریں- یقینا ہم یہ سب کچھ کہتے ہیں-
س:- مگر الیکشن کے ذریعے؟
ج:- جی ہاں الیکشن کے ذریعے – اس کے علاوہ اگرکوئی مقدم باڈی انہیں نامزد کرے اورمجوزہ کام ہمارے اصولوں کے خلاف نہ ہو تو ہم ممبروں سے کہتے ہیں کہ وہ یہ نامزدگی قبول کریں جیسا کہ کامریڈ ڈابز کی مثال ہے-
س:-کاہے کے لئے نامزدگی؟
ج:- ایک موقع پرکامریڈڈابز کو ٹیمسٹر یونین کاعالمی آرگنائزر نامزد کیاگیاتھا-
عدالت: جیوری کے خواتین وحضرات برائے مہربانی عدالت کی تنبیہہ کو ذہن میں رکھیں- ہم کل صبح دس بجے کارروائی پھر شروع کریں گے-
ڈسٹرکٹ کورٹ آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹس
ڈسٹرکٹ آف مینی سوٹا‘ فورتھ ڈویژن
بدھ 19نومبر 1941ء
مارننگ سیشن
تشریحات:
(۱)… اس قسط میں کرافٹ یونین ازم اورانڈسٹریل (صنعتی) یونین ازم کاذکرآیا ہے- کرافٹ یونین ازم سے مراد ہے ایک پیشے سے وابستہ مزدوروں کی یونین چاہے وہ کسی بھی صنعت میں کام کرتے ہوں مثلاً الیکٹریشن کاکام کرنے والوں کی یونین چاہے وہ ٹیکسٹائل انڈسٹریل میں کام کریں یاآٹو انڈسٹری میںاس کے برعکس انڈسٹریل یونین ازم سے مراد ہے کہ ایک صنعت یافیکٹری میں لگے ہوئے تمام مزدور چاہے ان کوکوئی بھی پیشہ ہو وہ ایک یونین بنائیں- کرافٹ یونین ازم کی خامی یہ ہے کہ اس سے ایک پیشے کے مزدور کسی صنعت میںمنظم ہوبھی جائیں تو دیگر ہنرمند غیرمنظم رہتے ہیں اورسب کو منظم کرنے کے لئے ایک فیکٹری /صنعت میںہوسکتا ہے درجن بھریونینیں بنانی پڑیں-
(۲)…سی آئی او : کانگرس آف انڈسٹریل آرگنائزیشن
(۳)… اے ایف ایل: امریکن فیڈریشن آف لیبر
(۴)…1938ء میں اے ایف ایل کی رجعتی قیادت نے سی آئی او کی لڑاکا یونینوں کو نکال دیاتھا- دوسری عالمی جنگ کے بعد سی آئی او کی قیادت بھی رجعت پسندی کاشکار ہوگئی- 1955ء میں ان دونوں کاادغام ہوگیا-