امام نے سلام پھیرا اور اسی وقت عقب سے ابھرنے والی آواز کو سن کر تمام نمازی پیچھے مڑ کر دیکھنے لگے۔ ایک شخص کھڑا تھا۔
“برادران ! میرا تعلق ریاست بہار سے ہے۔ میری لڑکی کے دل کا آپریشن ہونے والا ہے اس سلسلہ میں ،میں یہاں آیا ہوں۔ آپریشن کے لئے لاکھوں روپیہ درکار ہے۔ آپ کی اعانت کا قطرہ قطرہ مل کر میرے لئے سمندر بن جائے گا۔ میری بیٹی کی جان بچ جائے گی۔ میری بیٹی کی جان بچا کر ثواب دارین حاصل کریں۔ “اس شخص کی آواز سن کر کچھ نمازیوں کے چہروں پر ناگواری کے تاثرات ابھرے کچھ غیض و غضب بھری نظروں سے اسے دیکھنے لگے۔ کچھ بڑبڑانے لگے۔
“لوگوں نے دھندا بنا لیا ہے۔ خدا کے گھر میں بیٹھ کر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ “
“خدا کے گھر ،نماز کا بھی کوئی احترام نہیں۔ نماز ختم بھی نہیں ہوئی اور حضرت شروع ہو گئے۔ “
“نماز کے دوران اس قسم کے اعلانات پر پابندی لگا دینی چاہیئے۔ ” باتوں کا سلسلہ درمیان میں ہی منقطع ہو گیا۔ کیونکہ امام نے دعا کے لئے ہاتھ اٹھا لئے تھے۔
پتہ نہیں کیوں اس شخص کی بات سن کر ان کے دل میں ایک ہوک سی اٹھی۔ اس شخص کے بیٹھ جانے کے بعد بھی وہ بار بار اسے مڑ کر دیکھتے رہے۔ انہیں اس شخص کا چہرہ بڑا مسکین محسوس ہوا۔ انہیں ایسا لگا جیسے یہ شخص سچ مچ مدد کا طالب ہے اور یہ جھوٹ نہیں بول رہا ہے۔ اسے ایسا سچ مچ اپنی بیٹی کی جان بچانے کے لئے مدد درکار ہے۔ دعا ختم ہو گئی اور وہ اسی بارے میں سوچتے رہے۔ وہ مسجد سے باہر نکلے تو انہیں وہ شخص مسجد کے دروازے کے پاس ایک رومال پھیلائے بیٹھا دکھائی دیا۔ رومال میں کچھ سکے اور ایک دو ،ایک دو روپیہ کی نوٹیں پھیلی تھیں۔ ایک لمحہ کے لئے وہ رک گئے جیب میں ہاتھ ڈالا اور پیسوں کا اندازہ لگانے لگے اور آگے بڑھ گئے۔
گھر آئے تو بہو اور بیٹا ایک آدمی کے ساتھ باتیں کر رہے تھے۔
“اگر آپ سیلنگ لگاتے ہیں ؟” وہ آدمی کہہ رہا تھا۔ ” تو میں آپ کو بالکل نئے طرز کی سیلنگ لگا کر دوں گا۔ اس طرح کی سیلنگ میں نے ایک فلم اسٹار کے بیڈروم میں لگائی ہے۔ ایک بڑی کمپنی کے آفس میں بھی اسی طرح کی سیلنگ ہے۔ اگر آپ صرف سیلنگ لگائیں گے تو پورے فلیٹ میں سیلنگ لگانے کا خرچ پچیس ہزار روپے کے قریب آئے گا۔ اگر آپ سیلنگ صرف بیڈروم میں لگانا چاہتے ہیں تو دس ہزار روپے کے قریب خرچ آئے گا۔ “
“پورے فلیٹ میں سیلنگ لگانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ صرف بیڈ روم میں ہی سیلنگ لگائیں گے۔ ” بہو بیٹے کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھ رہی تھی۔ ابھی گذشتہ سال ہی تو بیس ہزار روپے خرچ کر کے سیلنگ لگوائی تھی۔ ” اتنی جلدی سیلنگ بدلنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ہاں بیڈروم میں سیلنگ بدلنے کی سخت ضرورت ہے کیونکہ بیڈروم میں نیا پن تو ہونا چاہیئے۔ “
“ٹھیک ہے ! ” بیٹا اس آدمی سے کہنے لگا کہ تم کل آفس آ کر پانچ ہزار روپے اڈوانس لے لینا اور پرسوں سے کام شروع کر دینا۔ کام دو تین دنوں میں ختم ہو جانا چاہیئے۔ “
“صاحب ! دو تین دنوں میں کام ختم ہونا تو مشکل ہے کم سے کم آٹھ دن تو لگیں گے ہی۔ ” وہ آدمی کہنے لگا۔
“ٹھیک ہے ! لیکن کم سے کم وقت میں کام ختم کرنا اگلے ماہ میم صاحب کی برتھ ڈے ہے۔ اس برتھ ڈے کی پارٹی میں میں اپنے اور میم صاحب کے دوستوں کو سرپرائز گفٹ دینا چاہتا ہوں۔ ” بیٹا کہہ رہا تھا۔
“آپ فکر نہ کریں کام وقت پر ہو جائے گا۔ ” وہ آدمی اٹھ کر جانے لگا۔
“ارے ہاں ! مجھے اپنی اس برتھ ڈے پر کوئی قیمتی گفٹ چاہیئے جو کم سے کم بیس ہزار روپے کا ہو اور پھر پارٹی پر بھی تو دس بارہ ہزار روپے خرچ تو ہوں گے ہی۔ پھر یہ سیلنگ کا کام۔ اتنے پیسے ہیں بھی یا نہیں ؟“
“تم فکر کیوں کرتی ہو۔ سارا انتظام ہو جائے گا۔ ” بیٹا بولا۔ اچانک اس کی نظر ان پر پڑی۔ ” ارے ابا جان ! آئیے۔ ہم لوگ آپ ہی کا انتظار کر رہے تھے۔
“چلئے جلدی سے ہاتھ منہ دھو لیجئے۔ نرگس ذرا کھانا لگانا۔ “
“ابھی لگاتی ہوں۔ ” کہتی ہوئی بہو اٹھ گئی۔ کھانا لگا گیا اور وہ ساتھ میں کھانا کھانے لگے۔ کھانا کھاتے وقت بھی ان کا ذہن کہیں اور ہی الجھا ہوا تھا۔ بیٹا فلیٹ کی چھت بدلنے پر دس بیس ہزار روپے خرچ کرنے پر تیار ہے۔ بیوی کی سالگرہ پر دس بیس ہزار روپے کا تحفہ دینے کے لئے تیار ہے سالگرہ کی پارٹی پر دس بارہ ہزار روپے خرچ کرے گا۔ خدا نے اسے وہ آسودگی عطا کی ہے۔ جس کے لئے میں زندگی بھر ترستا رہا۔
مریم ! لگتا ہے ہمارے برے دن دور ہو گئے ہیں تمہاری بھی ساری دکھ تکلیفیں دور ہونے والی ہیں۔ تمہیں بہت جلد اس موذی مرض سے نجات ملنے والی ہے رات کو سونے کے لئے لیٹے بھی تو ذہن میں بیٹا ہی چھایا ہوا تھا۔
“بیٹے عامر !ایسا لگتا ہے تم میرے سارے خوابوں کو پورا کر دو گے۔ تمہارے بارے میں میں نے جو جو خواب دیکھے تھے وہ سارے خواب پورے کر دو گے۔ خدا تمہیں زندگی کے ہر امتحان میں کامیاب کرے۔ اور ساری دنیا کی مسرّتیں ،خوشیاں آ کر تمہاری جھولی میں جمع ہو جائیں۔ ان کی آنکھوں کے سامنے پانچ چھ سال کے عامر کی تصویر گھوم گئی۔ جب وہ کھیتوں میں کام کر رہے ہوتے تو عامر اپنے ننھے ننھے ہاتھوں میں تختی تھامے دوڑتا ہوا آتا تھا اور دور سے ان سے چیخ کر کہتا تھا کہ ابا ! آج ماسٹر جی نے ہمیں الف سے لے کر ت تک الفاظ سکھائے ہیں۔ مجھے اب پ ،ت سب لکھنا آتا ہے دیکھئے میں نے لکھا ہے۔ وہ آ کر ان سے لپٹ جاتا تھا۔ اور اپنی تختی ان کی طرف بڑھا دیتا تھا۔ تختی پر لکھے ننھے ننھے حروف پر نظر پڑتے ہی ان کا دل خوشی سے جھوم اٹھتا تھا۔
“بیٹے میرا دل کہتا ہے تو میرا نام ساری دنیا میں روشن کرے گا۔ تُو ایک دن پڑھ لکھ کر بہت بڑا آدمی بنے گا۔ ” اور سچ مچ عامر نے نچلی جماعتوں سے ہی ان کا نام روشن کرنا شروع کر دیا تھا۔
گاؤں کا ہر فرد جانتا تھا کہ عامر پڑھنے لکھنے میں بہت ہوشیار ہے۔ ہمیشہ کلاس میں اول آتا ہے۔ دسویں کے امتحان میں تو وہ پورے بورڈ میں تیسرا آیا تھا اور اس کی اس کامیابی سے نہ صرف ان کا بلکہ سارے گاؤں اور گاؤں کی اس چھوٹی سی اسکول کا نام بھی روشن ہو گیا تھا اور اس کے بعد عامر کو اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر جانا تھا۔ یہ تو بہت پہلے ہی طے ہو چکا تھا کہ وہ عامر کو اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر بھیجیں گے۔
مریم نے اپنے کلیجے پر پتھر رکھ لیا تھا اور پتھر رکھ کر اس نے عامر کو اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر روانہ کیا تھا۔ جس کو وہ ایک لمحہ اپنی آنکھوں سے جدا نہیں ہونے دینا چاہتی تھی۔ آخر اس کی ایک ہی تو اولاد تھی۔ دو تین بچے تو نہیں تھے جن سے دل بہلا سکے۔ پتہ نہیں کیوں قدرت نے انہیں عامر کے بعد اولاد نہیں دی۔
عامر کا داخلہ ایک اچھے کالج میں ہوا۔ اچھے نمبروں کی وجہ سے یہ داخلہ ممکن ہو سکا تھا۔ لیکن کالج کی فیس تو ادا کرنی ہی تھی۔ فیس اتنی زیادہ تھی کہ ان کی ساری بچت بھی کم پڑ رہی تھی اور مریم کے گہنے فروخت کرنے کے بعد بھی فیس کے پیسے جمع نہیں ہو رہے تھے۔
یہ طے کیا گیا کہ کھیت کا ایک ٹکڑا فروخت کر دیا جائے۔ بچے کے مستقبل اور اس کی پڑھائی سے بڑھ کر کھیت نہیں ہے۔ آخر یہ سب تو اسی کا ہے۔ اگر یہ اس کے کام نہیں آئے تو اس کی کیا وقعت۔ کھیت کا ایک ٹکڑا فروخت کر کے عامر کی فیس ادا کر دی گئی اور اس کی پڑھائی کے اخراجات کا انتظام بھی کر لیا گیا۔ بڑھتی عمر کے ساتھ ان سے کھیتوں میں کام نہیں ہوتا تھا۔ کھیت میں مزدور لگوا کر ان سے کام لیتے تھے۔ کبھی کبھی جب وہ کسی کام سے گاؤں سے باہر جاتے تو یہ کام مریم کو کرنا پڑتا تھا۔ مریم کی پرانی بیماری کا زور بڑھتا ہی جا رہا تھا۔
رات میں جب ٹھنڈی ہوائیں چلتیں تو دمےّ کا زور کچھ اتنا بڑھ جاتا تھا کہ انہیں مریم کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا تھا۔ موسم کے بدلنے سے دمّہ سے کچھ راحت ملتی تو گردے کی پتھری زور کرتی تھی اور انہی دو بیماریوں کی وجہ سے انہیں مریم کو بار بار شہر لے جانا پڑتا تھا۔ گاؤں میں آنے والے ڈاکٹر مریم کی ان بیماریوں کا صحیح طور پر علاج نہیں کر پاتے تھے۔ شہر کے ایک اچھے ڈاکٹر کے علاج سے تھوڑا ا۔ فاقہ ہو جاتا تھا۔ مریم کی دواؤں کا خرچ عامر کی پڑھائی کے خرچ کے برابر تھا۔ کھیت میں نئی فصل آتے ہی وہ سب سے پہلے دونوں کے خرچ کے پیسے الگ اٹھا کر رکھ دیتے تھے۔ لیکن نہ تو عامر کی پڑھائی کے خرچ کی کوئی حد تھی اور نہ مریم کی بیماری کے خرچ کی۔ دونوں بار بار اپنی حدود کو پار کر جاتے تھے اور ان کا سارا بجٹ گڑبڑا جاتا تھا۔ ایسے میں مریم ایثار کی مورتی بن جاتی تھی۔ وہ لاکھ تکلیفوں کو برداشت کر لیتی تھی اور ان سے کہتی تھی کہ میری طبیعت ٹھیک ہے۔ ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ پیسے عامر کو بھیج دو۔ وہ بیوی کے ایثار کو سمجھتے تھے لیکن اس معاملے میں بیوی سے بحث نہیں کر پاتے تھے۔ کیونکہ بیٹے کی پڑھائی سامنے سوالیہ نشان بن کر کھڑی ہو جاتی تھی اور عامر ہر بار اچھے نمبروں سے پاس ہوتا تھا۔ اور اس کی کامیابی سے وہ خوشی سے جھوم اٹھتے تھے۔ کہ عامر کے لئے وہ جو عبادت کر رہے ہیں۔ قدرت انہیں ان کی اس عبادت کا پھل دے رہا ہے۔ آخر وہ دن آپہونچا جب عامر نے اپنی تعلیم اچھے درجے سے پوری کر لی۔
“ابا ! اب آپ کو دن بھر دھوپ آگ میں کھیتوں میں کام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اب ہمیں کھیتی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اللہ نے چاہا تو مجھے بہت جلد کوئی اچھی نوکری مل جائے گی اور مجھے اتنی آمدنی ہو گی کہ اس آمدنی سے آسانی سے میں آپ لوگوں کی دیکھ بھال کر سکوں گا۔ امی کا کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کر سکوں تاکہ امی کی بیماری جڑ سے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے۔
عامر کی بات سچ بھی تھی۔ عامر نے جو تعلیم حاصل کی تھی اس تعلیم کی وجہ سے اسے ایسی نوکری تو آسانی سے مل سکتی تھی کہ اس میں ان تینوں کا گزر بسر ہو جائے۔ کھیتوں میں کام نہ کرنے کے عامر کے فیصلے سے وہ بھی مسرور تھے اب ان سے بھی دھوپ میں کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی نگرانی کا کام نہیں ہوتا تھا۔ وہ کھیت میں ہوتے تھے۔ لیکن ان کا سارا دل گھر میں لگا ہوتا تھا۔ مریم کیسی ہو گی پھر کہیں درد کا دورہ تو نہیں پڑ گیا ؟ کئی بار ایسا ہوا جب وہ کھیت سے واپس آئے تو انہوں نے مریم کو کبھی پتھری کے درد سے یا کبھی دمے کے دورے کے درد سے تڑپتا ہوا پایا۔ بس اسی وجہ سے مریم کو چھوڑ کر جانے کو ان کا دل نہیں چاہتا تھا۔
تعلیم ختم کرنے کے بعد عامر ایک دو ہفتہ ان کے پاس آ کر رہا تھا۔ پھر نوکری کی تلاش میں واپس شہر چلا گیا۔ ایک ہفتے کے اندر اس کا خط آیا کہ اسے ایک اچھی نوکری مل گئی ہے۔ دو مہینے بعد آیا تو کہنے لگا۔ پہلے سے بھی اچھی جگہ نوکری مل گئی ہے۔ اس لئے اس نے پہلی نوکری چھوڑ دی ہے۔
تین چار مہینے کے بعد اس کا خط آیا کہ اس نے ایک چھوٹا سا کمرہ لے لیا ہے۔ وہ لوگ چاہیں تو آ کر اس کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ عامر کے پاس جا کر رہنا ایک تضاد کا معاملہ تھا۔ دونوں اس کے لئے راضی نہیں تھے۔ اپنا گاؤں ،کھیت اور گھر چھوڑ کر اجنبی شہر کہاں جائیں ؟ وہاں نہ کسی سے جان نہ پہچان۔ پھر وہاں کے ہزاروں مسائل۔ عامر کے بہت زور دینے پر وہ کچھ دن اس کے پاس رہنے آئے۔ لیکن آنے کے بعد دونوں کا یہی خیال تھا کہ وہ اس کے پاس شہر میں نہیں رہ سکتے۔ انہیں وہاں کا ماحول راس نہیں آیا تھا نہ ان میں وہاں کے مسائل کا سامنا کرنے کی تاب تھی۔ اس درمیان میں عامر نے انہیں لکھا اس نے ایک لڑکی پسند کر لی ہے اور لڑکی کے گھر والے اس کی شادی عامر سے کرنے کے لئے تیار ہیں۔ آپ لوگ آ کر اس معاملے کو طے کر جائیں۔ اس بات کو پڑھ کر وہ خوشی سے جھوم اٹھے تھے۔ عامر نے ان کے سرکا ایک بوجھ ہلکا کر دیا تھا۔ انہیں عامر کے لئے لڑکی ڈھونڈنی نہیں پڑی تھی۔ اس نے خود ڈھونڈ لی تھی۔ شادی بیاہ کے بارے میں وہ اتنے دقیانوسی نہیں تھے کہ عامر کی اس بات کا برا مان جائیں۔ ان کا خیال تھا کہ عامر کو اس لڑکی کے ساتھ زندگی گزارنی ہے۔ اس نے خود لڑکی پسند کی ہے تو لڑکی اچھی ہی ہو گی۔
وہ ایک دن جا کر نرگس کو دیکھ آئے اور شادی کی تاریخ بھی پکی کر آئے۔ اس کے بعد انہوں نے بڑی دھوم سے عامر کی شادی کی۔ گاؤں کے جو لوگ بھی ان کے ساتھ عامر کی شادی کے لئے شہر گئے تھے ان کا بھی کہنا تھا کہ آج تک گاؤں میں اتنی دھوم دھام سے کسی کی شادی نہیں ہوئی۔
اس شادی میں ان کی ساری جمع پونجی اور مریم کے سارے زیورات کے ساتھ زمین کا ایک ٹکڑا بھی بک گیا لیکن پھر بھی انہیں کوئی غم نہیں تھا۔ وہ ایک اور فرض سے سبک دوش ہو گئے تھے جیسے ان کی قسمت میں قدرت نے آرام لکھ دیا تھا۔ عامر ہر ماہ اتنی رقم بھیجتا تھا کہ انہیں کھیتوں میں فصل اگوانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی تھی اور اس رقم میں ان کا آرام سے گزر بسر ہو رہا تھا۔
معاملہ اس وقت گڑبڑا جاتا جب عامر رقم روانہ نہیں کرتا اور روانہ نہیں کرنے کی وجہ لکھ دیتا۔ نرگس اسپتال میں تھی اس کی بیماری پر کافی خرچ ہو گیا۔ نیا فلیٹ بک گیا اس کے پیسے بھرنے ہیں۔ رنگین ٹی وی لیا ہے اس کی قسطیں ادا کرنی ہیں۔ پھر مریم کی بیماریاں بھی زور پکڑنے لگیں۔ کبھی کبھی ان کو بھی چھوٹی موٹی بیماریاں آ گھیرتیں تب انہیں محسوس ہوتا کہ عامر پر تکیہ کرنا بے وقوفی ہے۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے انہیں آرام کرنے کی بجائے کھیتوں میں کام کرنا چاہیئے۔ اور وہ پھر سے کھیتوں کی طرف متوجہ ہو گئے۔ اس وجہ سے ان کی بیماریاں بھی بڑھنے لگیں اور مریم کی بھی۔ مریم کو کبھی کبھی درد کے اتنے شدید دورے پڑتے تھے کہ محسوس ہوتا کہ ابھی اس کی جان نکل جائے گی۔ ڈاکٹر نے بھی صاف جواب دے دیا تھا۔ اب تک میں دواؤں سے درد کو دبانے کی کوشش کے ساتھ ساتھ پتھری کو ختم کرنے کی کوشش بھی کرتا رہا ہوں۔ لیکن نہ تو پتھری ختم ہو سکی ہے اور نہ درد اور اس وقت جو صورتِ حال ہے اس کے پیشِ نظر آپریشن بے حد ضروری ہے۔ ورنہ کسی دن درد کا یہ دورہ جان لیوا ثابت ہو گا۔
مریم کی زندگی کے لئے آپریشن بے حد ضروری تھا اور اس پر دس پندرہ ہزار روپوں کے خرچ کی امید تھی۔ اتنی رقم ان کے پاس نہیں تھی۔ ڈاکٹر نے جلد آپریشن کرنے پر زور دیا تھا۔ اس لئے انہوں نے سوچا ساری صورتِ حال سے عامر کو مطلع کر دیا جائے۔ وہ مریم کے آپریشن کا انتظام کر دے گا۔ اس کے لئے وہ عامر کے پاس آئے آتے ہی ادھر ادھر کی باتوں کے بعد اور پھر رات کا کھانا کھا کر سونے کے لئے آلیٹے۔ سوچا سویرے اطمینان سے باتیں کریں گے۔
دوسرے دن ناشتے کی میز پر انہوں نے ساری صورتِ حال بیٹے کے سامنے رکھ دی۔ ” ابا میں نے آپ کو بار بار لکھا تھا کہ آپ امی کے علاج سے کوتاہی نہ برتیں ان کی بیماری بہت خطرناک ہے۔ “
“ڈاکٹر کہتا ہے اب آپریشن بے حد ضروری ہے۔ “وہ بتانے لگے۔ ” ورنہ کسی دن بھی تمہاری امی کی جان جا سکتی ہے۔ آپریشن میں دس پندرہ ہزار روپے خرچ آئے گا۔ اس لئے میں تمہارے پاس آیا ہوں۔ اگر تم پیسوں کا انتظام کر دو تو آپریشن کروا لوں۔ ڈاکٹر نے ساری تیاریاں کر لی ہیں۔ “
“آپریشن ؟ ” ان کی بات سوچ کر عامر کچھ سوچ میں ڈوب گیا۔ ” دس پندرہ روپوں کا انتظام ؟ ” بہو بیٹے کا منہ دیکھنے لگی۔
“ابا ! اب آپ سے کیا کہوں میں بھلا اتنی بڑی رقم کا انتظام کیسے کر سکتا ہوں۔ آپ جانتے ہیں میرے پیچھے کتنے خرچ ہیں۔ آپ کو باقاعدگی سے پیسہ روانہ کرنا ہوتا ہے۔ اس فلیٹ کو خریدنے کے لئے جو قرض لیا تھا اس کی قسطیں کٹ رہی ہیں۔ فرنیچر اور ٹی وی والوں کی ادھاری دینی ہے۔ سمجھ لیجئے اس وقت میں کاندھے تک قرض میں دھنسا ہوں اور آپ امی کے آپریشن کے لئے دس پندرہ ہزار روپے مانگ رہے ہیں ؟“
بیٹے کی بات سن کر حیرت سے وہ اس کا منہ تاکنے لگے۔ بیٹے نے نظریں چرا لیں تو وہ فلیٹ کی چھت کو گھورنے لگے جہاں نئی طرز کی سیلنگ آویزاں تھی۔ اچانک ان کی آنکھوں کے سامنے مسجد میں اپنی بیٹی کے دل کے آپریشن کے لئے لوگوں سے مدد مانگنے والے اس آدمی کا چہرہ گھوم گیا اور وہ لرز اٹھے۔ انہیں لگا جیسے وہ بیٹے کے فلیٹ کے دروازے پر رومال بچھا کر اس سے ماں کے آپریشن کے لئے مدد مانگ رہے ہیں۔