(Last Updated On: )
ناصر نظامی(ایمسٹرڈیم،ہالینڈ)
حدیثِ کرب و بلا کا اعادہ کرتے رہو
غمِ حُسین کی لَو کو زیادہ کرتے رہو
سجا کے خون کے سہرے رُخِ صداقت پر
حُسینیت کے علَم کو لبادہ کرتے رہو
یہ اور بات،شہادت کا حق ملے نہ ملے
شہید ہونے کا دل میں اعادہ کرتے رہو
علیؓ کے نام سے ٹلتی ہیں مشکلیں سر سے
علیؓ کے نام سے تم استفادہ کرتے رہو
یہ علم و عقل ہے مومن کا گم شدہ ورثہ
ملے کہیں سے بھی تم استفادہ کرتے رہو
عدو کی ہرزہ سرائی کو بخش دو ہنس کر
نظر بلند،جگر کو کشادہ کرتے رہو