حسد کی ہر طرف جب عام بیماری لگی بڑھنے
مسلمانوں کو پھر جینے کی دشواری لگی بڑھنے
کیا اس طرح آغاز شرارت اہل مکہ نے
کہ رہزن بن کے ڈالی طرح غارت اہل مکہ نے
پھرا کرتے تھے بیرون مدینہ اونٹ میداں میں
انہیں کرز ابن جابر لے گیا روزِ درخشاں میں
قریش مکہ نے ڈالی جو طرح جنگ مغلوبہ
کیا باطل نے شمع حق بجھا دینے کا منصوبہ
حدِ برداشت سے گذری تعدی اہلِ باطل کی
زیادہ صبر کرنا بے حسی تھی دینِ کامل کی
صحابہ حضرت اقدس سے اکثر التجا کرتے
مگر لڑنے سے ان کو منع شاہ دوسرا کرتے
یہودی مل گئے مکہ کے ان وحشی لعینوں سے
توقع تھی خلاف عہد کی ہر دم کمینوں سے
ہوئی تنگ اس قدر آخر مسلمانوں کی عافیت
کہ اندر شہر کے رہ نہ سکتے تھے بخیریت
نکلتے تھے تو گھر جاتے تھے قزاقوں کے دستوں میں
بچارے دن دہاڑے قتل ہو جاتے تھے رستوں میں
خدا کا نام لینا اک نرالا رنگ لایا تھا
نبی صابر تھے فرمان جہاد اب تک نہ آیا تھا