(Last Updated On: )
شام کی تنہائی کے سناہٹوں میں کون تھا
روح کو چونکانے والی آہٹوں میں کون تھا
دن نکلنے سے بہت پہلے نکل آتا تھا کون
تیرگی میں پھیلتی نیلاہٹوں میں کون تھا
وہ جو مصری کی ڈلی سا ، تھا گھلا ماحول میں
زندگی کی سختیوں ، کڑواہٹوں میں کون تھا
سرد راتوں کے تسلسل سے نمٹنے کے لیے
برف موسم میں چھپی ، گرماہٹوں میں کون تھا
روز و شب معمول بن کر ، بن گئے تھے بوجھ جب
روز و شب ڈستی ہوئی ، اکتاہٹوں میں کون تھا
خواہشوں کے جنگلوں میں آگ لگ جانے کے بعد
جلتی بجھتی چاہ کی ، اُکساہٹوں میں کون تھا
کون تھا جاویدؔ ، دل کے گوشۂ تاریک میں
گوشۂ تاریک کی ، اُجلاہٹوں میں کون تھا