(Last Updated On: )
صرف میں الفاظ پر توجہ مرکوز رکھی جاتی ہے جب کہ نحو میںادبی تخلیقات کے مختلف اجزا کی ترکیب کو پیش نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ اِنھیں الگ الگ کر کے دیکھنابھی مطمح نظر ٹھہرتاہے ۔یہ نحو ہی ہے جوبامعنی کلمات کے ربط باہمی کو سامنے لاتاہے اور مختلف کلمات کے تعلق کی نو عیت کی وضاحت کرتاہے ۔تخلیق فن کے لمحوںمیں جب دو یا د سے زائد کلمات کی ترکیب کی صورت پیدا ہوتی ہے تو اِسے کلام سے تعبیر کیا جاتاہے ۔تخلیقی فعالیت کے نتیجے میں جو کلام منصۂ شہود پر آتاہے اس کی دو اقسام ہیں ۔ان میں سے ایک تو کلام ناقص ہے جو اس قدر مبہم ہو کہ اس کے بارے میں کوئی تاثر ہی پیدا نہ ہو سکے ۔اس کے بر عکس کلام تام مستند ہونے کی بنا پر اپنی تاثیر کی ثقاہت اور افادیت کا لوہا منو ا لیتاہے ۔کلام ِ تام کی مسحورکن اثر آفرینی اور ہمہ گیر دل کشی کے اعجازسے سامعین بھر پور استفادہ کرتے ہیں ۔مرکبات ناقص کئی اقسام ہیں جن میں مرکب اضافی ،مرکب توصیفی،مرکب عددی،مرکب عطفی،مرکب ظرفی،مرکب امتزاجی،مرکب بدل و مبدل منہ ،مرکب تابع مہمل،مرکب تابع موضوع،مرکب تاکید و موکد،مرکب تمی زو ممیز،اسم فاعل ترکیبی،اسم مفعول ترکیبی،اسم صفت ترکیبی،مرکب اسم مکبر ،اسم مبالغہ ،اسم تفصیل،اسماشارہ اور مشارُالیہ شامل ہیں ۔
نحو میں مختلف جملوں کے اجزا جن میں اسم صفت وغیرہ شامل ہیںکلیدی اہمیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔جملے کے مختلف اجزا کو تحریر میں شامل کرنے کے انداز نحو کا خاص موضوع ہیں۔علامات کے پورے نظام کا باہمی تعلق اور اس کاجملوں کی ساخت پر مرتب ہونے والے اثر کا جائزہ لیا جاتاہے ۔
نحو کی ذیلی قسمیں :نحو میں دواہم امور کو زیر بحث لایا جاتا ہے :
۱۔ نحو تفصیلی:
اجزائے کلام (اسم ،صفت ،ضمیر وغیرہ )،جملوںکے اندر کلمات کی تعداد ،کیفیت،کلمات کے لوازم اور ان کے مختلف قسم کے استعمال اور ان میں رونما ہونے والے تغیرات کاعمل نحو تفصیلی کہلاتا ہے۔
۲۔ نحوترکیبی
جس میں جملوں کی ساخت ،اجزائے کلام کا آپس میں پایا جانے والا تعلق اوراقسام کو زیر بحث لایا جائے اُسے نحوترکیبی کہا جاتاہے۔ ذیل کی سطور میں نحو تفصیلی کا اجمالی جائزہ پیش کیا جا رہا ہے :
۱۔ نحو تفصیلی
ارد و اور دکنی زبان میں نحو ی مسائل توجہ طلب ہیں ۔سب سے پہلے نحو تفصیلی پر غور کیا جائے گااس میں فعل کی بحث کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔فعل کی تفہیم کے سلسلے میں مصدر ،مادہ ٔ فعل ،فعلی اشتقاق اور غیرفعلی اشتقاق کا عمیق مطالعہ نا گزیر ہے ۔ نحوتفصیلی میں مصدر کے استعمال کی مختلف صورتیں اولین اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہیں۔جہاں تک مصدر کا تعلق ہے مختلف مقامات پر اس کے استعمال کی کئی صورتیں ہیں ۔
( i)۔مصدر بہ طور ِ اسم
اردو اور دکنی میں مصدر کا بہ طورِ اسم استعمال عام ہے ۔اس کی مثالیں درج ذیل ہیں :
( الف ) اردو : اُسے دوڑنا پسند ہے۔ دکنی : اُنو دوڑھنا پسند اہے ۔
(ب) اردو : اُسے پڑھنا پسند ہے ۔ دکنی : اُنو پڑن پسند اہے ۔
جہاں تک ترکیب ِ اضافی کا تعلق ہے اس میں مضاف اور مضاف الیہ دونوں سطحوں پر آ سکتے ہیں ۔ ذیل میںاس کی مثالیں پیش کی جاتی ہیں :
(الف ) اردو : وہ جانے کو ہے ۔ ، دکنی : اوہ جاون کو اَہے ۔
(ب) اردو : وہ ان کے بہکانے میں آ گیا۔ ، دکنی : وو اُنھ کے بہکاون میں آ گیا ۔
دکنی اور ارد ومیںمصدر صفت کے طور پر بھی مستعمل ہے جیسے : اردو میں رونی صورت ،دکنی میں روونی شکل وغیرہ ۔
مصدر کا فعلی استعمال
اردو اور دکنی میں مصدر بہ طور امر بھی مستعمل ہے مثلاً:
اردو : آج آنا ۔ دکنی : آج آونا ۔
اردو : کل جانا ۔ دکنی : کل جاونا ۔
علاماتِ زمانہ اور امداد ی افعال اور مختلف حروف کے ساتھ مصدر کے معنی جداگانہ نوعیت کے ہوتے ہیں ۔اس کی تفصیل درج ذیل ہے :
( الف) حالت جبر کا اظہار : جب کسی جملے میں کسی مجبوری یا بے بسی کا اظہار مقصود ہو تو ایسی صورت میں بھی مصدر کا استعما ل کیا جاتا ہے ۔
اردو : زندگی کا نا پائیدار ہونا اس پر کیا اِترانا ۔
دکنی : حیات کا باؤ ہلنا ،اس پر کیا اچھلنا ۔ ( ملا وجہی ؔ)
( ب) لہجے کی کیفیت : مصدر سے پہلے جو اسم آتا ہے اس میں طرز تخاطب ملائم ہوتا ہے جب کہ دکنی میں قدرے درشتی کا شائبہ گزرتا ہے ۔اس کے علاوہ اردو میں’ ہو گا ‘ ،’ ہو گی‘ کا استعمال با لعموم مستقبل کے لیے مخصوص ہے مگر دکنی میں ’ ہوسی‘ کا استعما ل پا بند کرنے کے معنوں میں ہے ۔
اردو : تجھے مکتب جانا ہو گا ۔
دکنی : تُج کو مکتب جاون ہوسی ۔
اردو اور دکنی میں مصدر دو فعلوں میں پہلے فعل کے ساتھ آ کر ایسا مفہوم پیش کرتاہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ پہلے فعل کے ساتھ ہی دوسرا فعل وقو ع پذیر ہوا ہے ۔مثلاً:
اردو : اس کا نظر بھر کر دیکھنا تھا کہ وہ غش کھا کر گِر پڑا ۔
دکنی : اُنھ کا نظر بھر کر دیکھن تھا کہ وو غش کھا کر گِر پڑا ۔
اردو : چوب دار کا آناتھا کہ قزاق بھاگ گیا ۔
دکنی : چوب دار کا آون تھا کہ قزاق بھاج گیا۔
(ج)مصدر سے پہلے نفی کا کلمہ یا بعد میں حرف اضافت کااستعمال
اردو اور دکنی میںمصدر سے پہلے منفی کلمات کے استعمال اور بعد میں حرف ِ اضافت کے استعمال سے فعل مستقبل کے معانی کی نوعیت مکمل منفی کا رُوپ دھار لیتی ہے ۔اس کی مثالیں پیش ہیں :
اردو : میں نہیں جانے کا ، میں نہیں اُٹھنے کی ،ہم نہیں بیٹھنے کے ۔
دکنی : میں نہیں جاون کا ،میں نہیں اُٹھن کی ، ہم نہیں بیٹھن کے ۔
(د) خبر میں فاعل کا ارادہ فعل کو ظاہر کرنا
دکنی اور اردو میں بعض اوقات ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ مصدر خبر میں فاعل کے اِرادۂ فعل کی نشان دہی کرتا ہے جیسے :
اردو : وہ جانے کو ہے ،چھت گرنے کو ہے ،میں سونے لگا ہوں ،میں بو لنے لگا ہوں ۔
دکنی: وو جاون کو اَہے ۔چھت گرن کو اَہے ۔ میں سوون لگیا ہوں ۔میںبولن لگیا ہوں۔
(ع) مصدر کے بعد ’ سے ‘ کا استعمال
اردو اور دکنی میں مصدر کے بعد ’ سے ‘ کے استعمال سے اکثر مصدر کا کوئی حتمی نتیجہ سامنے آ جاتا ہے ۔اس کی مثالیں درج ذیل ہیں :
اردو : عبادت سے سکون مِلا ۔
دکنی : عبادت سوں سکون مِلیا ۔
(ف) مصدر کے بعد تک کا اضافہ
اردو اور دکنی میں مصدر کے بعد ’ تک ‘ کے اضافے سے اختتام فعل کی صورت پیدا ہو جاتی ہے ۔اس کی مثالیں درج ذیل ہیں :
اردو : میرے آنے تک رُک ۔
دکنی : میرے آون لگن رُک ۔
ارد واور دکنی کے امتیازی اوصاف
اردو اور دکنی زبان کے امتیازی اوصاف کا مطالعہ کرتے وقت یہ حقیقت پیشں نظر رہنی چاہیے کہ ان دونوں زبانوں میںجو گہری مماثلت پائی جاتی ہے اسی کی بنا پر ملا وجہی نے اپنی زبان کو ’ دکنی‘ کے بجائے ‘ہندی ‘ کہا تھا ۔ ملا وجہی وہ پہلا ادیب ہے جس نے شمالی ہند اور دکنی زبان میںپائے جانے والے فرق کی جانب توجہ دلائی۔ملاوجہی نے اپنے اسلوب مینب مر ہٹی ضرب الامثال ،دوھرے ،اقوال ،اشعار اور محاورات ا سقدر بے تکلفی اور فنی مہارت سے شامل کیے ہیں کہپ اس تجربے سے دکنی زبان کی ثروت میں قابل قدر اضافہ ہوا ۔ملا وجہی کی کتاب ’سب رس‘ کے مطالعہ سے دکنی اور اردو کی صر ف ونحو اور متعدد الفاظ کے تغیر و تبدل کے بارے میں جو آ گہی نصیب مِلتی ہے اس کے اہم نکات درج ذیل ہیں:
۱۔عقیدت ،احترام اورحفظ مراتب کو ملحوظ رکھتے ہوئے ارد و اور دکنی میں واحد کے بجائے جمع کا استعمال کیاجاتا ہے جیسے اردو : وہ مجھ سے بڑے ہیں ۔اُنو منج سوںبڑے اہیں ۔
۲۔اوقات ِ سحر و شام ،پیمائش،وزن،شمار کرنا ،دام ،اطراف کے الفاظ جب ان کے بعد حرفِ ربط ہو جمع کے موقع پر واحد کے طور پر مستعمل ہیں:
وہ تین سال سے نظر بند ہے، میں تین ہفتے میں جاؤں گا، وہ ستر برس کا ہے ،تین گز میںشیروانی تیار نہیں ہو سکتی، پانچ من سے زیادہ چاول نہ دینا ، چار پیسے تک نہیں ، سو روپے میں آ ئے گا ،چاروں طرف سے حملہ کیا ۔
الف : بعض الفاظ اگرچہ واحد ہیں مگر اردو اور دکنی میں جمع کی صورت میں موجود ہیں :
دکنی اردو
انجھو : انجھو بہنے لگے آنسو : آنسو بہنے لگے
رُکھ : رُکھ بولدے ہیں درخت : درخت بولتے ہیں۔
دام دام
بھاگ بھاگ
کرتوت کرتوت
لچھن لچھن
درس درشن
۳۔ کچھ الفاظ ایسے بھی ہیں جن کی شکل توجمع کی ہے مگر ان کا واحدمستعمل نہیں ہے
ابھی اس کی مسیں نہیں بھیگیں ، اس کے اوسان خطا ہو گئے ۔
بادی النظر میں احوال ،اخبار ،اولاد جمع کے ہیں مگر ان کا واحد کبھی استعما ل نہیں ہوا جیسے :
رانا سلطان محمودکی اولاد بہت نیک بخت ہے ۔اب میں اس کا احوال بیان کرتی ہوں ۔یہ اخبار لاہور سے شائع ہوتا ہے ۔
۴۔ بعض اسما چند خاص صورتوں کے سوا ہمیشہ واحد استعمال ہوتے ہیں :
(الف ) کچھ اسمائے کیفیت : اس گاؤں کے لوگوں کا چال چلن بہت اچھا ہے ۔اس جامعہ کے طالب علموںکا مطالعہ بہت وسیع ہے۔چاروں کے چاروں پہلوان جوڑوں کے درد میں مبتلا ہیں ۔
(ب) مادی اشیا : لوہا ،سونا ،چاندی ،تانبا ،پیتل،جست،تیل ،پانی وغیرہ۔
(ج) زرعی پیداوار : زرعی اجناس کے نام مثلاً ،باجرہ،جوار،مکئی،مسور،گُڑ ،شکر ،کھانڈ۔ غلوں میں گیہوں ،چنا ،جو متِل جمع بھی مستعمل ہیں ۔
(د) اشیائے خوردنی : گھی ،شہد ،تمباکووغیرہ ۔
(ر) اُردو میں فارسی ترکیب اضافی کا مضاف صورت واحد میں اور واحد و جمع دونوں کے لیے یکساں مستعمل ہے(1)
کلام : نحو میں کلام پر توجہ مرکوز رہتی ہے۔جب دو یا دو سے زیادہ کلمات ترتیب پاتے ہیں تو اسے کلام سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔کلام کی دو اقسام ہیں:
۱۔ مرکب ناقص ۲۔ مرکب تام
۱۔ مرکب ناقص
یہ ایسا مرکب جس سے تشنگی کا احساس ہواور سامع اس سے بھر پور استفادہ نہ کر سکے ۔اس کی سماعت سے تسکین نہ ہو، تجسس برقرار رہے اور سامع مکمل بیان کا شدت سے منتظر رہے۔ مرکب ناقص کلموں کا ایسا مجموعہ ہے جس سے پورا مطلب سمجھنا ممکن نہ ہو۔ جیسے دکنی میں: غفلت کے کان سوں ،اردو میں : احسن کی کتاب،سفید لباس،ایک سو پندرہ ۔
فتح محمد جالندھری نے اپنی کتاب مصباح القواعد میں مرکب ناقص کی درج ذیل اقسام تحریر کی ہیں :
۱۔ مرکب اضافی ۲۔ مرکب توصیفی ۳۔مرکب عددی ۴۔مرکب عطفی
۵۔ مرکب ظرفی ۶۔ مرکب امتزاجی ۷۔ بدل و بدل منہ ۸۔ عطف بیان
۹۔ تابع مہمل ۱۰۔ تابع موضوع ۱۱۔ تاکید و موکد ۱۲۔تمیز و ممیّز ۱۳۔ اسم فاعل ترکیبی ۱۴۔اسم مفعول ترکیبی ۱۵۔اسم صفت ترکیبی ۱۶۔ اسم مکبر
۱۷۔ اسم مبالغہ ۱۸۔اسم تفضیل ۱۹۔اسم اشارہ و مشار الیہ (12)
۱۔ مرکب اضافی
یہ مضاف اور مضاف الیہ سے مِل کر بنتا ہے ۔ جب بھی دو اسم آپس میں ملتے ہیں تو ان میں ایک ایسا تعلق استوار ہوتا ہے جو کسی حد تک تشنگی کا مظہر ہوتا ہے ۔اسما کے اسی نا مکمل ناتے کو اضافت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔جس اسم کا تعلق دوسرے اسم کے ساتھ استوارکیا جائے اُسے مضاف کہتے ہیں اور جس اسم کے ساتھ تعلق ظاہر کرنا مقصود ہو اُسے مضا ف الیہ کا نام دیا جاتا ہے۔الفاظ کے باہمی ربط کا مظہر ایسا مجموعہ مرکب اضافی کہلاتاہے ۔مثلاً خد ا کا کہنا ،سلیمان کاتخت۔
بادشاہاں کا کام دِل جوڑنا ہے
( ملاوجہیؔ)
عمر ؓجب نبی ﷺ کے امت میں ہوے
یہودی عرب نے جو تھے سر نوے
( ملا وجہیؔ )
’’ سبحان اللہ !اس کتاب کا ناؤں ’سب رس ‘ سب کو پڑھنے آوے ہوس،بول بول کوں چڑھے اُمس،یادگار ہو اجھیگا دنیا میں کئی لاکھ برس ۔‘‘ شوریدگی کے ہاتھ سے سر ہے وبالِ دوش
صحر ا میں اے خدا کوئی دیوار بھی نہیں
(غالبؔ)
ذیل میں دکنی اور اُردو زبان سے مرکب اضافی کی چند مثالیں پیش کی جا تی ہیں:
مضاف مضاف الیہ
اُمت نبی ﷺ
ناؤں کتاب
ہاتھ شوریدگی
۲۔ مرکب توصیفی
اس مرکب کی تشکیل صفت اور موصوف کے ملنے سے ہوتی ہے ۔ جب ایسے دو اسما کو ملایا جائے جن میں سے پہلااسم تو موصوف ہو جب کہ دوسرا اسم صفت ہو تو اسما کا ایسا مجموعہ مرکب توصیفی کہلاتا ہے ۔مثلاً مرید صادق ،بڑ اثواب
خدا تعالیٰ نے پیدا کیا ہے (حفیظ قتیل)
عقل ہے باز ولے بازِ بلند پرواز
شکار گاہ ہے اس کا حقیقت ہو ر مجاز
( ملا وجہیؔ)
مندرجہ بالا شعر میں ’ بازِبلند پرواز ‘ مرکب توصیفی ہے ۔درج ِ ذیل شعر میں ’بے نام و نشاں بستیاں ‘ مرکب توصیفی ہے ۔
بستیاں ہو گئیں بے نام و نشاں راتوں رات
ایسے طوفان بھی آئے ہیں یہاں راتو ں رات
(خاطرؔ غزنوی )
۳۔ مرکب عددی
یہ عدد اور معدود سے بنتا ہے مثلاً پانچ تن ،دس ہزار درخت ۔ مرکب عدد ی کی تشکیل دو دو اعداد کی مدد سے ہوتی ہے ۔ قدیم دکنی اردومیں ایک کی جمع ’ ایکاں ‘ لکھنے کا رواج تھا۔مرکب عدد ی کی مثالیںپانچ تن،پچاس ہزارروپے ، اردو کے اکثر شعرا نے مرکب عددی کواپنے اسلوب میں جگہ دی ہے :
چار جنے چار باتاں بولتے ( ملاوجہی ؔ)
یوں نود ہزار باتاں اللہ ہورمحمد ﷺ کیاں ( معراج العاشقین)
اِک کھیل ہے اورنگِ سلیماں مرے نزدیک
اِک بات ہے اعجازِ مسیحا مرے آگے
(غالب ؔ )
ہماری جان پہ دوہرا عذاب ہے محسنؔ
کہ دیکھنا ہی نہیں ہم کو سوچنا بھی ہے
(محسن ؔبھوپالی)
ایک ہے تیری نگہ میری آہ
کہیں ایسوں سے رہا جاتا ہے
(داغ ؔ )
خبر دلجہ کوں معلوم ہر ایک منزل کا
فقیر تن ہو بچارا مطیع ہے دِل کا
( ملاوجہیؔ )
۴۔ مرکب عطفی
جب تنہا کلمہ یاکلام ناقص یعنی مرکب اضافی و توصیفی وغیرہ کا عطف کلمہ واحد یا کلام ناقص پر ہوں تو اسے بھی مرکب ناقص اور کلام تام کا جزو سمجھاجاتاہے ۔جیسے:
اردو : احسن کی کتاب اورنوید کا قلم ۔ گُل و بلبل،صبر و شکیب ،تعلیم و تربیت۔اُس کا آنا اور جانا سب کو یاد ہے ۔ہنر مند کا آنا یاد ہے۔ صاحب ِ عرفان کا سرِ شام نا اُمید گھومنا یاد ہے ۔شریر لڑکے کا بہت سے پرندے پکڑنا اچھا نہیں۔
دکنی: گُل ہور بلبل ،پڑھنا ہور لکھنا ،وو چلیا ہور پھریا ،ہنر وند کا آون یاد اہے ۔گیانی کا نماشم نراسا گُھمنا یا د اہے ۔اچیل پونگڑے کا بھوتیک پنکھی جھیلنااچھا نہیں ۔
عشق ھور زور لگیا سو چُھٹتا کیوں
( ملا وجہیؔ)
یہ آرزو تھی تجھے گُل کے رُو بہ رُوکرتے
ہم اور بُلبلِ بے تاب گفتگو کرتے
(آتشؔ)
مرکب عطفی فعل میں بھی شامل ہے ۔
۵۔ مرکب ظرفی
یہ ایسا مرکب ہے جس کی تشکیل مظروف اور ظرف کی مرہونِ منت ہے جیسے پان دان ، قلم دان ،آتش کدہ ، گُل دان ،صنم کدہ وغیرہ۔ دکنی شاعر سید اشرف اشرف ؔ نے پالنا(پنگھوڑا ) کوایک مر ثیہ میں استعمال کیاہے :
بانوؓ گئیں اصغر ؓ نہیں اب میں جُھلاؤں کِس کے تئیں
سُونا ہوا ہے پالنا اب میں سُلاؤں کِس کے تئیں
(سیداشرف اشرف ؔ)
ڈاکٹر رشید موسوی نے اپنی کتاب ’ دکن میں مرثیہ ‘میں لکھا ہے کہ بیجا پور کے شاعر سید شاہ ندیم اللہ حسینی ندیمؔ نے ایک مر ثیے میں ’ پالنا ‘کو مو ضوع بنایا ہے :
ہے ہے اصغر ؓ ابنِ حسینؓ سُو نا تیرا پالنا
رو رو بانو ؓ کرتے ہیں بین سُونا تیرا پالنا
( سید شاہ ندیم اللہ حسینی ندیم ؔ ) (13)
یہ دور اپنے براہیم ؑ کی تلاش میں ہے
صنم کدہ ہے جہاں لا اِلہ اِلا اللہ
(علامہ محمد اقبال)
۶۔ مرکب امتزاجی و مرکب غیر امتزاجی
(i) مرکب امتزاجی :ایسا اسم جو دو یا دو سے زیادہ اسما کے یک جا ہونے سے متشکل ہو مرکب امتزاجی کہلاتا ہے۔ اس کے اجزا میں قواعد کا رشتہ نہیں ہوتا، دکنی اور اردو سے مرکب امتزاجی کی مثالیں درج ذیل ہیں:
گُل ہار ،عالم پناہ ، کَن ٹُٹا ،تابڑ توڑ ،راہ چلتا ،بڑ بولا،بن کریلا ،جنم پترا ،چاند گہن ،جیب گھڑی ،سفر خرچ ،گھڑ دوڑ ،جگت گرو ،تارگھر ،ڈاک گاڑی وغیرہ۔
( ii) مرکب غیر امتزاجی :اس میں قواعدی رشتے موجود ہوتے ہیں ۔مثالیں :
پتھر پھوڑ ،کفن کھسوٹ ،چلتا منتر ،چڑی مار ،نیبو نچوڑ ،ٍٍٍٍٍاندھیر نگری ،جیب کترا،مکھی چُوس،لم ٹنگُو وغیرہ ۔
۷۔ بدل و مبدل منہ
کلام کی زینت بننے والے ایسے دو لفظ جن مین سے ایک تو مقصود بالذات ہو مگر دوسرے سے کوئی غرض نہ ہو۔ مقصود بالذات کو بدل جب کہ دوسرے کو مبدل منہ کہا جاتا ہے ۔رانا سلطان محمود کا پوتا نوید احسن لاہور میں پڑھتا ہے۔ یہاںرانا سلطان محمود جو مقصود بالذات ہے بدل ہے جب کہ نوید احسن مبدل منہ ہے ۔
۸۔ عطفِ بیان
دو اسما کا اس طرح بیان کہ دوسرا اسم پہلے کی مزید تشریح کرے تو یہ عطف ِ بیان کہلاتاہے جیسے موسیٰ ؑ کلیم اللہ ،نواب محسن الملک مولوی مہدی علی خان۔یہاں نواب محسن الملک مبیّن ہے اور مولوی مہدی علی خان عطفِ بیان ہے ۔
۹۔ تابع مہمل
جب کسی لفظ کے ساتھ ایک لفظ زائد بولا جائے تو ایسا لفظ تابع مہمل کہلاتا ہے جیسے سچ مُچ ،میل کچیل ،سود ا سلف، سُن گُن ،گُھن پُن ۔اِن میں مُچ ،کُچیل، سلف،گُن اور پُن تابع مہمل ہیں ۔فعل سے سُن گُن ۔
۱۰۔ تابع موضوع
کلام میں ایسے با معنی الفاظ کا زائد استعمال جو کچھ معنی نہ دیں جیسے رونا دھونا ،چال ڈھال،کرنا کرانا میں دھونا ،ڈھالاور کرانا تابع موضوع ہیں ۔
۱۱۔ تاکید و موکد:
اسم یا فعل کی تاکید کے اعجاز سے کلام کی تاثیر کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔ ضرور یا لازماً کا استعمال اس کی پہچان ہے۔
اردو میں اس کی مثالیں : لازماً چکھو ،ضرور آنا ،ضرور دیکھو ،ضرور سیکھنا ،لازماً سنبھالنا ۔
دکنی میں اس کی مثالیں : لازماً چاکھ ،ضرور آؤنا۔ ضرور سیکنا ،لازماً سمالنا ۔
۱۲۔ تمیز و ممیّزاورعد د و معدو !
ایسے الفاظ جو کسی مفید اسم یا جملے میں پائے جانے والے شک یا ابہام کو رفع کرنے میںمعاون ثابت ہوں وہ تمیز یا ممیّز کہلاتے ہیں۔ احسن علم حیوانات میں ارشد سے برتر ہے ۔برتری کے متعدد اسباب ہو سکتے ہیں اس جملے میں علم حیوانات کی صراحت سے ابہام دُور ہو گیا ۔اسی طر ح ’آٹھ من چاول ‘ پر غور کریں ۔اگر محض آ ٹھ من کہا جاتا تو ابہام رہتا اب چاول بتانے کے بعدبات واضح ہو گئی۔
غیر فعلی اشتقاق
غیر فعلی کلمے کی درج ذیل صورتیں ہیں:
۱۔حاصل مصدر/کیفیت مصدر ۲۔ صفات فعلی ۳۔ اسم فاعل ۴۔اسم مفعول
۵۔ اسم آلہ ۶۔ اسم ظرف ۷۔ حالیہ تمام ۸۔حالیہ نا تمام
۹۔اسم تصغیر /اسم مکبر
۱۔حاصل مصدر/کیفیت مصدر
ایسا کلمہ جو مصدر سے وابستہ فعل کی کیفیت یا اثر کااحاطہ کرتا ہے ۔ حاصل مصدر بنانے کا کوئی خاص قاعدہ مقرر نہیں تا ہم اسے بنانے کے لیے مادہ مصدر سے کچھ گھٹانا یابڑھانا پڑتا ہے ۔بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ مصدر کا مادہ ہی حاصل مصدر بن جاتا ہے ۔جیسے دوڑنا سے دوڑ ،مارنا سے مار ،توڑنا سے توڑ۔ دکنی میں کبھی مصدر کاآخری حرف ’ الف ‘گرا کر حاصل مصدر بنایا جاتا ہے مگر اُردو میں ایسا نہیں ہوتا ۔ ۔دکنی میں ’’ ٹ ‘‘ یا ’ ’ اٹ ‘‘ کے اضافے سے حاصل مصدر بنایا جاتا ہے ۔
ہماری جدائی کا یو کلکلاٹ اس پر پڑو۔ (ملا وجہی)
اچاٹ ہر گز نہیں جاتاٹلملاٹ ہر گز نہیں جاتا (ملا وجہی )
بادشاہاں کوںبسراٹ خوب نہیں (ملا وجہی )
جانو قدیم آ شنا ،جانوقدیم جاںپہچان (ملا وجہی)
کدھاںلگ یوں رہنا پیو بن زنجیدہ کرکے من اپنا
مرا یا ں کون ہے جیو کا جو بولوں سب روَن اپنا
( ہاشمی )
قدیم دور کے دکنی تخلیق کار تخلیق فن کے لمحوں میں حاصل مصدر کو مصدر کے معنوں میں استعما ل کرتے تھے جیسے مِلنے نہ پایا کو ’ مِلن نہ پایا ‘ اور کرنے لگا کو ’ کرن لگا‘ لکھا جاتا تھا ۔
کروں کیا وقت نہیں ہے اب مِلن کا
نہ کُج فرصت ہے اب باتاں کرن کا
رہی اس بات سون عاجز ہووا کی
زلیخا کے اگل بولن نہ پائی
۲۔ صفات فعلی
وہ صفات جومادہ ٔ فعل سے مشتق ہوں صفات ِ فعلی کہلاتی ہیں ۔اردو اور دکنی میں صفاتِ فعل بنانے کا طریقہ مختلف ہے ۔اردو میں اس کی مثالیں درج ذیل ہیں جنھیں روایتی قواعد میں صفات مشبہ بھی کہتے ہیں: چمک سے چمکیلا ،بھڑک سے بھڑکیلا
دکنی میں مثالیں : رلاو ،رڑنا ،اُتاول سے اُتاولا ،باٹ پاڑنا سے باٹ پاڑ،کھانا سے کھاؤ
۳۔ اسم فاعل
فعل کے صادر ہونے کے ناتے فاعل کو جس نام سے پکارا جائے وہ اسم فاعل کہلاتا ہے ۔ارد ومیں اسم فاعل مصدر یاحاصل مصدر پر ’’ والا ‘‘ کا اضافہ کرنے سے بنتا ہے جیسے چلنا سے چلنے والا ،پڑھنا سے پڑھنے والا۔ جب اسم فاعل اکیلا ہوتا ہے تو وہ اسم کا کام دیتا ہے ۔دکنی میںاسم فاعل بنانے کا قاعدہ یہ ہے کہ مصدرکے ’الف ‘ کو یائے مجہول(جس سے پہلے زیر ہو اورخوب ظاہر نہ پڑھی جائے جیسے سیر ،شیر،دلیر) سے بدل کر ’ہارا‘ اور مونث صورت میں ’ ہاری ‘ یا ’ ہاریاں ‘ کااضافہ کیاجاتا ہے ۔ مثالیں :
مانگنے والا گدا ہے صدقہ مانگے یا خراج
کوئی مانے یا نہ مانے میرو سلطاں سب گدا
(علامہ محمد اقبال)
اب خوشی ہے نہ کوئی درد رُلانے والا
ہم نے اپنا لیا ہر رنگ زمانے والا
( ندا ؔفاضلی )
دُور کے چاند کو ڈھونڈو نہ کسی آ نچل میں
یہ اُجالا نہیں آنگن میں سمانے والا
( ندا ؔفاضلی )
اُس کو رخصت تو کیا تھا مجھے معلوم نہ تھا
سارا گھر لے گیا گھر چھوڑ کے جانے والا
( ندا ؔفاضلی )
چوتھا تن عارف الوجود اُسے جبرئیل دینے ہارا
(خواجہ بندہ نواز)
پھر یا تو اُسے منع کرنے ہارا کون ہے ؟
( ملا وجہی ؔ )
یوں رحیم یش ہوت ہے اپکاری کے الگ
بانٹن والے کے لگے جوں مہندی کا رنگ
( عبد الرحیم خانخاناں )
۴۔اسم مفعول
فعل کے صادر ہونے کے ناتے مفعول کو جس نام سے تعبیر کیا جائے اسے ’اسم مفعول ‘ کہتے ہیں ۔ مادے کے آخر میں ’’ الف ‘‘ کااضافہ کر کے اس پر ’’’ ہوا ‘‘ کا لفظ بڑھانے سے اسم مفعول بنتا ہے جیسے ’چل ‘ سے چلا ہوا ،کہہ سے کہا ہوا ،دے سے دیا ہوا۔ جن مادوں کے آخر میں ’الف ‘ یا ’واؤ ‘ ہوان کے آخر میں ’’یا ‘‘ کااضافہ کیا جاتا ہے جیسے ’کھا ‘ سے کھایا ہوا ، ’ بَو ‘سے بویا ہوا ، ’ سو ‘ سے سویا ہوا ۔غور کیا جائے تویہ اسم مفعول فعل تمام کے بعد ’’ ہوا ‘‘ کے اضافے سے بنتا ہے ۔
آیا پیا شراب کا پیالہ پیا ہوا
دِل کے دیے کی جوت سے کاجل دیا ہوا
(سراج ؔ )
ع: ولیکن پت جھڑی ہوئی جھاڑ کوں تو باوفا رہی
ٍ ( جانمؔ )
مجھے ساقی کے بچھڑے سوں یہاں نِت نئی پڑی ہوئی ہے
کتیاں سب باٹ پر جو تو دیدے لایوں کھڑی ہوئی ہے
(ہاشمیؔ)
۵۔ اسم آلہ :
وہ کلمہ جوفعل کے مادہ سے مشتق ہو اورخاص فعل کی تکمیل کا وسیلہ ہو اور کسی آلہ کے مفہوم میں مستعمل ہو ۔قواعد کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ اردو میں عربی اسمائے آلہ جو مفعال کے وزن پر ہوں با لعموم مونث قرارپاتے ہیں تا ہم کچھ مذکر بھی ہیں ۔ مثلاً:
مونث : مقراض ،میزان
مذکر : مقیاس ،معیار
اردو میںایسے اسم آلہ جو مفعل کے وزن پر ہوں وہ مونث ہی آ تے ہیں جیسے مشعل۔
دکنی میں عربی اسمائے آلہ کا استعمال شاذ ہے ۔تا ہم نیزہ ،بھالا ،تروار،گرز ،تیر وغیرہ مستعمل ہیں ۔
۶۔ اسم ظرف
اسم ظر ف ایسا اسم ہے جس میں جگہ یا وقت کے معانی موجود ہوں مثلاً چراگاہ،گھر ،میدان،صبح ،شام وغیرہ ۔
اردو دکنی
اُٹھان اُٹان
چڑھائی چڑائی/چاڑ
جھرنا جھرنا
ڈھلان ڈھلان
۷۔ حالیہ
مادہ ٔ مصدر ہی سے تما م افعال اور حالیہ کی تشکیل ہوتی ہے ۔
حالیہ میں فعل کا پایۂ تکمیل تک پہنچ جانے کا ذکرہوتا ہے ۔اس میں فاعل اور مفعول کی حالت کا ذکر بھی ہوتا ہے۔ مصدر کی علامت ہٹا کر ‘ تا ‘ کی مختلف صورتوں کا اضافہ کرنے سے اس کی تشکیل ہوتی ہے مثلاً ہنستا کھیلتا بادشاہ، لہلہاتے چمن،پروتے ہار ،دوڑتے نوجوان،لٹکتی تصویریں وغیرہ۔ استعمال کے لحاظ سے حالیہ کی دوقسمیں ہیں ۔یہ صفت اور خبر کے طو رپر مستعمل ہے ۔بعض اوقات صفت کی صورت میںاستعمال کرتے وقت ’ ہوا ‘ محذوف ہو جاتاہے جیسے ’ روتی ہوئی صورت ‘کے بجائے ’روتی صورت ‘ بھی لکھاجاتا ہے ۔ دوسری صورت میں یہ خبر کے طورپر استعمال کی جاتی ہے اور صفت ہے مگر اسم کے ساتھ نہیں آتی۔جیسے وہ ہنستا ہوا آیا۔ استعمال کے لحاظ سے حالیہ کی دو قسمیں ہیں ایک صفت کے طور پر اور دوسری خبر کے طور پر ۔بعض اوقات ’’ ہوا ‘‘ محذوف بھی ہوتا ہے ،جیسے اُجڑا گاؤں ،روتی صورت وغیرہ۔
ع: دِن گزارے عمر کے انسان ہنستے بولتے
کوئی دِن طبیعت کو ہو گا قلق
سنبھلتے سنبھلتے سنبھل جائے گی
دکنی شاعری میں حالیہ کی متعد دمثالیں موجود ہیں :
لہلہاتے چمن کے جھاڑاں پر
فعل تام کے بارے میںگزشتہ صفحات پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔
ایک آف سے تو مَر مَر کے ہوا تھا جِینا
پڑ گئی اور یہ کیسی مِرے اللہ نئی ( اس مصرع میں ’ پڑ گئی ‘ فعل تام کی ایک صورت ہے ۔)
کہیں تھا مویشی چَرانے پہ جھگڑا
کہیں پہلے گھوڑا بڑھانے پہ جھگڑا ( مولانا الطاف حسین حالی ؔ کے اس شعر میں ’’ کہیں تھا ‘‘ فعل تام ہے جب کہ ’’ جھگڑا‘‘ فاعل ہے ۔
اردوو زبان اور دکنی زبان کے تخلیق کارو ں نے گرامر کے قواعد کے مطابق اپنی تخلیقات کو روح اور قلب کی گہرائیوں میںاُتر جانے والی اثرآفرینی سے مزین کرنے کی مقدور بھر سعی کی ۔جملوںکی تمام قسمیںاِن ادیبوں کی تخلیقات میں اپنا جلوہ کھا رہی ہیں۔اس دھنک ر نگ منظر نامے میں امر ،نہی ،استفہام ،تعجب،تحسین،ابساط،ندا ،تاسف ،حلف،اظہارتمنااور تنبیہ کی توجیہہ کی کوئی احتیاج نہیں ۔ان ادب پاروں میں شامل خو دکفیل جملے خواہ وہ اسمیہ ہوں یا خبریہ قاری سے معتبر ربط پیدا کرکے اُس کی خبر رکھتے ہیں۔
—————————————————————————————————————————————————————
مآخذ
(1) عبدالحق ڈاکٹر مولوی : اُردو صرف و نحو ، نئی دلی ،انجمن ترقی اردو ہند ،سال اشاعت1981، صفحہ91۔