میرے سینے میں داخل ہو رہا ہے
کوئی تنہا تھرکتا بے تحاشا ناچتا تارہ۔!
سمندر دیکھ لڑ سکتا ہوں میں تیری اُچھلتی اضطراری کیفیت سے
مگر کچھ رحم آتا ہے
کہ تو جب ٹوٹ کر نیچے گرے گا۔ تو تیرے محل پنجے
زمین کے چپ ریتیلے جسم کو آلودہ کر دیں گے
سمندر! میں ترے ساحل پہ جب سائے چلاتا ہوں
تو گہرے نقش بنتے ہیں
مگر یہ تیری قسمت تجھ میں کوئی نقش، کوئی عکس، کوئی رنگ
بھی زندہ نہیں رہتا۔!
مری خاموش تنہائی سمندر۔ سمندر جسم۔ آوازیں سمندر
سمندر آنکھیں سائے، ہونٹ پنجے
سمندر رقص پیمانے تماشے
سمندر!
سمندر۔ تجھ میں کوئی جھیل بھی اک جم گئی ہے
یہ کیسی جھیل ہے جس پر کوئی سایہ گذرتا ہے تو رُک کر جذب ہو جاتا ہے
جیسے کوئی ٹی وی رُک گیا ہو۔!
مرے نیلے سمندر میں
وہ آئی۔ تو کیسی چیخ تھی۔؟
وہ آئی۔
۔ بوند بن کر اس طرح ٹپکی۔ سمندر کھو گیا!
اور دُور تک آتش فشانوں سے دھُواں اُٹھنے لگا۔!
سمندر تو کہاں جائے گا۔ رُک جا۔!
زمیں کا سرد ریتیلا بدن پی لے گا لاوے کو
ترا تو رنگ نیلا ہے
ترے اس جسم پر موسم اُبھرتے ہیں مگر نغمے نہیں آتے۔!
٭٭٭