آلامِ روزگار کی زد میں آنے والے بشیرکی کمر ضعیفی کے باعث جھک گئی تھی۔ ایسے مخلص اور صابر و شاکر لوگ اب دنیامیں کم کم دکھائی دیتے ہیں۔ ایک ملاقات میںبشیرنے آ ہ بھر کر کہا’’ رضوان کی وصیت ایک ایسی سوانحی یادداشت ہے جس کی پیشانی پر عادی دروغ گو ،احسان فراموش اور محسن کش درندوں کی لُوٹ مار ، عیاری ،مکر و فریب اور پیمان شکنی کا قشقہ کھنچاہے ۔ اس سے پہلے کہ سمے کی دیمک چپکے چپکے کتابِ زیست کے اوراق کو چاٹ لے میں لوح ِ جبینِ گُل پر خونِ دِل سے طلوع ِ صبح ِ بہاراں کانصاب لکھناچاہتا ہوں ۔‘‘ اس ملاقات میں بشیرنے افسانہ نگار سے جوباتیں کیں وہ پوری دیانت سے حرف حرف زیبِ قرطاس کی جا رہی ہیں :
رضوان اور بشیر کی رفاقت پچاس سال پر محیط تھی ۔ بر صغیر میں نو آبادیاتی دور میں دوسری عالمی جنگ ( 1939-1945) کے دوران میںرضوان کا والد بہرام اور بشیر کا والد فرقان برطانوی فوج میں ملازم تھے ۔دونوں نے مختلف محاذوں پر جرمن فوج کے خلاف جنگ میں حصہ لیا۔خاص طور پر جنرل منٹگمری کی کمان میں العالمین کے محاذ پر برطانوی فوج میں ملازم بر صغیر سے تعلق رکھنے والے ان سپاہیوں کو اپنے فوجی دستوںکی کارکردگی پر ہمیشہ فخر رہا۔ اس عرصے میں جب بھی چھٹی ملی فرقان نے سعودی عرب میں عمرے کی سعادت حاصل کی ۔ چھے سال جاری رہنے والی اس عالمی جنگ میں وہ برما،بصرہ ،بغداد ،قاہرہ ، طبرق صحرائے سینااور صحرائے کیارہ کے نزدیک مختلف محاذوں پر تعینات ر ہے ۔ حج کے موقع پرفرقان ہر سال اپنی کمان سے اجازت لے کر سعودی عرب پہنچتا اور فریضہ ٔ حج ادا کر کے روحانی سکون محسوس کرتا ۔ ہر سال ماہ صیام میں فرقان عمرے کی سعادت حاصل کرتا اور رمضان کے مبارک مہینے کے آخری عشرے میں مسجد نبوی میں اعتکاف میں بیٹھتا۔بہرام کو اپنے معتمد ساتھی اور محرم راز فرقان کے خلوص پر بہت ناز تھا مگر دونوں کے ذوق مختلف تھے ۔ بہرام کو یونانی طریقہ علاج کے طبی نسخوں ،ٹونے ٹوٹکوں اور آثار قدیمہ سے گہری لچسپی تھی ۔ دوسری عالمی جنگ میں صحرائے سینا میں برطانوی فوج تعینات تھی۔اپنی یونٹ کے مجاز افسروں کی اجازت سے یہ دونوں دوست اپنے کچھ رفقا کے ساتھ جبلِ موسیؑ ( کوہِ طُور ) کی زیارت کے لیے پہنچے۔سیاحت کے شوق میں انھوں نے سال 1869میں مکمل ہونے والی 183کلو میٹر لمبی نہر سویز کو اِس نہر کے مقام ِ آغاز پورٹ سعید پر جا کر دیکھا۔انھوں نے اہرام مصر دیکھے اور بیس برس کے عرصے میں 2560 BC میں مکمل ہونے والے 481 فٹ بلند فرعون خوفوکی آخری نشانی کے سرہانے فقط سنگ دیکھ کر دنگ رہ گئے ۔برطانوی فوج میں بھرتی ہونے سے پہلے بہرام جڑی بوٹیوں سے علاج کرنے والے مقامی معالج کے معاون کے طور پر کام کر چکا تھا۔دوسری عالمی جنگ کے دوران میںمصر میں قیام کے عرصے میں بہرام کو مقامی اطبا نے بتایا کہ لوبان کے استعمال سے کئی بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ دوسر ی عالمی جنگ کے زمانے میں مصر میں لوبان کی کاشت کثرت سے ہوتی تھی ۔لوبان کے تنے کو کئی مقامات پرتیشے یا کلہاڑی سے ایک انچ کے قریب کاٹا جاتا تھا ۔اس جگہ سے خاص قسم کی گوند نکلتی جسے خشک کر کے لوبان تیارکیا جاتاتھا ۔ اطبا کا خیال ہے کہ لوبان جن بیماریوں کے علاج میں مفید ہے ان میں بواسیر ،رسولی ،جنسی بیماریاں ،دمہ ،متلی اور گلے کی سوزش شامل ہیں ۔ مشرق وسطیٰ میں قیام کے عرصے میں بہرام کو علمِ نجوم ، دست شناسی ،پیرا سائیکالوجی ، مافوق الفطرت عناصر اور مابعد الطبیعات کے بارے میں بھی بہت مفید معلومات حاصل ہوئیں ۔اسے یہ بھی بتایا گیا کہ لوبان کے سلگانے سے آ سیب ، بد روحیں ،دیو ، جن ،بھوت ،چڑیلیں اور ڈائنیں بھاگ جاتی ہیں ۔اس کے علاوہ حشرات الارض ،چھپکلی ،سانپ ،بچھو ،اژدہا ،مچھر ، کن کھجورا،کھٹمل،پسو ،مچھر اور لال بیگ سے نجات حاصل کرنے کے لیے لوبان کی دھونی اکسیر ہے ۔فوجی ملازمت سے جب بھی چھٹی ملتی بہرام اپنے آبائی گھر قزاقستان پہنچتااور جہاں لوبان کے شیدائی اس کا شد ت سے انتظار کرتے تھے۔ خانے وال میں بہرام کے عزیزجھارو کا سوتیلا باپ شفو رہتاتھا ۔یہ شقی القلب مسخرا ایک طالع آزمااور مہم جُو درندہ تھا۔ اس علاقے میں لوبان کی مانگ بہت زیادہ تھی اور اس کا استعمال یو ں سمجھ لیں کہ ویاگرا کے مانند تھا ۔ شفو نے لوبان سے منشیات کی تیاری کا مکروہ دھنداشروع کر دیا۔ خلق ِخدا کا حلق کسی کی گرفت میں نہیں اس زمانے میںہر شخص یہی کہتا کہ عالمی جنگ کے سنگ شفو کے رنگ ڈھنگ ہی بدل گئے ۔ اس نو دولتیے کو دیکھ کر سب لوگ دنگ رہ گئے جس نے اس دھندے میں بہت کچھ کمایا ۔اس نے جو چاند چڑھایا وہ کسی کی نظر سے اوجھل نہ تھا ۔
عالمی جنگ ختم ہوئی تو بہرام اور فرقان مدراس پہنچے ۔یہاں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد وہ اپنے آبائی شہروں کو روانہ ہو گئے ۔ بہرام اور فرقان کے گھر والوں نے ان کی شادی کر دی ۔ مغل بادشاہ جہاں دارشاہ کی اہلیہ لا ل کنور کی سہیلی زہرہ کنجڑن کا نواسہ تفو کنجڑا مدراس کا بدنام اچکا تھا۔ تفو کنجڑے نے مدراس کی ایک مشاطہ سے شاد ی کر لی ۔ کو ٹھے پر بیٹھنے والی یہ مشاطہ شہر کی بدنام نائکہ اور رذیل طوائف تھی ۔اس طوائف سے تفو کنجڑے کے پانچ لڑکے اور چار لڑکیاں پیدا ہوئیں ۔ تفو کنجڑے کی طوائف بیوی اور اس کی اجرتی بد معاش اولاد نے بہرام اورفرقان کو لُوٹ لیا اور فرضی مقدمات اور جھوٹی گواہیوں کے ذریعے انھیں زندان بھجوانے کی سازش کی ۔مصیبت کی اس گھڑی میں فرقان نے اپنے دیرینہ ساتھی عبدالواحدکی مددسے اس بلائے ناگہانی سے نجات حاصل کی ۔ تفو کنجڑے نے ایک رانڈ سے تیسری شادی کر لی اور اس کے سابقہ شوہر سے اس بیوی کے بچوں کو اپنی کفالت میں لے لیا۔پرِ زمانہ تو پرواز نُور سے کہیں بڑھ کر تیز ہے وقت گزرتا رہا، فرقان اور بہرام دونوں اب ضعیف ہو چکے تھے ۔فرقان نے تو معرفت کی منازل طے کر لیں مگر بہرام دنیا داری میں الجھ کر ر ہ گیا۔قزاقستان کے مضافات میں ایک چنڈوخانے میںتفو کنجڑے کا حصہ تھاجہاں وہ لوبان اور کئی دوسرے نشے فروخت کرتا تھا۔ تفو کنجڑے کے قبیح کردار کی وجہ سے اکثر لوگ اس کی ملامت کرتے مگر اِس چکنے گھڑے نے بازار میں دی جانے والی ہر گالی سدا ہنس کر ہی ٹالی ۔ تقسیم ہند کے بعد حالات بدل گئے اور تفو کنجڑا در در کی ٹھوکریں کھاکر اپنی بیوی اور بچوں کو لے کر قزاقستان پہنچا۔سرمایہ دار ہندو ساہوکار اس علاقے سے نکل گئے اور مسلمانوں کے لیے ترقی اور خوش حالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ۔ یہاں تفو کنجڑے نے خشک میوہ جات ،پھلوں اور سبزی کی ایک دکان کھولی مگر یہاں بھی اس کے وہی لچھن رہے ۔وہ منشیات بیچتا اور کالا دھن کمانے کی فکر میں مبتلا رہتا۔
بہرام اور فرقان کی اولاد میں رشتہ داری تو نہ ہو سکی مگر بہرام نے اپنے بیٹے رضوان کو یہ وصیت کی کہ جہاں تک ممکن ہوفرقان کی اولاد سے معتبر ربط رکھنا۔فرقان کا بیٹابشیر اور بہرام کا بیٹا رضوان دونوں گہرے دوست اور ہم جماعت تھے ۔بشیر اوررضوان دونوں نے فتح جنگ کے ایک ہی کالج میں انٹر میڈیٹ تک تعلیم حاصل کی۔اس کے بعد دونو ں دوستوں کی مختلف گھرانوں کی لڑکیوں سے شادی ہو گئی اور دونوں نے عملی زندگی کا آغاز کیا ۔بشیر نے شعبہ تدریس کا انتخاب کیا جب کہ رضوان نے عسکری شعبہ کو پسند کیا۔شادی کے بعد رضوان اپنے آبائی شہر تلہ گنگ چلا گیا جب کہ بشیرنے فتح جنگ میں سکونت اختیارکر لی ۔رضوان کی بیوی قفسو جو قصبے مکڑ وال کے ایک نجی شفاخانے میں نرس تھی وہ اپنے شوہر کواپنے ساتھ لے گئی اور وہیں مستقل طور پراپناگھر بسا لیا۔ اپنے جبر کی بنا پر قفسو اپنے شوہر رضوان کواپنی انگلیوں پر نچاتی تھی ۔ قحبہ خانے کی مالکن اور رسوائے زمانہ نائکہ قفسو کے بارے میں مشہور تھاکہ یہ نائکہ ہند سندھ کا ایسا مورا ہے جس میں پورے ملک کی غلاظت آ کر گرتی ہے ۔ گرد ونواح کے شہروں اور مضافاتی علاقوں کے سب بھانڈ ،بھڑوے،اُچکے ،مسخرے ،لُچے ،شہدے ،ڈُوم ،ڈھاڑی ، رجلے ،خجلے ،بھگتے اور منگتے سب کے سب قفسو کے متوالے تھے ۔میاں والی کی تحصیل عیسیٰ خیل میں واقع قصبے مکڑ وال کے بارے میںمشہور تھاکہ یہاں کے نوسر باز مکین ہرنوارد کی آ نکھوں میں دُھول جھونک کر اپنااُلّو سیدھاکرنے میںاپنا ثانی نہیں رکھتے ۔ نو آ بادیاتی دور میں بنارسی ٹھگ بھی مکڑوال کے مکینوں کے سامنے پانی بھرتے تھے ۔ کچھ ستم ظریف اس قصبے کو مکڑوال کے بجائے ’’ مکروال ‘‘کہتے تھے ۔ اس شہر ناپرساں کے کچھ لوگوں کے مکر ،فریب ،دغا و دُزدی کے باعث اکثر لوگ کہتے کہ یہ شہر بھی عجیب ہورہا ہے جو اپنے کچھ مکینوں کی عیاری ،مکاری ،فریب کاری اور پیمان شکنی کے باعث رفتہ رفتہ کوفے کے قریب ہو رہا ہے ۔ شفو نے بھی مکڑوال میں کوئلوں کے کاروبار میںدلچسپی لی مگر کوئلوں کی دلالی میں اس کا منھ کالا ہوا تو سب کچھ چھوڑ کر اس نے کالاباغ کا رخ کیا۔ بشیر کی بیوی گھریلو خاتون تھی اوراس نے اپنے شوہرکے آبائی شہرفتح جنگ ہی میں قیام کیا۔
معلم بشیر کامطالعہ بہت وسیع تھا اور اپنی تحریروں میں اس نے مشرقی خواتین کے مسائل پر کھل کر لکھا۔ وہ اپنے ساتھی رضوان کو بتاتا کہ اذیت ،عقوبت اور مشقت کی بھیانک رات بالآخر ختم ہو جاتی ہے اس کے بعد مسرت و شادمانی کی نقیب صبح درخشاں طلوع ہوتی ہے۔ اپنے شوہر کی خاطر مشرقی عورت آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی اس نے اجتماعی لا شعور کی اساس پر فکر و خیال کی انجمن آراستہ کرنے کے سلسلے میں ا ردو ادب میں ممتاز شیریں کے اسلوب کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ۔ تانیثیت اس کا خاص موضوع رہا اس نے مثالیں دے کر واضح کیا کہ ممتاز شیریں نے اپنے ایک افسانے’’ میگھ ملھار ‘‘ میں اجتماعی لا شعور کو رو بہ عمل لانے کی سعی کی ہے ۔ معاشرتی زندگی میں مشرقی خواتین کی اپنے شوہر کے ساتھ قلبی وابستگی کو ممتاز شیریں نے اساطیر اور یونانی دیو مالا کے بر محل استعمال سے انتہائی موثر انداز میں پیش کیا ہے ۔ اپنے شوہر ایڈ میٹس(Admetus)سے والہانہ محبت کرنے والی آل سسٹس ( Alcestis) سلطنت لولکس ( Lolcus ) کے شہنشاہ پیلیاس ( Pelias) کی سب سے حسین دختر تھی ۔ المیہ نگاریوری پائیڈز ( Euripides)کا تعلق یونانی دیومالا سے ہے ۔ اس نے اپنے عہد کے ڈرامہ نگاروں ایس ہیلس اور سوف کیلس ( Aeschylus and Sophocles) کی طرح المیہ ڈرامہ کو نئے آفاق سے آشنا کیا۔ممتاز شیریں نے ایتھنز سے تعلق رکھنے والے کلاسیک ڈرامہ نگار یوری پائیڈزکے اسلوب کو پیشِ نظر رکھا ہے ۔محبت کے دستوربھی نرالے ہوتے ہیں یہاں ایثار و قربانی کی ایسی مثالیں سامنے آتی ہیںکہ عقل محو تماشائے لبِ بام رہ جاتی ہے ۔ایڈمیٹس اپنی زندگی کو درپیش خطرات سے گلو خلاصی کے لیے باری باری اپنے سب عزیزوں،دوستوں اور رفقا سے ان کی زندگی کی قربانی کی التجا کرتا ہے مگر اس کی فغاں پر کوئی کان نہیں دھرتا۔ ہر طرف سے مایوس ہو کر ایڈمیٹس اپنے دلِ حزیں پہ جبر کر کے اپنی محبوب اہلیہ آلسسٹس سے یہ تقاضا کرتاہے کہ وہ اپنی زندگی اپنے شوہر کی خاطر قربان کر دے ۔آلسسٹس جانتی تھی کہ درد کا رشتہ ایثار کا تقاضا کرتاہے اس لیے وہ خوشی سے اپنے شوہر کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی کی قربانی دینے پر رضا مند ہو جاتی ہے اور آزاد مرضی سے ا پنی زندگی اجل کے دیوتا کے سپرد کر دیتی ہے ۔ آلسسٹس کے جذبۂ ایثار کو دیکھ کر دیوتاؤں ہیڈز (Hades) اورہیرا کلز( Heracles) کو ترس آ گیااور انھوں نے نہ صرف اس عورت کی جان بخشی کر دی بل کہ اس کے شوہر کی زندگی کو درپیش خطرات بھی ٹل گئے ۔ زمانہ طالب علمی میں رضوان اپنے ہم جماعت بشیر کی باتیں نہایت توجہ سے سنتا اور سر دُھنتا تھا۔رضوان کا خیا ل تھا کہ انسان کو اپنی تسبیح روز و شب کا دانہ دانہ شمار کرتے وقت یہ یادرکھنا چاہیے کہ اجزا کی نسبت کل کی اہمیت و افادیت کہیں بڑھ کر ہے ۔اس عالمِ آب وگِل میں موجود زندہ اجسام کی زندگی حرکت و حرارت سے عبارت ہے ۔اس وسیع و عریض کائنات میںہر ذی روح کا وجوداس فعالیت کاآئینہ دارہے جسے وہ کثرت سے بروئے کار لاتاہے ۔بشیر کی رائے یہ تھی کہ کسی بھی کام میں ستارے چُھو لینے کاراز کسی ایک کام کوپایہ تکمیل تک پہنچانانہیں بل کہ ستاروں پر کمند ڈالنے کامطلب یہ ہے کہ انسانیت کی فلاح کی خاطر صبح و مسا ایسے متعدد کام کیے جائیںجن کے اعجاز سے ہوائے جو ر و ستم کے بگو لے تھم جائیں ۔انسانیت کی فلاح وبہبود کے کام اگر عادت ثانیہ بن جائیںتو اس سے شخصیت کو استحکام اور کردار کو عظمت نصیب ہوتی ہے ۔
زمانہ طالب علمی ہی سے بشیراور رضوان کی دوستی مثالی تھی ۔دونوں اس بات پر متفق تھے خوش حالی ،مسرت اور شادمانی کے مواقع پر دوستوں کی پرکھ ممکن ہی نہیں۔ ابتلا و آزمائش اور مصائب و آلام کی گھڑ ی میںکسی دوست ،بہی خواہ اور غم خوار کا طرزِ عمل ہی اس کے خلوص ، دردمندی ،ایثار ،وفا اور غم گساری کی سب سے بڑی کسوٹی ہے ۔زندگی تو وہی ہے جسے ہم بسر کرہے ہیں جہاں تک کالا دھن کمانے والے اہلِ ثروت کی نمود و نمائش کی مظہر پر تعیش زندگیاںہیںان سے بے تعلق رہناہی مصلحت ہے کیونکہ اس قسم کا راحت اور آ سودگی سے معمور ماحول ہماری دسترس میں نہیں۔بشیراپنے دوست رضوان کویہ بات سمجھا تا رہتاکہ معاشرتی زندگی میں درد مندوں اور ضعیفوں سے خلوص ،مروّت اور بے لوث محبت کا رشتہ استوار کرنے والے فیض رساں انسان اللہ کریم کی نعمت ہیں ۔سادیت پسندی کے روگ میں مبتلادرندے جب کسی فیض رساں اور خادم خلق انسان کو اذیت و عقوبت میں مبتلارکھنے کی کوشش کرتے ہیں توان کے قبیح کردارکی وجہ سے یہ حساس لوگ دِل برداشتہ ہوکر گوشہ نشین ہو جاتے ہیں ۔ اس طرح فیض کے اسباب پیدا کرنے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے ۔
رضوان کے ایک عزیزجھابو قرق نے ایک کتا پال رکھا تھایہ خارش زدہ کتا اکثر رضوان کی گلی میں گھو متا پھرتا دیکھا گیا۔ ایثار اورسرفروشی کی اداکاری کرنے والا طالع آزما اور مہم جوجھابو قرق دراصل جو فروش گندم نما مسخرا تھا۔وہ اکثر یہ بات کہتاکہ حصولِ زراور جلب ِ منفعت کی لذت اس وقت بڑھ جاتی ہے جب اس مقصد کے حصول کی خاطر دھوکہ دہی اور فریب کاری سے کام لیاجائے۔اس کی کھوپڑی میں دروغ گوئی،عیاری ،مکاری اورفریب کاری کُوٹ کُوٹ کر بھری تھی۔ نا معلوم کیوںرضوان کی گلی کی ہرباؤلی کتیا اس ابلہ کے پالتوخارش زدہ کتے کو دیکھ کر اپنی دُم اُٹھالیتی اور اس کے پاؤں چاٹنے لگتی ۔کچھ عرصے کے بعد جھابوقرق کا پالتوکتاگلی کی ایک آوارہ کتیاکو ساتھ لے کر غائب ہو گیا اور کالا باغ کے نواحی جنگل میں جا پہنچا۔واقفِ حال لوگوں کا خیال تھا کہ جھابو قر ق کے پالتوکتے کا شجرہ نسب دیو جانس کلبی کے وفادار پالتو کتے سے ملتاہے ۔اپنے مالک جھابو قرق کی آواز سن کر ہر راہ گیر پر غرانے اور کاٹنے کے لیے دوڑنے والے اس قسم کے کتے ہر گوٹھ اور گراں میں کثرت سے پائے جاتے ہیں ۔ گرگ آشتی کے پوشیدہ طریقوں اور پیچیدہ اسرار و رموزسے آگاہ لوگوں نے اس قسم کا ہما شما تر س کتا ضرور دیکھا ہو گا جو کُوڑے کے ہر ڈھیر کو گردن جھکا کر سُونگھتا اور دُم ہلاتاپھرتا ہے اور وہاں سے اپنے مطلب کے اُستخواں اُٹھا کر انھیں نوچتا اور بھنبھوڑتا پھرتاہے ۔گردشِ ایام سے آنکھ مچولی کھیلنے کی وجہ سے جھابوقرق کے کتے کی خارش زدہ جلد پر تپسیا کے اثرات اس کی حرص و ہوس ، کُوڑا بینی،عفونت پسندی اور مردار خوری کی نشانی بن گئے تھے۔ گردن جھکا ئے اپنی عفونت زدہ زخمی دُم خالی پیٹ سے لپیٹے یہ سگِ آوارہ جس طر ف سے بھی گزرتا کوچہ و بازار کے مکینوں کی ملامت ،حقارت ،ماردھتکار اور پھٹکار اس سگِ راہ کا تعاقب کرتی ۔ یہ خارش زدہ سگِ راہ زدِ جاروب کھاتا لنگڑاتا ہوا اس قدرخست ،خجالت اور ذلت و تخریب اور نحوست و ندامت سے چلتا کہ دیکھنے والوں کو گمان گزرتا کہ گویا طویل عرصہ تک ہر رہرو کو دیکھ کر پیہم بھونکنے کی وجہ سے ندامتِ ِعصیاں اور حلق کے ہلکان کے شدید احساس سے اس کی طوطے جیسی آ نکھیں پتھرا گئی ہیں ۔ آنکھیںبند کر کے گلی کے عین درمیان میں اپنی اگلی اور پچھلی ٹانگیں پھیلاکر لیٹ جانا اس خارش زدہ کتے کا معمول تھا۔ اس کتے کی ہئیت کذائی دیکھ کر اس پر مشکوک نسب کے متفنی چربہ ساز ، تنقیص کو وتیرہ بنانے والے بے کمال سارق اور کفن دُزدجہلا کا شا ئبہ ہوتا تھا۔جب یہ خواب کے عذاب میں ہوتا تو دیکھنے والے سوچتے شاید یہ سگ ِ راہ معاشرتی زندگی کے حوصلہ شکن تضادات اور بے ہنگم ارتعاشات پر غور و فکر میں جی کازیاں کر رہا ہے ۔ شبِ تاریک میں یہ کتا رضوان کے گھر کے سامنے والی تنگ گلی کی ناکہ بندی اس انداز میں کرتا کہ اپنی کریہہ جسامت سے پوری گلی کے داخلی درواز ے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا۔سفلی علوم کے ماہر کئی سگ شناس اور سگ پرست اسے دیکھتے ہی پکار اُٹھتے کہ یہ سگ اپنے پچھلے جنم میں یقیناً کوئی تارک الدنیا مٹی کامادھوہوگا۔بدلتے ہوئے موسم کی شدت بھی اس پر اسرار سگ ِ راہ کے معمولات اور معاملات میں حائل نہ سکی ۔ جب کبھی جھابو قرق رات کی تاریکی میں ناگاہ اس کی دُم پر پیر رکھ دیتا تو یہ کتا پیچ و تاب کھانے لگتا اور محسن کشی کی مثال بن کر بھونکنے لگتا ۔’’ ارے بچے !میں تمھیں مثلِ کاہ سمجھتا ہوں ۔ جہاں فنا!ہمیں کاہے کو پریشان کرتے ہو ہماری دم مروڑنے اورگرد ن توڑنے والے دیکھ کے چل کہ ہم علیل اور تارک الدنیا مٹی کے مادھوبھی تو خاک ِ راہ میں پڑے ہیں ۔‘‘
یہاں دیو جانس کلبی کی تلمیح سے یاد آیا کہ ممتاز یونانی فلسفی ارسطو (B:324 BC.D:322 BC) اور مشہور یونانی فاتح سکندر اعظم ( B: 356 BC,D:323 BC )کے دور سے تعلق رکھنے والا نا بینا قناعت پسند دانش ور دیو جانس کلبی بصارت سے محروم تھا مگر بصیرت رکھتاتھا۔ آخری عمر میں دیو جانس کلبی ایک دُور دراز علاقے کے ویرانے میں مٹی کے اک ٹب میں پڑ ارہتا تھا۔ وہ کہا کرتاتھاکہ انسان کا دشمن انسان ہے جانور نہیں۔ ظالم و سفاک ،موذی و مکارآدمی سے بچو جس کی درندگی ہزارہا خونخواردرندوں پر بھاری ہے ۔جب جنگ جُوفاتح سکندر اعظم نے پوری دنیا فتح کر لی تو اس کی غیر معمولی مہم جوئی کے بارے میں دیو جانس کلبی نے کہا:
’’اگر انسان قناعت پسند ہو تو وہ مٹی کے اس ٹب میںبھی خوش رہ سکتاہے لیکن اگر وہ حریص ہو جائے تو پوری کائنات بھی اس کے لیے چھوٹی ہے ۔‘‘
پوری دنیا کو مسخر کرنے کے بعد سکندر اعظم اپنے اُستاد اور محسندیو جانس کلبی کی خدمت میں حاضر ہوا۔ شدید سردی کا موسم تھا قناعت پسند فقیر دیو جانس کلبی سردی سے بچنے کے لیے دُھوپ میں بیٹھاتھا۔ اتفاق سے سکندر اعظم اس طرح کھڑاتھا کہ سورج کی شعائیں فقیر دیو جانس کلبی پر نہیںپڑ رہی تھیں ۔سکندر اعظم نے نہایت عاجزی سے دیوجانس کلبی سے کہا:
’’ یااُستاد! میں اس لیے حاضر ہوا ہوں کہ مجھے اپنی کوئی خواہش بتائیں تا کہ میں اس کی تعمیل کر سکوں ۔‘‘
مگر دیو جانس کلبی نے سکندراعظم کی بات سُنی اَن سُنی کردی کیو نکہ وہ جانتا تھا کہ دنیاکی ہوس کے اسیر حاکم کے لیے یہ ممکن ہی نہیں کہ حریت ِضمیر سے جینے والے اور حریت ِفکر و عمل کو زادِ راہ بنانے والے درویش منش انسانوںکی خدمت کرے۔جب سکند ر اعظم کا اصرار حد سے بڑھنے لگا تو دیو جانس کلبی نے ایک شانِ استغنا سے پوری دنیا کو اپنے زیر نگیں کرنے والے فاتح جنگ جُو سالارسے کہا:
’’ فاتح اعظم !سورج کی شعاعوں اور میرے درمیان آ پ سدِ سکندری بن کرحائل ہو گئے ہیں اور دُھوپ مجھ تک نہیں پہنچ رہی ۔یہاں سے ہٹ جائیں تا کہ خورشید جہاں تاب کی شعائیں مجھ تک پہنچیں اورمیں سردی سے بچ سکوں ۔‘‘
اس قناعت پسند مردفقیر کی یہ بات سن کر سکندر اعظم اپنا سامنھ لے کرر ہ گیا اور سر جھکائے واپس چلا گیا۔
بشیر جب پہلی بار مکڑوال سے گزرا تو اس نے دیکھا کہ ایک ضعیف شخص دوپہر کے وقت لیمپ جلا کر دیو جانس کلبی کے مانند بازار میں کسی کو ڈھونڈتاپھرتا ہے ۔بشیر نے اس اجنبی سے پوچھاکی کس کی جستجو میں وہ اس قدرپریشان و مضطرب ہے تو اس معمر شخص نے آ ہ بھر کر کہا:
’’ یہ مکڑوال ہے جو شخص بھی یہاں پہنچتاہے وہ اس شہرِ سنگ دِل کے باشندوں کے مکر و فریب کے جال میںپھنس جاتا ہے اور دُھول کا پیرہن اس کا مقدربن جاتا ہے ۔ اس شہر میںآدمیوں کے اس ازدحام میں کسی ایک انسان کی تلاش میںمارا مارا پھرتا ہوں ۔جس طرف جاتا ہوں چلتے پھرتے ہوئے مُردے اور خون آشام درندے دکھائی دیتے ہیں ۔آدمی اور انسان میں بہت فرق ہے کسی نے سچ کہا تھا آدمی کو انسان ہونامیسرہی نہیں ۔‘‘
خالق کائنات نے نظام ہستی چلانے کے کچھ قواعد و ضوابط وضع کر رکھے ہیں ۔معاشرتی زندگی کے نشیب و فراز ،ارتعاشات اور بے ہنگم تضادات اس بات کے شاہد ہیں کہ اس فانی جہان میں خزاں کے سیکڑوں مناظر سامنے آ تے ہیں ۔بھری دنیامیںکسی کو مکمل جہاں نصیب نہیں ہوتاخلوص و مروّت کی نوید سن کر اس پر یقین کرنے سے پہلے اچھی طر ح جانچ پر کھ کرنااز بس ضروری ہے ۔ اندھیرے ،اُجالے ،صبح ،شام اور رنج و راحت سے یہ تاثر ملتاہے کہ معاشرتی زندگی میںقدرت ِ کاملہ کی طرف سے جزااور سزاکا نظام ہر حال میںموجود رہتا ہے ۔ عجیب چراغوںسے ہماراپالا پڑتا ہے جو بینائی بجھاکر گھر کو آگ لگا دیتے ہیں۔اہلِ عالم کی شامت اعمال کے نتیجے میں ہلاکو ،چنگیز،نادر شاہ اور نظام سقہ مسلط ہو جاتے ہیں ۔اگر اقوام عالم اپنے خالق کو پہچان لیں تو وہ محتاجِ ملوک بننے سے بچ سکتی ہیں ۔یاد رکھنا چاہیے کہ نگاہِ فقر میں شان ِسکندری بھی ہیچ ہے۔خراج مانگنے والے قیصر و کسریٰ بھی قناعت پسند درویشوں کی نگاہ میں بے وقعت ہیں ۔انسان کی پہچان یہ ہے کہ وہ صابر و شاکر بن کر اپنے خالق کے حضور سرِ تسلیم خم کر دے ۔ بصیرت سے متمتع انسان اپنے خالق کی نعمتوں کا شکر ادا کرتا ہے اور جب یہ نعمتیں واپس لی جاتی ہیں تو صبر سے کام لیتاہے ۔ جب کہ آدمی صبرو شکر سے عاری ہوتاہے اس لیے وہ انسا نیت کے مقام تک نہیں پہنچ سکتا۔قادر مطلق کو آدمیوں کی طرف سے کی جانے والی ناشکری ،احسان فراموشی ،عطا کی بے قدری اور نعمتوں کی توہین سخت ناگوار گزرتی ہے ۔آدمیوں کی اس قسم کی بے ضمیری ،بے حسی ،کور مغزی ،سفلگی،سفاکی اور بے بصری کانتیجہ قحط الرجال کی صورت میں سامنے آ تاہے ۔
قحط الرجال کے موجودہ دور میں ہوس نے نوع انساں کو انتشار کی بھینٹ چڑھا دیا ہے ۔ ہر طرف بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے ،اپنا اُلو سیدھا کرنے والے،جو فروش گندم نما ،ابن الوقت ،آستین کے سانپ اور بروٹس قماش کے عیار مسخروں،بھڑووں ،آدم خور بُھوتوں ،چڑیلوں ،ڈائنوں اور طوائفوں کا ہجوم نظر آتاہے ۔ سادیت پسندی کے روگ میں مبتلا مشکو ک نسب کے یہ سفہا اور اجلاف و ارزال محسن کُشی کا قبیح روّیہ اپنا کر ہمیشہ اہلِ ہنر کے در پئے آزار رہتے ہیں ۔ اِن آستین کے سانپوں، سفید کووں ،کالی بھیڑوں،گندی مچھلیوں اورعفونت زدہ انڈوں کے باعث مسموم معاشرتی ماحول سے عفونت و سڑاند کے بھبھوکے اُٹھ رہے ہیں ۔یہ ابن الوقت درندے جس تھالی میں کھاتے ہیں اُسی میں چھید کرتے ہیں اور اسی شجر سایہ د ار کی شاخیں کاٹنے اور اس کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں جو گردشِ ایام کے کٹھن حالات میںان کے سر پر سایہ فگن ہے ۔کسی معاشرے میں منافقت ،خست و خجالت ،انصاف کُشی او ربے حسی کا بڑھنا اس معاشرے کے وجود اور بقاکے لیے بہت بُرا شگون ہے ۔ پس نو آبادیاتی دور میںتیسری دنیا کے پس ماندہ ممالک میں چور محل میں جنم لینے والے ،کُوڑے کے ہر ڈھیر سے جاہ و منصب کے استخواں نوچنے اور بھنبھوڑنے والے اور چور دروازے سے گُھس کر اپنی جہالت کا انعام ہتھیانے والے سگانِ راہ نے سماجی اورمعاشرتی زندگی کی تمام رُتیں بے ثمر،کلیاں شرر ،زندگیاں پُر خطر اورآ ہیں بے اثر کر دی ہیں ۔ ان حالات میں نمود ِ صبح ِ بہاراں کا یقین کیسے کر لیا جائے کہ ان چربہ ساز ،سارق اور کفن دُزد متفنی سفہاکی چیر ہ دستیوںاور خزاں کے سیکڑوں مناظر نے تمام منظر نامہ ہی گہنا دیا ہے ۔
مکڑوال کے آدمی بالعموم مرغانِ باد نما کی صورت میں منڈلاتے ،گوسفندانِ سیاہ کے مانندمنمناتے اور کولھو کے بے دُم خر کی طرح ہنہناتے دکھائی دیتے ۔ان کی بڑھتی ہوئی نا شکری ان کی تہی دامنی اور بے کمالی پر منتج ہوئی ۔اس عبرت سرائے دہر میں ہر طرف احسان فراموش ،محسن کش ،نمک حرام،آستین کے سانپ اور ابن الوقت آدمیوں کے غول کے غول اُمڈ آئے تھے ۔بغل میں چھری اور منھ میں رام رام کرنے والے ان جو فروش گندم نما منافقوں نے اہلِ درد کی زندگی اجیرن کر ر کھی تھی ۔مکڑوال میں سادیت پسندی کے روگ میں مبتلا کم ظرف اور بے ضمیر آدمیوں کی پانچوں گھی میںتھیں مگر مخلص ،ایثار پیشہ اور وفا شعار انسانوں کاکوئی پرسانِ حال نہ تھا۔اس پر طرفہ تماشا یہ کہ اس شہر ِ سنگ دِل کی ہر نائکہ ، طوائف ،مشاطہ ،رقاصہ ،مغنیہ اور کٹنی اپنے مکر کی چالوں سے سادہ لوح لوگوں کو لُوٹنے پر تُل گئی تھی ۔ایسی فضا میں خلوص کے متلاشی حواس باختہ ،غرقابِ غم ،نڈھال اور خوار و زبوں تھے ۔ ایسا محسوس ہوتا تھاکہ ان الم نصیب انسانوں کے گھر کے آ نگن سے قزاق ِ اجل کا لشکر سب کچھ پامال کر کے آ گے نکل گیاہے ۔
ہوائے جورو ستم میں بھی شمع ِ وفا کو فروزاں رکھنا ،حریت ِ ضمیر سے جینا اور حریتِ فکر کا علم بلند رکھنا زندگی بھر بشیر کا شیوہ رہا ۔ بشیر کا شمار اپنے عہد کے ان جری انسانوں میں ہوتا تھا جنھوں نے حق گوئی و بے باکی کو سدا اپنا شعار بنایا ۔ رضوان کے اہلِ خانہ کے بدلتے ہوئے تیور دیکھ کر بھی وہ دِل بُرا نہ کرتا۔ خونِ خاک نشینا ں پیہم رزقِ خا ک ہو رہا تھا مگریہاں تو نہ کوئی مدعی تھا اور نہ ہی کوئی شکایت۔اس پر ستم بالا ئے ستم یہ کہ قفسو کی اولاد کی بڑھتی ہوئی بے داد کی فریاد وہ کس کے سامنے کرتا۔اپنی اُمنگوں او ر تمناؤ ںکا لہووہ کس کے ہاتھ پر تلاش کرتا۔
بشیرکو اس بات کا شدید قلق تھا کہ مکڑوال اور خانے وال میں محسن کشی کی وہی قبیح صور ت نمو پا رہی ہے جو بروٹس اور جولیس سیزر کے زمانے میں تھی ۔ کوفہ کے مانند اس شہرِ نا پُرساں میں لیلائے وفا اپنے بال کھولے حسرت و یاس کی تصویر بنی در بہ در اورخاک بہ سر ستم کشِ سفر رہنے پر مجبور تھی ۔جب محسن کش اور نمک حرام بروٹس سنگِ ملامت لیے اہلِ درد کے خلاف صف آرا ہوتے ہیں تو ہر انسان کو دلی صدمہ ہوتا ہے ۔اپنے محسن کے ٹکڑوں پر پلنے والے وہ بروٹس جن کے بارے میںیہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ آزمائش و ابتلا کی گھڑی میںمرہم بہ دست آ ئیںگے ،انہی کو جب اپنے کرم فرما پر خنجر آزما ہوتے دیکھتا ہے تو اس کا جی گھبر جاتا ہے اور اُس کے دِلِ صد چاک سے آ ہ نکلتی ہے ۔ وقت کی مثال بھی سیلِ رواں کی تند و تیزموجوں کی سی ہے ۔اس دنیا میں کوئی بھی شخص خواہ اس کی قوت و ہیبت کتنی ہی جہاں گیرکیوں نہ ہوسیلِ زماں کے تھپیڑوں کے سامنے بے بس دکھائی دیتا ہے۔درِ کسریٰ سے یہی صدا سنائی دیتی ہے کہ کوئی شخص ایڑی چوٹی کا زور لگا لے وہ بیتے لمحات کی چاپ اورپُلوں کے نیچے سے بہہ جانے والے آبِ رواں کے لمس سے دوبارہ کسی صورت میں فیض یاب نہیں ہو سکتا۔بشیر کی زندگی بھی گردشِ ایام کے اسی مد و جزر کی بھینٹ چڑھ گئی ۔
رضوان اور بشیرسال دو ہزار دس ( 2010) میں اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے ۔ ریٹائر منٹ کے بعد بشیر قدر ے سکون محسوس کر رہا تھااس نے فیصلہ کیا کہ اپنے بڑے بیٹے ساجد کی شادی کر ے گا ۔سب عزیزوں کو شادی میں بلائے گا اور ان کے لیے پر تکلف ضیافت کا انتظام کرے گا۔وہ عالمِ تنہائی میں خوشی کی جستجو کو نکلا مگر گردشِ ایام بھی ہمیشہ کی طرح اس کے تعاقب میں رہی ۔تقدیر کی تو پہچان ہی یہ ہے کہ یہ ہر لحظہ اور ہر گام انسانی تدبیر کی دھجیاں اُڑ ا دیتی ہے ۔ پچاس سال بعد بشیر اور رضوان کی اولادمیں پہلا رابطہ بھی عجیب حالات میں ہوا ۔مئی کا مہینہ تھا شدیدگرمی کے باعث ایڑی سے چوٹی تک پسینہ بہہ رہاتھا ۔فتح جنگ میں بشیر اپنے گھر کے سامنے سڑک کے کنارے کھڑ ا تھا ۔ اس روزاس کے اہلِ خانہ گھر میں موجود نہیں تھے ۔اچانک ایک کار اُس کے گھر کے سامنے آ کر رُ ک گئی ۔کار میں سے رضوان کی اہلیہ قفسہ نکلی اس کے ساتھ ایک نوجوان اور دو لڑکیا ں بھی تھیں ۔ بشیر نے نووارد مہمانوں کو اپنے گھر کے مہمان خانے میں بٹھایا اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ سامنے سڑک کی دوسری طرف سموسے بنانے والا بوڑھا خانساماں ’’ ٹلی باوا ‘‘ گرما گرم سموسے بنا رہا تھا۔بشیر نے ان مہمانوں کی تواضع کے لیے سموسے منگوائے اور ٹھنڈے مشروبات پیش کیے۔ بشیر اچھی طرح جانتاتھا کہ مکڑوال کاہر وہ قحبہ خانہ اور چنڈو خانہ جہاں جسم فروشی ،ضمیر فروشی اور مکر و فریب کو سکۂ رائج الوقت کی حیثیت حاصل ہے اس سے قفسو کا پیدائشی تعلق ہے ۔اسے یہ بھی معلوم تھاکہ یہ پیشہ ور طوائفیں اپنی چرب زبانی ،مکر و فریب اورعریانی سے لوگوں کو رام کرنے کا فن جانتی ہیں۔نائکہ قفسواوراس کی پروردہ طوائفوں نے اپنے مے کدے میں آنے والے سادہ لوح لوگوں کولُوٹ کر بڑے شہروں میں اپنے عشرت کدے تعمیر کر رکھے تھے۔ مکر وفریب ، دغا اور دُزدی میںیدطولیٰ رکھنے والی قفسو ایسی ناگن تھی جس کے کاٹے کبھی پانی بھی نہیںمانگتے ۔ان پیشہ ور ٹھگوں کے ساتھ محاذ آرائی کرنے والے آ ٹھ آٹھ آ نسو روتے ہیں ۔ مہمانوںسے رسمی دعا سلام کے بعدکچھ دیر گفتگو کا سلسلہ جاری رہااس کے بعد قفسہ نے کہا :
’’یہ میری منجھلی بیٹی صبیحہ ہے علم بشریات میں ایم۔اے کرنے کے بعد مکڑوال کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں پڑھا رہی ہے ۔اس کے ساتھ میری سب سے چھوٹی بیٹی نہفتہ اور یہ اس کا شو ہر جھارا ہے ۔ اب صبیحہ کی بات توجہ سے سنو ۔‘‘
صبیحہ نے عقیدت کی اداکاری کرتے ہوئے کہا :
’’میں بلھڑ یونیورسٹی سے نو آبادیاتی دور سے قبل اوراس کے بعد شمالی ہند اور جنوبی ہند کے تہذیبی،ثقافتی اور لسانی میلانات پر ایم ۔فل سطح کا تحقیقی مقالہ لکھ رہی ہوں ۔ شیخ چلی جو بلھڑ یونیورسٹی کے ریکٹر ہیں اور میرے شیدائی ہیں ان سے میری بات ہو چکی ہے کہ اگر میرا یہ مقالہ بر وقت مکمل ہو جاتاہے تو اس ڈگری کی بناپر وہ مجھے بلھڑ یونیورسٹی کا ڈین بنا دیں گے ۔ اپنے تحقیقی موضوع سے متعلق مجھے آپ کی فوری مدد کی سخت ضرورت ہے ۔‘‘
’’ یہ بہت وسیع موضوع ہے اس پر ابھی تک کوئی قابلِ قدر کام نہیںہو سکا ۔‘‘ معمر معلم بشیرنے مسکراتے ہوئے کہا ’’ تاریخ ، عمرانیات اور علم بشریات سے متعلق یہی موضوع میری چالیس سالہ تدریس اور تحقیق کا محور رہا ہے مگر گردشِ ایام نے مجھے سبزہ ٔ نو دمیدہ کے مانند سر اُٹھاتے ہی پامال کر دیا اور میں اپنے منتشر کام کو یک جا نہیںکر سکا ۔شیخ چلی نے آ پ کو ایم ۔فل کی سندی تحقیق کی بناپربراہِ راست ڈین بنانے کی جو پیش کش کی ہے اس قسم کی انہونی کے بارے میں محسن بھوپالی نے سچ کہا تھا:
جاہل کو اگر جہل کا انعام دیاجائے
اس حادثۂ وقت کو کیا نام دیا جائے
مے خانے کی توہین ہے رِندوں کی ہتک ہے
کم ظرف کے ہاتھوں میں اگر جام دیا جائے
’’ اس تحقیقی مقالے کی بر وقت تکمیل کے سلسلے میں میرے پاس وقت بہت کم ہے۔‘‘صبیحہ نے عیاری میں لپٹی ہوئی نمائشی مسکراہٹ اور غمزہ وادا کے تیر چلاتے ہوئے اور دانت پیستے ہوئے کہا ’’ اگر میں ایک ماہ میں یہ مقالہ بلھڑ یو نیورسٹی میںجمع کرا دوںتو مجھے ایم۔فل کی ڈگری مل جائے گی۔اس کے بعد اسی جامعہ کے ریکٹر شیخ چلی کے حکم پر مجھے فی الفور ڈین یانائب شیخ الجامعہ کے منصب پر فائز کیا جا سکتاہے ۔ اس جامعہ کے ریکٹر شیخ چلی کی بدھوآنہ میں ٹریکٹر بنانے کی بہت بڑی فیکٹری ہے ۔ میرے حسن وجمال اور مالیاتی کمال سے متاثر ہو کر جامعہ کے اس رنگین مزاج ریکٹر نے مجھے اپنی ٹریکٹر فیکٹری کاحصہ دار اور مالیاتی امور کانگران بنارکھاہے ۔ میرا پرستارٹلا سو پیازہ مجھے قزاقستان میں گشتی سفیر بناکر اپنے ساتھ بیرونِ ملک لے جانے کا خواہش مند ہے ۔ اگر یہ مقالہ ایک ماہ تک شعبہ امتحانات میںجمع نہ کرایا جا سکا تو میری دو سال کی محنت اکار ت اور امیدوں کی فصل غارت جائے گی۔ ‘‘
’’ جہاں دار شاہ کی طرح یہ ریکٹر بھی مجھے ایسا ایکٹر محسوس ہوتاہے جو کیریکٹر سے عاری ہے ۔‘‘ بشیر نے صبیحہ کی باتیں سُن کر جواب دیا’’چندروزہ حسن ِصورت کی بیساکھی کب تک کام آئے گی۔ زنگ آلودلوہا ملمع سازی سے سیم و زر میںکیسے بدلا جاسکتاہے ؟ میںتو یہ سن کر محو ِحیرت ہوں کہ کسی اونچے منصب تک پہنچنے کے لیے کوئی اس قدربھی گِر سکتاہے۔نوجوان لڑکیوں کومیں ہمیشہ یہی نصیحت کرتا رہاہوں کہ وہ معمولی نوعیت کے ذاتی مفادات کے لیے کبھی لال کنور یا زہر ہ کنجڑن بننے کا خیال دل میں نہ لائیں ۔‘‘
’’ میری بیٹی صبیحہ کے لیے یہ مقالہ صرف آپ ہی لکھ سکتے ہیں ۔ َ‘‘ صبیحہ کی ماں قفسہ نے بشیر کو مکھن لگاتے ہوئے کہا ’’ کئی پشتوں سے آپ کا اور ہمار ا خاندانی تعلق ہے ۔ ہم نے ہر جگہ سے معلوم کیا ہے سب یہی کہتے ہیں کہ اس ملک میں آپ سے بڑا ماہر علم بشریات،محقق،نقاداور تاریخ دان کوئی نہیں ۔آپ کی علمی فضیلت کی ہر طرف دُھوم مچی ہے اور آپ کے متعلق یہ بات بھی مشہور ہے کہ آپ تحقیق کے سرابوں میں بھٹکنے والے منزل سے ناآ شنا طالب علموں کی رہنمائی میں کبھی تامل نہیں کرتے ۔‘‘
’’ یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ اس موضوع پر آپ کی ہر بات مستند ہو گی ۔‘‘ صبیحہ نے سعادت مندی کا تاثر دیتے ہوئے ٹسوے بہاتے ہوئے کہا ’’آپ عالمی شہرت یافتہ معلم ، فلسفی ،نقاد اور محقق ہیں سندی تحقیق کے اس نازک مر حلے پر آ پ کی رہنمائی میرے لیے خضر راہ ثابت ہو گی ۔اس وقت آپ کے علاوہ دنیا میں جنوبی ہند اور شمالی ہند کی تہذیب و ثقافت کا رمز آشنا کہیں موجود نہیں۔ آپ کے گھر کے سامنے کھڑی میری نئی کار ٹویوٹا پراڈو مجھے ایک پرستار نے میری تیسویں سال گرہ کے تحفے کے طور پر دی ہے۔میرے پاس اپنی نئی رولز رائس سیوپ ٹیل (Rolls Royce Sweptail) کار موجودہے آپ نے کہیں سفر پہ جانا ہو توفون کر دیا کریں میرا ڈرائیورکار لے کر پہنچ جائے گا۔ہر سال مجھے میری سال گرہ پر میرے مداح مجھے پیتک فلپ ، ایسکوائر،راڈو ،ایڈمر پگٹس ،بلغاری اور ڈاونسی گھڑیوں اور قیمتی درآمدی ریشمی ملبوسات کے تحفے دیتے ہیں ۔ آپ کو کسی چیزکی ضرورت ہو تو بلا تامل حکم دیں ۔ فتح پور سیکری میں ہمارے محلات اور وسیع اراضی موجود ہے ۔‘‘
بشیرنے صبیحہ کے تکبر کی باتیں بہت صبر و تحمل سے سُنیں اور کہا:
’’ تمھارے باپ کے پاس تو دو سوسال پرانی بائیسکل ہے ،جس پر تمھارانانا سکول جاتا تھا۔تمھارابھائی اب بھی ایک پرانی موٹر سائیکل چلاکر کام پر جاتاہے ۔ کیاتمھارے کمرے میں کوئی سونے کی کان نکل آئی ہے یااللہ دین کاچراغ تمھارے ہاتھ لگا ہے جودیکھتے ہی دیکھتے تم کھرب پتی بن گئی ہو ۔‘‘
دانا کہتے ہیں کہ خوشامد اور جعلی تعریف و تو صیف سے پتھر میں بھی جونک لگ سکتی ہے ۔فرضی ستائش اور جھوٹی آرائش سے اس دنیا میںسیکڑوںمشکل مراحل طے ہو سکتے ہیںاور کٹھن کام نکل سکتے ہیں ۔مگر بشیر ان مہمانوں کی باتوں سے بالکل مرعوب نہ ہوا۔
’’ ہمیں ہمارے ماضی کے طعنے نہ دو تمھیں کیا معلو م کہ صبیحہ کا ستارہ کس قدر بلند ہے ۔‘‘ قفسہ نے اپنے منھ سے بہنے والا جھاگ اپنی آ ستین سے صاف کرتے ہوئے کہا ’’جنت کے مکین بھی صبیحہ کے گھر کے جلوے دیکھتے ہیں۔بامِ فلک سے ستارے اُتر کراس کے ناز و انداز کے نظارے کرتے ہیں۔پھول بھی اس کے قدموں کی دُھول ہیں۔گل و لالہ اپنی قبائیں کُتر کے اس کی ایک جھلک دیکھتے ہیں مگر تم ہو کہ بے تعلق بنے بیٹھے ہو۔‘‘
بشیر نے نرم لہجے میں کہا :
’’اپنی بیٹی کے حسن و جمال کی حکایت کو اس قدر طول نہ دو ۔پہلے اپنے دامن اور بندِ قباپر نظر ڈال لو ۔ یہ بات تو طے ہے کہ تمھاری بیٹی کے مقالے کی مکمل رہنمائی تو جامعہ بلھڑ کا مقر رکیا ہوا نگران ہی کر سکتاہے ۔‘‘بشیرنے فیصلہ کن انداز میں کہا ’’اب تک مقالے کے خاکے کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے جو اہم بنیادی مآخذ جمع کیے گئے ہیں وہ مجھے دکھا دیں بنیادی مآخذکے متعلقہ صفحات کی عکسی نقول ،ضمیمہ جات اورمقالے کے مکمل ابواب کے مسودات بھی اگلی مرتبہ ساتھ لائیں تا کہ میں ان پر سر سری نظر ڈال کر اپنی رائے دے سکوں۔‘‘
’’میری بیٹی کے پاس کوئی تحریر نہیں ، نہ کوئی ماخذ ہے،نہ نقل اورنہ ضمیمہ ۔صر ف سرسری مطالعہ اور رائے نہیں بل کہ میری بیٹی کا مکمل مقالہ شروع سے آخر تک آپ ہی نے لکھناہے۔‘‘ قفسونے پر اعتماد لہجے میں کہا ’’ میری چندے آفتاب چندے ماہتاب بیٹی صبیحہ کا مستقبل سنوارنے کے لیے اس کا تحقیقی مقالہ تو آ پ کو لکھنا ہی پڑے گا۔‘‘
’’میری زندگی کے کچھ اصول ہیں میں کسی کا مستقبل سنوارے کے لیے اپنی زندگی کے اصول کسی صورت میں نہیں توڑ سکتا ۔‘‘ بشیر کے الفاظ کی ترنگ اور انداز گفتگو کا جلال اس کے فن کے کمال کو ظاہر کر رہا تھا۔بشیر نے کسی قدر تلخی سے کہا’’ میرے اصول میری زندگی کا بیش بہا اثاثہ ہیں ۔ایک محتسب میرے اندر تلوار لیے موجود ہے جو مجھے ہر قسم کی بے اصولی سے با زرہنے کا حکم دیتاہے ۔میرے لیے یہ نا ممکن ہے کہ کسی کی خوشنودی کی خاطر بے اصولی کر کے میں اپنی عمر بھر کی ریاضت اور دیانت پہ خاک ڈال دوں ۔‘‘
’’نظریہ ٔ ضرورت کے تحت سب کچھ جائز قرار دیا جاتا ہے اوریہاں سب کچھ بِکتا ہے ۔ نظریۂ ضرورت کے مطابق ضرورت کسی قانون کے تابع نہیں ہوتی ،مناسب دام لگیں تو استاد بھی شاگرد کی جگہ پر بیٹھ کر اس کا پرچہ حل کر دیتے ہیں ۔‘‘ صبیحہ نے طنزیہ لہجے میں کہا ’’اصول ،ضابطے ،قانون،اقدار و روایات اور زندگی کے معیار سب کے سب ہاتھی کے دانت ہیں جو محض دکھانے کے لیے ہی ہوتے ہیں ۔وقت پڑنے پر وہ لوگ بھی جو بڑے با اصول ہونے کے داعی ہوتے ہیں ہر بے اصولی کر گزرتے ہیںاورگرگٹ کے مانند رنگ بدل کر اپنی فکری پستی کا ثبوت دیتے ہیں ۔‘‘
’’ میری بیٹی صبیحہ کے بارے میں شہر میں یہ مشہور ہے کہ یہ توحُور ہے ۔‘‘ قفسو نے صبیحہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فخر سے کہا’’ لوگ اس کی راہ میںآ نکھیں بچھاتے ہیں اور تم ہمیں آ نکھیں دکھا رہے ہو۔اس کے لیے مقالہ تمھیں ہر حال میں لکھناپڑے گا۔میں اپنی اُنگلی ٹیڑھی کر کے گھی نکالنے کا فن جانتی ہوں ۔‘‘
صبیحہ کی چھوٹی بہن نہفتہ اپنے شوہر جھاراکے ساتھ بیٹھی سب باتیں سُن رہی تھی ۔اس نے دانت پیستے ہوئے معنی خیز انداز میں اپنی بڑ ی بہن صبیحہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا :
’’ہم اپنی اعلیٰ تعلیم یافتہ بڑی بہن صبیحہ کے لیے ہم پلہ رشتے کی تلاش میں ہیں ۔اس کا صبیح چہرہ کس طر ح اُجالے بکھیر رہاہے اور اس کی لمبی سیاہ زُلفیں بکھری ہوئی کالی گھٹاکا منظر پیش کر ر ہی ہیں۔جرسِ گُل کے ساتھ ایسی بے رخی نا قابلِ فہم ہے ۔صبیحہ کا مقالہ ہم ہر قیمت پر آ پ ہی سے لکھوائیں گے ۔‘‘
اب تک جھارا خاموش بیٹھا تھا اس کے چہرے پر غصے اور ناگواری کے ملے جلے تاثرات تھے ۔ جھارانے اپنی اہلیہ کی باتیں سنیں تو اُس نے ضعیف استاد بشیر کو سبز باغ دکھانے کی کوشش کی اور اس سے مخاطب ہو کر بولا ’’ کالا باغ میں ہمارا قیمتی پتھروں کا بہت وسیع کاروبارہے۔سنگ ِ مر مر ،سنگِ سرخ،گرینائٹ ،سلیٹ اور چاک پرہم نے اربوں روپے خرچ کیے ہیں ۔ملک کے بڑے شہروں میں ہماری بہت بڑی جاگیریں اور محلات ہیں ۔ ادویات ، سیمنٹ ،کھاداورزرعی اجناس کے کاروبارمیں ہم نے کھربوں روپے لگائے ہیں۔ اگر تم ہماری بات مان لو گے تو میں تمھارے گھر میں سنگ مر مر لگوا دوں گااور تمھیں زر و جواہر سے مالا مال کر دوں گا۔‘‘
قناعت پسند درویش بشیر کسی بُت کے ناز اُٹھانے پر رضا مند نہ ہوا ۔ اس نے ایک شان ِاستغنا کے ساتھ حرص و ہوس کی ترغیب دینے والے ان بھاری پتھروں کو ٹھوکر مارنے کا فیصلہ کر لیا۔ قفسو کی چکنی چپڑی باتیں سُن کر بشیر نے دبنگ لہجے میں کہا:
’’میں یہ بات واضح کر دیناچاہتا ہوں کہ زندگی بھر بگولوں کا ہم سفر رہنے والا شاہین اپنی زندگی کے آخری ایام میں اپنی بلند پروازی کو ترک کر کے خاکِ راہ میں کیوں خجل ہوگا؟ میں نے زندگی بھر در ِ کسریٰ پر صدا نہیں کی ۔میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ ان کھنڈرات میں جامد و ساکت پتھروں ،سنگلاخ چٹانوں اورحنوط شدہ لاشوں کے سوا کچھ نہیں ۔اپنے تحقیقی کام کرانے کے سلسلے میں ابھی تم نے نظریۂ ضرورت کی بات کی ۔ یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لو کہ جدید دور میں دنیا کا کوئی بھی باشعور شخص آسٹریا کے قانون دان ہینز کیلسن ( 1881-1973 :Hans Kelsen)کے نظریۂ ضرورت کو تسلیم نہیںکرتا۔ اپنی ایک عزیزہ کے حسن و جمال پر اس قدرگھمنڈ کرتے ہوئے بلاوجہ بحث کرنے کی ضرورت نہیں ۔میں ایسی باتوں سے بالکل مرعوب نہیں ہوتا۔جون ایلیا نے سچ کہاتھا:
نہ کرو بحث ہار جاؤ گی
حسن اتنی بڑی دلیل نہیں ‘‘
’’ اس بات کافیصلہ تو وقت کرے گا کہ جیت کس کا مقدر بنتی ہے اور مارِ آستین کے ہاتھوں کون ہار کی مار کھائے گا اور کون کس کی جیت پر اُس کے گلے میں ہار ڈالے گا؟۔‘‘قفسو نے بشیر کی طرف حقارت سے دیکھتے ہوئے لاف زنی کا طومار باندھتے ہوئے کہا ’’بڑے بڑے سُگھڑ اورسیانے بھی جب حسن کے کاری تیر کھا تے ہیں تو اُنھیں اپنی زندگی بھاری لگتی ہے ۔ یہ مت بھولو کہ لاہور میں جس جگہ تمھارا بیٹا احسن تعلیم کے سلسلے میں تنہا رہتاہے اسی علاقے میں میرا بیٹا اذکاراپنے تیس وفادار ساتھیوں کے ساتھ قیام پذیر ہے ۔ ہم دیکھتے ہیں کہ آپ کس طرح میری بیٹی صبیحہ کا تحقیقی مقالہ نہیں لکھتے ۔‘‘
’’ کیا آپ مجھے ڈرادھمکا کر مقالہ لکھوائیں گے ؟‘‘ بشیر نے کسی قدر پریشان ہو کر کہا’’ہزار خوف میں بھی میری زبان میرے دِل کا ساتھ دیتی ہے ۔آپ کسی طاقت کے زعم میں مبتلا نہ ہوں۔‘‘
’’ جو کام چکنی چپڑی باتوں سے کر ایا جا سکتا ہو اس کے لیے طاقت استعمال کرنے کی کیا ضرورت ہے ؟‘‘ قفسو نے نفرت اور حقارت کے ملے جلے جذبات سے کہا ’’دنیا میں ایسے کئی خوب صورت جال موجود ہیں جن میں مناسب دانہ پھینک کر تم جیسے انا پرست لوگوں کونہایت آسانی سے پھانسا جا سکتاہے ۔‘‘
’’ ہم بے نیل ِمرام لوٹنے کے عادی نہیں ۔‘‘ صبیحہ نے غیظ و غضب کے عالم میں کہا’’میری ماں اور میں نے گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا ہے ہم تمھاری اناکو موت کے گھاٹ اُتار کر دم لیں گے۔ وہ دِن دُور نہیں جب میرا تحقیقی مقالہ مکمل کرنے کے لیے تم کچے دھاگے سے کھنچے میرے گھرچلے آ ؤ گے ۔‘‘
بشیرنے یہ باتیں سنیں تو اس نے دل تھام لیااور بولا ’’ کس دِن کی بات کی جا رہی ہے ۔جس دِن میں نے کوئی بے اصولی کی وہ دِن میری زندگی کا آخری دِن ہو گا۔ شیرفاقے سے مرتو سکتاہے مگر کبھی گھاس نہیں چر سکتا۔شاہین پرواز سے تھک کر کبھی نہیں گرتا،میں اپنارزق خاک ِراہ میں کیوں تلاش کروں گا۔شیر بھوک کی سختی سے غار میں پڑا موت تو قبول کر سکتاہے مگر اس کے لیے یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ کسی سگِ آوارہ کا نیم خوردہ شکار کھاکر اپنی بُھوک مٹائے ۔ اگر کبھی ایسا دِن آیا تو کون دیکھے گا؟مجید امجد نے شاید اس قسم کے واقعات کے بارے میں اپنے خدشات کو ان اشعار کے قالب میں ڈھالا ہے ۔
جو دن کبھی نہیں بِیتا وہ دِن کب آئے گا
اِنہی دِنوں میںاِ س اِک دِن کو کون دیکھے گا
اُس ایک دِن کو جو سُورج کی راکھ میں غلطاں
اِنہی دِنوں کی تہوں میں ہے کون دیکھے گا
اُس ایک دِن کو جو ہے عمر کے زوال کا دِن
اِنھیں دِنوں میں نمو یاب کون دیکھے گا
یہ ایک سانس جھمیلوںبھری جُگوں میں رَچی
اِس اپنی سانس میں کون اپنااَنت دیکھے گا
اس اپنی مٹی میں جو کچھ اَمِٹ ہے مٹی ہے
جو دن ان آ نکھوں نے دیکھا ہے کون دیکھے گا
میں روز اِدھر سے گُزرتا ہوں کون دیکھتا ہے
میں جب اِدھر سے نہ گزروں گا کون دیکھے گا
دو رویہ ساحل ِدیوار اور پسِ دیوار
اِک آئینوں کا سمندر ہے کون دیکھے گا
ہزار چہرے خود آرا ہیں کون جھانکے گا
میرے نہ ہونے کی ہونی کو کون دیکھے گا
تڑخ کے گرد کی تہہ سے اگر کہیں کچھ پھول
کِھلے بھی کوئی تو دیکھے گا کون دیکھے گا
قفسو نے انتہائی غصے اور اشتعال انگیز انداز میںبشیر کی طرف دیکھ کر زمین پر تھوکتے ہوئے کہا’’ وہ دن ہم یقناً دیکھیں گے اور تم بھی لازماً دیکھو گے ۔ ساری دنیا دیکھے گی کہ تمھاری انا کا حصار ٹُوٹے گااور تم ہمارا کام مکمل کر وگے۔ ‘‘
دوپہر ڈھل رہی تھی چاروں مہمان پھنکارتے ہوئے بشیرکے مہمان خانے سے باہر نکلے تو سب کی آ نکھوں میں سورج کی تیز شعاعوں کے نیزے گڑے تھے مگر وہ چکنے گھڑے صبیحہ کی نئی ٹیوٹا پراڈو کارکے پاس اس انتظار میں کھڑے تھے کہ شاید جانے والوں کو روکنے کے لیے بشیر باہر نکل آ ئے ۔ بشیرنے آہ بھری اور سر جھکاکر کچھ سوچنے لگا۔تھوڑی دیرکے بعد جھارا بھی صبیحہ کی نئی کار میں بیٹھ گیااور کار سٹارٹ کردی ۔اس کے ساتھ ہی اس کی اہلیہ ،سا س اور سالی بھی غیظ و غضب کے عالم میں کار میں بیٹھ گئیں ۔کار کا دروازہ کھڑاک سے بند ہو گیا۔کون جانتا تھاکہ مکڑ وال کے پیشہ ور ٹھگوں ،عادی دروغ گو ،کینہ پرور اور عیار فریب کاروں کے دغا و دُزدی کا نیا باب کب کھلے گا۔
گردشِ ایام سدا بشیر کے ساتھ رہی ،اُن دنوں بشیر کے بر گشتہ طالعی کا یہ عالم تھاکہ جب بھی وہ فلک سے ابر رحمت کی التجا کرتا توسُورج سوا نیزے پر آ جاتااور آ گ برسانا شروع کر دیتا۔ پانچ جولائی 2017 کی سہ پہر دُھوپ ڈھلنے کے ساتھ ساتھ بشیر کامقدر بھی ڈھل رہا تھا۔شام کا وقت تھا حسب معمول بشیراپنے بڑے بیٹے ساجد کے کمرے میں اس کے ساتھ دم لینے کے لیے لیٹ گیا۔ اچانک نوجوان ساجد نے اپنے دِل پر ہاتھ رکھ کر اپنے ضعیف باپ سے کراہتے ہوئے کہا :
’’مجھے سینے میں شدید درد محسوس ہو رہا ہے۔‘‘
پانچ جولائی کاسورج غروب ہو چکا تھا،رات کی تاریکی بڑھ رہی تھی ۔ بشیرکو ایسا محسوس ہورہاتھاکہ مقدر کی تاریکیوں نے اس کے گھر کو گھیر لیا ہے ۔اپنے بیٹے کی دردانگیز کراہ سن کر بشیر تڑپ اُٹھا اور اپنے بیٹے کو لے کر مقامی ماہر امراض قلب کے پاس پہنچا۔ ماہر معالج نے طبی معائنہ کرنے کے بعد فوری طبی امدادکے طورپر ساجدکے لیے کچھ دوائیں دیں اور ساتھ ہی خون کے کچھ ٹیسٹ تجویز کیے ۔اس کے ساتھ ہی یہ تاکید بھی کر دی کہ خون کے یہ نمونے تجزیے کے لیے کراچی کی بڑی لیبارٹری کے مقامی مرکزمیں جمع کرادئیے جائیں ۔ لیبارٹری سے خون کی تجزیاتی رپورٹ ملنے کے بعددِل کے درد کا سبب معلوم ہو جائے گااور مرض کی تشخیص کے بعد صحیح علاج شروع ہو گا۔ معالج کی ہدایت کے مطابق خون کے نمونے اور مطلوبہ فیس لیبارٹری کے مقامی مرکز میں جمع کرا دئیے گئے ۔لیبارٹری کے مہتمم نے بتایا کہ اس کا ریزلٹ چھے جولائی 2017کی شام کو آن لائن دیکھا جاسکے گا۔ بشیراپنے نوجوان بیٹے ساجد کو ساتھ لیے گھر پہنچا۔ساجدکے کمرے میں دیوار پر لگے کلاک پر نو بج رہے تھے ہر طرف سناٹا تھا ۔ساجد نے ایک پیالی دودھ پیا اور صرف دو بسکٹ کھائے، دوا لی اور اپنے بستر پر لیٹ گیا ۔بشیرکی بھوک مر گئی تھی وہ جاگ رہا تھامگر اس کامقدر سو گیاتھا۔بشیر اور اس کی اہلیہ بے چینی اور اضطراب کے عالم میں تھے اوراپنے نوجوان بیٹے کی صحت اورسلامتی کی دعا مانگ رہے تھے ۔صبح کے دوبجے تو بشیر نے کہا :
’’اب چھے جولائی کا دن شروع ہو گیا ہے آج شام ساجد کے خون کے نمونوں کا نتیجہ کراچی کی تجربہ گاہ سے آن لائن ہو جائے گا۔امراض ِ قلب کے مقامی ماہر کے مشورے سے صحیح علاج شروع ہوگا۔‘‘
’’ ہم ساجد کو علاج کے لیے لاہور،ملتان یا اسلام آباد لے جائیں گے۔‘‘ بشیر کی اہلیہ نے گلو گیر لہجے میں کہا ’’ساجد کی زندگی بچ جائے خواہ ہمارے گھر میں کچھ باقی نہ رہے ۔‘‘
صبح کے اڑھائی بجے تھے ساجد کروٹیں بدل رہا تھا۔بشیراپنے نوجوان بیٹے کی تکلیف کو محسوس کر کے آنسو ضبط کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کا چھوٹا بیٹا تعلیم کے سلسلے میں لاہور میں مقیم تھا۔جب پونے تین بجے تو ساجد اُٹھ بیٹھا اس نے کلمۂ طیبہ کاوِرد شرع کر دیا۔ ساجد کے باپ ، ماں ، اور چھوٹی بہن نے بھی بلند آواز سے آیات قرآنی کی تلاوت شروع کر دی ۔ چند لمحوں کے بعد ساجدنے اپنے والد ،والد ہ اور چھوٹی بہن سے مخاطب ہو کر کہا:
’’ میں اپنے مر حومین دادا ،دادی،چچا اور بہن کوثر کے پاس جا رہاہوں ۔آ پ سب کو میرا سلامِ آخر ہو ۔میرایہ آخری سلام لاہور میں زیر تعلیم میرے چھوٹے بھائی احسن تک پہنچا دینا۔اللہ حافظ ۔‘‘
ساجد نے بلند آوازسے کلمۂ طیبہ پڑھا ،اس کی دونوں آنکھیں مُندگئیںاور ساجد کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی ۔ ساجد کے خون کی وہ تجزیاتی رپورٹ جس کانتیجہ چھے جولائی کی شام کو ملنے کی توقع تھی فرشتۂ اجل نے وہ نتیجہ چھے جولائی کوصبح تین بجے بشیر کے سامنے رکھ دیا۔ اسی کا نام تو تقدیر ہے جو ہر لحظہ ہر گام انسانی تدبیر کی دھجیاں اُڑ ادیتی ہے ۔ بشیر کے گھر کے آنگن سے قزاق اجل نے وہ پھول توڑ لیا جس نے سب افرادِ خانہ کوحواس باختہ ،نڈھال اور غرقاب ِ غم کردیا ۔بشیر کے گھر کا ہنستا بولتا چمن جان لیواسکوت اور مہیب سناٹوں کی بھینٹ چڑھ گیا۔نوجوان بیٹے کی اچانک وفات کے صدمے نے اس خاندان کے سب افراد کوناقابل اندمال صدمات سے دو چار کر دیا۔ تقدیر کے اس وار سے بشیر کی روح زخم زخم اور دِل کِرچی کِرچی ہوگیا۔وہ اُمید ہی رخصت ہو گئی جس کے دم سے بشیر کی زندگی کا سفر افتاں و خزاںکٹ رہاتھا۔بشیر کا دِلِ حزین دائمی مفارقت دینے والے اپنے نوجوان بیٹے ساجدکی یادوں سے معمور تھا۔اس جوان رعنا کے ساتھ گزارے ہوئے مہ و سال کی کہانی بشیر کی آنکھوں سے بہنے والے آنسوؤں کی روانی میں موجود تھی۔ اپنے ضعیف والدین کی وفات پر نوجوان اولاد جب انھیں سپرد ِ خاک کرتی ہے تو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دائمی مفارقت کے صدمے کا یہ زخم مندمل ہو جاتاہے مگر جب ضعیف والدین اپنے نوجوان لختِ جگر کو لحدمیںاُتارتے ہیں تو وہ زندہ درگور ہو جاتے ہیں ۔نوجوان اولاد کی وفات کے جان لیواصدمے کازخم ضعیف والدین قبر میں بھی ساتھ لے جاتے ہیں۔ اپنے نو جوان بیٹے کے جسدِ خاکی کو لحد میں اُتارکر بشیر نے ردائے ماتم اوڑھ لی اورقبر کے کنارے کھڑے ہو کر دعائے مغفرت کے بعد پتھرائی ہوئی آ نکھوں سے اپنے لختِ جگر کی قبر کی طرف دیکھا اور ندافاضلی کے یہ شعر پڑھے:
تمھار ی قبر پر
میںفاتحہ پڑھنے نہیں آیا
مجھے معلوم تھا
تم مر نہیں سکتے
تمھاری موت کی سچی خبر جس نے اُڑائی تھی
وہ جُھوٹا تھا
وہ تم کب تھے
کوئی سُوکھا ہوا پتہ ہوا سے ہِل کے ٹُو ٹا تھا
مری آنکھیں
تمھارے منظروں میں قید ہیں اب تک
میں جو بھی دیکھتا ہوں
سوچتا ہوں
وہ۔۔۔۔وہی ہے
جو تمھاری نیک نامی اور بد نامی کی دنیا تھی
کہیں کچھ بھی نہیں بدلا
تمھارے ہاتھ
میری انگلیوں میں سانس لیتے ہیں
میں لکھنے کے لیے
جب بھی قلم کاغذ اُٹھاتا ہوں
تمھیں بیٹھا ہوا میںاپنی ہی کرسی میں پاتا ہوں
بدن میں میرے جتنا بھی لہو ہے
وہ تمھاری
لغزشوں،ناکامیوں کے ساتھ بہتا ہے
مری آواز میں چھپ کر
تمھارا ذہن رہتا ہے
مری بیماریوں میں تم
مری لا چاریوں میں تم
تمھاری قبر پر جس نے تمھارا نام لکھا ہے
وہ جُھوٹا ہے
تمھاری قبر میں مَیں دفن ہوں
تم مجھ میں زندہ ہو
کبھی فُرصت ملے تو فاتحہ پڑھنے چلے آنا
نوجوان بیٹے کی یادیں بشیر کی کِشتِ جاں کو سیراب کر رہی تھیں ۔بیتے کے ساتھ گزرنے والے مہ و سال کے پر مسرت ایام کاتقدیر نے بشیرسے بھاری خراج وصول کیا ۔چاند چہرہ شبِ فرقت پہ وار کے اپنی اُمیدوںکے خورشید کو لحدمیں اُتار کے بشیر گھر پہنچاگھر کی دیواروں پر اُداسی بال کھولے بین کر ہی تھی ۔ بشیر کی آ نکھوں سے بیتے دنوں کی رودادجوئے خوں کی صورت میں رواں تھی ۔ بشیر کے گھر کے اداس با م و در میں اب یاس و ہراس کے سوا کچھ باقی نہ تھا۔ امید کے بغیر تو زندگی کا تصورہی عبث ہے اوراب توبشیر کی امید اپنی موت پر ہی منحصر تھی ۔ بشیرکو یو ں محسوس ہوتا کہ اُس کی آنکھوںسے بہنے والے آنسواس کے قلب ِحزیں اور بے چین روح کے زخموں کے اندمال کے لیے مرہم ثابت ہو رہے ہیں ۔ بشیر کے نوجوان بیٹے ساجدکی رحلت کی خبر سُن کر ہر شخص کا دِل دہل گیا۔ اپنے نوجوان بیٹے ساجد کی قبر پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں بکھیرتے وقت بشیر تھر تھر کانپ رہا تھا۔گھر کے درودیوارپر مصائب وآلام اور غم کے تاریک سائے بڑھ رہے تھے ۔ ہر سفر کا ایک اختتام ہوتاہے اس سانحہ کے بعد بشیر بھی اپنی زندگی کے اختتام کی جانب بڑھ رہا تھا۔ نوجوان ساجد کی وفات پر شہر کا شہر سوگوار تھا۔بشیر اپنے جس نوجوان بیٹے کو دیکھ دیکھ کر جیتاتھا وہ آنکھوں سے اوجھل ہو چکا تھا۔نوجوان بیٹے کی زندگی کی کہانی ختم ہونے پر بشیر کی زندگی آفاتِ نا گہانی کی بھینٹ چڑھ گئی اور سب حقائق خیال و خواب بن کر رہ گئے ۔یہ ایک سخت مقام تھا اورہرشخص بشیرکے غم میں برابرکا شریک تھا۔ پروفیسر غلا م قاسم خان نے غم سے بے حال اپنے دیرینہ دوست بشیر کو گلے لگاتے ہوئے کہا:
’’ اس عالم ِآ ب و گَل میںہر شے مسافر ہے اورزندگی میںہر مسافت کا ایک اختتام ہوتاہے نوجوان ساجد بھی اپنی زندگی کا سفر طے کر کے عدم کی بے کراں وادیوں کی جانب سدھار گیا ہے ۔ گل چین ازل نے بشیرکے گلشن سے اس گل ِ نوخیزکو توڑ لیاجس کی عطر بیزی سے پوراآنگن معطر تھا۔ بلاشبہ یہ تقدیر کا ایسا زخم ہے جو کبھی مندمل نہیں ہوسکتا۔ اس وقت مشیت ایزدی کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے سوا کوئی چارہ ہی نہیں ۔اس موقع پر ہمیں اکسٹھ ہجری میں میدانِ کر بلا میں اسوۂ حسین ؑکوپیش نظر ر کھنا چاہیے :
سلام اُن پہ تہ ِ تیغ بھی جنھوں نے کہا
جو تیر ا حکم جو تیری رضا جوتُوچاہے ‘‘
نوجوان بیٹے ساجد کی الم ناک وفات بشیر کے لیے ایسا بھیانک خواب بن گئی جس نے اس ضعیف استاد کی زندگی کی تمام رُتیں بے ثمر کر دیں ۔ساجد کی الم ناک وفات کی اطلاع ملتے ہی خاندان کے سب افراد الم نصیب اور جگر فگاربشیر کے پاس پہنچے ا ور اس کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی ۔ساجد کے سوئم کی دعا کے بعدبشیر کی طبیعت سخت خراب ہو گئی اور وہ بے ہوش ہوگیا۔ اہلَ خانہ الم نصیب اور درماندہ بشیرکو فوری طور پر مقامی معالج کے پاس لے کر گئے ۔ بشیر کی طبیعت دیکھ کر ماہرمعالج نے آہ بھر کر کہا:
’’ نوجوان بیٹے کی وفات کے صدمے کے باعث بشیر شدید ذہنی دباؤ کاشکار ہوگیا ہے ۔زار و قطار رونے کی وجہ سے اس کی آ نکھیں پتھر اسی گئی ہیں ۔اس جان لیوا صدمے سے بشیر کو نکالنے کے لیے کسی خوشی کی جستجولازم ہے ۔‘‘
بشیر کادیرینہ ساتھی رضوان پاس بیٹھاسب باتیں توجہ سے سن رہا تھا۔اس نے معالج سے کہا:
’’ساجد کے چہلم کے بعد ہم بشیرکے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کریں گے ۔ جہاں تک میری اور بشیر کی رفاقت کا تعلق ہے یہ نصف صدی کا قصہ ہے یہ کوئی پل دو پل کی بات نہیں ۔میں درد کے اس رشتے کو پروان چڑھاؤں گا اور بشیر کی غم گساری میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھوں گا۔ ‘‘
’’ مصیبت کی اس گھڑی میں ہر چارہ گر کو چارہ گری کے لیے آگے بڑھنا چاہیے ۔‘‘معالج کی آنکھیں پُر نم تھیں اور چہرے پر دکھ نمایا ں تھا۔اس نے بشیر کو دلا سا دیتے ہوئے کہا ’’ تقدیر کے چاک کوصرف مخلص ا ور بے لوث رفو گر ہی سوزنِ تدبیر سے رفو کر سکتے ہیں ۔اگرچارہ گر اس موقع پر چارہ گری سے گریز نہ کریں تو یہ صدمہ لا دوا نہیں ۔‘‘
بشیر کے بیٹے ساجد کے چہلم میں دعا اور قرآن خوانی میں شرکت کے لیے رضوان اور قفسومکڑوال سے فتح جنگ پہنچے۔اس موقع پر زندگی اور موت کے فلسفہ پر علما نے تقاریر کیں اور صبر و رضا اور مشیت ایزدی کے سامنے عجزوانکسار کے ساتھ سر جھکانے کو بندگی کی پہچان قرار دیا ۔
شام ہوئی تو سب مہمان اپنے اپنے گھر و ں کو رخصت ہو گئے ۔ساجد کے خالی کمرے میں بشیرتقدیر کے دئیے ہوئے غموں سے سمجھوتہ کرنے کی کوشش کر رہا تھاکہ رضوان کمرے میں داخل ہوا۔اس نے بشیر کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا :
’’ ساجدکی دائمی مفارقت کے صدمے سے تمھارے دِل پر جو گہرا گھاؤ لگاہے،اُ س کا مرہم میں نے تلاش کر لیا ہے ۔ تم اپنے چھوٹے بیٹے احسن کی منگنی میری منجھلی بیٹی صبیحہ سے کر دو ۔اس طرح تمھارے گھر سے غم کے بادل چھٹ جائیں گے ۔ صرف چھے ماہ بعدان کی شادی ہوجائے گی ۔ا س طرح شب تاریک کی سحر پیدا ہو جائے گی اور تمھارے گھر میںخوشیوں کا ازدحام دیکھ کر غمو ںکا ہجوم تتر بتر ہوجائے گا۔‘‘
’’ ابھی تو احسن کی عمر محض بیس سال ہے اور اس کی تعلیم بھی مکمل نہیںہوئی ۔‘‘ بشیر نے روتے ہوئے کہا’’نوجوان ساجد کی وفات نے مجھے جذباتی طور منہدم کر کے فکری طورپر مفلس وقلاش کر دیا ہے۔تم جانتے ہو اس وقت میرا صرف پنشن پر گزاراہے ۔ احسن کی تعلیم کی تکمیل اور اس کے بر سر ِ روزگار ہونے تک اس تجویز پر عمل کرنا کیسے ممکن ہے ؟‘ ‘
’’ تقدیر کے ستم سہنے کے بعد تم تو موہوم خدشوں ،بے سروپا وسوسوں اور اندیشہ ہائے دُور دراز میںاُلجھ کر رہ گئے ہو۔‘‘ رضوان نے معنی خیزاندازمیں کہا’’میری منجھلی بیٹی صبیحہ علم بشریات میں ایم ۔اے کر چکی ہے گزشتہ سات برس سے وہ ایک نجی تعلیمی ادارے میںتدریسی خدمات انجام دے رہی ہے جہاں سے اسے معقول تنخواہ ملتی ہے۔صبیحہ نے ایم۔فل میں داخلہ لے رکھاہے ،تعلیمی مراحل تو طے ہو گئے ہیں اب صرف تحقیقی مقالہ باقی رہ گیاہے ۔شادی کے بعد صبیحہ مکڑوال کے بجائے فتح جنگ میںرہے گی ۔اگر ضرورت ہوئی اور تم نے اجازت دی تووہ فتح جنگ کے کسی نجی تعلیمی ادارے یاکسی جامعہ میںتدریسی خدمات کے لیے درخواست دے سکتی ہے ۔‘‘
’’ میرے بیٹے احسن اور تمھاری بیٹی صبیحہ کی عمروں میںفرق ہے ۔‘‘ بشیر نے کہا’’ اس سلسلے میں مجھے پہلے اپنے بیٹے ،اہلیہ اور بیٹی کو اعتماد میں لینے کا موقع دیں ۔ ‘‘
’’ اللہ کریم پر آ پ سب توکل کریں اور مجھ پر اعتماد کرو ‘‘ رضوان نے بشیر کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا’’میں مانتاہوں کہ میری بیٹی صبیحہ تمھارے بیٹے احسن سے دس سال بڑی ہے ۔تم بھی تو مجھ سے بڑے ہو اب تم اپنے بڑے پن کا ثبو ت دیتے ہوئے مجھ پر شفقت کرو۔ اب دِل بڑا کرواور میری بات مان لو۔تم دو دِن کے بعد مکڑوال پہنچوتا کہ منگنی کوحتمی شکل دی جا سکے ۔‘‘
ہجوم ِ یاس و ہراس کے نرغے میں آنے والاوہ الم نصیب انسان جو اپنے نوجوان لختِ جگر کی دائمی مفارقت کی گھڑی کو قریب سے دیکھ چکا ہواُس کی نااُمیدی کاکوئی ٹھکانہ نہیں ہوتا۔بشیر کی اُمیدکاانحصار خود اس کی ذات پر اجل کے متوقع وار کے انتظار پر تھا۔ اس کا سینہ و دِل حسرتو ںسے چھا گیا تھا اور پیہم شکستِ دِل کے باعث وہ بے حد گھبرا گیا تھا۔ ساجد کی وفات کے صدمے نے بشیر کے صبر و قرار اور سکون ِقلب کی دنیا اُجاڑ دی ۔اس سانحہ کے بعد اُس کے فکر و خیال کی وادی میں ویرانی اور اُداسی کاسناٹا مسلط ہو گیا۔ تقدیر نے اُسے قلعۂ فراموشی کامحصور بنا دیا۔
ٹیلی فون پر رضوان کے مسلسل اصرارکے بعد بشیر نے اپنے اہلِ خانہ سے مشورے کے بعد مکڑوال جانے کا قصدکیا ۔ اپنی ایک ٹیلی فون کال میں رضوان نے منگنی کے سلسلے میں اس بات پر اصرار کیا کہ صبیحہ کے لیے شایان ِشان زیورات اور ملبوسات لائے جائیں۔رضوان نے اپنے پیغام میں کہا:
’’ صبیحہ کے لیے بہت سے بیرون ملک مقیم سفار ت کاروں ، اہلِ ثروت، اعلا عہدوںپرفائز افسرا ن ،جاگیرداروں ،تاجروں اورصنعت کاروں کے اعلا تعلیم یافتہ نوجوان بیٹوں کے رشتے آ رہے ہیں۔ہم نے تمھارے طالب علم بیٹے کو یہ رشتہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔تم صبیحہ کے لیے سونے کی چار چوڑیاں ،سونے کی ایک انگوٹھی،ایک بیش قیمت گھڑی اورتین عمدہ ریشمی ملبوسات لیتے آنا۔‘‘
محدود وسائل اور ان جانے خوف کے باوجود بشیر نے رضوان کی یہ فرمائش پوری کر دی اور بازار سے یہ سب چیزیں خرید لیں ۔ رضوان کا مطلوبہ سامان ساتھ لے کرشام کے وقت بشیراور اس کی اہلیہ مکڑوال پہنچے ۔ رضوان کے گھر میںسب لوگوں نے مِل کر شام کا کھانا کھایا ۔ عشا کی نمازکے بعد رضوان نے اپنی بیٹی صبیحہ اور بشیر کے بیٹے احسن کی منگنی طے کردی ۔ بشیر کی بیوی عزیز نے ریشمی لباس کے تین جوڑے صبیحہ کودئیے ، بیش قیمت گھڑی ،سونے کی انگوٹھی اور سونے کی چار چوڑیاں صبیحہ کو پہنائیں ۔رضوان نے تلاوت کی اور اس کے بعد رضوان نے دعا کے لیے ہاتھ اُٹھائے۔ رضوان نے اپنے خالق کے حضور یہ دعا کی :
’’ پروردگارِ عالم !احسن اور صبیحہ کا طے ہونے والا نیا جوڑا سلامت رہے اور یہ رشتہ جلد تکمیل کو پہنچے ۔ میری بیٹی صبیحہ جلد اپنے سسربشیر کے گھر میں راحت ،مسرت اور شادمانی کی نویدلے کر پہنچے اور وہاں یہ سداخوش رہے۔ میرے خالق ! تو رحم فرما تقدیرنے ساجد کی الم ناک وفات کی صورت میں بشیر کے دِل پر جو گہرا زخم لگایاہے ، مسقبل قریب میں ہونے والی احسن اور صبیحہ کی شادی بشیرکے دل پر لگنے والے تقدیر کے زخم کااندمال کرسکے۔‘‘
رضوان نے اپنے خالق کے حضور خشوع و خضوع سے جو دعا مانگی اسے سن کر بشیر اس کی اہلیہ عزیز ،بشیرکی بیٹی حفیظ ،رضوان کی بیوی قفسو اور بیٹے پتوار نے آمین کہا ۔بشیر کی اہلیہ نے صبیحہ کو تین قیمتی ریشمی لباس ،سونے کی چار چُوڑیا ں ،سونے کی ایک انگوٹھی، ایک عمدہ گھڑی اور پچاس ہزار روپے نقد دئیے ۔اس موقع پر ر ضوان نے کہا:
’’ آج بشیر اور اس کی بیوی خوشیوں کی تلاش میں ہمارے گھر آ ئے ہیں۔ان کے خاندان کے ساتھ کئی پشتوں سے ہمارے نہایت قریبی تعلقات ہیں ۔ان لائق صد رشک و تحسین تعلقات کو تازہ رکھنے کی خاطر میں نے اپنی بیٹی صبیحہ کا رشتہ بشیر کے بیٹے احسن کے لیے دے دیا ہے ۔میں اللہ کریم ، قرآنِ حکیم اور ختم المرسلین حضرت محمد ﷺ کو حاضر ناظر جان کر حلفیہ اقرار کر رہا ہوں کہ یہ رشتہ فی سبیل اللہ اور غیر مشروط ہے ۔پانچ ماہ بعداحسن اور صبیحہ کی شادی کر دی جائے گی اور صبیحہ مکڑوال چھوڑکر اپنے سسرالی شہر فتح جنگ روانہ ہو گی۔‘‘
انتہائی رازداری سے ہونے والی اس منگنی کے بعد قفسونے کہا:
’’ بڑے شہروں کے بہت سے امیر خاندان صبیحہ کا رشتہ لینے کے خواہش مند ہیں ۔ہم نے ابھی تک کسی کا مطالبہ نہیں مانا ۔اب یہ منگنی تو صبیحہ کے باپ نے طے کر دی ہے مگر اس کے بارے میں کسی کو کانوں کان خبر نہ ہو۔کسی کو اس کے بارے میں کچھ نہ بتایا جائے ۔یہ منگنی ہرحال میںصیغۂ راز میں رکھی جائے ۔ میری بیٹی صبیحہ کے لیے تم ریشمی کپڑے کے جوتین سوٹ لائے ہو وہ ہم نے رکھ تو لیے ہیں ۔ہم یہ سوٹ کسی ضرورت مند کو دے دیں گے ۔میری بیٹی بزازکی دکان پر رکھے کسی تھان سے کٹوائے ہوئے ریشمی سوٹ نہیں پہنتی ۔یہ غیرملکوں سے درآمد کیے ہوئے ریڈی میڈسوٹ پہنتی ہے۔جو جیکٹ اس نے پہن رکھی ہے اس کی قیمت دس ہزارروپے ہے ۔ ‘‘
رضوان نے اپنی اہلیہ کی بات سن کر کہا:
’’ صبیحہ کا رشتہ حاصل کرنے کے لیے گزشتہ دس سال سے ہم پر بہت دباؤ ہے ۔اب ہم نے رازداری سے یہ رشتہ طے کر دیاہے تو اس کے بارے میں مکمل خاموشی ہی مصلحت ہے ۔ہمیں اندیشہ ہے کہ رقیب ، کینہ پرور حاسداور مہم جُوعناصرکہیں احسن کو نقصان نہ پہنچائیں ۔کم ازکم تین سال تک تو تم لوگ اپنے ہونٹوں کو سی لو اور منگنی کی بات کا کسی کو پتا ہی نہ چلے ۔ صبیحہ کے لیے لباس کے انتخاب کے لیے آ ئندہ احتیاط سے کام لینا۔ ‘‘
بشیر نے یہ باتیں سُن کر دِل تھام لیا اور کہا’’آپ سچ کہہ رہے ہیں ہم آئندہ محتاط رہیں گے ۔ہم تو اب تک اپنی مٹی پر چلنے کا قرینہ سیکھتے رہے ۔آپ کا خاندان تو سنگِ مر مرکے سوا کسی جگہ پر قدم ہی نہیں رکھتا۔اپنی مٹی سے محبت ہماری سرشت ہے ۔‘‘
رضوان نے اپنی خضاب آلود داڑھی پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا:
’’ آپ نے جو کچھ کہاہے وہ صحیح ہے۔ آپ کو نئی نسل کے ذوق اور پسند کا خیال رکھنا چاہیے ۔پچھلے دس بارہ سال سے صبیحہ کا رشتہ حاصل کرنے کے خواہش مند اہلِ ثروت کی طرف سے ہم پر بہت دباؤ رہا ہے ۔ نوشتۂ تقدیر کے مطابق جوڑے آ سمانوں پر بنتے ہیں۔تمھاری بھلائی کی خاطر ہم سب کا یہی مشورہ ہے کہ خاموشی سے اور خفیہ طورپر شادی کی تیاری کی جائے ۔‘‘
عزیز نے یہ باتیں سنیں تو خاموش نہ رہ سکی اس نے ترکی بہ ترکی جواب دیا :
’’ الامان و الحفیظ باپ تاندلا ،ماں اکروڑی اور بیٹی کیسر کی جڑ۔ سچ کہتے ہو تمھاری بیٹی تو ماڈل ہے ۔‘‘
اس موقع پر رضوان اور اس کی اہلیہ قفسو کی یہ باتیں خلاف توقع تھیں ۔رازداری رکھنے کی تاکیدکے ساتھ غیر معمولی احتیاط پراصرارکی باتیں سن کر بشیر کا ماتھا ٹھنکااور وہ سوچنے لگا کہ کچھ تو ہے جس کی اس قدر پردہ داری مقصود ہے ۔ احسن کی منگنی کے بعد بشیراوراس کی اہلیہ قدرے سنبھل گئے ۔ رات گئے جب وہ رضوان کے گھر سے نکل کر اپنے گھر کے لیے روانہ ہوئے تو وہبہت پُر اُمید۔ اپنے گھر کے دروازے کے قریب کھڑے رضوان نے بشیر کو تاکید کرتے ہوئے کہا:
’’ اپنی ہونے والی بہو صبیحہ کاایم۔ فل کاتحقیقی مقالہ تو ظاہر ہے اپنے بیٹے کی منگنی کے بعد اب تم خود ہی لکھو گے ۔ میں اچھی طرح جانتاہوں کہ صرف تحقیق کا موضوع میری بیٹی کے پاس ہے وہ مقالہ لکھنے سے قاصر ہے ۔رہ گیا مواد اور ماخذ اکٹھے کرنے کا معاملہ تو یہ اب تمھاری ذمہ داری ہے کیونکہ صبیحہ آج سے تمھاری بہوبیٹی ہے ۔ کمپیوٹر پر تحقیقی مقالے کی کمپوزنگ،پرنٹنگ اور جلد بندی بھی تم خود ہی کرا کے لانا ۔یہ کام ایک ماہ میں مکمل کرنا ضروری ہے ۔‘‘
بر آمدے میں کھڑی قفسو نے سرگوشی کے اندازمیںاپنی بیٹی صبیحہ سے کہا ’’ اب یہ بوڑھا اور نگری نگری پھرنے والا صحرائی اُونٹ پہاڑ کے نیچے آ ئے گا۔ ہر لحاظ سے مکمل مقالہ ملتے ہی ہم بشیر کو اپنے گھر سے ایسے نکال پھینکیں گے جیسے دودھ سے مکھی نکال کر پھینک دی جاتی ہے۔ کالی دیوی سے گہرے مراسم کی بنا پر شہر کی سب عورتیںمجھے قفسو ڈائن کہہ کر پکارتی ہیں۔ کئی جن ،بھوت،ڈائنیں ،پریاں ،آد م خور اور چڑیلیں میرے قبضے میں ہیں ۔اگر بشیر نے ہماری بات نہ مانی تو میںاس کاخون پی جاؤں گی۔میں نے رضوان کو بھی کالے جادو ،سفلی علوم اور اپنی طاقت سے اپناتابع بنا رکھا ہے ۔‘‘
بشیر نے یہ باتیں سُن لیں اُسے ایسا محسوس ہوا کہ اب تو نہ جائے رفتن اور نہ پائے ماندن والا معاملہ بن چکاہے ۔مرتاکیانہ کرتا بشیر نے رضوان ، قفسو اور صبیحہ کے پیہم اصرار کے بعد اپنے دِل پہ جبر کر کے چار سو صفحے پر مشتمل تحقیقی مقالہ لکھنے کافیصلہ کر لیا ۔
بشیر اپنی اہلیہ کے ہمراہ رضوان کے گھر سے نکلا تو وہ عجیب مخمصے میں مبتلا تھا۔بشیر کی اہلیہ نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا :
’’ منگنی کے بارے میں رازداری کی تاکیدکس لیے؟ مجھے تو دال میں کچھ کالا دکھائی دیتاہے ۔‘‘
بشیر نے اپنی پیشانی سے پسینہ صا ف کرتے ہوئے کہا:
’’ مجھے تو سار ی دال ہی کالی دکھائی دے رہی ہے ۔ ٹھگوں کے اس صحرامیںوفا کی تلاش میں نکلنے والے آ بلہ پا مسافروں کے ساتھ کچھ بھی ہو سکتاہے ۔ابھی تو تعلق کی ابتدا ہے آگے آگے دیکھیں کیا ہوتاہے ۔
قفسواور رضوان کی مطلقہ بیٹی سمانہ کی کالاشاہ کاکو میں اگلے ماہ شادی تھی ۔قفسو نے نہایت رازداری سے بشیرسے جہیزکے لیے کثیر رقم ہتھیا لی۔اس کے ساتھ ہی سمانہ کے جہیز کے لیے کچھ سامان بھی بشیر سے وصول کیا ۔قفسو ملازمت سے ریٹائر ہوئی تو ایک پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیاگیا۔ اس موقع پرقفسو کے لیے تحفے تحائف کی خریداری اور مہمانوں کی خاطر مدارت کے سارے اخرجات بھی بشیر کو برداشت کرنے پڑے ۔یہ جونکیں نہایت سفاکی سے آلامِ روزگار کے پاٹوں میں پسنے والے بشیر کا خون چوس رہی تھیں۔بشیر موہوم خوشیوں کی جستجومیںہر ستم سہنے پر مجبور تھا۔
تقدیر نے بشیر کی کتاب زیست کا ایک اور ورق پلٹا۔ رازداری سے ہونے والی منگنی کے ایک ماہ بعد معدے کی خرابی کے باعث رضوان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ۔ خلقِ خداکاحلق کون بندکرسکتا ہے اکثر لوگوں کو یہ کہتے سنا گیا کہ ظالم نائکہ قفسو نے اپنے شوہر کواپنی راہ سے ہٹانے کے لیے اسے آہستہ آہستہ اثر کرنے والا زہر دیاہے ۔ ملتان،اسلام آباد ،فیصل آباد ،سرگودھااور لاہور کے بڑے ہسپتالوں سے رضوان کاطبی معائنہ کرایا گیا۔ بشیرہر جگہ اپنے دوست کے ساتھ رہااورجہاں تک ممکن تھااس نے اپنے دوست کی نہ صرف تیمارداری کی بل کہ بڑے شہروں کے سفر میں رضوان کے طبی معائنے اور علاج پر اُٹھنے والے سب اخراجات بھی بشیر نے برداشت کیے۔رضوان کے معدے کے السر کا عارضہ کینسر میں بدل گیا۔ راول پنڈی کے ایک بڑے ہسپتال میں کیموتھراپی کے ذریعے رضوان کا علاج جاری تھا۔اس دوران میں رضوان کی طبیعت بہت خراب ہوگئی۔اس موقع پر قفسو نے اپنے شوہر رضوان سے کہا :
’’ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ اس دنیاسے تمھارا جانااب ٹھہر گیاہے ۔اب تم صبح گئے کہ شام گئے ۔سیدھی طرح بشیر سے کہہ دو کہ وہ صبیحہ کا تحقیقی مقالہ تمھاری موت کے بعد جلد مکمل کرے ۔‘‘
رضوان نے بشیر کو اپنے پا س بلایا اور گلو گیر لہجے میں کہا:
’’ تم جا نتے ہومیں اس وقت زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلا ہوں ۔ اگر میںاس دنیا سے رخصت ہو جاؤں تو پھر بھی تم وعدے کے مطابق میری بیٹی صبیحہ کامقالہ ہر حال میں مکمل کر کے اُسے پہنچا دینا۔میری بیٹی زندگی بھر تمھارے اس احسان کو قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔ میری وفا شعار بیٹی صبیحہ جب تمھاری بہو بن کر تمھارے گھر پہنچے گی تو تمھارے گھر کو جنت کا نمونہ بنا دے گی۔ ‘‘
ان دنوں رضوان کے گھر میں جوبھی رضوان کی عیادت کے لیے پہنچتا تو وہ وہاں موجود اپنے عزیزوں سے مخاطب ہو کر یہی کہتا:
’’ بشیر کے مجھ پر بہت احسان ہیں ۔اس کے ساتھ وفا کرنا اور اس کی خدمات کی قدر کرنا۔صبیحہ اور بشیر کے بیٹے احسن کی منگنی میں نے طے کی ہے ۔میں رہوں یانہ رہوںکسی شرط کے بغیر شادی کا یہ ایفائے عہد میری اولا دکی ذمہ داری ہے۔ بشیر کے ساتھ میرا نصف صدی کا معتبر ربط ہے اسے زندگی کے ہر مرحلہ پر یاد رکھنا۔‘‘
پانچ مارچ 2018کی شام کوشہرکے ایک بڑے ہسپتال میں رضوان نے آخر ی سانس لی۔ مکڑوال کی جنازہ گاہ میںرضوان کاجنازہ پڑھایاگیا۔رضوان کی میّت نزدیکی شہر خموشاں میں پہنچی تو پس ماندگان گریہ و زاری کر رہے تھے۔ بشیر اور سب سوگواروں نے رضوان کا آخری دیدار کیا۔ لحدتیار تھی جب رضوان کاجسدِ خاکی لحدمیںاُتارا گیا تو بشیر بھی وہاں موجود تھا۔سب نے باری باری لحدمیں مٹی ڈالی اس کے بعد گورکن نے قبر کی زمین ہموارکی۔ بشیرنے بھی رضوان کی قبر پر پھول نچھاور کیے اور دائمی مفارقت دینے والے اپنے دیرینہ رفیق کی روح کو آ نسوؤں اور آ ہوں کا نذرزانہ پیش کیا۔رضوان کی تدفین کے بعد سب لوگ اپنے اپنے گھروں کی جانب روانہ ہو گئے ۔
بشیر بھی دِل گرفتہ اور سوچوں میں گُم لڑ کھڑاتاہوا ان جانی مسافت کی طرف جانے کے بارے میںسوچ رہا تھا۔اچانک ایک اجنبی شخص نے بشیر کا بازو تھام لیااور اپنے ساتھ لے کر شہر خموشاں کی مغربی سمت روانہ ہو گیا۔ کچھ دُورفضاکی وسعتوں سے چمکتے ہوئے سات ہیولے دکھائی دئیے اور جب زمین پر اُتر ے تووہ انسانی رُوپ دھار چکے تھے۔ان پر اسرار انسانوں نے ایک جیسا لباس پہنا ہوا تھا ۔ ان میں چار مرد اور تین عورتیں تھیں ۔ان میں سے ایک کے سر پر دستار ِ فضیلت تھی جو شکل و صورت اور جاہ و جلال کی وجہ سے اُن کا سردار معلوم ہوتا تھا۔ وہ سب بشیر اور اس کے پاس کھڑے شخص کی طرف بڑھے ۔ یہ پر اسرار مہمان جب قریب آ ئے تو وہ بشیر کے پاس کھڑے شخص سے عجیب نامانوس سی زبان میں باتیں کرنے لگے ۔جلدہی تکلم کا یہ سلسلہ توڑتے ہوئے بشیر کو پریشان حال اور درماندگی میں تھامنے والے بزرگ نے کہا:
’’ میر ے پیارے بشیر! تم نے اپنی زندگی میں بہت فریب کھائے ہیں ۔ آج تم اپنے دیرینہ ساتھی رضوان کو سپردِ خاک کر چکے ہو ۔اب یہ بات اچھی طرح جان لو کہ رضوان نے تمھارے ساتھ جو عہد و پیمان کیا تھاوہ بھی آج رضوان کے ساتھ اس کی قبر میں دفن ہو گیاہے ۔‘‘
دوسرا پر اسرار شخص بولا’’ یہ دنیا بہت ظالم ہے یہاں وفا کا بدلہ سدا بے وفائی کی صورت میںملتا ہے ۔ ہمیں دھوکا دیا نہیں جاتا بل کہ ہم خود دھوکا کھانے کے لیے پہلے سے تیار بیٹھے ہوتے ہیں۔ جب عزت نفس اور ذاتی وقار کا خیال نہ رکھا جائے توحسن وجمال کے جلوے سرابوں کی بھینٹ چڑھادیتے ہیں ۔ برادران ِیوسف سے فریب کھاکر اندھے کنویں میںگرنے سے بہتر ہے کہ اُن کو جُل دے کر جان بچائی جائے ۔ خلوص ووفاکے پیکر جب محبت میں فریب کھاتے ہیں تو کوئی اُن کاپرسان ِحال نہیںہوتا۔اس ضعیفی میں مزیددھوکا نہ کھاؤ اور دبے پاؤں واپس اپنے گھر چلے جاؤ ۔ اب تک تم نے جو حسین خواب دیکھے ہیں وہ محض سراب اورفریب ِ نظر ہیں۔‘‘
’’ تم سب کون ہو ؟ میں پہلے ہی بہت پریشان ہوں اب آپ سب کی باتیں سُن کر میں زندگی سے بیزار ہو گیا ہوں ۔‘‘ بشیر کی خود رائی نے ہمیشہ اسے دھوکادیا۔اس مرتبہ بھی اس کی خوشیوں کا انحصار رضوان کے خاندان کی وفا کے مفروضے پر تھا،اس نے روتے ہوئے کہا ’’آپ عجیب اجنبی ہیں تقدیر کے زخم کھانے کے بعد میں تو سمجھا تھا کہ آ پ مرہم بہ دست آ ئے ہیںمگر آپ کی باتیں سن کر میرا دِل گھبرا گیا ہے ۔ مجھ غریب پر ترس کھاؤ اور مجھے اپنے گھر جانے دو ۔ اجل نے مجھ سے آفتاب و ماہتاب تو چھین لیے ہیں ہجومِ یاس و ہراس ِ سے گھبرا کر ناچارمیں نے اب ایک ٹمٹماتی ہوئی موہوم مشعل سے ساری اُمیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ ‘ ‘
’’ تم اپنے رفتگاں کو بُھلاچکے ہومگر ہم تو تمھیںاب بھی یاد کرتے ہیں۔ہمیں پہچانوہم تمھارے اپنے ہیں۔ماضی کے واقعات اور ان سے وابستہ شخصیات کو یاد رکھاکرو ۔اپنے رفتگاں کا ذکر تمھیں ہر قسم کے فکر سے آزاد کر دے گا۔جو دِلوں میںبس جاتے ہیں موت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ہمیشہ زندہ رہنے کے لیے کٹھن حالات میں زندگی بسر کرنے کا ڈھب سیکھو۔ پراسرار مہمانوں نے باری باری اپنا تعارف کرایا ۔‘‘
یہ تو بشیرکاداداصالح محمد، والد سلطان محمود ،بڑابھائی شیرمحمد ، چھوٹابھائی منیر حسین، بڑا بیٹاسجاد حسین، والدہ اللہ وسائی ، بیٹی کوثر پروین اور بہن عزیز فاطمہ تھیں ۔ سب سے پہلے جس بزرگ نے بشیر کا ہاتھ تھاماتھاوہ اس کاباپ سلطان محمود تھا۔جو بشیرکو دیکھ کر آہیں بھررہاتھا۔سجاد حسین اور کوثر پروین اپنے بوڑھے باپ کی حالت دیکھ کر حسرت و غم کی تصویر بن گئے تھے۔ سجاد حسین اور کوثر پروین آگے بڑھے اور اپنے ضعیف باپ سے لپٹ گئے ۔ بشیر کے دادا صالح محمدنے سب سے مخاطب ہوکر کہا:
’’ میرے فریب خوردہ پوتے بشیر ! زندگی کے واضح حقائق سے شپرانہ چشم پوشی کرنے والے اپنے آپ کو دھوکا دیتے ہیں ۔اب تک تم سرابوں کے عذابوں پھنسے رہے ہو۔ جب تک تم اپنے ذہن و ذکاوت کو اپنی ذاتی مرضی اور خواہشات کے مطابق استعمال کرنے کی استعداد پیدا نہیں کر لیتے اس وقت تک تم اس قماش کے عیار وں کے خطر ناک کھیل میں کٹھ پتلی بنے رہو گے۔ اب بھی وقت ہے مکڑوال کے عادی دروغ گواورسفلہ ٹھگوں کے چُنگل سے نکل کر اپنے آبائی شہر فتح جنگ بھاگ جاؤ ۔اب گزرے ہوئے وقت اور اس دور کی باتوں کو دہرانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔برف پوش پہاڑ کی سر بہ فلک چوٹی پر پڑا بہت بڑابرفانی تودہجب سیلِزماں کے تھپیڑے کھا کر لڑھکتا ہوا پگھل کر پانی کی شکل میں دریاکا روپ دھارتاہے تو وہ اپنے ماضی کو کب یاد رکھتاہے ؟اب تو اس کی نگاہ میںدریا کی تلاطم خیز موجوں کی روانی اور طغیانی ہوتی ہے ۔وسیع میدانوںسے گزرتا ہوا یہ دریا جب سمندر میں شامل ہوتاہے تو اس کی طویل مسافت کی سب روانی محض ایک کہانی بن کر رہ جاتی ہے ۔ مکڑوال کے ان شاطر تلنگوں نے کئی گھروں کو بے چراغ کر کے وہاں کے مکینوں کو مست ملنگوں میں بدل دیا۔مقدرکے ستاروں کے ضو فشاں ہونے سے پہلے دِل کی حسرتوں اورارمانوں کے داغوں کی بہار ہر انسان کو اشک بار کر دیتی ہے ۔ جھوٹ بولنے والے ٹھگوں کے اس عادی دروغ گو گروہ کاطریقۂ واردات یہ ہے کہ ان کے گھر کے سب افراد اپنے تئیں گامن سچیار جیسا راست گو ظاہر کرتے ہیں ۔بہ قول شاعر :
کوئی جھوٹا نہیں ہے اس گھر میں
سارے سچے ہیں کیا تماشاہے ‘‘
عزیزفاطمہ نے روتے ہوئے کہا ’’ میرے بھائی !مکڑوال کے یہ احسان فراموش درندے تمھیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے رہے ہیں ۔رضوان کے پس ماندگان ہوا کا رخ دیکھ کر تیزی سے بدل جانے والے لوگ ہیں۔یہ موقع پرست پیمان شکن کبھی بھی رضوان کے عہدوپیمان کا خیال نہیں رکھیں گے۔ انھوں نے ہمیشہ جھوٹ بولامگر تمھاری سادگی پر ر ونا آتاہے کہ تم نے ان کے صر یح جھوٹ کو ہمیشہ بلاچون و چراتسلیم کر لیا ۔ حکیم سارق ،ملک کما ل اور اس کے بیٹے رافع سے پوچھو صبیحہ کی آرزو میںان پر کیا گزری ۔ان عیاروں پر اعتماد کر کے در اصل تم نے اپنی ذات کو دھوکا دیاہے ۔اب صبر کے سوا کوئی چارہ ٔ کار نہیں ۔‘‘
’’ بابا! تم اکیلے نہیں جو مکڑوال کے ان دغاباز محسن کشوں کے تیرِستم کھا چکے ہیں ۔‘‘ سجاد حسین نے کہا’’ ان ظالموں نے اس شہرکے کئی گھر ویران اور تہس نہس کر دئیے۔میرے ضعیف باپ پر کوہ ِستم توڑنے والے فطرت کی سخت تعزیروں سے غافل نہ رہیں ۔ آزمائش کی اِس گھڑی میںہم سب کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں ۔‘‘
بشیرنے روتے ہوئے کہا ’’ بھائی رضوان کی اولادمیرے ساتھ دغا و دُزدی کیوںکرے گی؟ صبر ایوب ؑ اور گریہ ٔ یعقوبؑ کو شعار بنا کر میں نے مقدور بھر ان کے ساتھ وفا کی ہے۔‘‘
شیر محمد نے کہا’’ میرے عزیزبھائی بشیر ! تم بہت سادہ لوح ہو ،میری بات یاد رکھو کہ رضوان کی وفات کے بعد اس کے گھر کے حالات بدل گئے ہیں ۔ قفسو کی بیٹی صبیحہ کے ظاہری حسن و جمال اور جعلی عقیدت نے تمھیں دھوکے میں مبتلا کر دیا۔ صبیحہ جس مہارت سے سعادت مندی کی اداکاری کرتی رہی تم اس سے دھوکا کھا گئے ۔ قفسو کے قحبہ خانے کی جن مکار حسیناؤں کی جعلی مسکراہٹوں ،چاہتوں اور گل افشانیٔ گفتار کے تم گروید ہو گئے تمھاری عدم موجودگی میںوہ سب ناک بھوں چڑھا کر تمھارے خلوص ،وفا اور ایثار کا مذاق اُڑاتے تھے ۔ تم رضوان کو بھائی کہہ رہے ہو مگر اس کی اولاد تمھیں اپنا بزرگ یا چچاتسلیم نہیں کرتی ۔ میں تو یہی کہوں گا:
بھاگ اِن بردہ فروشوں سے کہاں کے بھائی
بیچ ڈالیں گے گے جو یوسف سا برادر ہووے ‘‘
دعائے نیم شب سے فارغ ہوکر بشیر نے حسبِ معمول فغاں صبح گاہی میں امان کی تلاش شروع کر دی ۔ہمیشہ کی طر ح وہ فلک پر ٹمٹمانے والے ستارے گن کر رات گزارنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بشیر کا اب اپنے دل سے معاملہ تھاوہ حیرت واستعجاب کے عالم میں خودکلامی کرنے لگا :
’’ زندگی کے جان لیواصدمات جو گزشتہ سات عشروں میں مجھ ناتواں کو برداشت کرنے پڑے سیلِ زماں کے تھپیڑوں نے انھیں وقت بُرد کردیا۔ میرا ہنستا ،مسکراتااور گل افشانیٔ گفتارسے رنگ بکھیرتا چمن اجل کے بے رحم ہاتھوں سے دائمی سکوت اور مہیب سناٹوں کی بھینٹ چڑھ گیا۔جنھیں میں دیکھ دیکھ کر جیتا تھاوہ احباب کیا گئے کہ موسمِ بہار بھی مجھ سے رُوٹھ گیا۔میں نے مشیتِ ایزدی کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہوئے دل کے ٹکڑے چاند چہروں کو اپنے ہاتھوں سے لحد میں اُتارا۔ یہ آفتاب و ماہتاب جب سے تہہ ظلمات نہاں ہوئے اس کے بعد مقدر کی بھیانک تاریک رات میں گھر کے اُداس، بام کُھلے در اورویران آنگن سائیں سائیں کرنے لگا۔صوفیاکاکہناہے کہ دائمی مفارقت دینے والے حشر تلک خاموش رہتے ہیں لیکن میرے رفتگاں تو میری مسیحائی کی خاطرآج مر ہم بہ دست میر ے سامنے موجودہیں اور اُن سے تکلم کا سلسلہ جاری ہے ۔شہر خموشاں میں اپنی آخری آرام گاہ کو چھوڑ کر میرے یہ سب مُونس یہاں کیسے پہنچے ۔انھیں محو التفات دیکھ کر زمین دِل کے مانند کیوں دھڑک ر ہی ہے ؟دائمی مفارقت دینے والے یہی کہتے ہیںکہ اب ملاقات قیامت کے دن ہو گی ۔کیا قیامت برپا ہونے والی ہے ؟‘‘
نزدیکی مسجدکے موذن نے صبح کی پہلی اذان دی تو بشیرجوں ہی فجر کی نمازکی تیاری کے لیے اُٹھاسب غم گسار غائب ہو گئے ۔بشیر نے اپنے رفتگاں سے ہونے والی اس ملاقات کے بارے میں کسی سے کوئی بات نہ کی ۔کچھ صدمات ،سانحات ،تجربات اور مشاہدات ایسے بھی ہوتے ہیںجو گویائی سلب کر لیتے ہیں اور ہاتھوں سے قلم چھین لیتے ہیں ۔
بشیر نے دن رات ایک کرکے چار سو صفحات کامقالہ مکمل کرکے رضوان کی وفات کے ایک ماہ بعد صبیحہ کے گھر پہنچادیا۔ ہرلحاظ سے مکمل مقالہ جب صبیحہ کے ہاتھ لگاتو اُس کا روّیہ ہی بدل گیا ۔طوطاتواپنی نگاہیں بدلنے میں بلاوجہ بدنام ہے ۔اس طالبہ نے تواحسان فراموشی اور محسن کشی میں بروٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ عالمِ خواب میں بشیر کے اندیشے حقیقت میں بدل گئے۔ صبیحہ نے ضعیف معلم بشیر کوٹشو پیپر کی طرح استعمال کیااور مقالہ ملنے کے بعدکبھی اس بوڑھے اُستادکے دِلِ شکستہ کا حال تک نہ پُوچھا۔بشیرکوبہت بعد میں رضوان کے خاندانی حالات معلوم ہوئے ۔یہاں توآوے کاآوا ہی خراب تھاکردارکے اعتبارسے سب مفلس وقلاش یہاں جمع ہوگئے تھے۔ ضعیف معلم بشیر کے لکھے ہوئے مقالے کو شعبۂ امتحانات میںجمع کرانے کے دو ماہ کے بعد نتیجہ آیا اورصبیحہ کو ڈگری مِل گئی ۔ مکر کی چالوں سے ڈگری ہتھیا لینے کے بعد اب یہ پِدی بڑی ڈھٹائی سے شاہین کوہیچ قرار دیتی ۔قفسو نے اپنی بیٹی کی کامیابی کی خوشی کے اس موقع پربھی بشیر سے اپنی بیٹی کے لیے تحفے تحائف ،مٹھائی ، قیمتی ملبوسات اور بیس ہزار روپے بٹورلیے ۔ ہر عید ،شب برات ،ملاقات ،خوشی و غم اور قفسو کی شادی شدہ بیٹیوں کے ہاں اولاد کے جنم کے موقع پر بھی بشیر کی جیب کاٹ لی جاتی ۔ لُوٹ مار کاسلسلہ جاری تھامگر حالات کا زخم خوردہ بشیرسرابوں کے صحرامیں بھٹک رہا تھا۔بشیر کی کوئی امید بر نہ آتی اور نہ ہی مکر و فریب اور ٹھگی کے اس کھیل سے بچ نکلنے کی کوئی صورت نظر آتی تھی۔
مکڑوال کی عورتیں جوقفسہ کی محرم رازتھیں وہ یہ بات بر ملا کہتیں کہ اپنے شوہر رضوان کی موت کے بعدقفسو نے بیوگی کی چادر اوڑھ لی اور نو سو چوہے نگل کر یہ صحرائی چڑیل گربہ مسکین بن کر عدت میں بیٹھ گئی ہے ۔عدت کے سوگ کے دنوں میں بھی قفسو چڑیل بشیرکے خون پسینے کی کمائی پر ہاتھ صاف کرتی رہی ۔ آندھیوں،گردباد اور بگولو ںسے بچنے کے لیے قفسو کے گھر میں رضوان کی صورت میں جوخام سی دیوار موجودتھی اجل کے ہاتھوں اس کے گرتے ہی ہرایلاخیلا،بھانڈ ،بھڑوے ،مسخرے ،لچے ،شہدے اور تلنگے نے ان کے صحن میںرستے بنا لیے ۔ قفسو کی ہم پیشہ ،ہم مشرب و ہم راز قحبہ خانے کی مکین طوائفیں یہ بھی کہتیں کہ رضوان کے راہیٔ ملک عدم ہوتے ہی قفسہ کے گھر سے شرم و حیا ،احترام انسانیت ،وضع داری اوراخلاق نے بھی رختِ سفر باندھ لیا۔ جنس وجنوں ،حرص و ہوس ،موقع پرستی ،اور طوطاچشمی نے صبیحہ کے علم ونسوانیت پر دبیز پردہ ڈال دیااور اس کا دامن تمام اخلاقی محاسن سے تہی ہو گیا ۔ اپنے گھونگھٹ کا پٹ کھول کر یہ حسینہ سدا کسی نہ کسی پیا کے ملنے کی منتظررہتی ۔وہ اس مقام پر پہنچ گئی تھی جہاںاس کے پرستار اس کے ذوق کی تسکین کے لیے ہمہ وقت موجودرہتے تھے۔ اپنے شوہر رضوان کی موت کے بعد قفسو کی بڑھتی ہوئی انسان دشمنی ،کینہ پروری اورسادیت پسندی کی وجہ سے مکڑوال کی عورتیں اُسے چڑیل اور ڈائن کہہ کر پکارتی تھیں۔بصیرت سے متمتع صاحب الرائے لوگوں کاخیال تھا کہ قفسو کی سار ی اولاد منشیات،بداخلاقی،عریانی اور فحاشی کے محیط میں تھی ۔کالی دیوی کی پرستار اورکالی زبان والی سبز قدم قفسو کوکالے جادو ،ٹونے اور سفلی علوم میں مہارت حاصل تھی ۔اپنے شکار کوجھوٹے وعدوں ،جعلی ترغیب و تحریص ،حسن و جمال کی جھلکی اور جنس و جنوں کی تحریک سے اپنے چنگل میں پھنسانااس کٹنی کے بائیں ہاتھ کا کھیل تھا۔سو پشت سے قفسو کے خاندان کا پیشہ ٹھگی تھا ۔ ممتاز مفکر ،مورخ اور دانش ورضیاالدین برنی ( 1285-1357)نے اپنی تصنیف تاریخ فیروزشاہی (1356)میںبر صغیر میں ٹھگی کی جن لرزہ خیز وارداتوں اور ان کے پس پردہ کارفرمامحرکات کاذکر کیاہے۔متعدد روایات سے معلوم ہوتاہے کہ قفسو کاخاندان ان ٹھگوں کا سر غنہ رہا۔نو آبادیاتی دور میں بر صغیر میںبر طانوی وائسرائے ولیم بینٹنک ( William Bentinck) نے اپنے عہدحکومت (1833-1835) میںان جلاد منش پیشہ ور ٹھگوں کی سرکوبی کافیصلہ کیا۔ ولیم بینٹنک نے جن چار سو بارہ (412) ٹھگوں کو دار پر کھنچوایا ان میں زیادہ تر قفسو کے آباو اجداد تھے ۔اپنے اس خاندانی پس منظر کے باعث یہ رذیل نائکہ ہر عورت کو کاٹنے کے لیے دوڑتی اور ہر عمر کی شادی شدہ عورت کو بد دعاکرتی اور غراتے ہوئے کہتی :
’’ تقدیر نے مجھے بیوگی کی چادر اوڑھنے پر مجبور کر دیاہے اور میں نے اپنے دل میں شادی کی یادوں کو بچابچا کے اور سجا سجا کے رکھا ہوا ہے ۔جس شادی شدہ عورت نے میری بات نہ مانی اور میرے ڈھب پر نہ آ ئی میں اس کے شوہر کا دھڑن تختہ کر دوں گی اور اسے بھی میری طرح بیوگی کی چادرسنبھال سنبھال کر رکھنی پڑے گی۔ ‘‘
رضوان نے اپنے بیٹے پتوار کی شادی اپنی بہن کی بیٹی سے کر دی ۔ سرِ شام ہی خچر بیچ کر مُردوں سے شرط باندھ کر سوجانا پتوار کا وتیرہ تھا۔اخلاق اور شائستگی سے بے بہرہ اس نا خلف،احسان فراموش ،خام خیال اور گستاخ عیاش نے اپنی نیک اہلیہ کوطلاق دے دی اور دومرتبہ طلاق لینے والی ایک عورت کونکاح کے بغیر خفیہ طور پرا پنی شریک جرم ساتھی بنالیا۔اس عورت کی پچھلی شادی سے ایک بچی بھی تھی اس کی کفالت بھی اسی متفنی کے ذمے تھی ۔ بازار کی مٹھائی کا دلد ادہ اور منشیات کاعادی پتواریہ بات بر ملا کہتاکہ وہ محض ایک بیوی پر اکتفا نہیں کر سکتا۔اس لیے وہ کئی طوائفوں کی زلفوں کی چھاؤں میں دم لینے کے لیے رکتاہے ۔ جس طرح نعمت خان کلانونت نے جاہ و منصب اورزرومال کے حصول کے لیے لال کنور پر انحصارکیا اُسی طرح اخلاق اور کردار سے تہی پتوار کابھی صبیحہ پر انحصار تھا۔خرچی سے ہونے والی آ مدنی سے پتوار کے گھر کی کایا پلٹ گئی ۔اس ابلہ کے گھر میں عجیب جھمکا تھا جس طرف نگاہ اُٹھتی چور ،ٹھگ اور اُچکا دیکھ کر ہر دردمند انسان ہکا بکا رہ جاتا۔ بشیر جب بھی اس کندہ ٔ نا تراش کی اخلاق باختگی اور شرم ناک جنسی جنون پر گرفت کرتا تو یہ آگ بگولا ہو جاتا۔ اس ابلہ کے دل میں ضعیف بشیر کانٹے کی طرح کھٹکتا تھا۔ اپنے محسن کے ساتھ دھوکاکرنا بے شرمی،بے غیرتی اور بے ضمیر ی کی انتہاہے ۔بشیر کوجذباتی طور پر منہدم کرنے کے سلسلے میں پتوار نے اپنی ماں سے مِل کر رشتے ناتوں کا ایک الجھا ہوا جال تیار کیا ۔بشیراور اس کے اہلِ خانہ تہ ِ دام تڑپ رہے تھے مگر کوئی ان کا پرسانِ حال نہ تھا۔
احسن کی شادی کی تاریخ طے کرنے کے سلسلے میں قفسو ہمیشہ ٹا ل مٹول سے کام لیتی اور یہی کہتی کہ پہلے اپنے بیٹے کی تعلیم تو مکمل ہو لینے دو۔ جب لاہور میںاحسن کی تعلیم مکمل ہو گئی اور وہ اپنے گھر آ گیا تو احسن کی شادی کی تاریخ طے کرنے کے سلسلے میں بشیر 12۔جو لائی 2018کو قفسو کو اپنی آمد سے مطلع کر کے اپنی اہلیہ کوساتھ لے کرمکڑوال پہنچا ۔اس بار قفسو اور اُس کے فرزندپتوار کی مشاور ت کے بعد 21۔جون 2019 کواحسن اور صبیحہ کی شادی پر اتفاق رائے ہو گیا ۔ شادی کی تاریخ دینے کے ایک ماہ بعدقفسواوراس کی اولاد کی بد نیتی اور فریب کاری کھل کر سامنے آ گئی ۔ سب سے پہلے قفسو کے قحبہ خانے کی رذیل طوائف تگوشہ نے ہر جگہ یہ کہا کہ قفسونے شادی کی کوئی تاریخ دی ہی نہیں بشیر نے یو ں ہی بے پر کی اُڑا دی ہے ۔اس کے دو ماہ بعد ندیدہ جنسی جنونی پتوار نے نہایت ڈھٹائی سے بشیر کو جھٹلایا اوراپنی طرف سے دی گئی شادی کی تاریخ سے منحرف ہو گیا۔ایک ماہ مزید گزر گیا ایک شام قفسو کہیں سے گھومتی ہوئی بشیر کے گھر آپہنچی ،اس نے غراتے ہوئے کہا :
’’ یہ تم لوگوں نے شادی کی تاریخ کا ڈھنڈورا پیٹنا کیوں شروع کر دیا ہے ۔ ہم نے تو کوئی تاریخ ابھی تک طے ہی نہیں کی ۔‘‘
اس صریح جھوٹ کو سُن کر اور قفسو کی لُوٹ مار کو دیکھ کر بشیر کادِل بیٹھ گیا۔وہ سمجھ گیا کہ رضوان کے ساتھ اس نے جو معاہدہ کیا تھاوہ آشوبِ زمانہ کے باعث رضوان کی تدفین کے ساتھ ہی زیر ِزمین چلا گیا ہے ۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس معاہدے کے بارے میں سب خدشات درست ثابت ہو رہے تھے۔
گزشتہ چند ماہ سے بشیر کو نہایت اعصاب شکن حالات کاسامنا تھا۔ اِدھر بشیر اپنے گھر میں اپنے بیٹے کی شادی کی تیاریوں میںمصروف تھا۔ اُدھر قفسونے اپنے مکر کی چالوں سے بشیر کی باتوں کی تغلیط اور حقائق کی تمسیخ میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی ۔قفسوکے حوصلہ شکن روّیے نے بشیر کو عجیب مخمصے میں ڈال دیا۔ اٹھائیس مارچ2019کو بشیرکو معلوم ہوا کہ قفسوآج مکڑوال سے فتح جنگ پہنچی ہے اور اپنے دیور ایازکے گھر ٹھہری ہے ۔بشیر نے ایازکو فون کیا کہ قفسو سے کچھ ضروری باتیں کرنے کی غرض سے وہ اپنے اہلِ خانہ کو ساتھ لے کر ایاز کے گھر آناچاہتاہے ۔ایاز نے بشیر سے کہاکہ وہ بلاتامل اس کے گھر آ جائے تا کہ مل بیٹھ کر باہم مشاورت سے شکوک و شبہات کو دُور کیا جاسکے ۔ بشیر اپنے اہلِ خانہ کو ساتھ لے کر جب ایاز کے گھر پہنچاتو اس کے گھر کے دروازے کوتالا لگا ہوا تھا۔گھر کے اندر سے برتن دھونے کی آوازسُن کر اور نل سے پانی بہتا دیکھ کر بشیر سمجھ گیا کہ ایازکے گھر والے اندر ہیں اور ایاز کہیں باہر نکل گیاہے ۔ ایازکے گھر کے سامنے ایک خالی میدان میں بشیر اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ایاز کی واپسی کاانتظار کرنے لگا۔ درختوں پر زاغ و زغن کے غول کے غول دیکھ کر وہ گھبرا گیا ۔ساتھ والی کھنڈرنما بوسیدہ عمارت کے روشن دانوں سے بُوم و شپر جھانک رہے تھے ۔ اسی جگہ کئی کرگس موجود تھے جو کسی مردہ جانور کا ڈھانچہ نوچ کر ابھی واپس آئے تھے ۔تین گھنٹے کے صبر آزما انتظار کے بعد ایازاپنی اہلیہ ،بھابی قفسو اور صبیحہ کے ہمراہ گلی کے دوسرے کنارے سے نمودار ہوا۔رات کی تاریکی بڑھ رہی تھی بشیرنے اضطراب کے عالم میں ایاز کے گھر میں قدم رکھا۔اپنی بے بسی کے اظہار کے لیے وہ سب ایاز کے گھر کے صحن میں زمین پر بیٹھ گئے ۔بشیر کی آ نکھیں پر نم تھیں اور آواز بھر گئی تھی ۔اس نے آ ہ بھر کر کہا :
’’ساجدکوہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے ۔کل ہم اس کی آخری آرام گاہ پرلو حِ مزار نصب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اگر آپ سب بھی مرہم بہ دست ہمارے گھر آجائیں تو اللہ کریم آپ کو اس نیکی کا اجر عظیم عطا فرمائے گا۔‘‘
مارچ 2019کی انتیس تاریخ کوصبیحہ اپنی ماں قفسواور بہنوئی کے ہمراہ بشیر کے گھر پہنچی تو اس کا شان داراستقبال کیا گیا ۔ ساجد کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی ہوئی اِس کے بعد دعا کی گئی ۔ بشیرنے اپنے مہمانوںکواپنے جذبات حزین سے آ گاہ کیا اور ساجد کی آخر ی آرام گاہ پر نصب کیے جانے والے کتبے کے بارے میں کہا:
’’ چھے جولائی دو ہزارسترہ کوقادر مطلق نے ساجد کو ہمار ے گھرسے جنت کی طرف بلالیا۔میرا فرشتہ صفت نو جوان بیٹاہمارے دِل میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ساجد بیٹے تمھارا نام تو لوحِ دِل پر کندہ ہے یہ لوحِ مزار تو محض رسمِ دنیاہے ۔یہ مکان تمھاری میراث کی صورت میں ہمارے پاس ہے ۔یادوں کی میراث تو اذہان اور قلوب میں محفوظ ہوجاتی ہے ۔تمھاری یاد تو آخری سانس تک ہماری ہرفریادکا موضوع رہے گا۔میرے لختِ جگر ! اپنی دنیاکے صرف تم ہی شناسا ہو مگر ہماری لُٹی ہوئی کائنات کوسار ی دنیادیکھ رہی ہے۔تمھاری دائمی مفارقت کے نتیجے میں ہم اپنی زندگی کی متاعِ بے بہا سے محروم ہو گئے ۔ہمارے گھر کی زمیں پر کِھلنے والا یہ پھول اب باغ بہشت میں اپنی مہک بکھیر رہا ہے ۔میرے چاند میں تمھیں یقین دلاتا ہوں کہ میں بہت جلد تم سے آ ملوں گا۔‘‘
اس موقع پر بشیرکی اہلیہ نے اپنی ہونے والی بہو کو پیار سے گلے لگا لیا ۔ بشیرکی بیٹی نے اپنے ہونے والی بھابی کا صدقہ اُتار ا،قفس میںبند قمریوں کو اس کے سر پر وار کر کھلی فضا میں آزاد کیا۔صبیحہ پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،کرنسی نوٹوں کے دس ہار پہنائے گئے جن کی مالیت دس ہزار روپے بنتی تھی ۔بیش قیمت ریشمی لباس اوردس ہزار روپے نقددئیے ۔ بشیر نے اپنی ہونے والی بہو کی راہ میں آنکھیں بچھائیں۔ بشیر کے گھر میں ان سب مہمانوں کے لیے پر تکلف ضیافت کاانتظام کیا گیاتھا۔ اپنے گھر کے آ نگن اور کمروں کے مختلف مقامات صبیحہ کو دکھاتے ہوئے بشیر کی آ نکھیں بھیگ بھیگ گئیں ۔بشیر نے اپنے دِل پر ہاتھ رکھ کر صبیحہ کو بتا یا :
’’بیٹی یہ وہ جگہ ہے جہاں تمھارے باپ نے اکتوبر2017میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے ۔اس جگہ رضوان وضو کرتاتھااور یہاں نماز ادا کرتا تھا۔یہ وہ کمرہ ہے جس کے ساتھ باتھ روم ملحق ہے اور یہاں تمام سہولتیں میسر ہیں ۔ اس کمرے میں رضوان نے میرے ساتھ پانچ راتیں بسر کیں ۔‘‘
بشیر کی اہلیہ عزیزنے رضوان کے یہاں قیام کے حوالے سے کہا :
’’ہمارے گھر میں قیام کے دوران میںہم نے اپنے بھائی رضوان کی مقدور بھر خدمت کی ۔ہم نے ماہر معالج سے رابطہ کر لیا تھا اور ان کے مشورے سے یہاں بھائی رضوان کامکمل علاج کرانا چاہتے تھے مگر تمھارے اصرار پر انھیں واپس جانا پڑا۔وہ جلد ازجلد احسن اور صبیحہ کی شادی کرنا چاہتے تھے مگر اجل نے مہلت نہ دی ۔‘‘
بشیرگلوگیر لہجے میں کہا:
’’ اس جگہ سے میں علی الصبح رضوان کو لے کر مقامی کلینک پہنچاجہاں ان کے خون اور پیشاب کے کچھ ٹیسٹ ہوئے ۔اگلے روز ہم فیصل آباد روانہ ہوئے اور الائیڈ ہسپتال کے ماہر معالج کے نجی کلینک پر پہنچے ۔اس کے بعد راول پنڈی اورسرگودھا میں بھی میںاپنے بھائی رضوان کے ساتھ رہا ۔اس گھر کی فضاؤں میںان کی یادیں اس طرح پھیلی ہوئی ہیں کہ جس سمت بھی نگاہ اُٹھتی ہے ان کی آ وا ز کی بازگشت نہاں خانۂ دِل پر دستک دیتی ہے ۔ ‘‘
قفسو اور صبیحہ یہ سب باتیں سرسری انداز میں سن رہی تھیںان کے چہرے پر ناگواری اور بے چینی کے اثرات دیکھ کرایک خوف سابشیر کے دل میں پیداہوگیا ۔وہ جانتاتھا کہ خوئے بد را بہانہ بسیار کے مصداق یہ پیشہ ور ٹھگ کوئی اور قیامت کی چال چلیں گے۔
تیس مارچ 2019کو بشیرپھر اپنے اہلِ خانہ کو ساتھ لے کر سرِ شام ا یاز کے گھر پہنچا۔ اس مرتبہ بھی وہاں پہلے جیسا حال تھااس بار بھی ایاز نے اپنی خست و خجالت کاثبوت دیتے ہوئے پہلے اپنے گھر کا دروازہ باہر سے مقفل کیا اس کے بعد اسی بڑے گیٹ کو اندر سے بھی بند کر دیا۔رات کے ایک بجے تک وہ ایاز کے منتظر رہے مگر اس بار دروازہ نہ کھلا۔ بشیر نے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی مگر حیران کن بات یہ تھی کہ ایاز ،قفسواور صبیحہ کے سب ٹیلی فون بند تھے ۔ بشیرنے باہر سے مقفل ایازکے گھرکے دروازے پر بارہا دستک دی مگر وہاں تو سب لو گ خچر بیچ کر مُردوں سے شر باندھ کر سو چکے تھے۔ بشیر اپنے دوشِ غم پہ گلیم اوڑھے ، اپنے اہلِ خانہ کو لے کر اپنی حسرتوں پر آ نسو بہاتا ہو ا اپنے گھر واپس چلا گیا ۔ یہ حالات کی ستم ظریفی نہیں تو اورکیا ہے کہ قفسو اور صبیحہ تو فتح جنگ میں ایازکے گھر کے اندر خواب اِستراحت کے مزے لے رہے تھے مگر بشیر اور اس کے اہلِ خانہ ایاز کے کوچے میںدر در کی ٹھوکریں کھاتے پھرتے تھے ۔ بشیراور اس کے اہلِ خانہ اس بات سے بے خبر تھے کہ انھیں کن ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی تھی ۔
اکتیس مارچ2019کی شام قفسونے اپنے دیور ایاز کے گھر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے سب احباب کو جمع کیا۔اس میں مکڑوال ،کالا باغ ،تلہ گنگ ،فتح جنگ اوراٹک سے اپنے سب عزیزوں کو بلایا ۔ پتوار اور ایاز اپنے مکر کی چالوں سے بشیر کووہاں لے جانے میں کامیاب ہو گئے ۔بشیر جب ایاز کے گھر میں داخل ہوا تو ایاز نے اپنے گھر کا دروازہ اندر سے مقفل کر دیا۔ بشیرکوتنہا دیکھ کر سب لوگ سنگ ِ ملامت لیے بشیر پر ٹُوٹ پڑے اور بے سروپا الزام تراشی اور دشنام طراز ی کاسلسلہ شروع ہو گیا ۔چھاج تو بولتا مگر یہاں تو چھلنیاں بھی مسلسل بول رہی تھی ۔مینڈک ٹرا رہے تھے،خارش زدہ سگانِ راہ غرا رہے تھے،خر اور استر ہنہنارہے تھے اور چلتے پھرتے ہوئے مُردے کفن پھاڑ کر ہرزہ سرائی کرنے میں لگ گئے ۔کئی چھپکلیاں شہتیر پر چڑھ دوڑیں اور چمگاڈروں نے بھی کمرے کے ایک گوشے سے بے وقت کی راگنی شروع کر دی ۔ٹھگی اور دغا ودُزدی میں سرمایہ کاری کرنے والے سب اکٹھے ہو چکے تھے۔بشیر کی حق گوئی اور بے باکی ان اجلاف و ارذال اور سفہاکے لیے بہت بڑا خطرہ بنتی چلی جا رہی تھی ۔ اس لیے انھوںنے اپنااُلّو سیدھاکرنے کے بعد بشیر کو اپنی راہ سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔
راسپوٹین کی تقلید کرنے والے پتوار کی ژولیدہ خیالی ،کور مغزی،جنسی رغبت ، جنسی حسیت ،جنسی تحرک،شہوانی آوارگی اوربے بصری نے اُسے شہربھر میں تماشا بنا دیاتھا۔ وہ عورت کے جسمانی حسن کا اس قدر گرویدہ تھاکہ سبع معلقہ کے شعرا کی طرح ہر وقت عورت کی زلفوں کے جال، لب و رخسار اور عشوہ ،غمزہ وادا کی باتوں میںاپنے جی کازیاں کر کے ہلکان ہوتا رہتا۔ چور محل میں جنم لینے والے سانپ تلے کے بچھو پتوار کے منھ سے جھاگ بہہ رہا تھا۔اس نے اپنے باپ رضوان کے معتمد عزیز اور دیرینہ ساتھی بشیرکو قہر بھری نظروں سے دیکھا اور کہا:
’’ میں اکیس جون 2019کوطے کی گئی احسن اور صبیحہ کی شادی کی تاریخ کومنسوخ کرتا ہوں ۔اب اس شادی کی نئی تاریخ طے کرنے سے پہلے ہماری طر ف سے چند نئی شرائط ہیں جو تمھیں ہر صورت میںماننی پڑیں گی ورنہ میں اپنے باپ کے کیے ہوئے کسی وعدے کی پابندی نہیں کروںگا۔‘‘
بشیر نے پتوار کی باتیں سنیں تو اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔ رضوان کے اس نا خلف کپوت کی باتیں سن کر وہ محوحیرت تھا کہ کوئی شخص انسانیت کے معیار سے اس قدربھی گر سکتاہے ۔ وہ سو چنے لگاکہ ان درندوں کی ٹھگی نے اب عیاری ،فریب کاری اور افرادی قوت کے بل بوتے پر اسے نیچا دکھانے کاتہیہ کر لیا ہے ۔ان کے شر سے بچنا اب بہت کٹھن مر حلہ ثابت ہو گا۔ پتوار کی دھمکی آمیز گفتگو سن کر بشیر سوچنے لگا رضوان کی وصیت اب کہاں رہ گئی ہے ۔
شہر کا بدنام نو سر باز،جواری اور منشیات فروش اپاہج خیاط ’’ عتابی‘‘ جوقفسو کی نند کا شوہرتھا‘ بشیر سے مخاطب ہو کرمغلظات بکنے لگا اوریوں ہرزہ سراہوا:
’’ تمھارا بچہ ابھی زیر تعلیم ہے اور قفسہ کی بیٹی صبیحہ ملازمت کر رہی ہے ۔صبیحہ کے لیے رشتوں کی کمی نہیں اس کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک رشتہ آ رہاہے۔میں یہ بات نہیں سمجھ سکا کہ رضوان نے تمھارے خاندان میں کیا خوبی دیکھ لی کہ اپنی اعلا تعلیم یافتہ اور بر سرِ روزگار بیٹی تمھارے اُس بیٹے کو دے دی جو ابھی زیر تعلیم ہے اور جس کا ابھی تک کوئی روزگار بھی نہیں۔‘‘
بشیر کے سامنے بیٹھاکالاباغ کا پیشہ ور بد معاش جھارا مسلسل پیچ و تاب کھارہا تھا۔اس نے آستینیں چڑھا لیںاور بشیر کی طرف بڑھا مگر بشیر نے جھارا کی بدکلامی اور گالیوںپر کوئی توجہ نہ دی۔ظالموں کے اکٹھ کے سامنے تنہا بشیر کیا کر سکتا تھا وہ بے بسی کے عالم میںسر جھکا کر بیٹھا رہا۔
بشیر کی پریشاں حالی ، درماندگی اور بے بسی کو دیکھ کر قفسو نے فاتحانہ اندازمیںبشیر کی طر ف غصے اور حقار ت سے دیکھااور ہرزہ سرا ہوئی :
’’میرے مرحوم شوہر رضوان کے طے کیے ہوئے اس رشتے کے لیے اب ہماری کچھ شرائط ہیںکان کھول کر سن لو ۔ہم سے صبیحہ کی شادی کی نئی تاریخ لینے سے پہلے تم اپنے مکان اور سب املاک بلا تاخیر صبیحہ کے نام کراؤ گے ۔ صبیحہ تمھارا آبائی مکان اور نیا مکان فی الفور فروخت کر کے ملنے والی رقم سے اپنے لیے مکڑوال میں قطعۂ زمین خریدکر اپنے نام کرائے گی اوروہاں نیا مکان تعمیر کرائے گی ۔تمھاری بیوی کے وہ سب زیورات جو بنک کے لاکر میں محفوظ ہیں وہ وہاں سے واپس لے کرتم کل ہی صبیحہ کے حوالے کردو ۔صبیحہ مکڑوال میں نوکری بھی کرے گی اور اس کی ر ہائش بھی اپنی ماں کے ساتھ ہو گی ۔مشترکہ خاندان کا تصور ہم نہیں مانتے اس لیے تمھار ا طالب علم بیٹا تو تعلیم مکمل کرنے اور بر سرِ روزگارہو کر شادی کر کے مکڑوال میں رہے گا مگر اس کے باقی اہلِ خانہ مکڑوال ہر گزنہیں آ سکتے ۔ تم سب اپنے لیے فتح جنگ میں کرائے کا کوئی مکان تلاش کر لو۔اپنی پنشن کے لیے تم صبیحہ کے بنک کھاتے کا نمبر دے دو جس میں پنشن آ جائے گی ۔ گزر بسر کے لیے پچاس روپے یومیہ تمھیں دئیے جائیں گے ۔‘‘
بشیرنے گلو گیر لہجے میں کہا : ’’ میں تمھارے سفاکانہ فریب اور شاطرانہ ٹھگی کو کسی صورت میں تسلیم نہیں کر سکتا۔ رضوان نے تو ہمیں صبیحہ کا رشتہ فی سبیل اللہ اور غیر مشروط طور پر دیا تھا۔فطرت کی سخت تعزیروں سے ڈرو ظالمانہ فریب کاری سے تم نے مجھ ناتواں سے جوفائدے اُٹھائے ہیں اُن کاخمیازہ تمھیں اُٹھانا پڑے گا۔تمھاری شر م ناک عیاری اب کُھل کر سامنے آچکی ہے ۔تم نے دو سال تک مجھ سے جوخدمات حاصل کیںاُن کاصلہ تم مجھے دشنام طرازی ،حقارتوں اور پیمان شکنی کی صورت میں دے رہی ہو۔ تمھاری باتوں میںکچرا،گالی فریب کے سوا کیا ہے ؟اگر میری وفاؤں کا صلہ دینااور ایفائے عہد تمھارے بس سے باہر تھا تو دو سال تک مجھے ناحق اذیت و عقوبت میں کیوں مبتلارکھا ؟ آ ج کے بعد خواہ تم سچ بھی بولو گے تومعاشرتی زندگی میںاب کوئی بھی تمھاری بات کا یقین نہیں کرے گا ۔رضوان کی وصیت کا کچھ خیال کر لو تمھاری اس عہد شکنی سے اس کی روح کس قدر بے چین ہو گی ۔‘‘
’’ کیسی وصیت،کس کی وصیت اور کہاں کے عہد و پیمان ؟رضوان کی بات کوئی وحی والہام نہیں ۔‘‘ قفسو نے کھسیانی بلی کی طرح کھمبانوچتے ہوئے کہا’’ جو کچھ رضوان نے کہا وہ تو سب کچھ تو صبیحہ کاتحقیقی مقالہ لکھوانے کے ڈرامے کے لیے ہمار الکھا ہوا سکرپٹ تھا۔رضوان تو محض ایک کٹھ پتلی تھا اور میںاس کی ڈوری کھینچتی تھی۔ میں نے سب کچھ تمھیں بتا دیا زیادہ باتیں نہ بناؤ،اب تم جا سکتے ہو ۔ تمھارے ترکش کے سب تیر ضائع ہو چکے ہیں ۔ ہم نے تو محض صبیحہ کی سندی تحقیق کے لیے ایم۔فل کا تحقیقی مقالہ لکھوانے کے لیے یہ ڈرامہ کیا تھا۔ اب کان کھول کر سن لوہماری شرائط کے بارے میں اپنا جواب ہمیں آج شام تک دے دینا ۔اب میں کسی نئے شکار کی تلاش میں نکلنے کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔‘‘
قفسو کی ظالمانہ فریب کاری کے کھیل پر مبنی سکرپٹ کا آخری منظر سامنے آ چکا تھا۔ برق اورقرق جو پہلے در بہ در تھے اب دیواروں پر غاصبانہ قبضہ کر چکے تھے ۔دربان اور فراش اپنے مکر کی چالوں سے درباروں کے مالک بن بیٹھے تھے ۔ جعل ساز مسخرے اور بونے اپنی عیاری اور فریب کاری کے بل بوتے پر اب باون گزے بن بیٹھے تھے ۔بشیر نے اسی وقت لاہور میں تعلیم کے سلسلے میں مقیم اپنے بیٹے احسن سے موبائل فون پر رابطہ کیاتو اس نے اپنے ضعیف باپ کو دلاسادیتے ہوئے کہا :
’’ بابا! ابھی ان موقع پرست لوگوں کو بتا دو ،رضوان کی وصیّت سے ہٹ کر کوئی نئی شرط منظور کرنا ہمارے بس سے باہر ہے ۔‘‘
عیار و مفاد پرست قفسواور صبیحہ کاکریہہ چہرہ دیکھ کر بشیر دنگ رہ گیا۔کواکب جس طرح ہمارے سامنے آتے ہیں ویسے ہر گز نہیں ہوتے ۔یہ بازی گر ہمیں کُھلادھوکادیتے ہیں مگر ہم ان کی چال سے بے خبر رہتے ہیں ۔ رشتے کاوہ نرم و نازک پودا جوبشیر اور رضوان نے کِشتِ جاں میں بویا تھا اُسے بشیرنے پیہم دو برس تک اپنے خونِ جگر سے سینچا۔ ظالم و سفاک ،موذی و مکار قفسو نے حرص و ہوس کے تیشے سے اُسے جڑسے اُکھاڑ کر پھینک دیا اور صبیحہ نے اسے پامال کر دیا۔ واقفِ حال لوگوں کاکہناہے کہ ایثار ،وفا ،خلوص اور دردمندی سے لبریزبشیر اوراس کے اہلِ خانہ کا روّیہ ایک عجیب طلسم تھا ۔ قفسو اور اس کے پروردہ جو فروش گندم نما سفہا نے محسن کشی ،احسان فراموشی ،موقع پرستی اورطوطاچشمی کے قاتل تیشوں نے ایثار پیشہ اورسراپا خلوص ساونتوں کے جسم چیر کر رکھ دئیے۔
بشیر اوراس کی اہلیہ عزیزکی اُمیدوں کے نشیمن پر یہ خبر بجلی بن کر گری ،ان کی بیٹی حفیظ حیران تھی کہ تقدیر کے ہاتھوں اُس کے ضعیف والدین کی سب تدبیریں ایک بار پھر اُلٹی ہو گئی ہیں۔بشیر اوراُس کی اہلیہ عزیز عارضہ قلب میںمبتلا ہوگئے ہیں ۔بشیر یہی کہتا ہے کہ عادی دروغ گو ،پیشہ ور ٹھگوں ،عیار موقع پرستوں اورمفاد پرست دغا بازوں کی پیمان شکنی اور محسن کشی نے ساجد کی الم ناک وفات کے زخم تازہ کر دئیے ہیں۔ امیدوں کی فصل اس بار بھی ہوس پرستوں نے غارت کر دی جس کے نتیجے میںبشیر کی پیہم دو برس کی صبح شام کی محنت اکارت چلی گئی ۔ بشیر سے ملنے والے اکثر اجنبی لوگوں کا خیال ہے کہ جب ہم بشیر جیسے سادہ لوح شخص کودیکھتے ہیںتو ہم اس سے ہمدردی پر مائل ہو جاتے ہیں ۔اس کا سبب یہ ہے کہ سادیت پسندوں کے نشانے پر رہنے والے اس بے ضرر شخص نے پے در پے دھوکا کھانے اورتیرِ ستم سہنے کے باوجود آج تک کسی کے ساتھ دھوکانہیں کیا۔ مصائب و آلام اور یاس و ہراس کے گرداب میں گھرے بشیر کو جھوٹے وعدوں اور طفل تسلیوں نے سدا دھوکا دیا۔لالہ وگل کی رنگینی اورعطربیزی نے بشیرکواس قدرمسحور کر دیاکہ اس نے شاخ ِ گل کے ساتھ لگے خاروں پر کبھی توجہ نہ دی ۔ پھولوں سے آراستہ ملبوسِ بہارکی تیاری کے شوق میں اس کی اُنگلیاں خاروں میں اُلجھ کر فگار ہو گئیں اور زندگی بھر کے پچھتاوے اس بے بس و بے ضرر انسان کا مقدربن گئے ۔بشیرخود بھی اپنی حقیقت کا شناسا نہیںوہ یہ بات نہ سمجھ سکاکہ کواکب بھی بازی گر کے مانندفریب کرتے ہیں یہ جیسے دکھائی دیتے ہیں ویسے ہر گز نہیں ہوتے ۔وہ بشیرجس کے بحرِ خیالات کا پانی بہت گہرا تھاوہ اب کہیں موجود نہیںوہ مصائب کے ہجوم میںکہیں گم ہو گیا ۔ اس کی موجودہ شخصیت تو اس وجود کا ایک سایہ ہے ۔اسے دھوکا دینے والے خود دھوکا کھا گئے۔سچ تو یہ ہے بشیر کاوجود تو چھے جولائی 2017کو ساجد کی دائمی مفارقت کے ساتھ ہی پیوندِخاک ہو گیاتھا۔ بشیر اب سانس گِن گِن کر زندگی کے دِن پورے کر رہا ہے اور اُس پر زندگی کی ناحق تہمت لگی ہے ۔واقفِ حال لوگوں کا کہناہے کہ نوجوان ساجدکی رحلت کے بعد جوبھی فیصلے ہوئے وہ ضعیف معلم بشیر کے سائے نے کیے ۔سادیت پسند اب نہتے اور ناتواں ضعیف معلم بشیر پر جوکوہِ ستم توڑ رہے ہیںوہ سائے پر وار کرنے اور سراب پر ضرب لگانا خود اپنی ذات کوخراب ہونے کے مترادف ہے ۔
بشیرکے مخلص احباب، درد آشنا غم گسار اور واقف ِحال لوگ جب اس سانحہ کے بارے میں بشیر سے سوال کرتے ہیں کہ رضوان کے پس ماندگان نے رضوان کی وصیت کاخیا ل کیوں نہ رکھا ؟ تم اپنے دِل کے ارمان کہاں چھوڑ آ ئے ہو اور کن لرزہ خیز اور اعصاب شکن حالات کے نتیجے میں یہ رشتۂ جاں ٹُوٹ گیا۔ ضعیف معلم دامن جھاڑ کر خالی ہاتھ گھر لوٹ آیا اور سوچنے لگا کہ لوگ کس طر ح ہاتھوں کی لکیروں سے باہر نکل کر نگاہوں سے گِر جاتے ہیں۔ ایام گزشتہ کے بارے میں جب وہ مخلص احباب کی باتیں سنتا ہے تو وہ عرضِ حال کرنے کے بجائے لب ِاِظہار پر تالے لگالیتاہے اور اس کی آنکھیں ساون کے بادلوں کی طرح برسنے لگتی ہیں۔شکستہ عہدوپیمان کی مثال بھی سنگِ حرص وہوس کی ٹھوکرکھاکر کرچیوں میں بٹ جانے والے آئینوںکی سی ہے ۔ان آئینوںکی کرچیاں چن کر دامن میں سجانے والوں کی اُنگلیاں فگاراور دل داغ دار ہو جاتاہے ۔ ان دنوں ضعیف معلم بشیر گوشۂ تنہائی میں بیٹھ کر پیمان شکنی اور محسن کشی کی اس لرزہ خیز اوراعصاب شکن واردات کو یاد کر کے آہ و فغاں اور فریاد کرتاہے اور اپنے دِلِ حزیں کودرد و کرب سے آباد کر نے کی سعی میں وقت کو برباد کرتاہے ۔مسرتوں اور شادمانیوں کی جستجو میں اُس نے جو خواب دیکھے تھے اُن کی مثال بھی ان پروانوں کی سی ہے جوروشنی کی تلاش میں شمع فروزاں پر جل جاتے ہیں اور صبح کے وقت اُن کے نرم و نازک پر شمع پر جلنے کے بعد رزقِ خاک ہو جاتے ہیں ۔جب پروانے ہی نہیں رہے تو شکستہ پروں کو سنبھالنے کا کیا فائدہ ؟ جب وعدہ نبھانے والے ہی پاسِ وفا سے منحرف ہو گئے تو ان کے الفاظ کو دہرانا بے معنی ہے ۔وعدوں کے الفاظ تو ہوائے حرص و ہوس اور طمع وخودغرضی کے بگولوں کی زد میںآنے کے بعد ہوا ہو جاتے ہیں ۔تکلیف،درد،کرب،اذیت،عقوبت،ملامت اور آفاتِ ناگہانی اگرچہ مختلف الفاظ ہیں مگر ان سب کا مفہوم اور تاثیر ایک جیسی ہے ۔یہ سب الفاظ روح اور دِل و جگر کومکمل انہدام کے قریب پہنچادیتے ہیں۔
ضعیف معلم بشیرکی سالہاسال کی سخت محنت سے تعمیر کیے گئے اعتماد اور وفا کے قصرِعالی شان کو ہوس پرست قفسو،اس کی کینہ پرور اولاد،طوطاچشم صبیحہ اور اس اجلاف و ارذال عشاق نے بے وفائی کی
خونی کدال سے پلک جھپکتے میں مسمار کر دیا۔مجبوری ٔ حالات کی زدمیں آنے والے ضعیف معلم بشیر کے بارے میں مجھے یہ کہنے میںکوئی تامل نہیں کہ وہ دُور کے ڈھول سہانے سمجھ بیٹھا جب قریب پہنچاتوڈھول کاپول کھل گیااورعاد ی دروغ گوٹھگوں کاقبیح کردار اور کریہہ چہرہ دیکھ کر اس کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی ۔ زمانے کی پھٹکاراور جہاں بھر کی دھتکارپتوار ، جھابو،اذکار،عتابی ،ایاز،مشبہ ،صبوحی ،قفسو،تسمی اور شگن کا مقدر بن گئی ہے ۔ سفہااوراجلاف کے خانوادے سے تعلق رکھنے والے ان ننگ انسانیت آد م خوروں کی بے ضمیری اور بے حسی حدِ ادراک سے بھی بڑ ھ چکی ہے ۔ ایسامحسوس ہوتاہے کہ داخلی طور پر مشکوک نسب کے ان درندوں کی جون بدل چکی ہے اور آئینہ دیکھ کر اپنا سا منھ لے کر رہ جاتے ہیں ۔ کوڑے کے ہر ڈھیر کو سونگھنے اور وہاں سے مفادات کے استخواں نوچنے اور بھنبھوڑنے والے ان خارش زدہ سگان راہ کو احساسِ ذلت دلانے ،عہد و پیمان سے انحراف پرمبنی بُھولی ہوئی داستان سنانے کے لیے ان کی پھولی ہوئی،حقائق کو بُھولی ہوئی اور عفونت زدہ دُم پر پاؤں رکھ کر جب انھیںفیض احمد فیضؔ کی نظم ’’ کتے ‘‘ سنائی
جاتی ہے تو یہ غراتے ہوئے کاٹنے کودوڑتے ہیں۔
کتے
یہ گلیوں کے آوارہ بے کار کُتّے کہ بخشا گیا جن کوذوقِ گدائی
زمانے کی پھٹکار ،سرمایہ ان کا جہاں بھر کی دھتکار ،ان کی کمائی
نہ آرام شب کو،نہ راحت سویرے
غلاظت میں گھر ،نالیوں میں بسیرے
جو بگڑیں تو اِک دوسرے سے لڑا دو
ذرا ایک روٹی کا ٹکڑا دکھا دو
یہ ہر ایک کی ٹھوکریں کھانے والے
یہ فاقوں سے اُکتا کے مر جانے والے
یہ مظلوم مخلوق گر سر اُٹھائے تو انسان سب سر کشی بُھول جائے
یہ چاہیں تو دنیا کو اپنا بنالیں یہ آقاؤں کی ہڈّیاں تک چبا لیں
کوئی ان کو احساسِ ذلت دلا دے
کوئی ان کی سوئی ہوئی دُم ہِلا دے ( نقشِ فریادی )
———————————————————————————————————————————————————-
Dr.Ghulam Shabbir Rana (Mustafa Abad Jhang City )