زندگی کا سفر بھی عجیب سفر ہے جہاں غم و آلام کے دشتِ بے کنار کے آبلہ پامسافر ہوائے جورو ستم کے مہیب بگولوں میں بھی رُخِ وفا کو فروزاں رکھنے میں کوئی کسر اُٹھا نہیںرکھتے ۔ہر طرف بکھرے ہوئے خارِ مغیلاں کے ڈھیر پران الم نصیب جگر فگاروں کے قدموں کے نشان تو باقی رہ جاتے ہیں مگر نوشتۂ تقدیر کاکہیںسراغ نہیں مِلتا۔آلام ِ روزگار کے پاٹوں میں پسنے والے قسمت سے محروم انسانوں کو اہلِ دنیا نے سدا نفرت اور حقارت کی نگاہ سے دیکھااور اُنھیں نہایت بے دردی سے ٹھکرا دیا۔ سادیت پسندوں کی طرف سے کی جانے والی توہین،تذلیل ،تحقیر اور بے توقیری کے باوجود یہ صابر و شاکر لوگ اہلِ دنیا سے مایوس نہیں ہوتے اور اِس توقع پر زندگی کے دن گزارتے ہیں کہ شاید کوئی درد آشنا اِدھر آ نکلے ۔کتاب ’’ سر ِ کوئے عدم ‘‘ میں ایسے یادگارِ زمانہ انسانوں کا احوال بیان کیاگیا ہے جن کی زندگی شمع کے مانند گزری ۔ انھوں نے تیشہ ٔ حرف سے فصیل جبر و مکر و فریب کو منہدم کرنے کی مقدور بھر کوشش کی ۔فروغ ِ گلشن و صوت ِہزار کا موسم دیکھنے کی تمنا اپنے دِل میں لیے یہ سب حساس تخلیق کار عدم کی بے کراں وادیوں کی جانب سدھا ر گئے۔چھے جولائی دو ہزار سترہ کو میر نو جوان بیٹا سجاد حسین اچانک عارضہ قلب کے باعث چل بسا ۔ ان تعزیتی تحریروں کے دامن میں اپنے آنسو چُھپانے نے کی جو سعی میں نے کی ہے وہ مشیت ایزدی کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کا درس ہے ۔ میں اپنے رفتگاں کو یاد کر کے اپنے دِلِ حزیں کو اُن کی مفارقت کے درد سے آباد کر نے کے لیے ہاتھ پاؤں مارتا رہتا ہوں ۔ اپنی زندگی کے اِن کٹھن ایام میں مجھے رفتگاں کی یاد حوصلہ دیتی ہے ۔تنہائی کے اس عالم میں جب پرانے آشنا چہرے دیکھتا ہوں تو اپنے دِل ِ حزیں کی خود ہی ڈھارس بندھاتاہوں ۔ اب تو میرا دِل ہی میر درد آشنا ہے اوردِل سے یہ معاملہ چلتا رہتاہے اور میرا ایک ہی سوال ہوتاہے :
یہ اَن جانا شہر ،پرانے لوگ اے دِل تم یہاں کہاں
آج اِس بِھیڑ میں اِتنے دِن کے بعد مِلے ہو کیسے ہو؟