٭٭ عراق میں امریکی اور برطانوی افواج کے خلاف زبردست عوامی مظاہرے۔
(ایک اخباری خبر)
٭٭ لگتا ہے عراقی عوام کو غلط فہمی ہو گئی ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کی افواج عراقی عوام کو صدام سے آزادی دلانے نہیں بلکہ اپنا غلام بنانے گئی ہیں۔،اگر عوامی رد عمل اسی طرح بڑھتا رہا تو بے چارے امریکی ،عر ا قی عوام کو مزید آزادی کیسے دلائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ عراق کے بعد پاکستان کی باری آنے کی بات کرنیوالے یہودیوں کے ایجنٹ ہیں ۔
(شیخ رشید۔وزیر اطلاعات پاکستان)
٭٭ حضور گستاخی معاف! تھوڑا عرصہ پہلے خود جنرل پرویز مشرف بھی کہہ چکے ہیں کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی ملک کے بعد پاکستان کی باری نہ آئے۔ اپنے فرمان کی رُو سے پھر(نعوذ باﷲ) جنرل صا حب کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ بھارت نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔کوئی مسئلہ ایسا نہیں ،جو پُر امن طریقے سے حل نہ کیا جا سکے۔ (سرینگر میں بھارتی وزیر اعظم واجپائی کی تقریر)
٭٭ اگریہ واجپائی جی کامحض سیاسی بیان نہیں ہے تو پھرشاید یہ حکومت پاکستان کی طرف سے مذاکر ا ت کی باربار کی اپیلوں کو کوئی اثر ہوا ہے۔بقول شاعر
لائے اس بُت کو التجا کرکے
کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے
خدا کرے کہ اب بیانات کی سطح سے بڑھ کر عملی اقدامات بھی شروع کئے جا سکیں ۔ صرف عزم کر رکھنے سے بات نہیں بنے گی۔عزم سے بڑھ کر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ صوبہ سرحد میں اپنا ٹی وی چینل کھولنے کی کوشش کریں گے۔
(ایم ایم اے کے صوبائی وزیر اطلاعات کا بیان)
٭٭ یہ بہت نیک ارادہ ہے ۔اسے جلد سے جلد قابلِ عمل بنانا چاہئے۔اس طرح اہلِ وطن کو معلوم ہو سکے گا کہ علماءکی حکومت کے زیر انتظام ”اسلامی چینل“کیسا ہوتا ہے۔امید ہے صوبائی وزیر اطلاعات کے اہلِ خانہ اور وہ خود بھی اپنا چینل دیکھا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ امریکہ کے بعد اب کینیڈا سے ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنے کا پروگرام۔۔۔ مذکورہ تارکین وطن میں اکثریت پاکستانیوں کی ہے۔ (ایک خبر)
٭٭ امریکہ میں بھی جن تارکین وطن کے خلاف کاروائی کی گئی تھی وہ غیرقانونی طور پر وہاں مقیم تھے ۔ غیر قانونی قیام کو کوئی ملک دانستہ نظر انداز کرتا ہے تو اس کی طرف سے اسے بونس سمجھنا چاہئے،اپنا حق نہیں سمجھنا چاہئے۔9/11 کے بعد امریکی رویہ میں تبدیلی اس کے اپنے تحفظات کے مطابق ہے۔کینیڈا کی بھی اپنی پالیسی ہے۔عرب ممالک کا رویہ ایسے معاملات میں امریکہ اور کینیڈا سے کہیں سخت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ وقت اور حالات کا تقاضہ ہے کہ مسلم امہ متحد ہوجائے۔(اسلامک انٹر نیٹ یونیورسٹی کے زیر اہتمام نیویارک میں ایک بہت بڑے مظاہرے کے دوران مقررین کی تقاریر)
٭٭ از روئے قرآن بے شک مسلمانوں کے تمام دکھوں کا مداوا ان کے اتحاد میں ہے۔لیکن اس وقت اسلامی دنیا جس نفسا نفسی،انتشار اور افتراق کا شکار ہے اس کے پیش نظر مسلمانوں کا کسی سطح کا باہمی اتحاد ہونا ناممکن ہے۔ جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے،شاید ان کے انفرادی اور اجتماعی سارے گناہوں کی سزا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ امریکہ گزشتہ بارہ برسوں سے مسلمانوں کو ظلم اور جبر سے آزاد کرانے کی جدو جہد کر رہا ہے۔ (کولن پاول)
٭٭ ہم پہ احساں جو نہ کرتے تو یہ احساں ہوتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ امریکہ عراق میں چار فوجی اڈے قائم کرے گا(امریکی اہلکار)
٭٭ ظاہر ہے اڈے قائم کئے بغیر عراقی مسلمانوں کو جبر اور ظلم سے پوری طرح آزاد کیسے کرایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ عراق میں پولیس نظام سے متعلق کنٹریکٹ بھی ورجینیا سے تعلق رکھنے والی ایک امریکن کمپنی کو دے دیا گیا۔ (امریکی وزارت خارجہ)
٭٭ اس سے صاف ظاہر ہوجاتا ہے کہ امریکہ مسلمانوں کو ظلم اور جبر سے آزاد کرانے کے لئے کتنے بوجھ اٹھائے جارہا ہے۔کتنی ذمہ داریاں خود ہی اپنے سر پر لئے جارہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ امریکہ کے پاس ایران پر حملے کو کوئی جواز نہیں (ایرانی وزیر خارجہ کمال خرازی)
٭٭ جواز تو امریکہ کے پاس عراق پر حملے کا بھی کوئی نہیں تھا۔اگر دنیا سے اخلاقیات اور مسلمہ بین الاقوامی اصولوں کا جنازہ نہ نکل گیا تو امریکہ کبھی بھی اپنے اس جرم کا کوئی اخلاقی اور اصولی جواز نہیں بتا سکے گا جو اس نے عراق پر حملہ کی صورت میں کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ امریکہ اور برطانیہ نے عراق کو تباہ کیا ،وہی اس کی بحالی کا کام بھی کریں ۔
(ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد)
٭٭ جناب بات آپ کی درست ہے ۔امریکہ اور برطانیہ سے کہا جا سکتا ہے کہ
تمہیں نے درد دیا ہے ، تمہیں دوا دینا
ویسے امریکہ خود بھی تو یہی چاہتا ہے کہ بحالیٔ عراق کے سارے ٹھیکے امریکن فرموں کو دئیے جائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭٭ عنقریب پیپلز پارٹی کے پانچ اور ارکان اسمبلی پی پی پی پیٹریاٹ میں شامل ہو جائیں گے۔ (پی پی پی پیٹریاٹ کے صدر اور پاکستانی وزیر دفاع راؤسکندر اقبال کا بیان)
٭٭ اگر پاکستان کے اپنے محدود دائرے میں ”ضمیر فروشی“ اور ”پارٹی سے غداری“کو پیٹریاٹ(حب الوطنی)کا خطاب دیا جا سکتا ہے تو پھر امریکہ دنیا کے بعض اسلامی ممالک کو جس طرح ظلم سے آزادی دلانے کے نیک کام پر نکلا ہوا ہے،وہ بھی بالکل حق بجانب ہے۔ جب الفاظ کے معانی ہی الٹ کرکے بدل لئے گئے ہیں تو پھر جو ناجائز کہئے ،وہ سب جائز ہے۔
٭٭