قحط الرجال کے موجودہ دور میں ہر شہر کو شہرِ نا پرساں قرار دیاجاتاہے جہاں ہر کوئی اپنی فضا میں ہمہ وقت مست دکھائی دیتاہے اور زندگی کی اقدار عالیہ پر جان کنی کا عالم ہے ۔یہ عجیب شہر ہیں جن پر اکثر لوگوں کو عراق کے شہر کوفہ کے قریب ہونے کا گماں گزرتا ہے۔اِ ن کہانیوں میں یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ جاہ و حشمت کی نشانیوں اور کھنڈرات میں جامد و ساکت پتھروں ،سنگلاخ چٹانوں اور عبرت کی مظہر حنوط شدہ لاشوں سے وابستہ داستانوں کے سوا کچھ بھی تو نہیں ۔ اِن المیہ کہانیوں کے کچھ شقی القلب کردار ایسے ہیں جن کی درندگی نے مظلوم انسانوں کی حیاتِ مستعار کو غم کے فسانے میں بدل کر اس دنیا کے آئینہ خانے میں اُنھیں تماشا بنا کر رکھ دیا۔سب واقف حال لوگ سوچتے ہیں اب دعائے نیم شب میں الم نصیبوں اور جگر فگاروں کا پرسانِ حال کون ہو گا ۔ اِن کہانیوں میں کچھ کردار ایسے بھی ملیں گے جو ہر عہد میںمرہم بہ دست پہنچیں گے اور الم نصیبوں کو یہی کہیں گے کہ ہجوم ِ غم میں دِل سنبھال کر اور یاس و ہراس کو ٹال کر آگے بڑھنا ہی دانش مندی ہے ۔ اِن حقیقی کہانیوں میںمحسن کش ،پیمان شکن ،جعل ساز اور سارق سفہا کو آ ئینہ دکھایا گیا ہے ۔ بے حس معاشرہ جب مظلوموں کی داد رسی اور چارہ گری سے گریز کو معمول بنالے تو اُن کے رفتگاں عالمِ خواب میں اُن کی ڈھارس بندھاتے ہیں ۔اس قسم کا تصوراتی ماحول اِن کہانیوں کو نیا آ ہنگ عطا کرتاہے ۔ دونوں افسانے ’’ آشوب ‘‘ اور ’’ ر ضوان کی وصیت ‘‘ ادبی مجلات میںشائع ہو چکے ہیں ۔ عالی مرتبت پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن میو اور محترمہ پر وفیسر ڈاکٹر حافظہ عائشہ صدیقہ نے ان افسانوں کا تجزیاتی مطالعہ پیش کر کے مجھے خود اپنی نظروں میں معزز و مفتخر کر دیا۔ انسانی ہمدردی کے جذبات سے سرشار ان جلیل القدر دانش وروں ،مدبروں اور نقادوں کے فکر پرور اور بصیرت افروز تجزیات کا شکریہ ادا کرنے کے لیے موزو ںترین الفاظ کی عدم دستیابی اور اپنی تہی دامنی پر میری آ نکھیں بھیگ بھیگ گئیں۔آپ نے مجھ ناتواں کے ساتھ بھلائی کی خداکرے آپ کا دامن راحتوں سے معمور رہے ۔
فقیر
غلام شبیر
گُلوں کی سیج ہے کیا مخملیں بچھونا کیا
نہ مِل کے خا ک میں گر خا ک ہوں تو سونا کیا
بساطِ سیل پہ قصر ِ حباب کی تعمیر
یہ زندگی ہے تو پھر ہونا کیا نہ ہونا کیا
( مجیدامجد)