پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک(پیدائش :07-02-1945،وفات:31-08-2020)بھی جاتے جاتے سبھی سلسلے توڑ گیا۔سر و سمن کے پردے میں پنہاں اَجل کا عفریت ہنستے بولتے چمن کو خزاں کے سیکڑوں جان لیوا مناظر کی بھینٹ چڑھا گیا۔صر صر ِ اجل سے اَدیان ِ عالم ،فلسفہ ، سائنس ،تاریخ ،عالمی ادبیات،نفسیات اور علم بشریات کے ہمالہ کی ایک سر بہ فلک چوٹی زمیں بوس ہو گئی ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کے ساتھ میرے تعلقات جوگزشتہ چار عشروں پر محیط تھے دیکھتے ہی دیکھتے خیال و خواب ہو گئے۔ایک علمی وا دبی دائرۃ المعارف ہماری بزم سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہوا۔پر خلوص جذبات اور دردمندی سے سرشار احساسات کوتکلم کے سلسلوں میںڈھالنے ولا جری تخلیق کاراب ہمارے درمیان موجود نہیں ۔ اپنے ذہن و ذکاوت کو رو بہ عمل لاتے ہوئے احساسِ زیاں سے عاری کارواں کو خواب ِ غفلت سے جگانے کے لیے ہمہ وقت مستعد اور کمر بستہ رہنے والا یگانۂ روزگار مصلح سوئے عدم سدھار گیا ۔پس نو آبادیاتی دور میں اِس خطے میں حالات نے جو رُخ اختیار کیا پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اُس سے مطمئن نہ تھا۔اپنے قلب ِ حزیں پر اُترنے والے تمام موسموں کی لفظی مرقع نگاری کرنے والا مرصع ساز اب ماضی کا حصہ بن چکاہے ۔انسانی ہمدردی ،خلوص ،مروّت ،بے لوث محبت اور بے باک صداقت کا پیکر رخصت ہو گیا اب فروغ گلشن و صوت ہزارکا موسم خیال وخواب ہو تا نظر آتاہے ۔معاشرتی و سماجی زندگی کے نشیب و فراز ،اردو زبان و ادب کے ارتقا،سائنسی علوم کی اہمیت ،مشرقی تہذیب و ثقافت اور عمرانی حقائق کے معاملات کا ادراک رکھنے والا تجزیہ نگار دائمی مفارقت دے گیا۔ سائنسی علوم کے طالب علموں اور نو آموز محققین کوتخلیق ،ایجاد اور صناعی کے رموز سے آ گاہ کرنے والاماہر تعلیم اب کہاں ملے گا۔اپنے اشہبِ تحقیق کی جولانیوں سے بروٹس قماش کے مسخروں کی پیدا کردہ طغیانیوں کا رُخ موڑنے والا حریت ِ فکر و عمل کا مجاہد اب ماضی کا حصہ بن گیاہے۔قحط الرجال کے موجودہ دور میں جب ہوا میں زہر گھلا ،آب ِ رواں نے شعلۂ جوالا کی صورت اختیار کر لی ،خلوص ،ایثار اور وفا کے سوتے خشک ہونے لگے ایسے فیض رساں ادیب کا وجود اللہ کریم کا بہت بڑاانعام تھا۔سفاک ظلمتوں میں ستاۂ سحر بن کر جگمگانے والا ، تکلم کے سلسلوں کی تحلیل معنوی پر دسترس رکھنے والا ماہر لسانیات ،معاشرتی زندگی کے سکوت ِ مرگ کو ضمیر کی للکار سے توڑنے اور حریتِ ضمیر کے وار سے جبر کا ہر انداز مسترد کرنے والا مر د حق پرست ہم سے رُوٹھ کر چلا گیا۔وہ جری تخلیق کار راہیٔ ملک عدم ہوا جس نے عصائے کلیمی کے معجز نما وار سے اُن بونوں کو پاش پاش کر دیا جنھوں نے اپنے تئیں عوج بن عنق بن کرحقائق کی تکذیب اور صداقتوں کی تمسیخ کو وتیرہ بنا لیا تھا۔وہ اس ایقان کے ساتھ اپنے خاص دبنگ لہجے میں بات کرتے کہ چڑھتے طوفان پر لرزہ طار ی ہو جاتاتھا اور قلعۂ فراموشی کے اسیر بھی چونک اُٹھتے تھے ۔ سمندری بلاؤں تیامت ( Tiamat) اور ابزو (Abzu) کی عقوبتوں کو ٹھوکر مارنے والے ا س جری ،فعال اور مستعد مصلح نے ضمیر کی للکار سے ایسے مرغانِ باد نما کے مکر کا پردہ فاش کیاجو بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے اور چڑھتے سورج کی پرستش کے عادی تھے۔ خزاں کے سیکڑوں مناظر میں طلوع صبح بہاراں کی نوید سنانے والا ایسا رجائیت پسند خادم خلق اَب مُلکوں مُلکوں ڈھونڈنے سے نہ مِل سکے گا۔ حریت ِ فکر کا وہ مجاہد ہماری بزم ادب سے اُٹھ گیا جس نے ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز رہتے ہوئے زندگی کے تلخ حقائق کی عکاسی کو شعار بناکر لوح و قلم کی پرورش میں انہماک کا مظاہرہ کیا۔ ایک شان استغنا کے ساتھ زندگی بسر کرنے والا ایسامحب وطن ،قناعت پسند اور صابر و شاکر تخلیق کار اب کہاں مل سکے گا۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے مجھ ناتواں کے ساتھ خلوص اور دردمندی کا جو رشتہ استوار کیا تھااسی کو علاج گردش لیل و نہار سمجھتے ہوئے پیہم تین عشروں تک اُسے بر قرار رکھا ۔ اس عہد نا پرساں میں اس مونس و غم گسار ساتھی نے ایسے کٹھن حالات میں ایثار اور خلوص کا زمزم روا ںرکھا جب ہوس نے نوع انساں کو انتشار کی بھینٹ چڑھا دیاہے ۔انسانیت کے وقار اور سر بلندی کی خاطر اس نے جو بے مثال جد و جہد کی وہ تاریخ ِ ادب میں آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہے ۔موجودہ دور میںمادیت اور ہوس نے انسانیت کو ناقابلِ اندمال صدمات سے دو چار کر ر کھا ہے ۔معاشرتی زندگی کے فگار جسم پر پُر درد اور ہمدردی سے لبریز الفاظ کا مرہم رکھنے والے عبقری دانش ور کی دائمی مفارقت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔اپنی جنم بھومی وادیٔ سون ( خوشاب) کے بارے میںوہ اکثریہ شعرپڑھتے تھے :
ذکرسون کابات خوشاب کی
عنبر فشاں ہے شب ماہتاب کی
اپنے قریبی احباب اور مخلص رفقا کی دائمی مفارقت کے صدمے سہنے کے بعدمجھے ایسا محسوس ہوتاہے کہ موت یاس و ہراس کے سو اکچھ نہیں جو محض ایک آغاز کے انجام کا اعلان ہے کہ اب حشر تک کا دائمی سکوت ہی ہمارے خالق کا فرمان ہے ۔ طویل عرصہ گزرجاتاہے مگر دِل کے آئینے میں کوئی ایسی تصویر جگہ نہیں پاسکتی جو کہ دائمی مفارقت دینے والوںسے مماثل ہو اس طرح یہ ملاقاتیں خیال و خواب بن جاتی ہیں۔ جان سے زیادہ عزیزہستیوں کی رحلت سے ان کے اجسام تو ہماری آنکھوں سے اوجھل ہو جاتے ہیں اور یہ عنبرفشاں گُل ہائے رنگ رنگ شہر ِخموشاں میں تہہ خاک نہاں ہو جاتے ہیں ۔ زندگی کی مثال شبِ دراز کی سی ہے اجل کے بے رحم ہاتھ زندگی کی مشعل کی ٹمٹماتی لو کو بجھا دیتے ہیں اس کے بعد بادی النظر میں رفتہ رفتہ سحر کے اُجالوں میں سب یادیں سراب بن جاتی ہیں مگر پس ماندگان کے لا شعور میںان کے نقوش انمٹ ثابت ہوتے ہیں۔ ان کی روح عالم بالا میں پہنچ جا تی ہے اس کے بعد فضائو ں میں ہر سُو ان کی حسین یادیں بکھر جاتی ہیں اور قلوب میںاُن کی بے لوث محبت مستقل طور پر بسیرا کر لیتی ہے۔ سوگوار رفقا کے ذہن و ذکاوت میں ان کی پر کیف سوچیں ڈیرہ ڈال دیتی ہیں۔ الم نصیب پس ماندگان کے لیے موت کے جان لیوا صدمات برداشت کرنا بہت کٹھن اور صبر آزما مرحلہ ہے ۔ پس ماندگان کو ایسا محسوس ہوتاہے کہ فرشتہ ٔ اجل نے اُن کے جسم کا ایک حصہ کاٹ کر جُدا کر دیا ہے اور اِس حصے کے بغیر وہ سانس گِن گِن کر زندگی کے دِن پُورے کرنے پر مجبور ہیں ۔ دائمی مفارقت دینے والوں کے پس ماندگان پر ہستی ٔ موہوم کا یہ راز کھلتا ہے کہ اَب اِن عزیزوں کے بغیر منزلیں سراب کی صورت اختیار کر گئی ہیں۔بامِ افلاک سے کوندنے والی مرگِ نا گہانی کی بجلی نے پس ماندگان کی اُمیدوں کی فصل کو غارت کر دیا اور صبح و شاموں کی رعنائی کی تمنااکارت چلی گئی ۔اس روح فرسا سانحہ کے بعدگلزار ہستی میں چہچہاتی عنادل سہم گئیںاور ہر طرف ہُو کا عالم تھا۔ اپنے رفتگان کا الوداعی دیدار کرتے وقت جگر فگار سوگواروں اور پس ماندگان کی چیخ پکار،گریہ و زاری اور آہ و فغاں اُن کے لیے نہیں بل کہ اپنی حسرت ناک بے بسی ، اذیت ناک محرومی اور عبر ت ناک احساس ِزیاں کے باعث ہوتی ہے ۔غم بھی ایک متلاطم بحرِ زخار کے مانند ہے جس کے مدو جزر میں الم نصیب انسانوں کی کشتی ٔجاں سدا ہچکولے کھاتی رہتی ہے ۔ غم و آلا م کے اس مہیب طوفان کی منھ زور لہریں سوگوار پس ماندگان کی راحت ومسرت اور سکون ِ قلب کو خس و خاشاک کے مانند بہا لے جاتی ہیں۔ روح ،ذہن اورقلب کی اتھاہ گہرائیوں میں سما جانے والے غم کا یہ جوار بھاٹا حد درجہ لرزہ خیز اور اعصاب شکن ثابت ہوتا ہے ۔کبھی غم کے اس طوفان کی لہروں میں سکوت ہوتا ہے تو کبھی مصائب و آلام کی یہ بلاخیز موجیں جب حد سے گزر جاتی ہیں تو صبر و تحمل اور ہوش و خرد کو غرقاب کر دیتی ہیں۔ رنج و محن ،ابتلا وآزمائش اور روحانی کرب و ذہنی اذیت کے اِن تباہ کن شب و روزمیں دِ ل گرفتہ پس ماندگان کے پاس اِس کے سوا کوئی چارہ ٔ کار نہیں کہ وہ باقی عمرمصائب و آلام کی آگ سے دہکتے اس متلاطم سمندر کو تیر کر عبور کرنے اور موہوم کنارہ ٔ عافیت پر پہنچنے کے لیے ہاتھ پاؤ ں مارتے رہیں ۔ ہمارے عزیز رفتگاں ہماری بے قراری ، بے چینی اور اضطراب کو دیکھ کر عالم خواب میں ہماری ڈھارس بندھا تے ہیں کہ اب دوبارہ ملاقات یقیناًہو گی مگر حشر تلک انتظار کرنا ہوگا۔سینۂ وقت سے پُھوٹنے والی موجِ حوادث گلشنِ ہستی میں نرم و نازک ،کومل اورعطر بیز غنچوں کو اس طرح سفاکی سے پیوندِ خاک کر دیتی ہے جس طرح گرد آلود آندھی کے تند و تیز بگولے پھول پر بیٹھی سہمی ہوئی نحیف و ناتواں تتلی کو زمین پر پٹخ دیتے ہیں ۔پیہم حادثات کے بعد فضا میں شب و روز ایسے نوحے سنائی دیتے ہیں جو سننے والوں کے قلبِ حزیں کو مکمل انہدام کے قریب پہنچا دیتے ہیں ۔کہکشاں پر چاند ستاروں کے ایاغ دیکھ کردائمی مفارقت دینے والوں کی یاد سُلگ اُٹھتی ہے ۔تقدیر کے ہاتھوں آرزووں کے شگفتہ سمن زار جب وقفِ خزاں ہو جاتے ہیں تو رنگ، خوشبو،رُوپ ، چھب اور حُسن و خُوبی سے وابستہ تمام حقائق پلک جھپکتے میں خیال و خواب بن جاتے ہیں۔ روح کے قرطاس پر دائمی مفارقت دینے والوں کی یادوں کے انمٹ نقوش اور گہرے ہونے لگتے ہیں ۔ان حالات میں قصرِ دِل کے شکستہ دروازے پر لگا مشیت ِ ایزدی اورصبر و رضا کا قفل بھی کُھل جاتاہے ۔سیلابِ گریہ کی تباہ کاریوں،من کے روگ،جذبات ِ حزیں کے سوگ اور خانہ بربادیوں کی کیفیات روزنِ اِدراک سے اس طرح سامنے آتی ہیں کہ دِ ل دہل جاتا ہے ۔ سیل ِ زماں کے مہیب تھپیڑے اُمیدوں کے سب تاج محل خس و خاشاک کے مانند بہالے جاتے ہیں۔ جنھیںہم دیکھ کر جیتے تھے ان سے وابستہ یادیں اور فریادیں رفتہ رفتہ ابلقِ ایام کے سموں کی گرد میںاوجھل ہو جاتی ہیں ۔ دائمی مفارقت دینے و الوں کی زندگی کے واقعات تاریخ کے طوماروں میںدب جاتے ہیں ۔ جب ہم راہِ عدم پر چل نکلنے والے اپنے عزیزوں کا نام لیتے ہیں تو ہماری چشم بھر آ تی ہے اور یہ فکر دامن گیر ہوتی ہے کہ تنہائیوں کو زہر پینے اور خون کے آنسو رونے کے ساتھ ساتھ یادوں کا قرض اُتارنے کے لیے الفاظ کہاں سے لائیں ؟ ہجومِ غم میں گھرے ہم اپنا دل تھام لیتے ہیں اور سوچتے ہیں اس طرح جینے اور سانس گِن گِن کر زندگی کے دِن پورے کرنے کے لیے جگر کہاں سے لائیں ؟ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ فہمیدہ ریاض،خالدہ حسین ، روحی بانو، ریاض الحق ،متین ہاشمی، جمیل فخری، نواز ایمن،ارشد اقبال ، افضل احسن ،محمد یوسف ،محمد فیاض،محمد حنیف اورشبیر راناکو نوجوان بیٹوں کی دائمی مفارقت کے غم نے زندہ در گور کر دیا۔ اس سانحہ کے بعد وہ یہی کہتے ہیں کہ ہماری محفل سے جانے والو تمھارے چلے جانے کے ساتھ ہی ہمارا جانا بھی ٹھہر گیاہے اب ہمارا انتظار کرو ۔یادِ رفتگاں کے حوالے سے اردو زبان کی ممتاز شاعرہ فہمیدہ ریاض کی نظم ’’ عالم ِ برزخ ‘‘کے چند اشعار پیش ہیں:
یہ تو برزخ ہے ،یہاں وقت کی ایجاد کہاں
اِک برس تھا کہ مہینہ، ہمیںاب یاد کہاں
وہی تپتا ہوا گردوں ، وہی انگارہ زمیں
جا بہ جا تشنہ و آشفتہ وہی خاک نشیں
شب گرا ں،زیست گراں تر ہی تو کر جاتی تھی
رموزِ زیست کے رمز آ شنا لوگ دل گرفتہ پس ماندگان کے قلب حزیں کے رنج و غم اور من کے جان لیوا روگ کو سمجھتے ہیں۔سب جانتے تھے کہ اب پو پُھٹنے اور غم و اضطراب کی بھیانک تاریک رات کٹنے کے امکانات معدوم ہیں ۔گردش ِ افلاک کے زیر اثر تقدیر نے اِس خرابِ آرزو انگارۂ خاکی کو جس بے دردی سے تودۂ خاکسترِ ایام بنا دیا ہے وہ اس لرزہ خیز حقیقت کاغماز ہے کہ اب الم نصیب لواحقین کے تمام اعضا مضمحل ہو چکے ہیں ،زندگی کے سرابوں کے عذابوںمیں گھرا بے نشاں خوابوں کی دُھند میں اُلجھا اور ہجوم ِیاس و ہراس میں پھنسے پس ماندگان کا سینہ و دِل حسرتوں سے چھا گیا ہے ۔اب غموں کی شکن آلود بساط کو ہٹا کر جان کی بازی لگاکر اضطرابِ پیہم کی خوں چکاں گھڑیوں میں فگار انگلیوں سے آرزووں کا چمن آراستہ کرنابعید ا ز قیاس ہے ۔ اجل کے بے رحم ہاتھوں نے سوگوار خاندان کو زندہ در گو رکر دیااس جان لیوا صدمے کی شدت سے محسوس کرتے ہوئے دردِ ناصبور سے رنجور ذہن میں صرف اپنے خالق ہی کی یاد آتی ہے جو صبر عطا کرنے پر قادر ہے ۔
جس طرح گلزارِ ہستی میں پیہم عنبر فشانی میں مصروف گلِ تر اپنی عطر بیزی کے منابع سے ،ثمر ِ نورس اپنی حلاوت کے ذخیرے سے،بُور لدے چھتنار اپنی گھنی چھاؤں کی اداؤ ں سے،دریا اپنی طغیانی سے ،حسنِ بے پروا اپنی حشر سامانی سے ،اُٹھتی جوانی اپنی طبع کی جولانی سے،سمندر اپنی گہرائی سے ،کلام ِ نرم و نازک اپنی ہمہ گیر گرفت و گیرائی سے ، شعلہ اپنی تمازت سے ،گفتار اور رفتار اپنے معیار اور نزاکت سے ،کردار اپنے وقار سے ،جذبات و احساسات مستقبل کے خدشات اور اپنی بے کراں قوت و ہیبت سے ، نو خیز کونپلیں اپنی روئیدگی سے ، سمے کا سم کے اپنے ثمر سے ،قوتِ عشق اپنی نمو سے ، سادگی اپنے در پئے پندار حیلہ جُو سے، گنبد نیلو فری کے نیچے طیور کی اُڑان گھات میں بیٹھے صیاد کی مچان سے ،خلوص و دردمندی اپنی خُو سے ،حریت ِ ضمیر اپنے خمیر سے ،موثر تدبیر سوچنے والے نوشتۂ تقدیر سے،ایثار و عجز و انکسار کی راہ اپنانے والے جذبۂ بے اختیار کی پیکار سے ، حسن و رومان کی داستان جی کے زیاں سے ،جبر کی ہیبت صبر کی قوت سے ،ظالم کی واہ مظلوم کی آہ سے ،چام کے دام چلانے والے مظلومو ں کے ضمیر کی للکار سے اور تاریخ سے سبق نہ سیکھنے والے فراعنہ جاہ و حشمت کے طومار سے وابستہ حقائق کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اسی طرح ایک تخلیق کار کے قلزم ِ خیال کا پانی اس قدر گہرا ہوتا ہے کہ وہ زندگی بھر اس کی غواصی کرنے کے باوجود تخلیقی عمل کے پس پردہ کا فرما محرکات کے تاب دار موتی بر آمد کرنے سے قاصر ہے ۔
ممتاز ماہر نفسیات پروفیسر حاجی حافظ محمد حیات کے ساتھ ان کے قریبی مراسم تھے۔ دونوں دوست ہیگل کی جدلیت کے بارے میں وہ اکثر بات کرتے تھے اور اس بات سے متفق تھے کہ جس طرح رخش ِ حیات پیہم رو میں ہے اور وہ کسی ایک مقام پر ٹھہر نہیں سکتا اسی طرح انسانی افکار ،تحقیقی نتائج اور تجزیات کو بھی کسی ایک نقطے تک محدود کرنا بعید از قیاس ہے ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے سدا سائنسی انداز ِ فکر اپنانے پر زور دیا۔تحسین نا شناس کے وہ سخت خلاف تھے اس لیے جب کوئی بز اخفش کسی متشاعر کی تعریف میںزمین آسمان کے قلابے ملاتا اور استکراہ کی صورت پیدا ہوتی تووہ چپکے سے وہاں سے رخصت ہو جاتے ۔ اختلاف رائے کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور اس بات کا بر ملا اظہار کرتے تھے کہ قدرت کے کارخانے میں سکون محال ہے صرف جامد و ساکت پتھر ،سنگلاخ چٹانیں ،بزِ اخفش اور بے حس بُت ہی ایک مقام پر کھڑے رہتے ہیں ۔ معاشرتی زندگی کی برق رفتاری کے متعلق اپنے متنوع خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وہ اس جانب متوجہ کرتے کہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کو پیش نظر ر کھتے ہوئے رائے اور موقف میں تغیر و تبدل کا سلسلہ جاری رہتاہے ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے انسانی انا کے بارے میں ہمیشہ یہ کہا کہ یہاں انسانی فہم اپنی نا رسائی کے باعث محو تماشائے لبِ بام ہے ۔ان کی باتیں گنجینہ ٔ معانی کا طلسم ہوتی تھیں اور اُن کا ہر لفظ کئی سمتیں رکھتاتھا۔
ایک حکمت آشنا سائنس دان اور ذہانت مآب ماہر تعلیم کی حیثیت سے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کو اس بات کا قلق تھا کہ نئی نسل تاریخ اور اس کے پیہم روا ںعمل سے آ گاہ نہیں ۔یورپ کی سامراجی طاقتوں نے دو سو سال کے طویل عرصے میں اپنے مکر کی چالوں سے بر صغیر کے محکوم باشندوں کو خود ان کے حقیقی وجود اور قلب و روح کی کیفیات کے مد و جزر سے غافل بنا دیا۔ پس نو آبادیاتی دور میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملکنے اس خطے کی ضروریات کے مطابق قومی تشخص اور مِلی شناخت کو برقرار رکھنے پر اصرار کیا اور انسانیت کے وقار اور سر بلندی کو بہت اہمیت دی ۔جس وقت سے کچھ لوگ مصلحت ِ وقت کے تحت لوگ حرفِ صداقت کہنے میں تامل کرتے اُس وقت پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک قلم بہ کف مجاہد کے روپ میں جبر کے خلاف سینہ سپر ہو جاتا تھا۔ دکھی انسانیت کے ساتھ خلوص و دردمندی کی بنیاد پر جو رشتہ انھوں نے استوار کیا تھا اسی کو زندگی بھر نصب العین بنائے رکھا ۔سچ تو یہ ہے کہ یہی وہ محور ہے جس میں اُن کی تدریسی ،تحقیقی اورتخلیقی فعالیت روا ںدواں رہتی ہے ۔ معاشرتی زندگی میںانھوں نے جبر کا ہر انداز مسترد کیا اور یہ واضح کر دیا کہ جبر کے سامنے سپر انداز ہونا ان کے تدریسی اور معاشرتی منصب کے خلاف ہے ۔ وہ زندگی کی حقیقی معنویت کا اُجاگر کرنے کے آ رزو مند تھے اس لیے اُن کی زندگی اور فن مقصدیت سے لبریز تھا۔تکلم کے تمام سلسلوں میں اُن کے جذبات ،احساسات اور تاثرات سے ایسا دھنک رنگ منظر نامہ سامنے آتاکہ اُن سے ملنے والااُن کی گُل افشانیٔ گفتار کے سحر میں کھو جاتا۔انسانی زندگی میں کئی ایسے سخت مقامات بھی آتے ہیں جہاں گردش مدام سے جی گھبراجاتاہے اور ہجوم ِ یاس کو دیکھ کرروح و قلب پرگھبراہٹ طاری ہو جاتی ہے ۔ایسے میں اپنی رجائیت پسندی کے اعجاز سے وہ ماضی کے جھروکوں سے ایسے واقعات کو تلاش کرتے جو رنگ ،خوشبواور حسن و خوبی کے سب استعاروں کو نیا آہنگ عطا کرتے تھے۔ خود ستائی کے عادی بعض لوگ تکلم کے سلسلوں کی آڑ میںخود رائی اور یک طرفہ موقف کے مظہر آمرانہ نوعیت کی تشبیہات ،استعارات ،اشارے و کنائے کے حربے استعمال کرتے ہیں ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک ہمیشہ عجز و انکسار سے کام لیتے اور مدلل انداز میں گفتگو کرتے تھے ۔فطرت کے مقاصد کی ترجمانی اور انسانیت کے وقار کی نگہبانی کو دستور العمل قرار دینے والے اس پر عزم انسان کی زندگی اور فن پر نظر ڈالیں تو تخلیق اور اس کے پس پردہ کارفرما لاشعوری محرکات کے تمام پہلو سامنے آ جاتے ہیں۔مدلل انداز میں گفتگو کرنے والا یہ عبقری دانش ور جس نے چربہ ساز ،سارق اور کفن دزدسفہا کے لا طائل حوالوں کو اُجالوں سے انحراف کی ایک صور ت سے تعبیر کیا اپنے عہد کا ایک نابغہ تھا۔ ا ِس نا تما م کائنات میں دمادم صدائے کُن فیکون کی رمز سے وہ آشنا تھے اس لیے انھوں نے واضح کر دیا کہ حیات جاوداں کا راز تو ستیز ہی میں پنہاں ہے ۔ انھوں نے وسیع مطالعہ اور گہرے مشاہدے کے وسیلے سے رازِ کُن فکاں کو سمجھنے پر زور دیا۔اُن کا خیال تھا کہ یہی وہ زاد راہ ہے جو خارزار حیات کے آبلہ پیما مسافر کومنزلوں سے آ شنا کر سکتاہے ۔ اُن سے مِل کر زندگی کی حقیقی معنویت کا احساس اُجاگر ہوتااور انسانیت سے قلبی وابستگی اور والہانہ محبت کے جذبات پروان چڑھتے تھے ۔وہ یہ بات واضح انداز میں سمجھاتے کہ جدید دور میں وسیع کائنات کو ایک عالمی گاؤں کہا جا سکتاہے ۔آج انسان ستاروں پر کمندڈال چکاہے اور سورج کی شعاعیں بھی اس کی دسترس میں ہیں ۔ سائنسی ترقی کے نتیجے میں ر ابطے بڑھ گئے ہیں اور فاصے سمٹ چکے ہیں ۔ انٹر نیٹ کے استعمال سے معاملات میزان سحر و شام سے بہت آگے نکل گئے ہیں ۔ وہ اطلاعات اور رابطے کی جدید ترین ٹیکنالوجی( Information and Communication Technology )کو تیزی سے بدلتے ہوئے وقت کا اہم ترین تقاضا سمجھتے اور اِسے تعلیمی اداروں مروّج و مقبول بنانے پر اصرارکرتے تھے ۔ان کا خیا ل تھا کہ وہ دِن دُور نہیں جب علامہ اقبال سائبر لائبریری کی طر زپر تمام علوم کے سائبر کتب خانے اور تدریسی ویب سائٹس قارئین کی دسترس میں ہوں گی ۔ کورونا کی عالمی وبا کے باعث جب گوگل ہینگ آؤٹ ( Google Hangout) اور دوسرے ذرائع سے سکرین کے اشتراک سے لیکچر دینے کا سلسلہ شروع ہوا تو انھوں نے کہا مستقبل میںیہی انداز انجمن ہو گا۔مستقبل قریب میں گوگل ڈرائیو کے ذریعے علم کی روشنی پھیلے گی اور آن لائن کونسلنگ میں کوئی امر مانع نہیں ہوگا۔جدید دور میں پوری دنیا کے ادبیات پر اساطیری لحاظ سے غور و فکر اور علم بشریات کی روشنی میں اس کی تفہیم پر انھوں نے ہمیشہ فکر پرور حقائق اور چشم کشا حقائق کی جانب متوجہ کیا ۔ اس عالمِ آب و گِل میں فطرت کے مظاہر اور گلزار ہست و بُود کی جمالیات سے انھیںجو گہری دلچسپی تھی اِ س کااظہار کرنے میں اُنھوں نے کبھی تامل نہ کیا۔ اپنے ایمان ،ایقان،قوت عشق اور عزم صمیم سے انھوں نے یہ بات ثابت کر دی کہ شاہین کے لیے کارِ آشیاں بندی کی فکرایک اہانت آمیز سوچ ہے ۔پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کی زندگی شمع کے مانند گزری اور اُن کی ظاہری اور باطنی کیفیات ایک دوسرے کے لیے آفتابِ عالم تاب کی ضیا پاشیوں کی طرح طرح لازم و ملزوم تھیں ۔بادی النظر میں یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ سورج کی شعاعیں جس انداز میں باطن کو تابانی عطا کرتی ہیں اسی طرح شبِ دیجور میں مستو ر باطن بھی ظہار کی اہمیت و افادیت کو سامنے لانے کا وسیلہ ثابت ہوتاہے ۔
آج دِل پر ہاتھ رکھ کر فکر و خیال کے اُس بند دریچے کو کھولنے کا جتن کیا جس میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک سے وابستہ یادوں کا مخزن محفوظ ہے ۔
فریضۂ حج کی سعادت حاصل کر کے واپس آئے تو ہم سب احباب اُن سے ملنے اُن کی رہائش گاہ پہنچے ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے ہمارا پر تپاک انداز میں استقبال کیااورہمارے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر اُنھوں نے اپنے قریبی ساتھیوں اور شاگردو ں سے مخاطب ہو کر کہا:
’’ ارض ِ مقدس میںجو دِن گزرے وہ میری زندگی کا بیش بہا اثاثہ ہیں۔حرمِ پاک ،مسجد نبوی ،گنبد ِ خضریٰ ،روضہ اقدس ،زمزم،صفا،حجر اسود ،غارِ حر ،غار ِثور اور طائف کے باغ دیکھ کر روح ، دیدہ و دِل اورذہن و ذکاوت وقفِ تماشائے نُور ہو جاتے ہیں۔ بدر ،اُحد ،خندق ،خیبر ،شعبِ ابی طالب اور طائف کا باغ دیکھ کر آنکھیں بھیگ بھیگ جاتی ہیں ۔ حضور ختم المرسلین ﷺ کی دعا سے اس خطے کی قسمت بدل گئی ۔طائف جا کر معلوم ہوا کہ یہاں کا ایک نوجوان سپاہی محمد بن قاسم شورکوٹ پہنچا اور اسلام کا آفاقی پیغام اس دھرتی تک پہنچایا۔
گورنمنٹ کالج ،جھنگ میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے طویل عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دیں ۔ اس مادر علمی کا نام سنتے ہی ان کے چہرے پر مسرت و اطمینان کی لہر دوڑ جاتی ،اُن کی یہ سدا بہار مسکراہٹ اُن کے دِل کا آئینہ تھا۔ اس تاریخی مادر علمی سے قلبی وابستگی اور والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے وہ گلو گیر لہجے میں کہتے :
’ ’ گورنمنٹ کالج جھنگ کو محض ایک درس گاہ کہنا مناسب نہیں بل کہ یہ تو ایک درگاہ ہے جہاں حاضری دینے والے تشنگانِ علم کی تقدیر بدل جاتی ہے ۔اسی درگاہ نے جن طلبا کی خاک کو اکسیر کر دیا اُن میںعبدالسلام ،مجید امجد ، محمد شیرافضل جعفری ،جعفر طاہر ،رفعت سلطان ،باقر علی خان ،کبیر انور جعفری ،غلام علی چین،امیر اختر بھٹی ،احمد تنویر ،شفیع ہمدم ،شفیع بلوچ،صفدر سلیم سیال ،سجاد بخاری اور دیوان احمد الیاس نصیب شامل ہیں۔اس درگاہ سے علم ،حب الوطنی ،وفا ،ایثار اور خلوص کاجو زمزم رواں دواں ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔اس تاریخی مادرعلمی پر جو فصلِ گُل و لالہ اُتری ہے اُس کے اعجاز سے یہاں کی عطر بیز فضاکو اندیشۂ زوال نہیں۔ جھنگ کی بزمِ ادب کے یہ سب آفتاب و ماہتاب غروب ہو گئے تو انھیں یاد کر کے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اکثر شاہدہ حسن کا یہ شعر پڑھتے اور کارواں ہستی کے مسافروں میں احساسِ زیاں کے بارے میں مثبت شعور و آ گہی پید اکرنے کی سعی کرتے :
ہماری بزم سے اِک ایک کر کے
سبھی روشن ستارے جا رہے ہیں
فقیر ی میں بھی ایک غیر ت شاہانہ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کی مستحکم شخصیت کا نمایاں ترین وصف تھا۔ وقت کے فراعنہ کے سامنے کسی مصلحت کے تحت سر تسلیم خم کرنا اُن کے علمی مسلک کے خلاف تھا۔اس نے ایک شان دِل ربائی کے ساتھ زندگی بسر کی اور اپنے ملنے والوں کے ساتھ اخلاق اوراخلاص سے پیش آنا اپنا معمول بنا لیا۔ رُخ بدل بدل کر اپنے احباب کو پر کھنے کی مساعی میں وہ اختصاصی مہارت رکھتے تھے ۔ اقلیم معرفت کے اس فقیر منش درویش کا روّیہ بھی عجیب تھا کبھی تو سوز و سازِ رومی اور کبھی پیچ و تاب ِ رازی کامنظر دیکھ کر حاضرین دنگ رہ جاتے ۔ملاقاتوں میں اکثر دیکھا گیا کہ کبھی تو وہ یک بہ یک مائل بہ کرم ہو جاتے اور کبھی اچانک طرزِ تغافل اپنا لیتے ۔حرف گیروں کی سبک نکتہ چینیوں سے وہ دِل بُرا نہ کرتے بل کہ یہ بات بر ملا کہتے تھے :
’’ٹمٹماتے ہوئے چراغوں کی دھیمی لو پر اعتراضات کی بوچھاڑ کرنے والوں کو اپنی اوقات میں رہنا چاہیے ۔ جس وقت منفی سوچ کے گرد با د بیٹھ جائیں تو زندگی کے تلخ حقائق سے شپرانہ چشم پوشی کرنے والے کبھی خورشید جہاں تاب سے بھی آنکھیں چار کر کے دیکھیں ۔قحط الرجال کے موجودہ دور میں حیلہ گروں کی ہوس کے باعث ہر طرف بے حسی کا عفریت منڈلا رہاہے ۔ان لر زہ خیز اور اعصاب شکن حالات میں چارہ گروں سے شکوہ بلا جوازہے وہ بے چارے تو خودبے بسی اور مفلسی کی جاگیر کے معاملات میں اُلجھے ہوئے ہیں۔‘‘
الم نصیبوں جگر فگاروں کو اس سراپا وفا و ایثار نے دلاسا دیا اور خندہ پیشانی سے کٹھن حالات کا سامنا کرنے پر مائل کیا ۔وہ گورنمنٹ کالج جھنگ میں امور طلبا و طالبات کے مشیر تھے ۔ اس زمانے میں انھوں نے طلبا و طالبات کے مسائل کے حل کی مقدور بھر کوشش کی ۔ مقتدر حلقوں کو انھوں نے مالی امداد کے مستحق طلبا و طالبات کی وہ اس انداز میں مدد کرنے پر آمادہ کیا کہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔کالج کے علمی و ادبی مجلہ ’’ کاروان ‘‘ کا وہ بہت شوق سے مطالعہ کرتے تھے ۔ ادبی مجلہ کارواں کی تاریخی اہمیت کے بارے میںوہ اکثر یہ بات کہتے ـ:
’’ کالج میگزین کو ہرحال میں نو خیز طلبا و طالبات کی تخلیقات سے مزین کالج میگزین ہی ہونا چاہیے مگر یہ امر محل ِ غور ہے کہ کالج میگزین میں بڑی تعداد میں مشاہیر ِ ادب کے علمی مقالات و تخلیقات دیکھ کر کالج میگزین کو کالج میگزین بھی کہا جا تاہے ۔کالج کے طلبا و طالبات کی تحریروں کے حر ف حرف میں مستقبل کے ادیبوں کی تصویریں جلوہ گر ہیں ۔گورنمنٹ کالج جھنگ کارجحان سازعلمی و ادبی مجلہ’’ کاروان ‘‘جو سال 1926ء سے سوئے منزل رواں دواں ہے اس میں کیسے کیسے لوگ رفیق سفر رہے ۔ میر کارواں بدلتے رہتے ہیں ،نئے مسافر آتے رہتے ہیں مگر کارواں فضا کے پیچ و خم سے مایوس نہیں ہوتا۔ افکارِ تازہ کی مشعل تھام کر یہ کاروانِ ادب جہانِ تازہ کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔ ‘‘
پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک بہت سوچ سمجھ کر بات کرنے کے عادی تھے اور اُن کے لہجے میںغزل کی سی شگفتگی تھی تاہم جبر کا ہر انداز مسترد کرنااُن کا امتیازی وصف تھا۔ظلم سہہ کر مظلوم کا چُپ رہنا انھیں بہت ناگوار گزرتا تھا۔وہ اس نوعیت کے طرزِ عمل کو ایسی منافقت پر محمول کرتے جس سے ظالم کی اعانت کا پہلو نکلتاہے ۔اپنی بات کا پاس رکھنا اور راست گوئی کو شعار بنانا ان کا شیوہ تھا۔
اپنی جنم بھومی وادیٔ سون ( خوشاب ) سے انھیں بہت محبت تھی ۔وہ یہ بات زور دے کر کہتے کہ اس وادی نے عالمی شہرت کے حامل جن ادیبوں کو جنم دیا ہے ان میں احمدندیم قاسمی ( انگہ ) ،ذکیہ بدر ( انگہ ) اور خشونت سنگھ (ہڈالی) شامل ہیں ۔ وہ یہ بات بتاتے تھے :
’’ وادی ٔ سون کا ماحول کوہستانی ہے جب کہ جھنگ کی فضا رومانی ہے ۔جھنگ ایک شہر ِ سدا رنگ ہے جہاں کی خاک اِس قدر کیمیاہے کہ سنگلاخ چٹانوں اور جامد و ساکت پتھروں سے بھی اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتی ہے ۔میں نے اس شہر ِبے مثال میں بہت احتیاط سے قدم رکھایہاں کے باشندوں نے سدا میری راہ میں آنکھیں بچھائیں اور اُن کے حُسنِ سلوک نے مجھے اپنا گرویدہ بنالیا ۔میں نے اپنے ستارے دیکھے تو یہیں مستقل قیام کا فیصلہ کر لیا۔میرا یہ اعزاز و افتخار ہے کہ میںاس شہر میںرہتاہوں جہاں سلطان باہو ،شاہ جیونہ ،شاہ زندہ ، میاں مراد ،میاں مو چڑا ،سلطان ہاتھی وان اور حافظ بر خوردار جیسی روحانی ہستیوں نے تبلیغ اسلام کا سلسلہ جاری رکھا۔جہاں تک ادبیات کا تعلق ہے اس خطے کے جن ممتاز ادیبوں نے جریدۂ عالم پر اپنا دوام ثبت کر دیا ان میں سید جعفر طاہر ،محمد شیر افضل جعفری ،مجیدامجد ، رفعت سلطان ،احمد تنویر ،کبیر انور جعفری ،معین تابش،شفیع ہمدم ،صفدر سلیم سیال،گدا حسین افضل ،سجاد بخاری ،احمد بخش ناصر ،حاجی محمد ریاض ،دیوان احمد الیاس نصیب،عاشق حسین فائق ،شفیع بلوچ،خادم مگھیانوی ،رام ریاض ،مظہر اختر،بیدل پانی پتی،خضر تمیمی،شیخ ظہیر الدین،فیض محمد خان اور امیر اختر بھٹی شامل ہیں ۔ ‘‘
جھنگ کے گلی کوچوں کو پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اوراقِ مصور قرار دیتے تھے جہاں نظر آنے والی ہر شکل حُسنِ فطرت کی شاہکار تصویر کے مانند دِل میں اُتر جاتی ہے ۔یہاں تک کہ مسافرت میں بھی اس شہر سدا رنگ کے تصور میں بھی یہاں کی دل کش تصویریں ہی ہمہ وقت اُن کے پیشِ نظر رہتیں۔وہ اپنے ہر خواب میں اُنھیں اپنے اسی مسکن کی تعبیر نظر آتی تھی ۔ کبھی کبھی وہ احباب کی خیر خبر معلوم کرنے کے لیے وادیٔ سون چلے جاتے مگر جلد ہی واپس جھنگ آجاتے۔اس بار جب وہ سفرِ آخرت پر ر وانہ ہونے والے تھے تو انھوں نے اپنی آخری آرام گاہ کے لیے وادیٔ سون کی خاک کو ترجیح دی ۔سائنسی تحقیق ،علم و ادب اور خدمتِ خلق کے اس آسمان کو وادیٔ سون کی زمیں نے ہمیشہ کے لیے اپنے دامن میں چُھپا لیا۔
پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کامطالعہ بہت سیع تھا عالمی کلاسیک کے متعدد اقتباسات انھیں یاد تھے ۔ایک مرتبہ انھوں نے کہا:
’’انتظار حسین نے سال 2017ء میں لاہور سے شائع ہونے والی اپنی کتاب ’’دِلّی تھا جِس کا نام ‘‘ کے باب ’’ کتنے مشغلے کتنی بازیاں ‘‘میںدہلی شہر کے قدیم باشندوں کی بازیوں کا حوالہ دیاہے
انتظا ر حسین کی کتاب ’’دِلّی تھا جِس کا نام ‘‘ کے درجِ ذیل اقتباس میں مصادر کے وسیلے سے جمالیات کی بازی لگائی گئی ہے ۔
’’ پتنگ بازی ،کبوتر بازی ،بٹیر بازی،مرغ بازی ،شطرنج بازی،چوسر بازی ،بنوٹ بازی اور پٹے بازی مختصر یہ کہ بازیاںاُس تہذیب میںبہت تھیںبل کہ آگ آنے والے مصلحین نے تو یہ کہا ہے کہ اِنھیںبازیوںکے چکر میں آ کر مغلیہ سلطنت بازی ہار گئی اور اِ ن مصلحین نے تو شاعری کوبھی شعربازی گردانا۔‘‘
پروفیسر حاجی محمد ریاض نے اس موقع پر اپنے ساتھی شبیر ر انا کے حوالے سے اپنے احباب کو بتایا :
’’ شاید دہلی والوں کو سیاہی وال میں مقیم رمجانی بھڑوے ، تفسہہ نائکہ، رذیل طوائف مصبہابنو، پیشہ ور ٹھگ بہرام چوب دار اور تشفی کنجڑے کی نوسر بازی کی بھنک نہیں پڑی ورنہ وہ سب بازیاں بُھول کر ٹھگ بازی،شعبدہ بازی اور پینترے بازی کی مظہر لُوٹ مار کا ایسا بازار گرم کرتے کہ اُن کی ہُلڑ بازی زد میں آنے والا قلابازی کھاتا پھرتا یا بیت بازی کے لیے کسی متشاعر سے بازی بِدتا۔ نیزہ بازی کی جگہ اَب خلابازی نے لے لی ہے اور ہوا میں گرہ لگانے والے دغابازی کر کے ہنہناتے پھرتے ہیں۔سیاہی وال عجیب شہر ہے جو گردشِ ایام کی زدمیں آنے کے بعد رفتہ رفتہ کوفے کے قریب ہو رہا ہے ۔جس شہر ِ سنگ دِل میں گنوار انتھک ، نائکہ تفسہہ ،سمن ،شگن ،جامنی اور مصبہا بنو جیسے سفاک لٹیرے،چڑیلیں اور ڈائنیں بے بس انسانوںکو لُوٹ لیں اُس کو تو سپردِ آتش کر دینا چاہیے ۔‘‘
انسان شناسی میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کو کمال حاصل تھا ۔ہر ملاقاتی کے ساتھ اخلاق اور اخلاص سے پیش آنا اُن کا شیوہ تھا ۔وہ ملاقاتی کی بات سُن کر اس کے کردار کے بارے میں اندازہ لگالیتے تھے ۔ مبشر نامی ایک ضعیف معلم کے بیٹے کے لیے سیاہی وال کے پیشہ ور ٹھگ رمزی نے اپنی بیٹی کا رشتہ دینے کا عہد کیا اور اسی رشتے کی آڑ میں اُسے زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کر دیا۔مبشر جب عادی دروغ گو اور پیشہ ور ٹھگ رمزی کے ہاتھوں لُٹ گیا تو پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کو شدید رنج ہوا۔ گورنمنٹ کالج جھنگ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اُ ن کا ایک شاگرد کاروبار کے سلسلے میںرمزی ٹھگ کے علاقے میں رہتاتھا۔ایک مرتبہ اس نے بہت اصرار کر کے اپنے کسی رشتہ دار کی شادی پر اپنے شفیق استاد کواپنے ہاں بلایا۔ اپنے شاگر د کے ہمراہ وہ ابلیس نژاد موزی و مکار لٹیرے رمزی ٹھگ کے عشرت کدے کے قریب سے گزرے اور وہاں کا پر تعیش ماحول دیکھ کر پریشان ہوئے ۔سبز قدم بھڑوے مزی ٹھگ نے اپنی نائکہ اہلیہ تفسہہ اپنی لے پالک بیٹی مصبہا بنوکے ساتھ مِل کر قحبہ خانہ اور چنڈو خانہ بنا رکھاتھا۔شہر بھرکے سفہا اور اجلاف و ارذال کے ساتھ ان جرائم پیشہ درندوں کا گہرا ربط تھا۔رمزی ٹھگ کے بیٹے گنوار انتھک اور پتوار الجھک اپنی ماں اور بہنوں کی خرچی کی کمائی سے گُل چھرے اُڑاتے پھرتے تھے ۔علاقے کے واقف حا ل لوگوں نے بتایا کہ یہ ننگ انسانیت درندے چلتے تو دو طرفہ ندامت اور اہلِ شہر کی ملامت ان کا تعاقب کرتی تھی ۔اپنے شاگرد کے گاؤں سے واپس آئے تو احباب نے اس سفر کی روداد معلوم کی تو بولے کہ رمزی ٹھگ کے عشرت کدے کا ماحول دیکھ کر مجھے میر تقی میر ؔ بہت یاد آئے جنھوں نے آخری عہدِ مغلیہ کے اسی قسم کے دربار کے بارے میں اپنے مشاہدات اور جذبات ِ حزیں کو اِن اشعار کے قالب میں ڈھالا تھا:
چار لُچے ہیں مستعد کار
دس تلنگے جو ہوں تو ہے دربار
ہیں وضیع و شریف سارے خوار
لُوٹ سے کچھ ہے گرمیٔ بازار
سو بھی قندِ سیاہ ہے یا ماش
زندگی کی اقدار عالیہ اور درخشاں روایات کی زبوں حالی کو دیکھ کر پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اکثر رنج و کرب کا اظہا رکرتے تھے ۔ وہ اہلِ قلم پر زور دیتے کہ اس بات کی تہہ تک پہنچیں کہ آج کا ماحول کیوں عجیب ہو رہاہے اور دیکھیں کہ ہر شہر کس وجہ سے کوفے کے قریب ہو رہا ہے ؟اسی طرح کا ایک واقعہ ان کے سامنے بیان کیا گیاجب تشفی کنجڑے کی بیٹی نائکہ تفسہہ نے اپنے لے پالک بیٹی مصبہو بنو جو اعلا تعلیم یافتہ تھی کی منگنی بشیر نامی ایک غریب محنت کش کے طالب علم بیٹے سے کر دی ۔رشتے اور منگنیاں کر کے زرو مال بٹورنے اور پھر ان میں شکوک و شبہات کی مینگنیاں ڈال کر نو دو گیارہ ہوجا نا ان عادی دروغ گو لٹیروں اور پیشہ ور ٹھگوں کا وتیرہ تھا۔بشیر کے ساتھ مقدر نے عجب کھیل کھیلا اس کی سب تدبیریںاُلٹی ہو گئیںاو ر نائکہ تفسہہ اپنے مکر کی چالوں کی وجہ سے بازی لے گئی اور بشیر مات کھا گیا۔محنت کش بشیر کا مکان بھی لٹیروں نے ہتھیا لیا اور اس کی بیوی کا زیور بھی مصبہو بنو نے بٹور لیا ۔ نائکہ تفسہہ نے بشیر کو لُوٹ کر اس طر ح دھتکار دیا جس طرح ٹشو پیپرکو استعمال کر کے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتاہے ۔ معمر محنت کش بشیر کی داستان حسرت سُن کر پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اپنے آنسو ضبط نہ کر سکے اور یہی کہا کہ جو کام عجلت میں خود کیا جائے اس کا مداوا تو ممکن ہی نہیں ۔ محنت کش بشیرجیسے لوگ نائکہ تفسہہ اور مصبہو بنو جیسے عادی دروغ گو پیشہ ور ٹھگوںکی جعلی رشتے ناتوں کی آ ڑ میں ہر بات بلا چون و چرا گوارا کر کے پچھتاوے کے صحرا میں خسارہ کر کے سرابوں کے عذابوں میں جی کا زیاں کرتے ہیں۔جب اُن کا کوئی عزیز اپنی باری بھر کر رخصت ہوتا تواُس کی مغفرت کی دعا کرتے تھے اور ضیا الحق قاسمی کا یہ شعر پڑھتے :
اُجڑ جائے گی محفل پھر نہ کہنا
اِنھیں روکو جو اُٹھ کر جا رہے ہیں
محسن کُشی اور فریب کاری کے اس قسم کے سانحات کو دیکھ کر وہ مثالیں دے کر واضح کرتے کہ نظیر اکبر آبادی نے آخری عہدِ مغلیہ کی بد انتظامی اور طوائف الملوکی کی وجہ سے معاشرتی زندگی میں پائی جانے والی قباحتوں کے خلاف بھر پور آواز بلند کی۔نظیر اکبر آبادی نے عوامی زندگی کا نہایت قریب سے مشاہدہ کیااور وہ خود بھی اس تجربے کا حصہ بن گئے تھے۔مظلوم اور پس ماندہ طبقات کے جذبات و احساسات کو انھوں نے نہایت خلوص کے ساتھ اشعار کے قالب میں ڈھالا ہے۔فطرت کے اصولوں اور تقدیر کے سر بستہ رازوں کے بارے نظیر اکبر آبادی کے خیالات زندگی کی حقیقی معنویت کو اُجاگر کرنے کا وسیلہ ثابت ہوتے ہیں۔اردو نظم میں عوامی زندگی کے موضوعات کی لفظی مرقع نگاری کے سلسلے میں نظیر اکبر آبادی کو بنیاد گزار کی حیثیت حاصل ہے ۔نظیر اکبر آبادی نے ’’بنجارہ نامہ ‘‘ ، ’’آدمی نامہ ‘‘ ،اور ، ‘‘کل جگ نہیں کر جگ ہے یاں ‘‘ جیسی یادگار نظمیں لکھ کر اردو نظم کی ثروت میں جو اضافہ کیا اُس کی بنا پر نظیر اکبر آبادی کو بابائے اُردو نظم کہا جاتا ہے ۔ نظیر اکبرآبادی کی شاعری میںپائی جانے والی اشاریت کی کیفیت سے قاری کے ذہن میں ایساردعمل پیدا ہوتا ہے جو زندگی کی حرکت و حرارت کو حقیقی تناظر میں سامنے لاتا ہے۔آخری عہدِ مغلیہ میں دہلی کے زوال پذیر معاشرے میںمنافقت ،ریاکاری،دروغ گوئی،جعل سازی،پیمان شکنی اور ہوس نے اخلاقی اعتبار سے معاشرے کو مفلس و قلاش کر دیا تھا۔کٹار بند دہشت گردوںنے خوف اور دہشت کی فضاکر دی تھی اور کوئی قوت ایسی نہ تھی جو ان پیشہ ور قاتلوں کو لگام ڈال سکتی۔
کیا کیا فریب کہیے دنیا کی فطرتوں کا
مکر و دغا و دُزدی ہے کام اکثروں کا
جب دوست مل کے لُوٹیں اسباب مشفقوںکا
پھر کس زباں سے شکوہ اب کیجیے دشمنوں کا
ہشیار یا ر جانی یہ دشت ہے ٹھگوں کا
یاں ٹک نگاہ چوکی اور مال دوستوں کا
اللہ کریم نے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کو ایک مستحکم شخصیت سے نوازاتھا۔اُن کی گل افشانی گفتار سے ہر محفل کِشتِ زعفران میں بدل جاتی ۔ان کی باتیں سُن کر سوچ کے انداز اور وقت کے تیوربدل جاتے۔کئی بار ایسا بھی ہوا کہ احباب کا پیچ و تاب بھی ان کے جذبۂ شوق کو دیکھ کر محبت کے سانچے میں ڈھل جاتا۔اس قسم کے ایک واقعہ کے بارے میں مہر بشارت خان نے بتایا:
’’یہ کوئی تیس برس پہلے کی بات ہے ممتازماہر نفسیات پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات کو اُن کے تدبر ،بصیرت اور انتظامی صلاحیتوں کی بنا پر گورنمنٹ کالج جھنگ کے دارالاقامہ کے مہتمم کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔دار الا قامہ کی کی شمالی جانب واقع کالج کی دیوار کے پاس شیشم کا ایک قدیم درخت تھا جسے سمے کی دیمک نے کھو کھلا کر دیا تھا۔ساون کی طوفانی بارشوں نے ایک شام اس درخت کوجڑوں سے اُکھاڑ کر راستے پر لا پھینکا۔ پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات نے صفائی پر مامور عملے کو بلا کر اس درخت کی لکڑیوں کودار الاقامہ کی دیوار کے ساتھ رکھو ا دیا تا کہ مناسب وقت پر انھیں نیلام کر کے رقم کالج فنڈ میں جمع کرائی جا سکے ۔اسی طوفانی بار ش میں دارالاقامہ کے چوکیدار مولا بخش کاکچا گروندا بھی بہہ گیااور مفلسی میں اُس کا آٹا گیلا ہو گیا۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک ،پروفیسر سمیع اللہ قریشی ،پروفیسر محمد بخش گھمنانہ ،محمد شریف خان اور نو ر احمد ثاقب نے الم نصیب مولا بخش کی ڈھارس بندھائی اور کچھ مالی امداد بھی کی۔ اس رقم سے مولا بخش نے سر چُھپانے کے لیے اپنے گھر کے ملبے پر ایک چھپر تعمیر کیا اور اپنے کم سِن بچوں اور اہلیہ کو لے کر وہاں پنا ہ گزین ہو گیا ۔ موسم برسات کی شدید بارشوں کے باعث اُس سال شدید سردی پڑی ۔اپنے بچوں کو سردی سے بچانے اور گھر کو چولھا گرم رکھنے کے لیے مولا بخش نے خشک ایندھن اپنے گھر لے جانا شرع کردیا،سردیاں ختم ہوئیں توایندھن بھی ٹھکانے لگ چکاتھا۔انسان بھی موسم کے مانند رُوپ بدلتے رہتے ہیںموسم سرما کی خون منجمد کرنے والی ہوائیں تھمیں تو بہار کے عطر بیز جھونکے قریۂ جان کو معطر کرنے لگے ۔کالج کی انتظامیہ نے اس قدیم درخت کے ایندھن کو نیلام کرنے کے لیے کئی بڑھی ہوئی توند والے بڑھئی اور بھٹیارے بلائے ۔ پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات علی الصبح درخت کی نیلامی کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے ارکان جن میں حاجی احمد طاہر ملک ،دیوان احمد الیاس نصیب ،شفیع ہمدم ،گدا حسین افضل ،احمد بخش ناصراور فیض محمد خان کو ساتھ لے کر مقررہ مقام پر پہنچے۔ وہاں پہنچ کر سب کی آ نکھیں کُھلی کی کُھلی رہ گئیں کہ وہاں تو چٹیل میدان تھا اور ایندھن تو کجا کوئی تنکا بھی نہ تھا۔ سب حاضرین نے شفیع ہمدم کی ا س بات سے اتفاق کیا کہ یہ تو کسی آسیب کی کارستانی ہو سکتی ہے۔پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات نے فوراً مولا بخش چوکیدار کو طلب کیا اور کہااور اُس سے سُوکھے درخت کے ایندھن کی پر اسرار گم شدگی کے بارے میں دریافت کیا۔
مولا بخش چوکیدار نے گلو گیر لہجے میں کہا:
’’میںاپنی ضرورت کے ہاتھوں مجبور ہو گیاتھااور میں نے شدیدسردی کے موسم میں اپنے گھر کا چولھا گرم رکھنے کے لیے یہ ایندھن استعمال کیا ہے ۔یہ ایندھن میری ضرورت تھی اور ضرورت ایجادکی ماں ہوتی ہے ۔‘‘
پروفیسر دیوان احمد الیاس نصیب نے بڑے تحمل سے بزرگ ملازم مولا بخش کو سمجھایا :
’’ تم نے یہ بات تسلیم کر لی ہے کہ تم نے چوری کی ہے ۔اب تمھیں اس چوری کاخمیازہ اُٹھانا پڑے گا۔‘‘
’’ میں چور نہیں بل کہ ضرورت کے ہاتھوں مجبور ہو کر میں یہ ایندھن گھر لے گیاتھا۔‘‘مولا بخش نے آہ بھر کر کہا’’میری ضرورت اور مجبوری کو دیکھ لیں شدید سردی میں میرے بچے ٹھٹھر رہے تھے ۔سخت ضرورت کی وجہ سے میںبے بسی کے عالم میں ایندھن گھر لے گیا۔‘‘
’’ مولا بخش !تم نے بلاوجہ ضرورت ضرورت کی رَٹ لگا رکھی ہے اور اپنا جرم ثابت کر ر ہے ہو ۔‘‘احمد بخش ناصر نے کہا’’ قانون کسی ضرورت کو تسلیم نہیں کرتا۔‘‘
مولا بخش نے روتے ہوئے کہا ’’ ضرورت بھی کسی قانون کو تسلیم نہیں کرتی ۔‘‘
یہ بات سُن کر پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اُٹھ کھڑے ہوئے اور معمر ملازم مولا بخش کو گلے لگالیا اور اُسے دلاسا دیتے ہوئے سب حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا:
’’ مولا بخش نے سچ کہاہے کہ ضرورت کسی قانون کو تسلیم نہیں کرتی ۔یہی تو نظریۂ ضرورت ہے جو آسٹریا سے تعلق رکھنے والے قانون دان ہانس کیلسن( 1881-1973 Hans Kelsen:) نے پیش کیا ہے اور جسے نصر ت بھٹوکیس میں وطن عزیز کی عدالت ِ عظمٰی تسلیم کر چُکی ہے ۔‘‘
پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات اور ان کے باقی سب ساتھی اپنے دیرینہ رفیق پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کی تاریخ اور اُس کے پیہم رواں عمل سے متعلق بصیرت افروز،فکر پرور اور چشم کشا صدقتوں سے لبریز باتیں سُن کر اش اش کر اُٹھے ۔اس طرح مولا بخش تو چوری کے الزام سے بچ گیا مگر پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات نے احتساب ذات کے تصور کے تحت اپنی غفلت کو تسلیم کرتے ہوئے ایندھن کی رقم دارالاقامہ کے فنڈمیں جمع کرادی اوراپنی آزاد مرضی سے اپناسامان اُٹھاکر دار الاقامہ سے نکلے اور نجی رہائش گاہ منتقل ہو گئے ۔جاتے وقت وہ یہ شعر پڑھ رہے تھے :
کون ہے جو نہیں ہے حاجت مند
کس کی حاجت روا کرے کوئی
اگلے دِن پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک اپنے دوست پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات کی رہائش گاہ پر پہنچے جو اپنے دِلِ بے قرار پر ہاتھ رکھے بکھرے ہوئے سامان کے پاس بیٹھے بیتے لمحوں کی چاپ سُن رہے تھے ۔ پروفیسر حاجی حافظ محمدحیات کے بارے میں یہ بات مشہور تھی کہ اُن سے مِل کر زندگی سے قلبی وابستگی اور والہانہ محبت کے جذبات کو نمو ملتی ہے ۔ دونوں دوست گلے ملے اور سب اندیشے دُور ہو گئے ۔اپنے دوست کو نئے حالات کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے اپنی دیدہ ٔ اشک بار کو صاف کیا اور گلو گیر لہجے میں کہا:
’’ خزاں کے سیکڑوں مناظر دیکھنے کے بعدطلوع ِ صبحِ بہارا ںکی گھڑی دیکھنے کی تمنا میں حبس اور گرمی کے موسم میں اُس وقت بھی انتظار کے لیے کھڑا رہنا پڑتاہے جب آ نکھوں میں تیزدُھوپ کے نیزے گڑے ہوں ۔گُل و لالہ کی عطر بیزفضاؤں میں محض دو سانس لینے کاخمیازہ خاروں کی سیکڑوں بر چھیا ںکھانے کی صورت میں اُٹھانا پڑتاہے ۔ اپنے بیگانے سے نا آشنانگر ی نگری گھومنے پھرنے والے طیور کسی ایک آ شیاں کے پابند نہیں ہوتے۔یادو ں کا گرداب بعض اوقات ایسا عذاب بن جاتاہے کہ دُکھ اور سُکھ سراب بن جاتے ہیں ۔ ‘‘
پروفیسر حاجی احمدطاہر ملک نے کثیر الابعاد زندگی کے مسائل،فطرت کی نیر نگی اور عالمِ آب و گِل میں زندگی کی ہر جہت اور تغر و تبدل کا عمیق مطالعہ کیا ۔مشر قی تہذیب نے انھیں اپنا گرویدہ بنا لیا تھاخاص طور پر وہ روزمرہ زندگی کے معمولات، لوک داستانوں ،لوک گیتوں،گھریلو دست کاریوں ،رسوم و رواج ،ادب و فنون لطیفہ میں وہ گہری دلچسپی لیتے تھے ۔وہ زندگی کی شان دل ربائی اور وقار کے معترف تھے ۔انھیں یقین تھا کہ وہ دِن دُور نہیں جب اس انگارۂ خاکی میں یقین پیداہوجائے گااوروہ حُسن ِ کائنات کو نکھارنے میں کامیاب ہو جائے گا۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے مگر ماضی کی نشانیوں کے عنقا ہونے پر انھیں بہت تشویش تھی ۔ ایک مرتبہ انھوں نے ماضی سے وابستہ جمالیاتی کائنات کے بارے میں کہا:
’’ موجودہ زمانے میں کنویں ،گھڑے ، گھڑولی،پنگھٹ ،پنہاریوں ،چرخہ ،بیلنا ،مدھانی ،ریڑکا،گُھٹی ،مشکیزے ،خطوط ،قاصد ،ساقی ،بیل گاڑی ،رتھ ،تیر ، تر کش،کمان ،زرہ بکتر ۔مِسی ،سرمہ اور کاجل کی لذتِ نظارگی کو آ نکھیں ترستی ہیں ۔مشرقی تہذیب کی یہ سب نشانیاں تاریخ کے طومارو ںمیں دب چکی ہیں ۔‘‘
گورنمنٹ کالج جھنگ میں طویل عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دینے والے ماہر لسانیات اوراُردو زبان و ادب کے استاد پروفیسر غلام قاسم خان نے بتایا’’ جب پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے دائمی مفارقت دی تو رات ابھی باقی تھی اور آج بھی دل کی دنیا میںاُسی رات کے آثار موجود ہیں ۔ اس دانش ور کی سوچ کی رسائی ہمارے قلوب تک تھی اور آج بھی ہم اُس کی یادوں کے حصارمیں ہیں ۔ایسے با کمال سائنس دان اور بے مثال انسان کی دائمی مفارقت پر ہر آنکھ اشک بار ہے ۔اس سانحہ کے بعد ہم نے محسوس کیا کہ صر صر ِ اَجل کے باعث ہماری آ نکھوں میں لُٹی محفلوں کی دُھول اُڑنے لگی ہے ۔‘‘
اپنی تقریر کے اختتام پر اپنے دیرینہ رفیق کار کے حسنِ سلوک کو یاد کر کے پروفیسر غلام قاسم خان نے جب ورون آنند کے یہ اشعار پڑھے تو سب حاضرین کی آنکھیں نم ہو گئیں :
’’ چاند ،ستارے ،پھول ،پرندے ،شام ،سویرا ایک طرف
ساری دُنیا اُس کا چربہ اُس کا چہرہ ایک طرف
ساری دنیا جو بھی بولے سب کچھ شور شرابا ہے
سب کا کہنا ایک طرف ہے اُس کا کہنا ایک طرف ‘‘
تعزیتی نشست میں میرے پاس بیٹھے ایک سوگوار بزرگ کی روتے روتے ہچکی بندھ گئی ۔اُس ضعیف آدمی نے خلق ِ خدا کے بے لوث خادم اور عبقری دانش ور پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کے سانحۂ ارتحال پر اپنے حزن و ملال کا اظہار کرتے ہوئے آ ہ بھر کر کہا:
’’ اے میرے فروغ ِ نگاہ جب سے تم نے دشتِ عدم میں خیمے لگائے ہیں میرادمِ واپسیں بر سرِ راہ ہے اور اب تو صرف اللہ ہی اللہ ہے ۔ تمھارا شمار ایسے عبقری دانش وروں میں ہوتا تھاجو نسیم سحر کے جھونکوں کی آواز سُنتے اور سر دُھنتے تھے جو باد ِ سموم کی آ ہٹ سے مغموم ہو جاتے تھے ۔خزاں ،بہار ،سر ما اور گرما کے موسموں کی ادا دیکھ کر سے زندگی کے نشیب و فراز اور لوگوں کے بدلتے روّیے کی تفہیم پر زور دینے والا مصلح اب ملکوں ملکوں ڈھو نڈنے سے بھی نہ مِل سکے گا۔عمر بیت جائے گی مگر اجل کے ہاتھوں مسلط کی جانے والی سفاک ظلمتوں اور مہیب سناٹوں کی مظہر یہ رات باقی ہی رہے گی ۔یہ وقت بھی عجیب چیز ہے کہ پلک جھپکتے میں بیت جاتاہے ۔‘‘
پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے خونیں جگروں کوہمیشہ یہی پیغام دیاکہ محبت کے دشت ِخار میں قدم رکھنے سے پہلے بد نہاد ہوس پرستوں کو پرکھنے کی کوشش کریں۔ دِل کے دریا میں اُترنے کی تمنا کرنے والوں کو وہ یہی پیغام دیتے کہ اِس دریا کی تلاطم خیز موجوں سے بچیں اس کے گرداب کے عذاب سے خود کو محفوظ رکھیں،اس کی گہرائی اس قدر زیادہ ہے کہ اس میں پھنسنے والا سفینہ کبھی ساحل ِ عافیت تک نہیں پہنچ سکا۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے ہمیشہ اخلاقیات کی تعلیم پر زور دیا ۔وہ یہ بات زور دے کر کہتے کہ بو الہوس عیاش نو جوانوں نے تو لُٹیا ہی ڈبو دی ہے۔ایسے مشکوک نسب کے اوباشوں کی اخلاق باختگی کا یہ عالم ہے کہ یہ مُشکِیں زلفوں سے مُشکَیں کسوا کر کالے ناگو ںسے خود کو ڈسوانا چاہتے ہیں ۔ کالا دھن کما کر عیاشی کرنے والے سفہا اور اجلاف و ارذال کی سادیت پسندی کے وہ سخت خلاف تھے ۔وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے جامعات اور پوسٹ گریجویٹ کالجوں میں مخلوط تعلیم کے حامی تھے مگر پردے کو وقت کا اہم ترین تقاضا سمجھتے تھے ۔اس مخلص اورجری مصلح نے شکن ِ زلفِ عنبریں کی نمائش ،نگہ چشمِ سُرمہ سا کے ہوش رُبا وار ،حسین کھلکھلا ہٹوں اور عشوہ و غمزہ و ادا کو مذہب کی تعلیمات ،مشرقی روایات معاشرتی زندگی کے معائر ِ اخلاق کے خلا ف ایک سازش سے تعبیر کیا ۔اس موضوع پر وہ بولتے تو ان کی باتوں سے پُھول جھڑتے تھے ۔ اُن کی دل نشین لہجے میں کی گئی باتیں سُن کر سُر مگیں آ نکھیں بھی شر مگیں ہو جاتی تھیںپروفیسر حاجی محمد ریاض کے ہاں ایک ادبی نشست میں انھوں نے حجاب کے موضوع پر مدلل بات کی:
’’پس نو آبادیاتی دور میں مغرب زدہ معاشرے میں نمو د ونمائش ،فیشن اور عریانی و فحاشی نے ایک وبا کی صورت اختیار کر لی ہے۔مغرب کی نقالی کرنے والی فیشن پرست خواتین کے رخسارہ ٔ سیمیں پہ مارِ زلف جس انداز سے کُنڈل مارتاہے اُسے دیکھ کر ہر بو الہوس دِل ہارتاہے ۔ نر گسیں آنکھ کے پاس ابروئے خم دار کے نکھار کا مطلب یہ ہے کہ ایک تلوار کے پاس ایک تلوار اور رکھ دی گئی ہے ۔لبِ رنگیں پر منور مسکراہٹیںشفق زاروں میں رقصاں برق کے مانند ہوتی ہیں جوتماشائی کے خرمنِ دِل کے صبر و قرارکو بھسم کر دیتی ہیں ۔بے پردہ حسینوں کے قامت کی انگڑائی دیکھ کر قیامت کے بارے میں کوئی شبہ باقی نہیں رہتا۔ لبِ لعلیں کی خوشبوئیں چھلکاتے ہوئے بازارو ںمیں خراماں خراماں پھرنا،کاجل کے کرشمے سے اِک شام سی کر ر کھنا اور دُزدیدہ نگاہوں میںماہتاب کے جلوے پنہاں کرنا مشرقی تہذیب و ثقافت کے خلاف ہے ۔ عریانی اور فحاشی کے سیلاب کے عذاب سے بچنے کے لیے حجاب ہی موثر جواب ہے ۔ ‘‘
نئی سائنسی ایجادات میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے ہمیشہ بہت دلچسپی لی ۔انھیں جد ید دور کی سائنسی ایجادات کا ماہر تسلیم کیا جاتا تھا۔گورنمنٹ کالج جھنگ میں موجود آلہ مکبر الصوت ( لاؤڈ سپیکر ) جو نو آبادیاتی دور کی نشانی تھااُسے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آ ہنگ کر دیا۔اپنے ذاتی وسائل سے انھوں نے چالیس سال قبل ایک یو پی ایس تیار کیا جو انھوں نے پروفیسر احمد بخش ناصر کو تحفے میں دیا ۔یہ یو پی ایس چا ر گھنٹے چار جنگ کے بعد آٹھ گھنٹے تک ایک برقی پنکھا اور دو بلب چلا سکتاہے ۔شمسی توانائی سے چلنے والا یو پی ایس بھی انھوں نے اپنے وسائل سے تیار کیا اور پر وفیسرحاجی محمد ریاض کو تحفے میں دے دیا۔ انھوں نے مقامی وسائل کو استعمال کر کے کم لاگت کے جوآلات تیارکیے ان میں آواز اور روشنی کی رفتار معلوم کرنے کے آلات، سٹیپلائزر ، سپیڈو میٹر ،گیلوانو میٹر اور لیکٹو میٹر شامل ہیں ۔ اس قسم کے آلات تیار کرنا اُن کا مشغلہ تھاجنھیں وہ اپنے معتمد رفقا کو تحفے میں دے کر خوشی محسوس کرتے تھے۔احباب کی چاہت میں اپنے ماہ و سال کی راحت کو نچھاور کرنے والا مخلص رفیق اکثر یہ کہتا تھاکہ جب محبت کسی کے دل میں دھوم مچاتی ہے توپھر وہ ایثار کی راہ دکھاتی ہے ۔ دکھی انسانیت سے محبت کرنے والے ایسے لوگ جانتے ہیں کہ شام الم ڈھلتے ہی درد کی ہوا کے جھونکے الم نصیبوں کواذیت میںمبتلا کر دیتے ہیں۔ دُکھی انسانیت کے دیدہ ٔ اشک بار اور دِلِ بے قرار کا حالِ زار بیان کرتے وقت وہ اپنے آ نسو ضبط نہ کر سکتے اور یہ کہتے کہ میں سوچتاہوں کہ زندگی کے اتنے جان لیوا صدمے اُٹھانے کے لیے انھوں نے کس قدر صبر سے کام لیا ہوگا ۔ کئی بار ایسا بھی ہوا کہ کچھ ایسے طالع آزمااور مہم جو لوگ جن سے ان کی روز کی ملاقات ہوتی تھی ہوا کا رخ بدلتے ہی طوطا چشم بن گئے مگرپروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے انھیں کبھی فراموش نہ کیا ۔بعض اوقات مرغانِ باد نماکی ہوس ،سفلگی اور محسن کشی کی بنا پر کئی برسوں پر محیط تعلقات بوجھ کی صور ت اختیار کر گئے مگر پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے ترک تعلق کے بارے میں کبھی نہ سوچا۔اُن کی زندگی کے متعدد افسانے ایسے بھی ہیںجن میں ملاقاتیں ادھوری رہ گئیں اور کی باتیں جو مقصدیت سے لبریرتھیں ناگفتہ رہ گئیں مگر انھوں نے اس معاملے کو کسی حسین موڑ تک پہنچاکر ہمیشہ کے لیے تاک نسیاں کی زینت بنانے کے بارے میںکبھی نہ سوچا بل کہ اپنے دِل میں ایا م گزشتہ کی ان تلخ و شیریں یادوںکوہمیشہ کے لیے سنبھالے رکھا۔قحط الرجال کے موجودہ زمانے میںاقدار کی زبوں حالی کو دیکھ کر بھی دوستی نبھانے کے سلسلے اُس کا اضطراب دیکھ کر یقین ہو جاتاکہ اُس کا رباب خلوص ،مروّت ،درمندی ،وفا اور ایثار کے سکون بخش نغموں سے لبریز ہے ۔انہی اوصاف کی بناپر خلوص اور دردمندی کو شعار بنا کر مجبور انسانوں پر سب کچھ نثار کرنے والا وہ با کمال خادم خلق اپنی آپ مثال بن گیا۔اس کے مداحوں کے دِل میں یادوں کا ایک حشر بپاہے ۔تشنگانِ علم جب اس کے دروازے پر پہنچ کر دستِ سوال دراز کر تے تو یہاں سے بٹنے والی عطائے وفا سے مالا مال ہو کر واپس جاتے ۔اُس کے جانے کے بعد آگے بڑھنے کے ولولے سردپڑگئے، آئینے بے آ ب ہو گئے ہیں اور حسرتوں کے باعث چاند چہرے گَرد گَرد دکھائی دیتے ہیں ۔
پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام کو سا ل 1979ء میں طبیعات میں نوبل انعام ملا تو وہ اپنے آبائی شہر جھنگ پہنچے ۔اس موقع پر انھوں نے اپنے چچا زادبھائی حاجی محمد یوسف کی رہائش گاہ پر ایک نشست میں جھنگ کے جن ماہرین طبیعات کے تحقیقی کام کو سراہااُن میں فیض محمد خان ،پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک ،پر و فیسر حاجی محمد حسین اور پروفیسر اکمل شامل ہیں ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے اس علاقے میں سائنسی علوم کے لیے مثبت شعور و آ گہی پروان چڑھانے کے لیے جو مساعی کیں ہر مکتبۂ فکر سے وابستہ دانش وروں نے اُنھیںقدر کی نگاہ سے دیکھا۔انھیں علمی و ادبی محفلوں میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے دعوت دی جاتی ۔دائمی مفارقت دینے والے ادیبوں اور دانش وروں کی یاد میں منعقد ہونے والی نشستوں میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک کی تقریر نہ صرف زندگی اور موت کے سر بستہ رازوں کی گرہ کشائی کرتی بل کہ ان سے وابستہ یادوں پر پڑی ابلق ِ ایام کے سُموں کی گرد بھی صاف ہوتی چلی جاتی تھی۔گزشتہ برس پروفیسر سمیع اللہ قریشی کی برسی کے موقع پرمنعقدہ ایک تعزیتی نشست میں پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے اس دانش ور کے ساتھ گزرے لمحات پر مبنی اپنی یادوں کو اس قدرموثر انداز میں پیش کیا کہ سامعین کی آ نکھیں بھیگ بھیگ گئیں ۔
پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے سدا اس بات پر اصرار کیا کہ حیات دوام کا رازستیز میں پنہاں ہے۔اپنے عزیزوں کووہ یہ بات زور دے کرسمجھاتے تھے کہ خارزار حیات کے آبلہ پا مسافر جب سفاک ظلمتوںمیں یاس و ہراس میں مبتلا ہو جاتے ہیں توآزمائش و ابتلا کی بجلیاں چمک کر اُنھیں نشانِ منزل دکھاتی ہیں ۔ تخلیقِ ادب کے حوالے سے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک نے ہمیشہ یہ بات زور دے کر کہی کہ پس نو آبادیاتی دور میںمشرقی تہذیب و ثقافت کو مکمل انہدام سے بچانے کے لیے حریت ِ فکر کے مجاہدوں کو الفاظ کے تاج محل تعمیر کر نے پر توجہ دینی چاہیے ۔یہ الفاظ ہی ہیں جوایک جری تخلیق کار کو آدابِ خود آگاہی سکھاتے ہیں ۔تیشۂ حرف سے فصیلِ جبر کو منہدم کرنے کے لیے کوشاں رہنے والے ادیبوں کے بارے میں اُن کاکہنا تھاکہ اُن کے الفاظ جریدۂ عالم پر اُن کا دوام ثبت کر دیتے ہیں۔ بات چیت کے دوران میں استعمال ہونے والے وہ الفاظ کو محدب عدسے سے تعبیر کرتے تھے جو تخلیق کار کے ذہن و ذکاوت ،فہم و فراست اور بصیرت و تدبر کی حقیقی کیفیات کو نمایاں طور پر سامنے لاتے ہیں ۔سُرخی ٔ شفق زبان ِ
حال سیپروفیسر حاجی احمد طاہر ملکجیسے عظیم المرتبت لوگوں کے عزم و ہمت کی داستان سناتی ہے ۔اس عالمِ آب و گِل سے دُکھی انسانیت کے ایسے چارہ ساز اور غم گسار اُٹھ جائیں تو چرخ بھی خون کے آ نسو روتاہے ۔ پروفیسر حاجی احمد طاہر ملک تم نے تواَجل کا پیغام سنتے ہی دشت عدم میں خیمے لگا لیے مگر تمھاری یادوں سے قریۂ جاں آج بھی معطرہے ۔ تمھاری دائمی مفارقت کے بعدمجھے ایسا محسوس ہواکہ اجل کے وار سے دِل کا ایک ٹکڑا الگ ہو کر پیوند ِ خاک ہوگیا۔الم نصیب جگر فگار سوگوارو ںکے جذبات حزیں کو محسوس کرتے ہوئے میں اِس نتیجے پر پہنچاہوںکہ یہ اُن یادگار لمحات کا حوالہ ہیں جو انھوں نے محبت کے مہ و سال میں گزارے تھے ۔اجل کے بے رحم ہاتھوں نے بے لوث محبت ،ایثار اور وفا کا ساز توڑ دیا مگراُس کی باز گشت تاابد کانوں میں رس گھولتی رہے گی۔ دوستوں اور احباب کے ساتھ تمھارا پیمانِ وفا مسائلِ زیست سے وابستہ اندیشوں سے بالا تر ہے ۔بے لوث محبت کے ناتے دل کی دھڑکنوں اور روح کے تار سے جُڑتے ہیںاس لیے اِنھیں اَبد آ شنا تصور کیا جاتاہے ۔ صر صرِ اجل سے زندگی کی شمع تو بُجھ سکتی ہے مگر قلبی لگاؤ کا مستحکم تعلق اِس کی د سترس سے باہر ہے ۔میرے بھائی ! تم نے معرفت اور روحانیت کی ان ارفع منازل تک رسائی حاصل کی کہ تمھاری لحد پررحمت کے فرشتوں کی آہٹ سنائی دیتی ہے اور اِس زمیں پر ہر صبح آسمان بھی شبنم افشانی کر کے اپنے غم کااظہار کرتاہے ۔ تمھارے چلے جانے کے بعداُجڑے گلشن سے احساس ِ محرومی سے لبریز ماضی کی یادوں سے دِل کو لہو کرنے کے سوا کیا ہو سکتاہے ؟تمھاری بات یاد آ رہی ہے جب تم نے ایک ملاقات میں کہا تھاکہ اہلِ درد جہاں بھی اپنا آ شیا ں بنا لیں وہیں نسرین و نسترن اور گُل و لالہ کِھل اُٹھتے ہیں یقیناً تمھاری لحد پر جاوداں گُلا ب کے پُھو ل کھلیں گے ۔مجھے یہ کہنے میںکوئی تامل نہیں کہ علم و ادب کی وہ دِل نشیں دنیا جسے پروفیسر حاجی احمد طاہر ملکنے اپنا جگر کا خون دے کر پروان چڑھایا اندیشہ ٔ زوال سے نا آشناہے اور ان خدمات کی بنا پر جریدہ ٔ عالم پر اس مردِ خود آگاہ کا دوام ثبت ہو چکاہے ۔
کیسے آ سکتی ہے ایسی دِل نشیں دنیا پہ موت
کون کہتاہے کہ یہ سب کچھ فنا ہو جائے گا
( احمد مشتاق)
پروفیسر احمد طاہر ملک کے گھر کے مہمان خانے کے دروازے سے نکلا تو اس کے نو جوان بیٹے نے پُر نم آ نکھوںسے مجھے خدا حافظ کہا۔میں نے دل پر ہاتھ رکھ کراِس گھر کے اُداس بام اور کُھلے در کو دیکھا تو ایک خلا محسوس ہوا ۔وہ بے لوث میزبان رخصت ہو چکا تھا جو اپنے ہر ملاقاتی کے لیے دیدہ و دِل فرشِ راہ کر دیتاتھا۔ قزاقِ اجل نے اخلاق اور اخلاص کے پیکرکی سب یادیں لُوٹ لیں ۔میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے اور محسن بھوپالی کا یہ شعر یاد آ گیا:
کیا خبر تھی کہ ہمیں زخم یہ کھانا ہو گا
تُو نہیں ہو گا تیری بزم میں آ نا ہو گا
گرہ لگائیں۔ کیا ہے عشق تو اعلان کیوں نہیں کرتے
وھاٹس ایپ گروپ: دیــــــــارمیـــــــــــر سلسلہ : گـــــــرہ لـــــــگائیں تاریخ : 17/9/024 مصرع نمبر: 295 کیا ہے عشق تو اعلان کیوں...