باب دوم
آنکھوں کی بیماریاں
آنکھ دُکھنا Ophthalmia (افتھیلمیا)
تعریف: اس مرض میں پپوٹوں کے اندر کی جھلی اور ڈھیلے کے اوپر کی جھلّی سرخ ہو جاتی ہے۔
وجوہات: نزلہ و زکام کا ہونا، تیز دھوپ یا شدت گرما، سرد ہوا کا لگنا، دھواں اور گرد و غبار کا آنکھوں میں پڑنا، شیر خوار بچوں میں دانتوں کا نکلنا، نیز خسرہ، خناق، خنازیر اور چیچک سے بھی آشوب چشم ہو جاتا ہے۔
تشخیص و علامات: آنکھ کے پردہ ملتحمہ کے اندر سوزش اور سُرخی ہو جاتی ہے۔ پپوٹے سُوجھ جاتے ہیں۔ آنکھ بھاری ہو جاتی ہے۔ مریض دھوپ اور روشنی برداشت نہیں کر سکتا۔اور پلکیں رطوبت غلیظہ سے جُڑ جاتی ہیں۔ خارش، جلن، رڑک اور درد ہر وقت رہتی ہے۔ آنکھوں سے پتلی رطوبت خارج ہوتی رہتی ہے۔
عام طور پر آشوب چشم اور آنکھ کی دوسری بیماریوں مندرجہ ذیل بیماریوں سے تشخیص کرنا ضروری ہے۔
ورم عنبیہ (آئی رائیٹس) اس میں آنکھ گہری، سُرخ اور قرنیہ کے گرد گلابی حلقہ معلوم ہوتا ہے۔ آنکھ اور سر میں درد ہوتا ہے۔ اور پپوٹوں کے اندر کی جھلّی سُرخ نہیں ہوتی۔
ورم قرنیہ (کیرائیٹس) اس میں قرنیہ کے اردگرس گہری سرخی ہوتی ہے۔ آنسو بہت نکلتے ہیں اور مریض روشنی کی طرف بالکل نہیں دیکھ سکتا۔ بصارت کم ہو جاتی ہے۔
ورم صلبیہ (ایپی سکلیرائیٹس) اس میں عام طور پر سُرخی ملتحمہ کے نیچے ہوتی ہے اور یہ سُرخی دیر تک رہتی ہے۔ آنکھ میں معمولی درد ہوتا ہے۔
علاج: اصل سبب مرض کو رفع کریں، پانی سے آنکھوں کی صفائی کریں۔ اگر کوئی بیرونی چیز آنکھ میں پڑی ہو تو اُسے نکال دیں۔ اگر قبض ہو تو قبض رفع کریں۔ کیسٹرائیل اس کے لیے بہترین جلاب ہے۔ حسب عمر دیں۔
آشوب چشم کے علاج میں آنکھوں کی صفائی، قبض کا رفع کرنا اور دافع درد ادویات استعمال کرنا کامل شفایابی ہے۔
سب سے پہلے آنکھ کو بورک لوشن ۱۰ گرین فی اونس والے سے خوب دھوئیں، گردوغبار، رطوبت غلیظہ، میل اور جالے وغیرہ سب صاف کر دیں اور لوشن نیم گرم سے ٹکور بھی کرتے جائیں۔ جب صاف ہو جائے تو تر رُوئی کو نچوڑ کر آنکھ کو خشک کریں۔
رات کو سوتے وقت سادہ ویزلین یا پنسلین آئنٹ منٹ یا سبازول آئی آئنٹ منٹ لگا دیں تاکہ پلکیں آپس میں چپک نہ جائیں۔
اور مندرجہ ذیل نسخوں میں سے کوئی ایک تیار کر کے آنکھ میں ٹپکائیں۔
زنک اوپیم لوشن: زنک سلف ۲ گرین، ایسڈ بورک ۱۰ گرین، ٹنکچورا اوپیائی ۱ ڈرام، ایکوا ڈیسٹی لیکا ایک اونس۔
اس دوا کے چند قطرات صبح و شام آنکھ میں ڈالین۔ جب آنکھ میں درد زیادہ ہو تو یہ دوا بہت مفید ہوتی ہے۔
سفید لوشن: زنک سلفاس ۴ گرین، بورک ایسڈ ۲۰ گرین، عرق گلاب ایک اونس، لوشن تیار کریں اور صبح و شام دو دو قطرے آنکھ میں ڈالیں۔ آنکھ دکھنا، سرخی اور خارش چشم کے لیے مفید ہے۔
سوڈا لوشن: سوڈا بائیکارب ۱۰ گرین، ایکوا کیمفوری ایک اونس
اس دوا کے چند قطرات دن میں چار بار آنکھ میں ڈالیں۔ جب آنکھ میں سوزش یا ورم کم ہو۔ مرض کسی پرانا ہو تو اس دوا سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔
آج کل آشوب چشم کا جدید ادویات سے علاج کیا جاتا ہے۔
پنسلین لوشن: پنسلین ایک لاکھ یونٹ، ٹوسٹڈ واٹر ۱۰ سی سی باہم ملا لیں، تیار ہے۔ ہر دوسرے گھنٹے بعد ڈراپ سے آنکھ میں ٹپکائیں۔ لوشن کو سرد جگہ رکھیں۔
آشوب چشم، ککروں اور ورم کے لیے بے حد مفید و مجرب ہے۔
اکسیری لوشن: بورک ایسڈ ۱۰ گرین، زنک سلفاس ۳ گرین، پروکین ۲ گرین، ایکوا ایک اونس۔
چند قطرے دن میں تین چار دفعہ ٹپکائیں۔ یہ لوشن آشوب چشم اور درد آنکھ وغیرہ کے لیے بے حد موژر ہے۔ فوری تسکین دیتا ہے۔ اگر درد زیادہ ہو تو ڈورس پوڈر حسب عمر ایک خوراک کھلائیں۔ ساریڈان بھی درد کے لیے مفید ہے۔
سلفا تھایازول، سلفا ڈایازین اور سلفا میزاتھین بھی آشوب چشم کے لیے بھی کھلائی جاتی ہیں اور اس مرض کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔
مقدار خوراک ہر چار گھنٹہ بعد ایک ایک ٹکیہ حسب عمر دیں۔
مرکری لوشن: ہائیڈراجرائی پر کلورائیڈ ۱/۱۰ گرین، ایکوا ڈیسٹی لیٹا ۱ اونس
اس دوا کے چند قطرے صبح و شام آنکھ میں ڈالیں، بہت مفید دوا ہے۔
گولڈن آئی ڈراپ: ایکری فلیوین ۱ گرین، زنک سلفاس ۲ گرین، ایسڈ بورک ۴ گرین، عرق گلاب ایک اونس، تینوں کو ملا کر لوشن تیار کریں۔ آنکھ دھو کر ڈراپ کریں، امراض چشم کے لیے مفید ہے۔
حب سرخ: گیرد ۲ تولہ، افیون ۶ ماشہ، زبخبیل، ممغ عربی ہر ایک ۰۱ ماشہ، سب کو کوٹ چھان کر آب کشنیز یا جوشاندہ پوست خشخاش میں گوندھ کر چنے کے برابر گولیاں بنا لیں۔ بوقت ضرورت آب ہائے مذکورہ میںپیس کر گرداگرد چشم ضماد کریں۔ آشوب چشم کے لیے مفید ہے۔
حب مسکن: پھٹکڑی ۱ تولہ، افیون ۴ ماشہ، رسوت ۶ ماشہ، زعفران ۱/۲ ماشہ، جملہ ادویہ کھرل کر کے بخودی گولیاں بنا لیں، ایک گولی گھس کر دونوں پپوٹوں پر لگائیں۔
آشوب چشم، گرے، درد چشم، سرخی، سوج وغیرہ کو دور کرنے کے لیے مفید ہے۔
سلور نائٹریٹ ۲ گرین والا لوشن بھی آشوب چشم کے لیے فائدہ مند ہے۔
نسخہ پوٹلی: لودھ پٹھانی، کافور۔ ہر ایک ۲ ماشہ، کوٹ کر پوٹلی میں باندھ لیں اور جوشاندہ پوست خشخاش میں تر کر کے آنکھ پر پھیرتے رہیں۔
رفع درد، آشوب چشم کے لیے مفید ہے۔
آئیزون: نیلہ تھوتھا ۲ گرین، ست پودینہ ۳ گرین، ایکری فلیوین ۳ گرین، مشک کافور ۲ گرین، گلیسرین ۱ ڈرام، عرق گلاب ایک اونس
لوشن تیا رکر کے ڈراپر میں ڈالیں۔ دھند، غبار، جالا، خارش، سرخی، پانی بہنا، آنکھ دکھنا کے لیے مفید و مجرب ہے۔
مرہم: ییلوآئنٹ مینٹ آف مرکری ۴ گرین، سفید ویزلین ایک اونس۔ مرہم تیار کریں، دن میں دو بار آنکھ میں لگائیں۔
پھنسی دار آنکھ دکھنے کے لیے بے حد مفید ہے۔
طبّی لوشن: قلمی شورہ ۴ تولہ، پھٹکڑی خام ۱ تولہ، پھٹکڑی بریاں ۰۱ تولہ، کافور خالص ۳ ماشہ، عرق گلاب ایک بوتل۔
تمام دواؤں کو باریک پیس کر عرق گلاب کی بوتل میں ڈال لیں۔ بس تیار ہے۔ دن میں تین چار دفعہ قطرہ قطرہ ڈالیں۔
آنکھ دکھنا، آشوب چشم، خارش، سرخی اور درد چشم کے لیے بے حد مفید و مجرب ہے۔
ٹکور آشوب چشم: آشوب چشم کے لیے بہترین ، مفید معالجات میں سے یہ بھی ہے کہ نیم گرم پانی میں اسفنج یا صُوف بھگو کر اس سے آنکھوں پر ٹکور کریں۔ بعض دفعہ اس طرح صرف دو تین دفعہ ٹکور کرنے سے مرض اچھا ہو جاتا ہے۔ البتہ اگر مرض شدید ہو تو زیادہ مرتبہ سینکنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ بہرحال اس سے جلد یا بدیر فایدہ ضرور ہو جاتا ہے۔ مرض کی قوت اس کے ضعف پر موقوف ہے۔
اگر بجائے نیم گرم پانی سادہ کے اکلیل اور حلبہ کے جوشاندے سے ٹکور کریں تو زیادہ مفید ہے۔
نسخہ درد چشم: مندرجہ ذیل نسخہ آشوب چشم اور درد چشم کے لیے اطباء کا معمول ہے اور بے حد مفید ہے، کبھی خطا نہیں ہو گا۔
زردی بیضہ مرغ ایک عدد، روغن گل ۶ ماشہ، دونوں کو اچھی طرح محلوط کریں۔ اور زعفران خالص محلول ۰۱ ماشہ ملا کر حسب ضرورت لیپ کریں۔ شدت مرض کی صورت میں تین چار گھنٹہ کے بعد دوسرا لیپ کر دیں۔ سکون درد کے لیے عموماً دو مرتبہ سے زیادہ لیپ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
آشوب چشم میں صبح و شام لیپ لگائیں۔
درد چاکسو: چاکسو مدبر ۱ تولہ، مصری ۱ تولہ، مامیراں چینی ۶ ماشہ۔ باریک سفوف بنا دیں اور آنکھوں پر بطور ذرور لگائیں۔
یہ نسخہ آشوب چشم کو بے نظیر فائدہ کرتا ہے۔ خٓس کر جب کہ آشوب چشم کو چند دن گُزر گئے ہوں۔
چاکسو مدبر کرنے کی ترکیب: چاکسو ۵ تولہ، پوٹلی میں باندھ کر گندم آدھ سیر کو دو سیر پانی میں ڈال کر چولھے پر رکھیں اور درمیان میں پوٹلی رکھ دیں۔ جب گندم جل جا دے تو اتار کر چاکسو صاف کر لیں۔ بس تیار ہے۔ بعض گدھے کی لید میں بھی مدبر کرتے ہیں۔
اکسیر سرخی چشم: برگ مہندی ۵ تولہ، انار دانہ ۰۲ تولہ، دونوں کو نصف سیر پانی میں بھگو دیں۔ اور ۱۲ گھنٹے کے بعد خوب مل کر چھان لیں۔
کشتہ جست ۰۲ تولہ، مہندی کا پانی ڈال کر کھرل کریں۔ حتٰی کہ تمام پانی خشک ہو جائے۔ دوائے مبارک تیار ہے۔ سلائی سے آنکھوں میں لگائیں۔
سرخی چشم جو کسی دوائی سے ہٹنے کا نام نہ لیتی ہو اس کے چند دنوں کے استعمال سے رفع ہو جاتی ہے۔
دیسی لوشن: انار دانہ ۵ تولہ، عرق گلاب ۲۰ تولہ، رات کو دونوں ادویہ بھگو دیں۔ صبح مل کر صاف کر کے مندرجہ ذیل ادویہ ملائیں۔
رسونت ۰۲ تولہ، پھٹکڑی سفید بریاں ۶ ماشہ، افیون خالص ۶ ماشہ، کافور ۱ ماشہ ملا کر رکھ لیں، بس تیار ہے، بطور لوشن آنکھ میں ٹپکائیں۔
اس کے استعمال سے آشوب چشم، سرخی، درد چشم وغیرہ کو فوراً آرام ہو جاتا ہے۔ بے نظیر نسخہ ہے۔
زنک اوپیم لوشن: زنک سلفاس ۳ گرین، ایسڈ بورک ۱۰ گرین، ٹنکچر اوپیائی ۱ ڈرام، پروکین ہائیڈروکلورائیڈ ۲ گرین، عرق گلاب ایک اونس۔
ڈراپر سے چند قطرات صبح و شام یا بوقت ضرورت آنکھ میں ڈالیں۔ جب آنکھ میں درد، سرخی اور سوزش ہو تو یہ دوا بہت مفید ہوتی ہے۔
بعض اوقات وبائی طور پر آشوب چشم کی مرض ہو جاتی ہے۔ اور ایک ہی بار بہت سے آدمیوں کو ہو جاتی ہے۔ اس کے علاج کے لیے آشوب چشم کی تدابیر اختیار کریں۔
بعض اوقات سوزاک کی وجہ سے آنکھوں میں سرخی اور ورم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاج کے لیے سلفا ڈرگس اور پنسلین کا استعمال شافی معالجہ ہے۔
بعض اوقات نوزائیدہ بچوں کو بھی آشوب چشم کی بیماری ہو جاتی ہے اور یہ چھوت کی مرض ہے۔ عام طور پر سوزاک کے مریض والدین کی اولاد کو یہ مرض ہوتا ہے۔ ایسے بچوں کے لیے پنسلین لوشن آنکھ میں ٹپکانا مفید ہے۔
اگر خسرہ یا چیچک کی وجہ سے یہ تکلیف ہو تو قرینہ اور صلبیہ مقام اتصال پر چھوٹے چھوٹے ابھار یا پھنسیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ ایسی صورت میں بورک لوشن سے آنکھ کو دھوئیں اور بعد میں کیلومل چھڑکیں۔
اگر نزلہ کی وجہ سے آشوب چشم ہو تو نزلہ کا علاج کریں اور آشوب چشم کی ادویات استعمال کریں۔
پرہیز: آشوب چشم کے مریضوں کو گرم، ترش غذا کھانے، دھوپ میں چلنے پھرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ غذا زود ہضم، دودھ، چاول، دال مونگ، چھلکا، دلیا دیں۔