(Last Updated On: )
ہوئی جب ہر طرح ناکام ہر تزویر ہر سازش
غرور و عجب کو صدمہ ہوا زخمی ہوئی نازش
نہایت طیش کھایا دانت پیسے اہل مکہ نے
بالآخر جنگ کی ٹھانی نبی سے اہل مکہ نے
مدینے والوں کو اک اشتعال انگیز خط لکھا
ڈرایا اور دھمکایا بہت ہی تیز خط لکھا
کہ اپنے سر پہ خود ہی جنگ کو بلوالیا تم نے
ہمارے مجرموں کو اپنے ہاں ٹھہرا لیا تم نے
تمہیں لازم ہے خط کو دیکھتے ہی یہ کڑی ٹالو
محمدؐاور اس کے ساتھیوں کو قتل کر ڈالو
وگرنہ یاد رکھو ہم نے بھی سوگند اٹھا لی ہے
قسم اپنے ہبل کی لات کی عزیٰ کی کھا لی ہے
کہ ہم سب مل کے تم لوگوں پہ فورا حملہ کر دیں گے
گلی کوچے تمہارے شہر کے لاشوں سے بھر دیں گے
جوانوں کو تمہارے چیل کووں کو کھلائیں گے
تمہاری عورتوں کو لونڈیاں اپنی بنائیں گے